Tag: K electric

  • کے الیکٹرک کی ایوریج بلنگ کا نیپرا نے نوٹس لے لیا

    کے الیکٹرک کی ایوریج بلنگ کا نیپرا نے نوٹس لے لیا

    کراچی: کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو ایوریج بنیاد پر بل بھیجے جانے کا نیپرا نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے مارچ کے بل ایوریج پر بھیجے جانے کا نیپرا نے نوٹس لے لیا، کے الیکٹرک نے مارچ کے بل ایوریج کی بنیاد پر بھجوائے تھے۔

    ترجمان نیپرا کے مطابق اکثر صارفین کو ایوریج بنیاد پر بجلی کے بھاری بلز موصول ہوئے، نیپرا نے شکایات آنے پر معاملہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا۔

    ترجمان نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک سے بات کرکے صافین کو واضح ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا، صارفین مارچ کے بل میٹر ریڈنگ کے مطابق اپریل میں جمع کراسکیں گے، تاخیر سے مارچ کے بل جمع کرانے پر لیٹ سرچارج نہیں لگے گا۔

    گورنر سندھ سے سی ای او کے الیکٹرک کی ملاقات

    دوسری جانب گورنر سندھ سے سی ای او کے الیکٹرک مونس عبداللہ کی ملاقات ہوئی جس میں بلز کی ادائیگی میں سہولت، بجلی کی فراہمی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایوریج بلنگ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوریج بلنگ شہریوں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے، حکومت کسی صورت یہ ناانصافی نہیں ہونے دے گی۔

    سی ای او کے الیکٹرک مونس عبداللہ نے یقین دہانی کرائی کہ کے الیکٹرک ایوریج بلنگ نہیں کرے گی، اپریل میں میٹر ریڈنگ ہوگی جس کی بنیاد پر بل ادا کیا جائے گا، جن صارفین کو ایوریج بل ملے ان کی مرضی ہے بل ادا کریں یا نہیں۔

  • 2 دن بعد کے الیکٹرک کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کریں گے: حافظ نعیم

    2 دن بعد کے الیکٹرک کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کریں گے: حافظ نعیم

    کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قوم کرائسس میں ہے، لوگ کرونا وبا سے مر رہے ہیں مگر کے الیکٹرک شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہے، جماعت اسلامی 2 دن بعد کے الیکٹرک کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حافظ نعیم الرحمٰن نے کے الیکٹرک کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2 دن میں بلوں کا مسئلہ حل نہ ہوا تو حالات کے ذمہ دار خود ہوں گے۔

    انھوں نے ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے، صنعتوں میں لوگوں کو ملازمتوں سے نکالا جا رہا ہے، ان حالات میں جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا تھا کہ کرونا ایمرجنسی کی وجہ سے 2 ماہ کے بل معاف کیے جائیں، وزیر اعلیٰ سے بات ہوئی تھی انھوں نے کہا تھا کے الیکٹرک سے بات ہو گئی ہے، بل قسطوں میں لیا جائے گا، لیکن انتہائی افسوس ہے کہ ان حالات میں بھی کے الیکٹرک شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہے۔

    کے الیکٹرک نے اوسط بلنگ کے نام پر بجلی کے بلوں میں کئی گنا اضافہ کردیا

    حافظ نعیم نے کہا کہ ہیٹ ویو کے دوران کے الیکٹرک کی نا اہلی کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئی تھیں، اگر اس کی تحقیقات میں کے الیکٹرک کو پکڑ لیا جاتا تو آج یہ نوبت نہ آتی، کرونا ایمرجنسی کے دوران بل معاف کرنے کی بجائے ڈبل کر دیے گئے، ایوریج بل لگا لگا کر بھیجے جا رہے ہیں، آفسز بند ہیں، مارکیٹس بند ہیں مگر ان کے بھی ایوریج بل ڈبل کر کے بھیج دیے گئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگ بل ٹھیک کروانے جاتے ہیں تو ان کے دفاتر بند ملتے ہیں، گارڈز پولیس بلانے کی دھمکی دیتے ہیں۔ حافظ نعیم نے سوال اٹھایا کہ بل بھیجنے کے لیے تو پورا نظام موجود ہے مگر میٹر ریڈنگ کے لیے کوئی نظام نہیں ہے؟ ہم نے کے الیکٹرک کے مظالم کے خلاف تحریک چلائی، وفاق سے مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کو لگام دے، سندھ حکومت بھی ادارے کو ڈبل بل لینے سے روکے۔

