Tag: K electric

  • کراچی والے لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگتتے رہے، کے الیکٹرک نے معلومات فراہم کرنے میں 9 ماہ لگا دیے

    کراچی والے لوڈ شیڈنگ کا عذاب بھگتتے رہے، کے الیکٹرک نے معلومات فراہم کرنے میں 9 ماہ لگا دیے

    کراچی: پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کی غفلت اور نااہلی سے ایک اور پردہ اٹھا دیا، پی ایس او کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو فرنس آئل کی مطلوبہ مقدار سے آگاہ کرنا ہوتا ہے جو کے الیکٹرک نے اپریل 2019 میں بتانے کے بجائے جنوری 2020 میں بتائی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا کہنا ہے کہ فیول سپلائی ایگریمنٹ کے مطابق کے الیکٹرک کو ہر سال کے آغاز سے 2 ماہ قبل فرنس آئل کی مطلوبہ مقدار سے آگاہ کرنا لازم ہے۔

    پی ایس او کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو اندازے کے مطابق فرنس آئل کی مطلوبہ مقدار سے آگاہ کرنا ہوتا ہے اور یہ مقدار حتمی نہیں ہوتی، فرنس آئل کی مطلوبہ مقدار کا اندازہ کے الیکٹرک کو اپریل 2019 میں بتانا لازم تھا جو کہ جنوری 2020 میں بتایا گیا۔ بالکل اسی طرح، اس سال کی فرنس آئل کی مطلوبہ مقدار کی تفصیلات ابھی تک فراہم نہیں گئیں۔

    پی ایس او کے مطابق فیول سپلائی ایگریمنٹ کے ہر ماہ کے آغاز سے 30 دن قبل مطلوبہ ڈیمانڈ سے آگاہ کرنا ہوتا ہے، کے الیکٹرک نے فیول سپلائی ایگریمنٹ کے مطابق ڈیمانڈ سے آگاہ نہیں کیا۔ پی ایس او کے متعدد مرتبہ فالو اپ کے بعد جون کی ڈیمانڈ 1 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن کے حوالے سے 15 مئی کو آگاہ کیا گیا۔

    پی ایس او کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران کے الیکٹرک کی طلب میں اضافہ انتہائی غیر متوقع رہا ہے۔ طلب میں 1 لاکھ 30 ہزار 240 میٹرک ٹن کے مقابلے میں 2 لاکھ 87 ہزار میٹرک ٹن اضافہ ہوا۔ کے الیکٹرک کی جانب سے غیر متوقع طلب ہونے کے نتیجے میں سپلائی چین عدم استحکام کا شکار ہوئی۔

    پی ایس او کی جانب سے کہا گیا کہ 15 مئی کو ڈیمانڈ کے حوالے سے معلوم ہوتے ہی، پی ایس او نے کے الیکٹرک کی جون کی ڈیمانڈ 1 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن کے حوالے سے فوری طور پر وزارت توانائی کو آگاہ کیا۔ فرنس آئل کی درآمد پر پابندی اور لوکل ریفائنری کے پاس ذخیرہ کم ہونے کے باوجود پی ایس او جون میں کے الیکٹرک کو 75 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل فراہم کرتا رہا۔ علاوہ ازیں، ڈیمانڈ کو توازن میں رکھنے کے لیے وزارت توانائی کی جانب سے 50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل کے برابر اضافی گیس فراہم کی گی۔

    پی ایس او کی جانب سے اب تک کے الیکٹرک اور آئی پی پیز کو 40 ہزار 200 میٹرک ٹن آئل فراہم کر چکا ہے۔ علاوہ ازیں وزارت توانائی کے احکامات کے مطابق کے الیکٹرک کو روزانہ کی بنیاد پر 90 ایم ایم سی ایف ڈی آر ایل این جی فراہم کی جارہی ہے جو کہ 23 سو فرنس آئل کی مقدار کے برابر ہے۔

    پی ایس او کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ حال ہی میں وزارت توانائی کی جانب سے درآمدات کی اجازت دی گئی ہے جس کے بعد پی ایس او نے فوری طور پر فرنس آئل کا ٹینڈر جاری کیا اور 2 کارگو رواں ماہ نصف جولائی تک موصول ہوجائیں گے۔

