Tag: Kabul

  • کابل : جنازے میں تین خود کش حملے، سات افراد ہلاک، 118زخمی

    کابل : جنازے میں تین خود کش حملے، سات افراد ہلاک، 118زخمی

    کابل : افغانستان میں ایک جنازے کے دوران تین خودکش دھماکوں میں سات افراد ہلاک اور 118سے زائد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین محمد عالم ایزدیار کے بیٹے کی نماز جنازہ کے دوران تین خود کش دھماکے ہوئے۔

    دھماکے کی نوعیت اتنی شدید تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکوں کے نتیجے میں سات افراد نے موقع پر دم توڑ دیا، واقعے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 118 سے زائد بتائی جارہی ہے۔

    گزشتہ روز مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے سالم ایزدیار کے جنازے میں افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبد اللہ عبد اللہ بھی شریک تھے تاہم انہیں اس حملے میں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں اس حملے سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔ یاد رہے کہ کابل میں جب پولیس نے گزشتہ روز مظاہرین پر فائرنگ کی تو اس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں سالم ایزدیار بھی شامل تھے۔

  • پاکستانی سفیرکی افغان دفتر خارجہ طلبی، سرحد بند کرنے کا شکوہ

    پاکستانی سفیرکی افغان دفتر خارجہ طلبی، سرحد بند کرنے کا شکوہ

    کابل : پاکستانی سفیر کو افغان دفتر خارجہ طلب کرکے بارڈر سیل ہونے پر شکوہ کیا گیا۔ پاکستانی سفیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ پاک افغان سرحد دہشت گردو ں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے بند کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانی وزارت خارجہ نے پاکستانی سفیرابرارحسین کو طلب کرکے پاک افغان بارڈر بند کرنے کا شکوہ کیا اور کہا کہ سرحد بند ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    افغان حکام کے شکوے  کے جواب میں ابرارحسین نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاک افغان سرحد دہشت گردو ں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے بند کی گئی ہے۔

    پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا ہے۔ لہٰذا پاکستان میں دہشت گردی کےخاتمے کے لیے بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد سے بچنے کیلئے پاکستان میں موجود دہشت گرد بھاگ کر افغانستان نہیں جا سکتے۔

  • کابل مسجد حملہ: شہدا کی تعداد 32  ہوگئی، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

    کابل مسجد حملہ: شہدا کی تعداد 32 ہوگئی، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ایک مسجد میں دورانِ نماز خودکش حملے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 32 ہوگئی، تیس سے زائد افراد زخمی ہیں،حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق خود کش دھماکا کابل میں واقع اہل تشیع مکتبہ فکر کی مسجد باقر العلوم میں ہوا جس کے نتیجے میں 27 نمازی شہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے، بعدازاں زخمی افراد کے دم توڑنے سے یہ تعداد 32 ہوگئی،خود کش دھماکے وقت مسجد میں بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے۔

    post1

    افغان سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور پیدل آیا تھا اور دوران ادائیگی نماز مسجد کی صفوں میں شامل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    post2

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے اور جاں بحق و زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے سبب شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    post3

    افغان حکام کے مطابق خود کش حملے کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں، جائے وقوع سے اہم ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں تا ہم پہلی ترجیح حادثے کے متاثرین کو امداد فراہم کرنا ہے۔

    عالمی میڈیا کے مطابق حملے کی ذمہ داری داعش(دولت اسلامیہ عراق و شام) نے قبول کرلی۔

    ایک عالمی جریدے کے مطابق دھماکے  میں  ہلاکتوں کی تعداد 32 ہے۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد سے حکومت اور افغان طالبان کے درمیان چپقلش بڑھ گئی ہے جب کہ داعش بھی افغانستان کے کچھ علاقوں میں قابض ہو چکی ہے۔

  • پاکستانی گلوکارخیال محمد کیلئے افغان صدارتی ایوارڈ

    پاکستانی گلوکارخیال محمد کیلئے افغان صدارتی ایوارڈ

    کابل : افغانستان کی حکومت نے پشاور سے تعلق رکھنے والے پشتو موسیقی کے شہنشائے غزل کہلانے والے نامور سینیئر گلوکار خیال محمد کو اعلیٰ صدارتی ایوارڈ میر بچہ خان میڈل سے نوازا ہے۔ افغانستان سے باہر کسی گلوکار کو ملنے والا یہ پہلا قومی اعزاز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پشاور میں افغان قونصلیٹ کی طرف سے ایک تقریب کا انقعاد کیا گیا جس میں پشتو گلوکار خیال محمد کو افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کی طرف سے صدارتی میڈل دیا گیا۔

    اس موقع پر پشاور میں متعین افغان کونسل جنرل ڈاکٹر عبد اللہ وحید پویان کی طرف سے ڈاکٹر اشرف غنی کا ایک تحریری پیغام بھی پڑھ کر سنایاگیا جس میں خیال محمد کی موسیقی کے لیے خدمات پر ان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    ۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 70 سالہ خیال محمد گذشتہ کچھ عرصہ سے علیل ہیں وہ چل پھر بھی نہیں سکتے۔ اس موقع پر خیال محمد نے ویل چیئر پر تقریب میں شرکت کی اور اپنا ایوارڈ وصول کیا۔

    انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے ملنے والا اعلیٰ ایوارڈ صرف ان کی خدمات کا صلہ نہیں بلکہ یہ دونوں ممالک کے فنکاروں کےلیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے فنکار ایک ہیں اور وہ کسی صورت ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوسکتے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش اور دعا ہے کہ ایسے اعزازات ان دیگر فنکاروں کو بھی ملنا چاہیے جنہوں نے ان سے زیادہ فن کی خدمت کی ہے۔

    تقریب میں شریک خیبر پختونخوا حکومت کے نمائندے شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ افغان اور پاکستانی حکومتوں کے درمیان بلا کتنے ہی اختلافات کیوں ہوں دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے جدا نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے خیال محمد کو ایوارڈ سے نوازنے پرافغان صدر اشرف غنی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سیاسی جماعتوں کے رہنما، اعلیٰ سفارتی اہلکار، فنکاروں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

  • افغان صدر سے شربت گلہ کی ملاقات، اپارٹمنٹ کی چابی مل گئی

    افغان صدر سے شربت گلہ کی ملاقات، اپارٹمنٹ کی چابی مل گئی

    کابل : افغان مونا لیزا شربت گلہ لئی اپنے وطن افغانستان پہنچ گئی، افغانستان کے صدر اشرف غنی نے شربت گلہ اور اس کے بچوں سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق سبز آنکھوں سے عالمی شہرت پانے والی افغان مونا لیزا شربت گلہ لئی پاکستانی جیل میں پندرہ دن کی سزا کاٹ کر افغانستان پہنچ گئی۔ اسے گزشتہ شب انتہائی سخت سیکیورٹی میں طور خم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔

    بعد ازاں افغان صدر اشرف غنی نے ایوان صدرمیں شربت گلہ سے ملاقات کی۔ پاکستان سے جعلی شناختی کارڈ کے الزام میں ڈی پورٹ کی جانے والی شربت گلہ اپنے بچوں کے ہمراہ ایوان صدر پہنچی تو افغان صدراشرف غنی اور ان کے اہل خانہ نے استقبال کیا۔

    مزید پڑھیں : افغان مونا لیزا شربت گلہ کو افغانستان ڈی پورٹ کردیا گیا

    افغان صدر اشرف غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شربت گلہ افغانستان کی پہچان بنی۔ اس موقع پر ان کی جانب سے شربت گلہ اور اس کے بچوں کورہائش کے لیے فرنشڈ اپارٹمنٹ کی چابی دی گئی۔

    افغان مونا لیزا کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنانے کے جرم میں ایف آئی اے حکام نے گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے شربت گلہ کو 15 روزہ قید اور ایک لاکھ روپے کے جرمانے اور ملک بدری کی سزا سنائی تھی۔

  • کابل : خود کش حملے میں 14 افراد جاں بحق 24 سے زائد زخمی

    کابل : خود کش حملے میں 14 افراد جاں بحق 24 سے زائد زخمی

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت میں مزار پر حملے میں 14افراد مارے گئے ہیں جبکہ 24 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے تین حملہ آوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    افغان میڈیا سے جاری اطلاعات کے مطابق فوجی وردیوں میں ملبوس دہشت گردوں نے کابل میں قائم مزار میں خود کش حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہاں موجود چار افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ سانحہ میں تاحال 24 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، سیکیورٹی فورسز نے مزار میں موجود زائرین کو یرغمال بنانےکی کوشش ناکام بنا دی، تین حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

    افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے فوجی وردیاں پہن رکھی تھیں، افغان پولیس چیف کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے مزارکے گیٹ پرسیکیورٹی گارڈ پر فائرنگ کی،ایک حملہ آور نے خود کش حملہ کیا دوسرا مقابلے میں ماراگیا ہے۔

     

  • افغانستان: خود کش حملہ، 10 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد ہلاک

    افغانستان: خود کش حملہ، 10 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد ہلاک

    کابل: افغانستان میں طالبان نے ایک خود کش حملے میں 10 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد کو ہلاک کردیا طالبان نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لشکرگاہ شہر کے کچھ حصوں پر قبضہ بھی کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ پر افغان طالبان نے بڑا حملہ کیا ہے جبکہ ایک خودکش حملے میں 10 پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

    afghanistan-2

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے حالیہ کارروائی شہر پر دھاوا بولنے کی اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔

    aghanistan-3

    لشکرگاہ اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل شہر ہے اور اس کی آبادی تقریبا دو لاکھ سے زائد ہے۔

    اطلاعات کے مطابق طالبان نے شہر کے مرکزی علاقے کے قریب بولان کے علاقے اور شہر کے داخلی علاقے ناوا کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ لڑائی کے باعث حکام کی جانب سے شہر کا ہوائی اڈہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : افغانستان میں بم دھماکہ،7 افراد جاں بحق