    امیر جماعت کراچی نے کہا حکومت اور کے الیکٹرک کے پاس 2 دن کا وقت ہے، اس کے بعد جماعت اسلامی ایک سے 2 دن میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، کوئی بجلی کاٹنے آئے تو اس کے ساتھ کیا سلوک کرنا ہے اس کی پلاننگ کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم نے الزام لگایا کہ موجودہ حالات میں بھی وفاقی اور صوبائی حکومت لوٹ مار میں کے الیکٹرک کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔

  • کے الیکٹرک صارفین بجلی کی اضافی قیمت ادا نہیں کریں گے، نیپرا کی وضاحت

    کے الیکٹرک صارفین بجلی کی اضافی قیمت ادا نہیں کریں گے، نیپرا کی وضاحت

    کراچی : بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر نیپرا نے وضاحت کی ہے کہ کے الیکٹرک صارفین4.87 فی یونٹ اضافی ادا نہیں کریں گے، حکومت سبسڈی فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ درست نہیں کہ کے الیکٹرک صارفین4.87فی یونٹ اضافی ادا کریں گے۔

    کے الیکٹرک صارفین سمیت پورے ملک میں بجلی کی قیمت یکساں ہے، ترجمان کے مطابق نیپرا مختلف کمپنیوں کیلئے مختلف ٹیرف جاری کرتا ہے حکومت اسے یکساں بناتی ہے، اس مقصد کیلئے حکومت مختلف کیٹگریز کو سبسڈی دیتی ہے، سبسڈی کے الیکٹرک صارفین کو بھی فراہم کی جاتی ہے۔

    کے الیکٹرک فی یونٹ4روپے87پیسے کا اضافہ صرف صارف کو نہیں بھرنا ہوگا، نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ یہ تاثرغلط ہے کہ حالیہ اضافے کی پوری رقم صارف ادا کرے گا، کراچی سمیت پورے پاکستان میں ٹیرف سب کیلئے یکساں ہے۔

    قیمتوں کو یکساں رکھنے کیلئے حکومت پاکستان سبسڈی فراہم کرتی ہے، حکومت ڈومیسٹک، کمرشل، انڈسٹریل اور ایگری کلچر صارفین کو سبسڈی فراہم کرتی ہے،بجلی پر سبسڈی کےالیکٹرک سمیت پورے ملک کے صارفین کو دی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی والوں کو جھٹکا، کے الیکٹرک نے یونٹ میں 4.88پیسے اضافہ کردیا

    دوسری جانب کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بڑھایا گیا ٹیرف صارفین پر لاگو نہیں ہوگا، ملک بھر میں یونیفارم ٹیرف پالیسی کے تحت ٹیرف یکساں ہے، وزارت توانائی نوٹیفکیشن جاری کرے گی جو صارفین پر لاگو کیا جائے گا۔

  • کراچی والوں کو جھٹکا، کے الیکٹرک نے یونٹ میں 4.88پیسے اضافہ کردیا

    کراچی والوں کو جھٹکا، کے الیکٹرک نے یونٹ میں 4.88پیسے اضافہ کردیا

    کراچی : شہر قائد کے باسیوں کو کے الیکٹرک نے ایک اور بڑا جھٹکا دے دیا، آئندہ ماہ سے بجلی کے فی یونٹ کی قیمت میں 4.88پیسے کا اضآفہ کردیا گیا، مجموعی قیمت17.69پیسے ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کیلئے بری خبر آگئی، نیپرا نے کے الیکٹرک کا11سہ ماہیوں کا ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت کے الیکٹرک کو صارفین سے106ارب روپے وصول کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

    ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی4روپے88پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی، کے الیکٹرک کا ٹیرف12روپے81سے بڑھا کر17روپے69پیسے فی یونٹ ہوگیا، نیپرا نے جولائی 2016سے مارچ2019کیلئے فیصلہ جاری کیا۔

  • کراچی والوں کے لیے بُری خبر، نیپرا نے بجلی مہنگی کردی

    کراچی والوں کے لیے بُری خبر، نیپرا نے بجلی مہنگی کردی

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی والوں کے لیے بجلی مہنگی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی ایک روپے 40 پیسے مہنگی کردی۔

    نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کی 36 ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ جاری کردیا گیا، کے الیکٹرک صارفین سے 9 ماہ میں وصولی کرے گا، آئندہ سال جنوری سے ستمبر کے بلوں میں اضافی رقم شامل ہوگی۔

    نیپرا کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے صارفین پر 18 ارب روپے کا بوجھ منتقل ہوگا، ماہانہ 50 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی مہنگی نہیں ہوگی۔