  • وزارت توانائی نے کے الیکٹرک کی نااہلی اور جھوٹ کا پول کھول دیا

    وزارت توانائی نے کے الیکٹرک کی نااہلی اور جھوٹ کا پول کھول دیا

    اسلام آباد: وزارت توانائی نے کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے جھوٹ کا پول کھول دیا، وزارت توانائی کے مطابق کے الیکٹرک ایندھن کی فراہمی تو ایک طرف ان کا سسٹم تیار بجلی لینے سے بھی قاصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت توانائی نے کے الیکٹرک کے دعووں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو فیول کی عدم فراہمی کا دعویٰ غلط ہے۔

    ترجمان وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے تسلیم کیا تھا کہ 290 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے، فوری اقدامات سے اضافی بجلی پیداوار کی بھی تصدیق کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق ایندھن فراہمی کا معاملہ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ جوڑنا حقائق کے مترادف ہے، کے الیکٹرک نے اپنے بجلی تقسیم کار سسٹم میں مطلوبہ سرمایہ کاری نہیں کی۔ ایندھن کی فراہمی تو ایک طرف ان کا سسٹم تیار بجلی لینے سے بھی قاصر ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو پیک ٹائم میں 100 سے 200 میگا واٹ کی کمی کا سامنا ہے، کے الیکٹرک کو پیداوار میں کمی کے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کرنا پڑتی ہے۔

    وزارت توانائی کے ترجمان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کو 1 ہزار میگا واٹ بجلی دینے کی آفر بھی کی، اس کے لیے کے الیکٹرک کو مطلوبہ 500 کے وی گرڈ بنانا پڑے گا۔

  • کراچی : بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں ہوشربا اضافہ

    کراچی : بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں ہوشربا اضافہ

    کراچی : گرمی کا زور بڑھتے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی بڑھ گئی، کے الیکٹرک نے گیس کی عدم فراہمی کا بہانہ کر کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی دعوے اوراعلانات دھرے کے دھرے رہ گئے، گرمی بڑھتے ہی بجلی کا بحران بھی بڑھ گیا کے الیکٹرک نے گیس کی عدم فراہمی کو جواز بناتے ہوئے کراچی میں لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا سبب قرار دے دیا۔

    نیپرا کی عوامی سماعت کے باوجود شہر قائد میں کے الیکٹرک کی دیدہ دلیری جاری ہے، شہر بھر میں دوبارہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا گیا، مستثنیٰ علاقوں کے صارفین کو ایک بار پھر کےالیکٹرک کے لوڈ شیڈنگ کے پیغامات بھیج دیئے گئے۔

    اضافی گیس ملنے کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں کی گئی جبکہ سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو گیس بند کرکے کےالیکٹرک کو اضافی گیس فراہم کی گئی۔

    سی ای او کے الیکٹرک نے جمعہ کی شام سے فرنس آئل پہنچنے کی تصدیق بھی کی تھی، نیپرا عوامی سماعت میں فرنس آئل کی دستیابی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

    کے الیکٹرک نے اپنا دہرا میعار برقرار رکھتے ہوئے فرنس آئل ملنے کے بعد بھی لوڈ شیڈنگ کا عمل جاری رکھا ہو اہے، ہلکی بارش کے بعد بہانے بہانے سے حفاظتی اقدامات کے نام پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب کراچی کو بجلی کی فراہمی کے ذمے دار ادارے کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری والے علاقوں میں پالیسی کے تحت لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا یہ بھی کہنا ہے کہ چوری والے علاقوں میں فالٹس کی شکایت زیادہ ہوتی ہے۔

  • غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ،  تنگ عوام کے الیکٹرک کیخلاف عدالت پہنچ گئی

    غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ، تنگ عوام کے الیکٹرک کیخلاف عدالت پہنچ گئی

    کراچی : کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا ہے کہ گرمی کے دونوں میں اتنی لوڈشیڈنگ سے لوگ تنگ آگئے ہیں، کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روکا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام عدالت پہنچ گئی اور لوڈشیڈنگ اوراوور بلنگ کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    سندھ ہائی کورٹ نےفوری سماعت کی استدعا منظور کرلی ہے، جسٹس خادم حسین شیخ کی سربراہی میں 2رکنی بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔

    درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جاری ہے ، مختلف علاقوں میں 10 سے12 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے اور گرمی کے دونوں میں اتنی لوڈشیڈنگ سے لوگ تنگ آگئے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا سیاسی جماعت صرف اور صرف سیاست کر رہی ہے ، استدعا ہے کہ کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روکا جائے، کے الیکٹرک کی غفلت اور لاپرواہی پر نیپرا کو کارروائی کا حکم دیا جائے۔

