Tag: K electric

  • بجلی کی فراہمی سے متعلق ترجمان کے الیکٹرک کی وضاحت

    بجلی کی فراہمی سے متعلق ترجمان کے الیکٹرک کی وضاحت

    کراچی : شہر قائد کو بجلی فراہم کرنے کے ادارے ’کے الیکٹرک‘ نے واضح کیا ہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال13 ڈی3 میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک نے میڈیا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ علاقے میں بجلی چوری اور نقصانات کی شرح پر منحصر ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ علاقہ مکین وقت پر بجلی کے بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں، وقت پر کی گئی بلوں کی ادائیگیاں علاقے کی لوڈ شیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا اہم جز ہیں۔

    کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق لوڈ شیڈنگ یا مرمتی کام کی صورتحال کے پیش نظر میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے صارفین کو بجلی سے متعلق معلومات بہم پہنچائی جاتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بجلی سے متعلق معلومات اور شکایات کے لیے 118 ہیلپ لائن یا کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں کے الیکٹرک نے لیاری میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کریک ڈاؤن میں کروڑوں روپے کی بجلی چوری پکڑلی۔

    کے۔ الیکٹرک کی لیاری میں بجلی چوروں اور کنڈا مافیا کے خلاف قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں جاری ہے۔

    گزشتہ 3 ماہ میں پاور یوٹیلیٹی نے لیاری میں 78 کنڈا ہٹاوٴ مہم چلائیں، کے ای کے ٹیم لیڈر کا کہنا تھا کہ 7400 غیرقانونی کنڈوں کنکشن ختم کردیے گئے ہیں۔

  • پولیس لائنز پر بجلی بلوں کی مد میں کتنی رقم واجب الادا ہے؟ کے الیکٹرک نے بتا دیا

    پولیس لائنز پر بجلی بلوں کی مد میں کتنی رقم واجب الادا ہے؟ کے الیکٹرک نے بتا دیا

    کراچی: کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ آرٹلری میدان پولیس لائن پر واجب الادا رقم ایک کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی چوری اور بل کی عدم ادائیگی کے باعث پولیس لائنز کی صرف 2 پی ایم ٹیز کی بجلی منقطع کی گئی تھی، تاہم علاقہ معززین کی جانب سے بلوں کی ادائیگیوں کی یقین دہانی پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

    کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ وقت پر کی گئی ادائیگیاں علاقے میں ہونے والی لوڈشیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا اہم جز ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بجلی کے بلوں کا مسئلہ کافی سنگین صورت حال اختیار کرتا جارہا ہے۔ حالیہ برسوں میں بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بجلی کے بلوں میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں، جن میں سے ایک بڑی وجہ ملک میں بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں یا انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کا کردار ہے-

    کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں آپریشنز جاری ہیں جس کے تحت بل ادا نہ کرنے والے علاقوں کی بجلی کاٹی جا رہی ہے، جس پر شہری آئے دن احتجاج کرتے رہتے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کے الیکٹرک شکایتی مرکز پر بچوں نے دھاوا بول کر توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔

  • بجلی بلوں میں کے ایم سی ٹیکس کی وصولی شروع، کتنے یونٹس پر کتنا ٹیکس وصول کیا جائے گا؟

    بجلی بلوں میں کے ایم سی ٹیکس کی وصولی شروع، کتنے یونٹس پر کتنا ٹیکس وصول کیا جائے گا؟

    کراچی: کے الیکٹرک نے جولائی کے بجلی بلوں میں میونسپل ٹیکس شامل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے جولائی کے مہینے کے لیے بجلی بل میں کے ایم سی کا ٹیکس بھی شامل کر دیا ہے، میئر کراچی نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیکس کی وصولی سے شہر میں ترقیاتی کاموں میں بہتری نظر آئے گی۔

