Tag: Kaavan

  • کاون ہاتھی کی رہائی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی گونج امریکی عدالت میں

    کاون ہاتھی کی رہائی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی گونج امریکی عدالت میں

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چڑیا گھر میں 35 برس سے قید تنہائی گزارنے والے کاون ہاتھی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی گونج امریکی عدالت میں سنائی دی۔

    تفصیلات کے مطابق جانوروں کے حقوق سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کی عالمی سطح پر پذیرائی کی جارہی ہے۔

    اسلام آباد کے چڑیا گھر میں 35 برس سے قید تنہائی گزارنے والے کاون ہاتھی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا امریکی عدالتی فیصلے میں تذکرہ کیا گیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے جانوروں کے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی کا غیر معمولی فیصلہ دیا تھا۔

    اسٹیٹ آف نیو یارک کورٹ آف اپیلز کے 14 جون کے فیصلے میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے کا تذکرہ کیا گیا، امریکی عدالتی فیصلے میں چیف جسٹس کے فیصلے کا ایک پیراگراف نئے سرے سے لکھ کر شامل کیا گیا۔

    مذکورہ پیراگراف میں لکھا گیا تھا کہ بلاشبہ جانور بھی حساس وجود رکھتے ہیں، ان کے بھی جذبات ہوتے ہیں، جانور بھی خوشی غمی کے لمحات محسوس کر سکتے ہیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہر قسم کے جانوروں کی قدرتی طور اپنی اپنی رہنے کی جگہیں ہیں، جانور کی اپنی ضرورت کے مطابق ان کو ماحول درکار ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ قدرتی ماحول کے برعکس ایک ہاتھی کو دوسرے ہاتھیوں سے الگ کر کے اکیلے کیسے رکھا جا سکتا ہے، قدرتی طور پر جانوروں کے بھی حقوق ہیں اور وہ ان کو ملنے چاہئیں، جانوروں کا حق ہے کہ وہ اپنی قدرتی ضروریات پوری کرنے والے ماحول میں رہیں۔

  • گلوکارہ شیر تک ہاتھی کاون کی آواز کیسے پہنچی؟

    گلوکارہ شیر تک ہاتھی کاون کی آواز کیسے پہنچی؟

    کیا آپ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کا ہاتھی کاون یاد ہے جو اپنی حالت زار کی وجہ سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا تھا اور پھر اسے کمبوڈیا منتقل کیا گیا تھا؟ کاون کے لیے آواز اٹھانے والوں میں ایک اہم نام امریکی گلوکارہ و اداکارہ شیر کا بھی تھا جو اس کے لیے پاکستان آئی تھیں۔

    امریکی گلوکارہ و اداکارہ شیر نے حال ہی میں شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے پوڈ کاسٹ میں بتایا کہ انہیں کیسے کاون کی مشکل زندگی کا علم ہوا تھا۔

    گلوکارہ نے بتایا کہ انہیں کچھ عرصہ قبل ٹویٹر کے ذریعے معلوم ہوا تھا کہ پاکستان میں کاون نامی ہاتھی بدترین حالات میں ہے اور لوگوں نے ان سے مذکورہ ہاتھی کی مدد کی درخواست کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ ٹویٹر پر زیادہ درخواستوں یا اپیلوں پر توجہ نہیں دیتی مگر چونکہ بچپن سے انہیں جانوروں سے پیار تھا، اس لیے انہوں نے کاون کی مدد کی اپیلوں پر توجہ دی اور اس کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔

    شیر کا کہنا تھا کہ بعد ازاں انہوں نے مذکورہ معاملے کو حل کرنے کے لیے جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیموں کی مدد لی اور پھر ٹویٹر پر براہ راست پاکستانی اداروں، عوام اور عہدیداروں سے کاون کو اسلام آباد چڑیا گھر سے نکالنے کا مطالبہ کرنے لگیں۔

    انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں کاون کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم شیر اور دنیا کا تنہا ترین ہاتھی میں کام کرنے کا موقع ملا۔

    خیال رہے کہ کاون کو نومبر 2020 میں پاکستان سے کمبوڈیا منتقل کیا گیا تھا، کاون کی بیرون ملک منتقلی کے احکامات سپریم کورٹ نے دیے تھے، مذکورہ ہاتھی اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں انتہائی تنگ جگہ اور بدترین حالات میں موجود تھا۔

    کاون کو سری لنکا نے سنہ 1985 میں تحفے کے طور پر پاکستان کو دیا تھا اور اس وقت اس کی عمر محض ایک سال تھی۔

  • بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ

    بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ

    روالپنڈی: مرغزار چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا روانہ کر دیاگیا ہے، فضائی حدود استعمال کے معاملے پر بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں 10 گھنٹے تاخیر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے تنہا ترین سمجھے جانے والے ہاتھی کاوان کو آخر کار 35 سال بعد تکلیف دہ صورت حال سے نجات مل گئی، اور اسے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کمبوڈیا روانہ کر دیا گیا۔

    کاوان کو دیگر ہاتھیوں کے ساتھ کمبوڈیا میں قدرتی مسکن جنگل میں رکھا جائے گا، 2012 میں ساتھی ہتھنی کے مر جانے کے بعد سے کاوان تنہا زندگی گزار رہا تھا۔

    چڑیا گھر میں کاوان ہاتھی کا احاطہ، جو پینتیس سال بعد ہاتھی کے جانے کے بعد خالی ہو گیا ہے

    روس کا خصوصی کارگو طیارہ کاوان کو کنٹینر میں لے کر روانہ ہوا، گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ ہاتھی کو بے ہوش کر کے منتقل کیا جائے گا، 2 غیر ملکی ڈاکٹرز اور 8 رکنی ٹیکنیکل ٹیم بھی ساتھ روانہ ہوئی ہے۔

    کاوان کو الوداعی پارٹی بھی دی گئی

    کاوان ہاتھی کو بے ہوش کر کے کمبوڈیا روانہ کیے جانے کی تیاریاں مکمل (ویڈیو دیکھیں)

    ہاتھی کاوان کی کمبوڈیا منتقلی جانوروں کے حقوق کی تنظیم فورپا کی کوششوں سے عمل میں آئی ہے، 9 من وزنی کنٹینر کی منتقلی کے لیے این ایل سی نے لاجسٹک سپورٹ فراہم کی۔

    یاد رہے کہ کاوان ہاتھی 35 سال قبل سری لنکا کی جانب سے تحفے میں دیاگیا تھا، کاوان کو گزشتہ روز طیارے میں کمبوڈیا روانہ کیا جانا تھا لیکن بھارت نے فضائی حدود کا جھگڑا کھڑا کر دیا جس کی وجہ سے دس گھنٹے کی تاخیر ہو گئی۔