Tag: Kabaddi World Cup 2020

  • کبڈی ورلڈ کپ، پاکستان نے آذربائیجان کو شکست دے دی

    کبڈی ورلڈ کپ، پاکستان نے آذربائیجان کو شکست دے دی

    گجرات: کبڈی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے آذربائیجان 10 پوائنٹس سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کبڈی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، ایونٹ کے چھٹے روز پاکستان نے آذربائیجان کو شکست دے دی۔

    قومی کبڈی ٹیم نے آذربائیجان کو 10 پوائنٹس سے شکست دی، پاکستان نے آذربائیجان کو 40 کے مقابلے میں 30 پوائنٹس سے ہرایا۔

    پوائنٹس ٹیبل پر قومی کبڈی ٹیم گروپ بی میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، قومی ٹیم نے تین میچ کھیلے ہیں اور اب تک ناقابل شکست ہے، آسٹریلیا 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: کبڈی ورلڈ کپ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز، کینیڈا کو شکست

    پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی کبڈی ٹیم نے آسٹریلیا کو 25 کے مقابلے میں 62 پوائنٹس سے شکست دی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دوسرے میچ میں بھارت نے سخت مقابلے کے بعد ایران کو 39-50 سے ہرا دیا تھا، بھارتی کھلاڑی وینے کھتری کو بہترین ریڈر جبکہ ارش جھولا کو بہترین جاپھی کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ تیسرے میچ میں جرمنی نے سیرالیون کو 14-43 سے بآسانی شکست دے دی تھی۔

  • لاہور میں کبڈی ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب

    لاہور میں کبڈی ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب

    لاہور : پنجاب اسٹیڈیم میں کبڈی ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، مہمان خصوصی وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر پرویز الہی نے کبڈی ورلڈ کپ کا افتتاح کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ورلڈ کپ کے پاکستان میں انعقاد پر خوشی ہے، کبڈی کا کھیل اب عالمی سطح پر کھیلاجارہا ہے، انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے، پاکستانی کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور میں کبڈی ورلڈ کپ کاانعقاد ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔

    قبل ازیں افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیموں سے قواعد و ضوابط کی پابندی کاحلف لیا، کبڈی ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں نے پنجاب اسٹیڈیم میں مارچ پاسٹ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کبڈی ورلڈ کپ کا افتتاح کردیا۔

  • کبڈی کے عالمی کپ کا میلہ کل سے پاکستان میں سجے گا

    کبڈی کے عالمی کپ کا میلہ کل سے پاکستان میں سجے گا

    لاہور : کرکٹ اور ٹینس کے بعد پاکستان میں کبڈی کے عالمی کپ کا میلہ کل سے سجے گا، میگا ایونٹ میں حصہ لینے کیلئے بھارتی ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی، مقابلے لاہور، فیصل آباد اور گجرات میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ اور ٹینس کے بعد کبڈی ورلڈ کپ کا آغاز کل سے پاکستان میں ہوگا، ایونٹ میں پاکستان سمیت دس ممالک کے پہلوان شرکت کریں گے۔

    جرمنی ،ایران اور آذربائیجان کے بعد بھارت کی کبڈی ٹیمیں بھی پاکستان پہنچ گئیں، بھارتی ٹیم واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچی، اس موقع پر بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہت عزت مل رہی ہے یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے۔

    کبڈی کے عالمی کپ کا آغاز کل سے ہوگا۔ میچز لاہور،گجرات اورفیصل آباد میں شیڈول ہیں، پہلے میچ میں میزبان پاکستان کا کینڈا سے مقابلہ ہوگا۔

    اس حوالے سے شائقین پرجوش ہیں، ٹکٹوں کی فروخت کا زور شور سے سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب اسپورٹس منسٹر رائے تیمور کہتے ہیں کہ ایونٹ کے تمام انتظامات مکمل ہیں،عالمی کپ کا تاریخی انعقاد کرکے اس کو تاریخی بنائیں گے۔

    مزید پڑھیں : کبڈی ورلڈ‌ کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

    واضح‌ رہے کہ کبڈی ورلڈ‌ کپ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے، رنر اپ 75 لاکھ اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