  • کے الیکٹرک شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائے، عمر ایوب

    کے الیکٹرک شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائے، عمر ایوب

    کراچی: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت کراچی میں بجلی فراہمی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب، وفاقی سیکریٹری توانائی عمر رسول ویڈیو لنک پر شریک ہوئے۔

    اجلاس میں پی ٹی آئی، ایم کیو ایم پاکستان، جی ڈی اے کے اراکین صوبائی اسمبلی، کے الیکٹرک کے سی ای او مونس عبداللہ علوی بھی موجود تھے۔

    وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ ہم کے الیکٹرک کو 650 کے بجائے 800 میگا واٹ بجلی دے رہے ہیں، 190 کے بجائے 250 سے 280 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بھی دی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کے الیکٹر کو فرنس آئل فراہمی میں کوئی کمی نہیں ہے، شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے۔

    یہ پڑھیں: کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی

    گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی کی مسلسل فراہمی کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا جو پورا نہ ہوا، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں سے ناانصافی کے مترادف ہے فوری ختم کی جائے۔

    عمران اسماعیل نے کہاکہ وفاق کی جانب سے کے الیکٹرک کو اضافی گیس مہیا کی جارہی ہے اس کے باوجود ایسی صورتحال پیدا ہونا تشویش ناک ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی کارکردگی پر ایم کیو ایم پاکستان، تحریک انصاف اور جی ڈی اے کے ارکان اسمبلی نے بھی برہمی کا اظہار کیا۔

  • کے الیکٹرک کی خریداری ، چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک نے نئی پیشکش کردی

    کے الیکٹرک کی خریداری ، چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک نے نئی پیشکش کردی

    کراچی : چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک نے کے الیکٹرک کی خریداری کیلئے چھٹی مرتبہ پیش کش کردی، اس حوالے سے درخواست اسٹاک ایکسچینج کو بھی بھیج دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک نے کے الیکٹرک کے شئیرز کی خریداری کے لیے چھٹی مرتبہ دراخوست دے دی، شنگھائی الیکٹرک پاور کمپنی نے کے الیکٹرک کے 66.40 فیصد شئیرز کی خریداری کی پیش کش کی ہے۔

    شنگھائی الیکٹرک نے ریگولیٹری اتھارٹی کی منظور کے لیے چھٹی بار درخواست کی ہے جبکہ درخواست اسٹاک ایکسچینج کو بھی بھیج دی گئی ہے۔

    شنگھائی الیکٹرک کے منیجر عارف حبیب گروپ نے کے الیکٹرک کو خط لکھ دیا ، جس میں کے الیکٹرک کے اکثریتی حصص رکھنے والے ابراج گروپ کو پیشکش کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : کے الیکٹرک کی خریداری؛ شنگھائی الیکٹرک نے پیشکش واپس لے لی

    خط میں کہا گیا کہ نیپرا اور دیگر اداروں سے ریگولیٹری منظوری کے بعد حصص منتقل ہوسکے گے، شنگھائی الیکٹرک نے کے الیکٹرک کے 66.4 فیصد شئیرز انتثامی حقوق کے ساتھ خریداری میں دلچسپی رکھتی ہے۔

    شنگھائی الیکٹرک کی جانب سے کے الیکٹرک کے 18 ارب 33 کروڑ 55 لاکھ 42 ہزار 678 شئیرز کی خریداری کی پیش کش کی۔

    یاد رہے چند روز قبل شنگھائی الیکٹرک نے کے الیکٹرک کی خریداری کیلئے معاہدے کی مدت ختم ہونے پر پیشکش واپس لے لی تھی ، کے الیکٹرک کے اکثریتی حصص رکھنے والے ابراج گروپ نے سال 2016 میں شنگھائی الیکٹرک سے معاہدہ کیا تھا۔

    شنگائی الیکٹرک نے کے الیکٹرک کے 66.4 فیصد شئیرز انتظامی حقوق کے ساتھ خریداری کرنا چاہتی ہے تاہم نیپرا اور دیگر اداروں سے ریگولیٹری منظوری نہیں مل رہی ہے، خریدار کے خواہش گروپ کا کہنا ہے کہ شنگھائی الیکٹرک جلد دوبارہ کے الیکٹرک کی خریداری کی نئی پیشکش کرے گا۔

  • کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ: شہری کربناک اذیت میں مبتلا

    کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ: شہری کربناک اذیت میں مبتلا