  • جنرل راحیل شرف کا افغان صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، کابل حملے کی مذمت

    جنرل راحیل شرف کا افغان صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، کابل حملے کی مذمت

    راولپنڈی: آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے گزشتہ روز کابل میں امریکی یونیورسٹی پر ہونےوالے حملے کی مذمت کی اور تحقیقات کی یقین دہانی کروائی۔

    پاک فوج کے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فونک رابطہ کر تے ہوئے گزشتہ روز امریکن یونیورسٹی آف افغانستان میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سرزمین افغانستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’آرمی چیف آف اسٹاف نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس سانحے میں افغانی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان حکام نے آرمی چیف آف اسٹاف کو 3 ٹیلی فون نمبرز دئیے جو مبینہ طور پر حملہ آور استعمال کررہے تھے، جس پر پاک فوج نے افغان سرحد کے قریب کومبنگ آپریشن کیا بعد ازاں یہ معلوم ہوا کہ یہ تمام سمز ایک افغان کمپنی کی ہیں۔

    افغان حکام کی جانب سے مبینہ طور پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ’’دہشت گرد حملے کے دوران پاک افغان سرحد کے قریب پاکستان میں موجود مبینہ دہشت گردوں سے مسلسل رابطے میں تھے‘‘۔

    پڑھیں:    کابل: امریکی یونیورسٹی پر حملہ،7طلبہ سمیت 13افرادجاں بحق

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ’’افغان حکام کی جانب سے دیئے گئے نمبرز کا تکنیکی جائزہ لیا جارہا ہے جب کہ اس کمپنی کے سگنل پاک افغان سرحد کے قریب بعض علاقوں میں آتے ہیں۔ آرمی چیف آف اسٹاف نے افغان قیادت کی جانب سے دئیے گئے نمبرز کی مزید تفتیش کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستانی سرزمین کو کسی صورت بھی افغانستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘۔

    واضح رہے گزشتہ روز افغانستان کے دارلحکومت کابل میں دہشت گردوں نے امریکن یونیورسٹی آف افغانستان پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 7 طالبات سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

  • پاکستان دفتر خارجہ کا  کابل میں خودکش حملوں کی شدید مذمت

    پاکستان دفتر خارجہ کا کابل میں خودکش حملوں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: پاکستان دفتر خارجہ کی جانب سے افغانستان کے دارلحکومت کابل میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، پاکستان ہر قسم کے دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، دُکھ کی اس گھڑی میں افغان حکومت اورعوام کے ساتھ ہیں۔

    پاکستانی دقتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت کابل کے عوام سے اوردھماکوں میں جاں بحق افراد کےاہلخانہ سے اظہارافسوس کرتی ہے ۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان سمیت افغانستان میں دہشتگردی کے خطرے کے خاتمے کی کوششیں اورافغان حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔

    کابل دو بم دھماکے، 80 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی

    واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مظاہرے کے دوران 2 بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 80 افراد ہلاک جبکہ دو سو سات افراد زخمی ہوگئے۔

    بلاول بھٹو کی کابل میں خودکش دھماکوں کی مذمت

    افغان محمکہ داخلہ کے حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’احتجاجی مظاہرے میں تین خودکش حملہ آور داخل ہوئے تھے، جن میں سے ایک نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا دوسرے کی جیکٹ پھٹ نہ سکی اور تیسرا پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے۔

  • کابل : مظاہرے کے دوران دو بم دھماکے، 80 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی

    کابل : مظاہرے کے دوران دو بم دھماکے، 80 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت میں مظاہرے کے دوران 2 بم دھماکے 80 افراد ہلاک اور دو سو سات زخمی ہوگئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق پاور اسٹیشن کی تعمیر کے خلاف ہزارہ برادری کے تحت ہونے والے مظاہرے میں دو دھماکے ہوئے، اس مظاہرے میں ہزارہ برادری کے ہزاروں افراد موجود تھے۔

     افغان میڈیا نے مزید بتایا ہے کہ یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں کی شدت بہت زیادہ تھی، جس کے باعث ابتدائی طور پر 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ افغان طالبان نے دھماکے سے لاتعلقی کا اظہار کردیا،

    دھماکے کے فوری بعد بھگدڑ مچنے سے بھی کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    KABUL POST 2

    جائے حادثہ پر ریسکیو کا عمل جاری ہے جس میں فلاحی رضا کاروں کے علاوہ مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی حصہ لے رہی ہے، دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں مظاہرین کو نشانہ بنایا گیا ، مظاہرے میں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    KABUL POST 1

     افغان محمکہ داخلہ کے حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’احتجاجی مظاہرے میں تین خودکش حملہ آور داخل ہوئے تھے، جن میں سے ایک نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا دوسرے کی جیکٹ پھٹ نہ سکی اور تیسرا پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے۔

    جبکہ ترجمان وزارتِ صحت نے دھماکے میں 80 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ افغان طالبان نے کابل میں احتجاج کے دوران خود کش حملے سے لاتعلقی کااظہار کیاہے۔