Tag: Kabul

  • پاکستان کی حکومت اور عوام افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں،  وزیراعظم

    پاکستان کی حکومت اور عوام افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، وزیراعظم

    کابل : وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان کی حکومت اور عوام افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں ، افغانستان میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے افغان صدارتی محل میں افغان صدر کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ دورہ افغانستان کی دعوت دینے پر مشکور ہوں، پہلی بار کابل کا دورہ کرنے کاموقع ملا ، کابل تاریخی شہر ہے جو ہم سب کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کےدرمیان تاریخی تعلقات ہیں اور پاکستان کی حکومت اور عوام افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، افغانستان میں امن خطے میں امن کی ضمانت ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ افغان امن مذاکرات کے باوجود افغانستان میں پرتشددواقعات پرتشویش ہے اور افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مفاہمتی عمل میں پاکستان نے اپنا مثبت کردارادا کیا ہے ، افغانستان کے بعد سب سے زیادہ امن کی خواہش پاکستان کی ہے، افغان جنگ سے پاکستان کےقبائلی علاقوں کوسب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی کیلئے رابطے کو بڑھائیں گے، مشیر تجارت نے 3دنوں میں افغان حکام اہم ملاقاتیں کی ہیں، افغانستان میں امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

    عمران خان نے یقین دلایا کہ افغانستان میں تشددکے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، افغانستان میں امن ہمارے اپنے مفاد میں ہے۔

  • کابل میں یونیورسٹی پر حملہ، 25 افراد ہلاک

    کابل میں یونیورسٹی پر حملہ، 25 افراد ہلاک

    کابل : افغانستان کے  دارالحکومت کابل میں  مسلح افراد نے یونیورسٹی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے۔

    اب تک ملنے والی اطلاعات کے مطابق افغانستان میں کابل یونیورسٹی پر اُس وقت مسلح افراد نے حملہ کردیا جب وہاں ایک کتاب کی رونمائی کی تقریب میں افغان اور ایرانی حکام موجود تھے، حملے کے نتیجے میں‌ 25 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    افغان میڈیا کے مطابق فائرنگ کی آواز سُن کر طلبا میں بھگدڑ مچ گئی اور طلبا نے جامعہ کی عقبی دیوار پھلانگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ حملے کے وقت یونیورسٹی میں ایک کتاب کی رونمائی کی تقریب جاری تھی۔ تاحال ہلاکتوں اور زخمیوں سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے تاہم ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کتاب کی رونمائی کی تقریب میں ایران اور افغان کے اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔ حملے کی اطلاع کے بعد ایمبولینسوں کو کابل یونیورسٹی میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے۔

    یونیورسٹی میں حملہ عین اس وقت پیش آیا جب کابل یونیورسٹی میں ایک کتاب کی رونمائی کی تقریب جاری تھی اور اس اہم تقریب میں ایران اور افغانستان کے حکام شریک تھے۔

    رپورٹ کے مطابق  اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے

  • کابل : پاکستانی سفارت خانے کے باہر بھگدڑ مچنے سے 15افراد جاں بحق

    کابل : پاکستانی سفارت خانے کے باہر بھگدڑ مچنے سے 15افراد جاں بحق

    کابل : جلال آباد میں پاکستان قونصل خانے کے قریب اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث 15افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والے افراد ویزا کے حصول کیلئے موجود تھے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی سفارت خانے کے قریب اسٹیڈیم میں اچانک بھگڈر مچ گئی، جس کے نتیجے میں 11خواتین سمیت 15افراد جاں بحق ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قونصلیٹ کے باہر مذکورہ اسٹیڈیم میں ہزاروں افراد ویزے کی درخواست دینے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیاجب وہاں موجود لوگ باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے تو اچانک بھگدڑ مچی اور افرا تفری میں کئی افراد ایک دوسرے پر گر کر کچلے گئے۔