    کے ایم سی چارجز وصول کرنے پر کے الیکٹرک کو 7.5 فی صد ملے گا، معاہدے کے تحت وصول کی گئی رقم میں سے 50 فی صد کے الیکٹرک کے واجبات کی مد میں ادا ہوں گے۔ واضح رہے کہ کے ایم سی کے ذمے کے الیکٹرک کے ڈیڑھ ارب واجبات ہیں۔

    میئر کراچی کا کہنا ہے کہ بجلی بل کے ذریعے ٹیکس وصولی شہر کے مفاد میں ہے۔

    101 سے 200 یونٹ تک استعمال کرنے پر 20 روپے، 201 سے 300 تک یونٹ استعمال کرنے پر 40 روپے کے ایم سی ٹیکس عائد کیا گیا ہے، 301 سے 400 یونٹ تک 100 روپے، 401 سے 500 یونٹ تک 125 روپے ٹیکس شامل کیا گیا ہے۔

    501 سے 600 یونٹ تک 150 روپے، 601 سے 700 یونٹ تک 175 روپے، 700 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر 300 روپے یوٹیلیٹی کی مد میں واجب الادا ہوں گے۔

    کمرشل بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تمام کیٹیگریز پر 400 روپے لاگو کیے گئے ہیں، صنعتی صارفین کی تمام کیٹیگریز پر بھی 400 روپے لاگو کیے گئے ہیں۔

  • کے الیکٹرک کا عام تعطیل کے پیش نظر صارفین کے لیے بڑا اعلان

    کے الیکٹرک کا عام تعطیل کے پیش نظر صارفین کے لیے بڑا اعلان

    کراچی: کے الیکٹرک نے یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کے پیش نظر صارفین کے لیے بڑا اعلان کر دیا ہے۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 28 مئی کو واجب الادا بلوں کی ادائیگی میں ایک دن کی توسیع کی جا رہی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے کہا صارفین 29 مئی کو بنا اضافی چارجز اپنے بل ادا کر سکتے ہیں، کے الیکٹرک لائیو ایپ اور ڈیجیٹل بینکنگ کے ذرائع میسر رہیں گے۔

    دوسری طرف کراچی کے تاجر رہنماؤں نے بھی کہا ہے کہ کاروباری و تجارتی مراکز، مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی، جوڑیا بازار، بولٹن مارکیٹ، صرافہ بازار صدر، بوہری بازار، الیکٹرانک مارکیٹ، موبائل مارکیٹس، ریگل، جامع کلاتھ، لی مارکیٹ، طارق روڈ، بہادرآباد، حیدری مارکیٹ، لیاقت آباد، اور کریم آباد مارکیٹیں کھلی رہیں گی۔

    واضح رہے کہ آج ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا دن ’’یومِ تکبیر‘‘ قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اور ملک بھر میں عام تعطیل ہے، 26 سال پہلے آج کے دن پاکستان مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنا تھا۔

  • فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق کے الیکٹرک کی وضاحت

    فیول چارج ایڈجسٹمنٹ سے متعلق کے الیکٹرک کی وضاحت

    کراچی : کے الیکٹرک نے نیپرا اتھارٹی میں ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کی درخواست جمع کرادی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

    اپنے ایک بیان میں ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ماہانہ ایف سی اے کے حوالے سے نیپرا اتھارٹی سے رہنمائی کی درخواست کی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ نیپرا میں دائر درخواست جولائی 2023 سے مارچ 2024 (نو ماہ) کے فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔

    کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق پراویژنل فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں نیپرا میں تین تجاویز دائر کی گئی ہیں۔ نیپرا اتھارٹی تجاویز کے جائزے کے بعد بجلی کے بلوں میں ایف سی اے کے اطلاق کی مدت طے کرے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ ایف سی اے کا تعین ماہانہ بنیادوں پر عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور نیپرا کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہے اور ایف سی اے کا اطلاق ملک بھر کی ڈسکوز پر ہوتا ہے۔

