Tag: Kabul

  • کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، 14 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، 14 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں تین بم دھماکوں کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ دھماکے کابل کے مشرقی حصے میں ہوئے۔ ان میں سے پہلا حملہ ایک موٹر سائیکل پر سوار عسکریت پسند کی طرف سے کیا گیا ایک خود کش بم حملہ تھا، جس نے خود کو ملکی وزارت معدنیات کے اہلکاروں کی ایک بس کے قریب دھماکے سے اڑا دیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ دوسرا بم حملہ بھی مشرقی کابل کے اسی علاقے میں کچھ ہی دیر بعد کیا گیا جبکہ تیسرا دھماکا مشرقی کابل ہی میں لیکن پہلے دو دھماکوں کے مقامات سے کچھ دور کیا جانے والا ایک کار بم حملہ تھا۔

    افغان دارالحکومت میں ایسا کافی عرصے بعد ہوا ہے کہ عسکریت پسندوں نے سرکاری اورعوامی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے شہر میں چند ہی گھنٹوں کے اندر اندر تین مختلف مقامات پر بڑے بم دھماکے کیے۔

    کابل یونیورسٹی کے قریب دھماکا، 6 افراد ہلاک،27 زخمی

    اس دھماکے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ فوری طور پر ان تینوں بم حملوں کی ذمے داری کسی بھی گروہ نے قبول نہیں کی۔

    تاہم یہ بات اہم ہے کہ یہ نئے حملے کابل میں ایک ایسے وقت پر کیے گئے ہیں، جب طالبان عسکریت پسندوں کے مذاکراتی نمائندے کسی ممکنہ امن معاہدے تک پہنچنے کے لیے امریکی حکام کے ساتھ اپنی بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • کابل یونیورسٹی کے قریب دھماکا، 6 افراد ہلاک،27 زخمی

    کابل یونیورسٹی کے قریب دھماکا، 6 افراد ہلاک،27 زخمی

    کابل: افغان دارالحکومت کابل میں یونیورسٹی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 27 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح کابل یونیورسٹی کے قریب زور دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 27 افراد زخمی ہوگئے۔

    افغان میڈیا کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں یونیورسٹی کے قریب 2 گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، دھماکے کے وقت طلبہ کی بڑی تعداد یونیورسٹی کے باہر موجود تھی۔ کابل پولیس کے مطابق دھماکا یونیورسٹی کے قریب نصب آئی ای ڈی سے کیا گیا۔

    افغانستان، قندھار میں پولیس ہیڈ کوارٹر پرطالبان کا حملہ، 12 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے صوبے قندھار میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    افغان میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہلکار اور 7 شہری بھی شامل تھے، پولیس اور طالبان میں 2 گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی۔

    افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں، 20 افغان کمانڈوز ہلاک

    واضح رہے کہ دو روز قبل افغان صوبے بادغیس میں طالبان نے افغان کمانڈوز پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 20 افغان کمانڈوز ہلاک ہوگئے تھے۔

  • کابل : طالبان کا مارٹر گولوں سے حملہ، چودہ افراد ہلاک اور 30 زخمی

    کابل : طالبان کا مارٹر گولوں سے حملہ، چودہ افراد ہلاک اور 30 زخمی

    کابل : طالبان نے افغانستان کے صوبے فریاب میں مارٹر گولوں سے حملہ کردیا، حملے میں چودہ افراد ہلاک اور 30زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان کی جانب سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں، افغانستان کے شمالی صوبے فریاب کی مارکیٹ میں طالبان کی جانب سے مارٹر گولے فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک اور بچوں سمیت 30 زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فریاب کے پولیس سربراہ کے ترجمان عبدالکریم یورش کا کہنا تھا کہ ‘گزشتہ روز بھی خواجہ سبز پوش ضلع میں سیکیورٹی پوسٹ کے نزدیک حملہ کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مارٹر گولے حکومت کی جانب سے فائر کیے گئے تھے۔

    دریں اثناء غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی فرا اور ہرات میں طالبان کے علیحدہ حملے میں18افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے افغانستان کے سیکیورٹی اہلکاروں پر روزانہ کی بنیاد پر حملے کیے جارہے ہیں۔

    تین روز قبل بھی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور سو سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے اس سے ایک روز قبل افغان طالبان کے جنگجوؤں نے جنوبی افغانستان میں قائم ضلعی سینٹر پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 8 الیکشن ورکرز سمیت 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • کابل : سرکاری ملازمین کی بس میں دھماکہ، پانچ افراد جاں بحق، دس زخمی

    کابل : سرکاری ملازمین کی بس میں دھماکہ، پانچ افراد جاں بحق، دس زخمی

    کابل : افغانستان میں بس میں ہونے والے بم دھماکے میں پانچ مسافر جاں بحق اور دس افراد زخمی ہوگئے، بس میں سرکاری ملازم سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی نواحی علاقے میں بس کے اندر بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    واقعے میں دس افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا، افغانی وزارت داخلہ کے مطابق مذکورہ بس سرکاری ملازمین کو لے کر جارہی تھی۔

    جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ اس سے قبل اتوار دو جون کو کابل میں کیے گئے ایک حملے کی ذمہ داری افغانستان میں سرگرم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کی تھی۔

    مزید پڑھیں : افغانستان ، خوست کی جامع مسجد میں خود کش دھماکہ ،28افراد جاں بحق، 38زخمی

    واضح رہے کہ رواں برس جنوری سے افغانستان میں کیے جانے والے مختلف حملوں میں اب تک53 افراد ہلاک اور ساڑھے تین سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

  • افغانستان: خودکش حملے میں چار افراد ہلاک

    افغانستان: خودکش حملے میں چار افراد ہلاک

    کابل: افغانستان کا دارالحکومت کابل ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے.