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 21 اگست 2019 کو کے الیکٹرک کی مہنگی بجلی کی درخواست سنی گئی۔

    واضح رہے کہ نیپرا نے گزشتہ روز بھی 1 روپے 56 پیسے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔

    سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ایک روپے 73 پیسے بڑھانے کی درخواست کی تھی، بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 14 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 21 نومبر کو بھی نیپرا نے بجلی ایک روپے 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی، جس سے بجلی صارفین پر 24 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا تھا، نیپرا حکام کے مطابق یہ اضافہ بھی ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا۔ صافین کو رواں ماہ کے بلوں میں اضافی رقم ادا کرنی پڑی۔

  • کرنٹ لگنے سے نوجوان کی ہلاکت، کے الیکٹرک ودیگر کیخلاف کارروائی کا حکم

    کرنٹ لگنے سے نوجوان کی ہلاکت، کے الیکٹرک ودیگر کیخلاف کارروائی کا حکم

    کراچی : عدالت نے کرنٹ لگنے سے 15سالہ نوجوان کی ہلاکت پر کےالیکٹرک ودیگر کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس درخواست گزار کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کرے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے15سالہ نوجوان محمد کیف کی ہلاکت کے کیس کی سماعت سٹی کورٹ میں ہوئی۔

    فریقین کے وکلاء کی جرح کے بعد عدالت نے کےالیکٹرک ودیگر کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا، عدالت نے ایس ایچ او تھانہ نبی بخش کو حکم دیا کہ درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کیا جائے اگر قابل دست اندازی جرم بنتا ہے تو مقدمہ درج کیا جائے۔

    عدالت کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ بادی النظر میں معاملہ قتل باالسبب کا بنتا ہے لہٰذا پولیس درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرکے قانونی کارروائی مکمل کرے۔

    واضح رہے کہ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ میرا نوجوان بیٹا 15سالہ محمد کیف10اگست کو کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے پانچ افراد جاں بحق

    دوسری جانب پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ متوفی محمد کیف کو کرنٹ لگنے میں کے الیکٹرک کا کوئی کردارنہیں تھا۔

  • کراچی : بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    کراچی : بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    کراچی : حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے، نیپرا نے کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے شہر قائد میں ہونے والی حالیہ بارشوں میں بجلی کی بندش پر کے الیکٹرک کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

    بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات سے متعلق نیپرا نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی رپورٹ کے مطابق کرنٹ لگنے کے35میں سے19واقعات کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے۔

    اس کے علاوہ شہر قائد میں بارش کے بعد شہر میں بجلی کی عدم فراہمی کا ذمہ دار بھی کے الیکٹرک ہے، رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نیپراحکام کے الیکٹرک کیخلاف1997کے قواعد کے مطابق قانونی کارروائی کرے گا۔

    اس حوالے سے نیپرا نے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا، بارشوں میں بجلی کی طویل بندش بھی کے الیکٹرک کی نااہلی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کی وضاحت 

    دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک اس حوالے سے کہا ہے کہ نیپرا کے نوٹس کا جائزہ لے کر جواب جمع کرادیا جائے گا، کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے تنصیبات متاثر ہوئیں۔
    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کے ناجائز کنڈوں اور ارتھنگ وائرز کی چوری کی وجہ سے حفاظتی اقدامات غیر مؤثر ہوجاتے ہیں،
    حادثات کی بڑی وجہ اسٹریٹ لائٹ سوئچز کا غیرمحفوظ استعمال بھی ہے،

    مزید پڑھیں : کرنٹ لگنے سے اموات ، کے الیکٹرک کی غفلت پر نیپرا کا ایکشن

    یاد رہے کراچی میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی اور دو ہفتے میں تقریبا 33 کے قریب افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے تھے ، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جس کے بعد اب تک کے الیکٹرک کیخلاف رجسٹرڈ ہونے والے کیسز کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہیں۔