    کابل : جلال آباد میں پاکستان قونصل خانے کی انتظامیہ نے اسٹیڈیم میں بھگدڑ سے جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ترجمان کا کہنا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانے سے ویزوں کا اجرا جاری رہے گا۔

    اپنے جاری بیان میں سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ جلال آباد ،مزارشریف، قندھار اور ہرات میں تمام سفارت خانے اپنا کام بدستور جاری رکھیں گے، افغانیوں کو کاروبار، تعلیم، طبی بنیادوں اور خاندان سے ملنے کیلئے ویزے جاری کیے جاریے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستانی سفارتخانہ نے افغان عوام کی سہولت کیلئے ملٹی پل انٹری ویزہ دینے کا اعلان کر رکھا ہے،  پاکستانی قونصل خانے نے سات مہینے کے وقفے کے بعد ایک ہفتہ پہلے ویزے کے اجراء کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

     

  • کابل : افغانستان کی پہلی خاتون فلم ڈائریکٹر پر قاتلانہ حملہ

    کابل : افغانستان کی پہلی خاتون فلم ڈائریکٹر پر قاتلانہ حملہ

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں معروف افغان اداکارہ اور ہدایت کار صبا سحر جو نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوگئی تھیں، 20 گھنٹے کوما میں رہنے کے بعد ہوش میں آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کی پہلی فلم ڈائریکٹر اور اداکارہ 44 سالہ صبا سحر قاتلانہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہو گئی تھیں انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج کوما میں چلی گئی تھیں جس کے 20 گھنٹے بعد بدھ کی صبح اُنہیں ہوش آیا۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق تین نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے صبا سحر کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ کار میں سوار تھیں ان پر تین اطراف سے فائرنگ کی گئی۔

    ان کے ہمراہ اُن کا ڈرائیور اور دو محافظ بھی تھے، فائرنگ سے وہ اور ان کے محافظ بھی زخمی ہو ئے جب کہ بیٹا اور ڈرائیور محفوظ رہے، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    صبا سحر کے شوہر ایمل ذکی نے میڈیا بتایا ہے کہ صبا کے پیٹ میں چار گولیاں لگیں جس کے بعد وہ کوما میں تھیں اور تقریباً20 گھنٹے بعد انہیں ہوش آیا ہے، اُن کے بقول صبا کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

    صبا سحر فلم ڈائریکٹر اور اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ باقاعدہ تربیت یافتہ سینئر پولیس افسر بھی رہ چکی ہیں، وہ اب تک کئی دستاویزی اور فیچر فلمیں بنا چکی ہیں۔

    صبا 10 سال سے زائد عرصے سے محکمۂ پولیس میں خدمات انجام دیتی آ رہی ہیں اور حال ہی میں ان کا تقرر صنفی امور کی نگرانی کرنے والی خصوصی پولیس فورس میں کیا گیا تھا۔

  • افغانستان : جلال آباد جیل پر مسلح حملہ، 24افراد ہلاک

    افغانستان : جلال آباد جیل پر مسلح حملہ، 24افراد ہلاک

    جلال آباد : افغانستان کے شہر جلال آباد میں مسلح افراد نے ایک جیل پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں24 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی قیدی زخمی اور جیل سے فرار ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبہ ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان کے مطابق مسلح افراد نے سیکورٹی گارڈز پر فائرنگ سے قبل جلال آباد شہر میں جیل کے باہر بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    افغانستان کے شہرجلال آباد میں جیل پر مسلح حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ،24افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، حملے کی ذمے داری داعش نے قبول کرلی ہے، جیل پر حملے کے دوران درجنوں قیدی فرارہوئے، میڈیا ذرائع کے مطابق جلال آباد میں جیل پر حملے میں چار حملہ آور ہلاک اور 3 پکڑے گئے، جیل پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

    افغان حکام کے مطابق صوبہ ننگر ہار میں جنگجوؤں کے ایک گروپ نے جیل پر حملہ کردیا، جس کی وجہ سے24 افراد ہلاک ہو گئے، پیر کی علی الصبح کیے گئے اس حملے کے نتیجے میں 42قیدی زخمی جبکہ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے50 سے زائد قیدی فرار بھی ہوگئے۔