    کے الیکٹرک کی درخواست کے مطابق 7 ماہ کا اضافہ فی یونٹ 18.86 روپے بنتا ہے اور 2 ماہ کیلئے کمی کی مد میں 29 پیسے کی درخواست کی گئی ہے جب کہ 2 ماہ کی کمی کو منہا کرکے مجموعی اضافہ فی یونٹ 18.57 روپے بنے گا۔

  • لوڈ شیڈنگ سے متعلق کے الیکٹرک کی وضاحت

    لوڈ شیڈنگ سے متعلق کے الیکٹرک کی وضاحت

    کراچی : شہر قائد میں بجلی کی فراہمی کے ادارے کے الیکٹرک نے کورنگی کراسنگ کے علاقہ میں بجلی کی فراہمی سے متعلق وضاحتی بیان جاری کردیا۔

    اس حوالے سے ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ کورنگی کراسنگ 31جی کے ایریا میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

    اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ علاقے میں لوڈشیڈنگ ادارے کی ویب سائٹ پردیے گئے شیڈول کے عین مطابق کی جاتی ہے۔

    ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ علاقے میں بجلی کی چوری اور نقصانات کی شرح پر منحصر ہے، وقت پر کی گئی بلوں کی ادائیگیاں علاقے کی لوڈ شیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا اہم جزو ہیں۔

  • کے الیکٹرک کی سوا تین کروڑ روپے کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں

    کے الیکٹرک کی سوا تین کروڑ روپے کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں

    کراچی: عملے پر تشدد اور دفاتر پر احتجاج کے باوجود کے الیکٹرک نے بجلی چوری اور بل کی عدم ادائیگی پر کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    کے الیکٹرک کے مطابق دو مختلف علاقوں میں سوا تین کروڑ روپے کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں، ایف سی ایریا میں پی ڈبلیو ڈی کے صارفین پر 65 لاکھ روپے جب کہ لیاری کی لی مارکیٹ کے صارفین پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کے واجبات کی وجہ سے کارروائی کی گئی۔

    پی ڈیلیو ڈی کے نادہندگان کے خلاف کارروائی میں مہینوں سے بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے کنکشنز بھی منقطع کر دیے گئے، کارروائی تمام قواعد و ضوابط کے تحت عمل میں لائی گئی۔ دوسری جانب لیاری کے علاقے لی مارکیٹ میں کے الیکٹرک کا عملہ کنڈے ہٹانے کے لیے پہنچا تو شہریوں نے عملے پر حملہ کر دیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ترجمان نے کہا کہ واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے ایف آئی آر کا اندراج کیا جا چکا ہے، جب کہ حملہ آوروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ترجمان کے مطابق دونوں واقعات میں نادہندگان اور بجلی چوری کرنے والوں نے کے الیکٹرک کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا جو شدید قابل مذمت ہے، ترجمان نے کہا مفت بجلی کی فراہمی ممکن نہیں ہے، کے الیکٹرک کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر قواعد و ضوابط کے مطابق نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔

  • کراچی : بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معمول پر آگئی

    کراچی : بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معمول پر آگئی

    کراچی : ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر قائد میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے۔

    ترجمان کے مطابق ہفتہ کی غیر متوقع موسلادھار بارش کے بعد کراچی اور ملحقہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی تھی جو اب معمول پر آگئی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی فیلڈ ٹیمیں مقامی سطح پر پیدا ہونے والی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے سرگرم رہتی ہیں جبکہ کمپنی کی قیادت نے بھی صورتحال پر گہری نظر رکھی۔

    ہنگامی حفاظتی پروٹوکول کے مطابق نشیبی علاقوں یا کنڈوں کے زیادہ پھیلاؤ والے علاقوں کو بجلی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کردی گئی۔ فیلڈ ٹیموں کی طرف سے کلیئرنس کے بعد، موسم کم ہونے کے بعد یہ آہستہ آہستہ متحرک ہوگئے تھے۔ کے الیکٹرک کی ٹیمیں شہری حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں کو بجلی کی تمام اشیاء اور تنصیبات سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے سمیت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔

    کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم صارفین کی مدد اور معلومات فراہم کرنے کے لیے کے الیکٹرک لائیو ایپ اور واٹس ایپ سیلف سروس پورٹل بھی مدد کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہیں۔

    اس کے علاوہ بارش کے موسم میں بجلی کے حوالے سے ہنگامی شکایات کے لیے کال سینٹر 118 بھی صارفین کی سہولت کے لیے دستیاب رہتا ہے۔

  • کے الیکٹرک میں سالانہ بنیاد پر مہلک حادثات میں کمی کی بجائے اضافہ ریکارڈ

    کے الیکٹرک میں سالانہ بنیاد پر مہلک حادثات میں کمی کی بجائے اضافہ ریکارڈ

    اسلام آباد: کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیوں میں سالانہ بنیادوں پر مہلک حادثات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے نیپرا نے نشان دہی کی ہے کہ کے الیکٹرک میں سالانہ بنیاد پر مہلک حادثات میں کمی کی بجائے اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالی سال23-2022 میں پیسکو مہلک حادثات کے لحاظ سے پہلے نمبر پر رہی، ایک سال میں پیسکو میں مہلک حادثات میں 41 افراد جاں بحق ہوئے۔

    نیپرا دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک مہلک حادثات کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہی، جہاں مہلک حادثات میں 2 سال کے دوران 60 شہری جان گنوا بیٹھے ہیں۔

    بجلی کمپنیوں میں مہلک حادثات میں 23-2022 میں کل 163 ہلاکتیں ہوئیں، حادثات میں 111 شہری، بجلی کمپنیوں کے 52 ملازمین جاں بحق ہوئے، آئیسکو میں مالی سال 23-2022 میں مہلک حادثات میں 24 ہلاکتیں ہوئیں۔

  • کے الیکٹرک نے بجلی کا کنیکشن حاصل کرنا آسان بنا دیا

    کے الیکٹرک نے بجلی کا کنیکشن حاصل کرنا آسان بنا دیا

    کراچی: صارفین کی سہولت کے لیے کے الیکٹرک نے نئے کنیکشن کا حصول ڈیجیٹلائز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے صارفین کو بہترین کسٹمر سروس فراہم کرنے کے لیے اپنے آپریشنز کو خود کار اور ڈیجیٹائز کرنے کے لیے نمایاں سرمایہ کاری کی ہے۔

    15 لاکھ سے زائد صارفین پہلے ہی کمپنی سے ورچوئلی رابطہ کر رہے ہیں، اب کے الیکٹرک نے نئے کنیکشنز کے حصول کا طریقہ کار ڈیجیٹلائز کر دیا ہے، یہ نیا پلیٹ فارم رہائشی، کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین کو نئے کنیکشن کے لیے درخواست دائر کرنے میں آسانی اور اپنی درخواست کی ریئل ٹائم ٹریکنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔

    درخواست گزار کو اس کے کیس کے بارے میں معلومات ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، ادائیگی کے لیے چالان تک رسائی بھی دستیاب ہوگی، اور منظور شدہ بینکنگ چینلز کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی بھی کی جا سکے گی، 80 کلوواٹ سے زائد کے کنیکشن کی درخواست دینے والے صارفین کی معاونت کے لیے ایک نمائندہ بھی مقرر کیا جائے گا۔

    ترجمان عمران رانا کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کمپنی کو 2030 تک اپنے صارفین کی تعداد میں 30 فی صد تک اضافے کی توقع ہے، جس کے بعد صارفین کی تعداد 50 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کے الیکٹرک نے KE لائیو ایپ اور KE واٹس ایپ سروس بھی متعارف کرائی تھی۔