Tag: Kaavan Elephant

  • بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ

    بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ

    روالپنڈی: مرغزار چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا روانہ کر دیاگیا ہے، فضائی حدود استعمال کے معاملے پر بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں 10 گھنٹے تاخیر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے تنہا ترین سمجھے جانے والے ہاتھی کاوان کو آخر کار 35 سال بعد تکلیف دہ صورت حال سے نجات مل گئی، اور اسے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کمبوڈیا روانہ کر دیا گیا۔

    کاوان کو دیگر ہاتھیوں کے ساتھ کمبوڈیا میں قدرتی مسکن جنگل میں رکھا جائے گا، 2012 میں ساتھی ہتھنی کے مر جانے کے بعد سے کاوان تنہا زندگی گزار رہا تھا۔

    چڑیا گھر میں کاوان ہاتھی کا احاطہ، جو پینتیس سال بعد ہاتھی کے جانے کے بعد خالی ہو گیا ہے

    روس کا خصوصی کارگو طیارہ کاوان کو کنٹینر میں لے کر روانہ ہوا، گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ ہاتھی کو بے ہوش کر کے منتقل کیا جائے گا، 2 غیر ملکی ڈاکٹرز اور 8 رکنی ٹیکنیکل ٹیم بھی ساتھ روانہ ہوئی ہے۔

    کاوان کو الوداعی پارٹی بھی دی گئی

    کاوان ہاتھی کو بے ہوش کر کے کمبوڈیا روانہ کیے جانے کی تیاریاں مکمل (ویڈیو دیکھیں)

    ہاتھی کاوان کی کمبوڈیا منتقلی جانوروں کے حقوق کی تنظیم فورپا کی کوششوں سے عمل میں آئی ہے، 9 من وزنی کنٹینر کی منتقلی کے لیے این ایل سی نے لاجسٹک سپورٹ فراہم کی۔

    یاد رہے کہ کاوان ہاتھی 35 سال قبل سری لنکا کی جانب سے تحفے میں دیاگیا تھا، کاوان کو گزشتہ روز طیارے میں کمبوڈیا روانہ کیا جانا تھا لیکن بھارت نے فضائی حدود کا جھگڑا کھڑا کر دیا جس کی وجہ سے دس گھنٹے کی تاخیر ہو گئی۔

  • کاوان ہاتھی کو بے ہوش کر کے کمبوڈیا روانہ کیے جانے کی تیاریاں مکمل (ویڈیو دیکھیں)

    کاوان ہاتھی کو بے ہوش کر کے کمبوڈیا روانہ کیے جانے کی تیاریاں مکمل (ویڈیو دیکھیں)

    اسلام آباد: مرغزار چڑیا گھر کا کاوان ہاتھی رات 3 بجے کمبوڈیا میں اپنے نئے گھر کے لیے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج اسلام آباد کے مرغزار زو میں 2 غیر ملکی ڈاکٹرز اور 8 رکنی غیر ملکی ٹیکنیکل ٹیم نے کاوان ہاتھی کا مکمل طبی معائنہ کیا۔

    اسلام آباد مرغرار چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا بھیجنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، آج چڑیا گھر میں ڈاکٹرز اور ٹیکنیکل ٹیم نے کاوان ہاتھی کے مختلف ٹیسٹ کیے، خصوصی طیارہ بھی کمبوڈیا سے نیو دہلی ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ کمبوڈیا منتقل کرنے سے قبل کاوان کو بے ہوش کر کے اسپیشل کنٹینر کے ذریعے کارگو طیارے میں منتقل کیا جائے گا، کاوان ہاتھی کی منتقلی کے لیے روسی خصوصی کارگو طیارہ چارٹر کیا گیا ہے، جسے ڈونرز نے ہائر کیا۔

    اسلام آباد، چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو بیرونِ ملک منتقل کرنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خصوصی کارگو طیارے کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی تھی، ایوی ایشن ڈویژن نے بھی ڈی جی سی اے اے، ایئر پورٹ مینجر کو ہاتھی کی منتقلی کے حوالے سے تمام سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    ہاتھی کے معائنے کے لیے مرغزار چڑیا گھر آنے والی غیر ملکی ٹیم

    ہاتھی کاوان کی منتقلی کے لیے وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا ہے، منتقلی کے لیے 2 غیر ملکی ڈاکٹروں اور 8 غیر ملکی ٹیکنیکل ٹیم بھی ہمراہ روانہ ہوگی۔

    آج وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم بھی دنیا کے تنہا ترین ہاتھی کو الوداع کہنے چڑیا گھر پہنچے۔ یہ ہاتھی 1985 میں سری لنکا سے تحفے کے طور پر پاکستان لایا گیا تھا، اس وقت اس کی عمر صرف ایک سال تھی، مرغزار چڑیا گھر میں اسے نامناسب حالت میں ایک چھوٹے سے احاطے میں زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا۔

    کاوان ہاتھی کے ساتھ متعلقہ حکام کی جانب سے ظالمانہ سلوک کے باعث رواں برس مئی میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کی منتقلی کا فیصلہ سنایا تھا۔