Tag: kabul To isb

  • سی ای او پی آئی اے مزید دو پروازوں کے ساتھ کابل روانہ

    سی ای او پی آئی اے مزید دو پروازوں کے ساتھ کابل روانہ

    کراچی : پی آئی اے کی مزید دو خصوصی پروازیں کابل کے لئے روانہ ہوگئیں، مذکورہ پروازیں کابل میں پھنسے پاکستانیوں سمیت دیگر غیرملکیوں کو پاکستان لائیں گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای او  پی آئی اے ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کیلئے خود پہلی پرواز کے ساتھ روانہ ہوئے، سی ای او کابل ایئرپورٹ پر افغان سی اےاے اور نیٹو حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ سی ای او ارشد ملک پاکستانی سفیر منصور خان کے ہمراہ پی آئی اے کے انتظامی امور کاجائزہ لیں گے۔

    پی آئی اے کی پہلی پرواز ایئر بس320 جبکہ دوسری بوئنگ777 سے آپریٹ ہوگی، دونوں پروازوں کے بعد وزیر ہوا بازی غلام سرور مزید پروازوں کی اجازت دیں گے، وزیر ہوابازی کی ہدایات کے مطابق افغانستان کے دوسرے شہروں سے پروازیں چلانے کا کاجائزہ لیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمدخان کا کہنا ہے کہ کابل میں قومی ایئرلائن کی پروازوں کی بحالی کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یہاں پھنسے پاکستانیوں کو نکال سکیں۔

     کابل ایئرپورٹ پر کشیدگی کے باعث پی آئی اے کی پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئی تھیں تاہم اب پھر سے سفری آپریشن کا آغاز ہورہا ہے، قومی ایئرلائن افغانستان میں غیرملکیوں اور پاکستانیوں کو وطن لائے گی۔

  • کابل سے 150سے زائد مسافروں کی پاکستان آمد

    کابل سے 150سے زائد مسافروں کی پاکستان آمد

    اسلام آباد : کابل سے پی آئی اے خصوصی پرواز 150سے زائد مسافروں کو لے کر پاکستان پہنچ گئی، پرواز میں غیرملکی سفارتی مشن، عالمی اداروں سے وابستہ افراد بھی سوار تھے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے براہ راست آپریشن کی نگرانی کی افغانستان میں نئی حکومت بننےکے بعد یہ پہلی بین الاقوامی پرواز تھی، کابل ایئرپورٹ بند ہونے کے باوجود پی آئی اے کے طیارے کو خصوصی اجازت دی گئی۔

    اس موقع پر سی ای او پی آئی اے ارشد ملک اور دیگر حکام اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھے، سی ای او نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابل ایئرپورٹ پر صرف ملٹری طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت ہے۔

    ارشد ملک نے کہا کہ کابل ایئرپورٹ پر امیگریشن کا نظام غیر ملکیوں کے ہاتھ میں ہے، سویلین گیٹ سے مسافروں کے آنے میں خاصہ وقت لگا جس کے باعث رات کو فلائٹ  آپریشن منسوخ کیا گیا تھا۔

    ،سی ای اوارشدملک نے کہا کہ امیگریشن میں وقت لگنے  پر  رات فلائٹ میں تاخیر ہوئی اور روانگی ملتوی کردی گئی، پی آئی اے کا کابل کیلئے آپریشن ہولڈ پر کردیا گیا۔

  • کابل سے پاکستان آنے والی پروازیں اچانک معطل ، وجہ سامنے آگئی

    کابل سے پاکستان آنے والی پروازیں اچانک معطل ، وجہ سامنے آگئی

    کراچی : افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے کی کابل جانے والی پروازوں میں تاخیر کے باعث معطل کردیا گیا ہے۔

    مسافروں، عملے اور اثاثوں کی حفاظت کی خاطر پروازیں غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی ہیں، یہ فیصلہ وزارت خارجہ اور افغان سول ایوایشن سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر ملک چھوڑ کر جانے والوں کا رش لگا ہوا ہے جبکہ کابل ایئرپورٹ پر کوئی سیکیورٹی اہلکار بھی موجود نہیں۔

    ذرائع کے مطابق کابل ایئرپورٹ پرامیگریشن اور مسافروں کے سامان کی چیکنگ کیلئے عملہ بھی موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو ذہنی کوفت اور اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے جہازوں اور عملہ کیلئے مشکلات پیش آسکتی ہیں، بغیر چیکنگ مسافروں کو جہاز میں سوار کرانا سیکیورٹی رسک ہے۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے نے تین پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا تھا، غیرمتوقع تبدیلی کے باعث سیکڑوں پاکستانی شہری کابل میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبان کے دارالحکومت میں داخلے کے بعد غیریقینی کی صورت حال کے پیش نظر کابل انتظامیہ نے ‏پی آئی اے حکام کو خصوصی پروازوں کی اجازت دی تھی۔