  • 9 اور 10 محرم کے دن کے الیکٹرک کی صارفین کے لیے اہم ہدایات

    9 اور 10 محرم کے دن کے الیکٹرک کی صارفین کے لیے اہم ہدایات

    کراچی: کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 محرم کو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ بجلی کے عارضی انتظام سے متعلق، خطرناک کنڈوں اور ہینگر لائٹ بلب لگانے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 محرم کو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ یکم محرم سے امام بارگاہوں سمیت اہم مقامات پر بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ فیلڈ ٹیمز متحرک ہیں، بجلی سے متعلق شکایات کی درستگی کے لیے 24 گھنٹے موجود ہیں۔ کے الیکٹرک، شہری انتظامیہ، کمشنر آفس سمیت دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ بجلی کے عارضی انتظام سے متعلق، خطرناک کنڈوں اور ہینگر لائٹ بلب لگانے سے گریز کریں۔ شکایات کے لیے 118 کال سینٹر، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے ای لائیو ایپ کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ کے الیکٹرک عیدوں، محرم اور ربیع الاول وغیرہ پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے اور ریلیف فراہم کرنے کے دعوے کرتی ہے تاہم دعووں کے برعکس ایسے مواقع پر بھی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

  • بارش کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل، 417 فیڈر ٹرپ

    بارش کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل، 417 فیڈر ٹرپ

    کراچی : شہر قائد میں شروع ہونے والی بارشوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی، بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے    417فیڈرٹرپ ہوگئے، تاحال بجلی کو بحال نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شروع ہونے والی بارشوں نے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا، کے الیکٹرک کے 417فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔

    حالیہ بارش کے بعد کراچی کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے الیکٹرک نے بارشوں میں نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے بارش کے شروع ہوتے ہی اپنے200 سے زائد فیڈر بند کردیئے تھے۔

    اس حوالے سے کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ نے شہریوں کو کرنٹ سے محفوظ رکھنے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے، جس کے تحت کے الیکٹرک نے ٹرانسمیشن لائن میں ارتھنگ سسٹم بہتر کرنے کیلئے فیڈرز بند کیے۔

    کراچی میں بارش کے بعد جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کی گئی ہے ان میں سرجانی ٹاؤن، تیسرٹاؤن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ڈیفنس، سولجربازار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ لانڈھی، کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، کھوکھرا پار، ماڑی پور، کیماڑی، بلدیہ، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، گڈاپ، گلشن معمار، گلشن حدید اور اطراف کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے شکایتی نمبر پر بجلی کی بحالی کا کوئی وقت نہیں بتایا جارہا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایف بی ایریا بلاک ون، شریف آباد میں پی ایم ٹی دھماکے سے ٹرپ کرگئی، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، گلشن اقبال۔ گلستان جوہر میں بجلی معطل ہوگئی۔

    اس کے علاوہ اسٹار گیٹ، موریہ خان گوٹھ، وائرلیس گیٹ، الفلاح ماڈل کالونی، کاظم آباد سوسائٹی، پی آئی اے سوسائٹی، نارتھ کراچی، بفرزون، شادمان ٹاؤن، گلبہار رضویہ سوسائٹی میں بجلی بند ہونے کی اطلاعات ہیں، اس کے علاوہ صدر پریڈی اسٹریٹ، ریگل اور اکبرروڈ پر کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

  • کرنٹ لگنے سے ہلاکتیں، کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج

    کرنٹ لگنے سے ہلاکتیں، کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی: شہر قائد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے تین نوجوانوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ مقتولین کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے خلاف نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ میئر کراچی کہ درخواست پر درج کرایا گیا ہے، مقدمے میں سی ای او کے الیکٹرک، مالک عارف نقوی کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

    مقدمہ قتلِ سبب کی دفعات کےتحت درج کیاگیا، مقدمے کے اندراج کے لیے درخشاں تھانےمیں 6گھنٹےمذاکرات جاری رہے۔

    اس سے قبل میئر کراچی وسیم اختر نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرانے کی کوشش کی تھی ، تاہم تھانے کے ذمہ داروں نے ان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے سے انکار کرتے ہوئے مقتولین کے ورثا کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کا کہاتھا۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر کے لیے درخواست دی تھی، تاہم پولیس نے مقدمے میں کے الیکٹرک انتظامیہ کو نامزد کرنے سے انکار کردیا تھا۔ بعد ازاں مقتولین کے ورثا کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    کراچی میں حالیہ بارشوں میں اب تک 15 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ، دو افراد آج بھی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

    اس موقع پر میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کےالیکٹرک کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے،امیدکرتاہوں تفتیش صحیح طریقےسےہوگی اورذمہ داران کو بے نقاب کیاجائےگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی آرمیں مالک کےالیکٹرک،چیئرمین سب کےنام لکھےگئے۔ کے ایم سی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ سڑکوں پر موجود ہے ۔

    خیال رہے کہ بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 31 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 9 جانور بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

    اکتیس جولائی کو بھی شہر میں مون سون بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