  • افغانستان : طالبان کا حملہ 17 افغان فوجی ہلاک

    افغانستان : طالبان کا حملہ 17 افغان فوجی ہلاک

    کابل : افغانی فوج اور طالبان کے درمیان جھڑپ میں 17 افغان فوجی مارے گئے، حملے میں گیارہ فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں روایتی طور پر موسم بہار اور موسم گرما میں عسکریت پسندوں کی تحریک زور پکڑتی ہے دونوں فریقین کے درمیان تازہ ترین جھڑپوں میں17 افغان فوجی جوان ہلاک ہو گئے۔

    افغانستان میں بدھ کے روز علی الصبح دو شمالی صوبوں میں طالبان عسکریت پسندوں نے فوجی کیمپوں پر حملہ کرکے 17فوجی ہلاک کردیئے جبکہ11 فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    اس حوالے سے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صوبہ قندوز کے شمال سے 15 کلومیٹر دور واقع شہر تلہکا میں جھڑپوں میں افغان فوج کے پانچ جوان ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

    دو گھنٹے کی لڑائی کے بعد طالبان جنگجوؤں کو واپس جانے پر مجبور کردیا گیا، اس دوران چار عسکریت پسند بھی مارے گئے، صوبائی حکومت کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔

    دوسری کارروائی میں شمالی صوبہ جوزجان میں ضلع آچا کے ایک اسٹریٹجک علاقہ بالا حصار میں طالبان نے ایک فوجی کیمپ پر دھاوا بولا، اس دوران 12فوجی جوان اور 5 عسکریت پسند ہلاک ہوئے جبکہ 5 فوجی اہلکار اور 10 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے۔

    علاوہ ازیں چار فوجیوں کو طالبان نے یرغمال بھی بنا لیا۔ واضح رہے کہ اس حوالے سے طالبان نے تاحال کسی قسم کی ذمہ داری یا کوئی باضابطہ اعلان جاری نہیں کیا ہے۔

  • افغانستان : طالبان اور سکیورٹی فورسز میں خونریز جھڑپیں، متعدد ہلاک

    افغانستان : طالبان اور سکیورٹی فورسز میں خونریز جھڑپیں، متعدد ہلاک

    کابل : افغانستان کے دو صوبوں میں سکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان تصادم میں سات فوجی اور 19 طالبان مارے گئے جبکہ ایک فوجی اور تین بچے زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان حکومت کی صوبائی ترجمان واحدہ شاہکار نے میڈیا کو بتایا کہ پہلے واقعہ میں مشرقی صوبہ پروان میں جھڑپوں کے دوران افغان علاقائی فوج کے 7اہلکار اور 1 عسکریت پسند ہلاک جبکہ 1 فوجی زخمی ہوگیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ضلع سیاگرد میں مقامی وقت کے مطابق رات تقریبا2بجے لڑائی شروع ہوئی، جس میں 1 فوجی زخمی ہوا جبکہ طالبان کی جانب سے 2فوجیوں کے پکڑے جانے کا شبہ ہے۔

    افغان علاقائی فوج کو دور دراز علاقوں میں دیہاتوں اور اضلاع کے تحفظ کے لئے تعینات کیا گیا ہے جہاں قومی فوج کی محدود موجودگی ہے۔ سرکاری افواج اور طالبان عسکریت پسندوں کے مابین 3روزہ جنگ بندی منگل کی رات کو ختم ہونے کے بعد جھڑپیں شروع ہوئیں۔

    ترجمان کے مطابق جنوبی زابل صوبے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم اور بعد میں شاه‌ جوی ضلع میں ہونے والے فضائی حملے میں طالبان کے 18 عسکریت پسند مارے گئے۔

    مزید پڑھیں : افغان حکومت نے 900 طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا

    بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے کئی عسکریت پسندوں کے ذریعہ شاہ جوی میں متحدہ افغان سیکورٹی فورسز کی حفاظتی چوکی پر حملہ کے بعد صوبائی فوج نے تعاون کے لیے فضائیہ کو بلایا۔ علاقے میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے دوران تین بچے زخمی ہو گئے۔

  • کابل کا صدارتی محل بھی کرونا وائرس کی زد میں، 20ملازمین متاثر

    کابل کا صدارتی محل بھی کرونا وائرس کی زد میں، 20ملازمین متاثر

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کورونا وائرس نے صدارتی محل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، صدارتی محل کے 20ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت نکل آیا، کابل میں حفاظتی اقدامات بڑھا دیئے گئے۔

    اس حوالے سے بین الاقوامی خبر رساں ادارےکا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں تباہی پھیلانے والے کورونا وائرس نے کابل میں صدارتی محل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    صدارتی محل کے 20ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت نکل آیا ہے جس کے بعد کابل میں حفاظتی اقدامات بڑھا دئے گئے ہیں۔ افغانستان کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مزید ٹیسٹ کٹس کی ضرورت ہے کیونکہ جانچنے سے ملک میں وائرس کے پھیلاﺅمیں کمی آئے گی۔

    کابل کے متعدی بیماریوں کے اسپتال کے سربراہ اسد اللہ عصمت نے کہا کہ اگر ہمارے پاس کافی کٹس ہوں تو ہمیں بہترین نتائج ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا زیادہ سے زیادہ لوگوں کی جانچ کرکے ہم ایسے مریضوں کو تلاش کرسکتے ہیں جن میں وائرس موجود ہے۔

    واضح رہے کہ اس وقت افغانستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 555ہے،اس وبا سے 18 افراد اب تک زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 32مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

  • کابل : گورود وارے پر خود کش حملہ، 25افراد ہلاک، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

    کابل : گورود وارے پر خود کش حملہ، 25افراد ہلاک، داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

    کابل : افغانستان میں سکھوں کے گوردوارے پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود 25افراد ہلاک ہوگئے، حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شور بازار میں خودکش بمباروں نے ایک گوردوارے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں25 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق حملہ صبح تقریباً پونے 8 بجے کیا گیا جس کی اطلاع ملتے ہی فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔ گورود وارے پر حملہ کرنے والے چاروں خود کش حملہ آور بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

    کابل گوردوارے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔افغان میڈیا کے مطابق گوردوارے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت دھرم شالا میں تقریباً 150 افراد موجود تھے۔

    افغان میڈیا کے مطابق حملے کے وقت علاقے میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جب کہ فورسز نے حملے میں زخمی افراد کو ایمبولینسز کے ذریعے اسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کیا۔

  • کابل: پاکستانی سفارتخانے کے کلرک میں کرونا وائرس کی علامات

    کابل: پاکستانی سفارتخانے کے کلرک میں کرونا وائرس کی علامات

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کلرک میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں، مذکورہ ملازم کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کلرک میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ انکشاف کے بعد کابل میں پاکستانی سفارتخانے کا ویزا سیکشن بند کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ ملازم کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ افغانستان میں کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی سہولت موجود نہیں، ویزا سیکشن کو ڈس انفیکٹ کرنے کے بعد کھول دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ افغانستان میں اب تک 8 کرونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے ایک ہرات، اور بقیہ 7 سمنگان صوبے میں موجود ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان میں بھی اب تک کرونا وائرس کے 19 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے بڑی تعداد سندھ، کراچی میں موجود ہے۔ پاکستان اور افغانستان میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے بیشتر مریض ایران یا شام سے واپس آئے ہیں۔

    دونوں ممالک سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار 217 ہوگئی ہے جبکہ 4 ہزار 299 اموات ہوچکی ہیں۔

    جان لیوا وائرس سے اب تک 66 ہزار 623 افراد علاج کے بعد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