    کراچی : شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہری کربناک اذیت میں مبتلا ہیں، کے الیکٹرک اپنی ہٹ دھرمی پر اب بھی قائم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ تاحال جاری ہے، رہائشی علاقوں اور تمام صنعتی علاقوں میں8گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے باعث فیکٹریوں نے رات کی شفٹ میں کام کرنا بند کردیا ہے، شفٹ کی بندش کی وجہ سے ہزاروں مزدور بےروزگار ہوگئے، کےالیکٹرک نے گیس،فرنس آئل کی کمی کا بہانہ کرکے بدترین لوڈشیڈنگ شروع کی ہے۔

    لوڈشیڈنگ والےعلاقوں میں دورانیہ20گھنٹے تک پہنچ گیا، مستثنیٰ علاقوں میں بھی3سے6گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاری ہے، نیشنل گرڈ سے کےالیکٹرک کو700میگاواٹ تک اضافی بجلی فراہم کی جارہی ہے، موسم میں بہتری، ڈیمانڈ میں کمی کے باوجود بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے،۔

    ذرائع کے مطابق کےالیکٹرک کی جانب سے گیس اور فرنس آئل کی کمی کا دعویٰ بھی بے بنیاد نکلا، ایس ایس جی سی اور پی ایس او کےالیکٹرک کو اس کی ضرورت کے مطابق سپلائی کررہی ہیں۔

    کےالیکٹرک نے رواں ماہ فرنس آئل کی اضافی طلب سے متعلق پی ایس او کو تاخیر سے آگاہ کیا، کےالیکٹرک فرنس آئل کی ڈیمانڈ سے متعلق30دن قبل آگاہ کرنے کی پابند ہے۔

    کراچی میں بد ترین لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار کون؟

    کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار سوئی گیس کمپنی اور پی ایس سو کو قرار دے دیا لیکن گیس و فیول فراہم کرنے والے ادارے کہتے ہیں الزام بے بنیاد ہے، کے الیکٹرک

    کو بلا تعطل اور اضافی گیس و فیول فراہم کررہے ہیں، کراچی میں شدید گرمی اور بد ترین لوڈ شیڈنگ کے الیکٹرک مبینہ طور پرغلط بیانیوں سے کام لے رہی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کہتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ جائے گی تب جب فیول ملے گا لیکن گیس اور فیول فراہم کرنے والے اداروں کے مطابق حقیقت کچھ اور ہے، سوئی گیس کمپنی اور پی ایس او کے مطابق کے الیکٹرک کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ اضافی گیس اور فرنس آئل کی بلاتعطل فراہمی کی جارہی ہے۔

    سوئی گیس نے بیان جاری کیا کہ کے الیکٹرک کو 50ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہم کررہے ہیں، پی ایس او کا کہنا ہے61000 میٹرک ٹن فرنس آئل فراہم کرچکی ہے۔ سوال اب بھی وہی ہے کہ شہر میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار آخر ہے کون؟

  • کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان

    کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان

    کراچی : شہر قائد میں بجلی کی فراہمی کے ادارے کے الیکٹرک نے شہریوں کی پریشانی بڑھادی، لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری شدید گرمی میں بجلی کی مزید لوڈ شیڈنگ کیلئے تیار ہوجائیں کیونکہ کےالیکٹرک نے شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافے کا اعلان کردیا ہے، آج رات سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شہر بھر میں شروع کردیا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان کےالیکٹرک نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گیس اور فرنس آئل میں کمی کی وجہ سے کےالیکٹرک کی پیداواری صلاحیت شدید متاثرہوئی ہے، گیس اور فرنس آئل کی فراہمی میں بہتری نہ آئی تو لوڈشیڈنگ مزید بڑھ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گرمی کی شدت کے باعث کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پہلے ہی اتنے پریشان ہیں کہ کہ ان کی رات کی نیند بھی پرسکون نہیں ہے اور اس پر ستم یہ کہ لوڈ شیدنگ میں مزید اضافے کا اعلان کردیا گیا۔

    گزشتہ روز بھی کراچی کے کئی علاقوں میں رات گئے بجلی کی فراہمی معطل رہی جب کہ شدید گرمی نے علاقہ مکینوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا۔

    کیماڑی بھٹہ ویلیج شانتی نگر، لیاقت آباد سی ون ایریا، گارڈن کے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ فری علاقہ ہونے کے باوجود ایک سے تین گھنٹے تک غیر اعلانیہ بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 17 روز سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، متعدد بار شکایتی مراکز پر شکایات بھی درج کرائی گئی ہیں لیکن اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ تکنیکی یا علاقائی فالٹس کے باعث آنے والے تعطل کو فوری درست کیا جاتا ہے جب کہ علاقائی فالٹس کی درستگی کے لیے صارفین 118 سے فوری رابطہ کریں۔

  • کےالیکٹرک نے 3 ماہ کے بل ایک ساتھ بھیج دیے، لوڈ شیڈنگ کا بھی اعلان

    کےالیکٹرک نے 3 ماہ کے بل ایک ساتھ بھیج دیے، لوڈ شیڈنگ کا بھی اعلان

    کراچی : کے الیکٹرک نے حکومت کی ہدایات کے باوجود اس بار3ماہ کے بل ایک ساتھ صارفین کو بھیج دیے، اس پر ستم یہ کہ ساتھ ہی شہر میں لوڈ شیڈنگ کا بھی اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے نے شہریوں کو پریشان کرنے کی اپنی روش برقرار رکھی، کورونا لاک ڈاؤن کے باعث دی جانے والی واضح حکومتی ہدایات کے برعکس کراچی کے شہریوں کو اس بار تین ماہ کا بل ایک ساتھ بھیج دیا حالانکہ حکومت نے بجلی کے بلوں کی وصولی میں عوام کو سہولت دینے کا اعلان کیا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کےالیکٹرک نے پہلے تو اضافی بل جاری کیے اور ستم بالائے ستم کے مصداق اب شہر میں لوڈشیڈنگ کا بھی اعلان کردیا ہے۔

    اس سلسلے میں کےالیکٹرک انتظامیہ نے اپنے تمام صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے ایس ایم ایس بھیجنا شروع کردیے ہیں، ذرائع کے مطابق شاہ فیصل کالونی، گلشن معمار، لانڈھی، کورنگی اور لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    اس کے علاوہ لائنزایریا، لیاری، کیماڑی، پاک کالونی، اورنگی اور سرجانی ٹاؤن میں دن اور رات کے اوقات میں کبھی فالٹ تو کبھی مینٹننس کے بہانے بجلی کا آنا جانا معمول بن گیا ہے۔

    کراچی کے دیگر علاقوں بلدیہ، پی ای سی ایچ ایس سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں تین مرتبہ دو سے ڈھائی گھنٹے کے لیے بجلی کی فراہمی منقطع کی جائے گی۔

  • کراچی میں شدید گرمی، کے الیکٹرک کا نظام جواب دے گیا، متعدد گرڈ اسٹیشن ٹرپ

    کراچی میں شدید گرمی، کے الیکٹرک کا نظام جواب دے گیا، متعدد گرڈ اسٹیشن ٹرپ

    کراچی : شہرقائد میں شدید گرمی سے کے الیکٹرک کا نظام جواب دے گیا ، کئی علاقوں میں سحری کےوقت بجلی غائب ہوگئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق کےالیکٹر ک کے سحروافطارمیں لوڈشیڈنگ نہ کرنےکےدعوےدھرے کے دھرے رہ گئے ، سحری سے قبل کےالیکٹرک کے متعدد گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگئے، جس کے باعث بلدیہ اتحادٹاؤن، قائمخانی کالونی، گلشن غازی اور اطراف میں سحری کے وقت بجلی غائب ہوگئی جبکہ میٹرول سائٹ ، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    لوڈشیڈنگ سے بے حال شہریوں نے اندھیرے میں سحری کااہتمام کیا جبکہ ترجمان کےالیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ ٹرپنگ کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی ترسیل متاثرہوئی ، سائٹ، اورنگی، ہارون آباد، نارتھ کراچی سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے اور فالٹ کی درستگی کیلئے عملہ مسلسل مصروف عمل ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ 132کے وی کی لائن میں آنے والی ٹرپنگ کو بحال کردیا گیا ہے، کے الیکٹرک کے سی ای او اور متعلقہ سینئر مینجمنٹ نے بحالی کے نظام کی براہ راست نگرانی کی۔

    ترجمان کے مطابق متاثرہ شہریوں اور میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے تعاون پر شکر گزار ہیں، بجلی سے متعلق شکایت کے لئے 118 کال سینٹر, 8119 پر ایس ایم ایس کے ذریعے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ رمضان کے مہینے میں سحر اور افطار کے موقع پر ملک میں کہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

    خیال رہے شہر کے مختلف علاقوں میں سحر و افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے ،  جس سے لوگوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