    تفصیلات کے مطابق جمعے کی دوپہر کابل میں ہونے والے خودکش حملے میں چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے.

    افغان میڈیا کے مطابق خودکش بمبار نے کار حملے کے ذریعے امریکی فوجی قافلے کو نشانہ بنایا.

    امریکی فوجی قافلہ نواحی علاقے یکاتوت کی سمت گامزن تھا، افغان وزارت دفاع کے ترجمان نصرت رحیمی نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے.

    جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں امریکی فوج کے عہدے دار باب پورٹیمین نے کہا ہے کہ  حملے میں امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ افغان طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے.

    مزید پڑھیں:  پاکستان کا افغانستان کے استحکام کے لئے حمایت جاری رکھنے گا اعلان

    یہ افغانستان میں ہونے والا مسلسل دوسرا خودکش حملہ ہے۔ جمعرات افغان آرمی اکیڈیمی کے باہر ہونے والے حملے میں چھ افراد مارے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ ماسکو میں ہونے والے مذاکرات کے دور میں افغان طالبان کے سیاسی امور کے نگران ملا برادر اخوند نے کہا تھا کہ افغانستان میں قیامِ امن سے متعلق کسی بھی معاہدے پر اتفاق کیلئے بین الاقوامی افواج کا انخلاء انتہائی ضروری ہے۔

  • افغانستان: مسجد میں دھماکا، امام شہید، 16 نمازی زخمی

    افغانستان: مسجد میں دھماکا، امام شہید، 16 نمازی زخمی

    کابل: افغان دارالحکومت میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں امام شہید جبکہ 16 نمازی زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دھماکا مشرقی کابل کی مشہور مسجد التقویٰ میں ہوا اور شہید ہونے والے امام مولوی ریحان تھے، زخمیوں کا طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک اس دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

    افغان وزارت داخلہ نے مولوی ریحان کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی، یہ دھماکا مشرقی کابل کی مشہور مسجد التقویٰ میں ہوا اور شہید ہونے والے امام مولوی ریحان تھے، جو علاقے کے مذہبی حلقے میں اہم مقام رکھتے ہیں۔

    کابل پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک اس دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ افغانستان کے دار الحکومت میں بم حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا، حملہ کابل کے مصروف ترین علاقے میں ہوا تھا۔

    کابل : کوٹ سنگی میں دھماکا 1 شخص ہلاک، ایک زخمی

    یاد رہے کہ 21 نومبر کو بھی افغانستان کا دار الحکومت کابل بڑے دہشت گرد حملے کا نشانہ بنا تھا، جس میں 50 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

  • دورہ پاکستان کے بعد زلمے خلیل افغانستان پہنچ گئے

    دورہ پاکستان کے بعد زلمے خلیل افغانستان پہنچ گئے

    کابل: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد افغانستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرکے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ کابل پہنچ گئے۔

    غیر ملکی خب رساں ادارے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد پاکستان کے دورہ پر گزشتہ روز اسلام آباد پہنچے تھے جہاں ان کی سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے ملاقات ہوئی۔

    افغانستان میں امن کے قیام کے لیے کوششوں کے سلسلے میں امریکی نمائندہ خصوصی افغانستان، پاکستان، یو اے ای اور قطر سمیت دیگر ممالک کے کئی دورے کرچکے ہیں۔

    کچھ روز قبل زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان کے افغانستان کے حوالے سے پیغام کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ امن کی اپیل کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

    رواں ماہ 19 اپریل کو افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قطر میں ہونے والے مذاکرات آخری لمحات میں منسوخ کردیے گئے تھے۔

    زلمے خلیل زاد کی دفترخارجہ میں ملاقاتوں پر اعلامیہ، افغان تنازع کے حل پر زور

    خیال رہے کہ دورہ پاکستان اور دفترخارجہ میں زلمے خلیل زاد سے ملاقوں سے متعلق جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاک امریکا نے افغان امن عمل پر زور دیا۔

  • کابل: امریکی سفارتخانہ کا عملہ نصف کرنے کے منصوبے پر کام تیز

    کابل: امریکی سفارتخانہ کا عملہ نصف کرنے کے منصوبے پر کام تیز

    واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے 31 مئی سے کابل کے امریکی سفارتخانے کا عملہ نصف کرنے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا۔امریکی حکام اور معاونین کانگریس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے کمزور افغان امن عمل بری طرح متاثر ہو گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ایک سال قبل سفارتی عملہ کم کرنے کا فیصلہ اسلئے حیران کن ہے کہ افغان جنگ کے خاتمے اور امریکی فوج کے انخلا کے سلسلے میں امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدے کیلئے مذاکرات میں ابھی تک قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوئی۔

    ادھر طالبان جن کی صدر ٹرمپ کی جنگ کے خاتمے کی خواہش کی وجہ سے مذاکرات پر گرفت پہلے سے بہت مضبوط ہے، سفارتی عملے میں کٹوتی سے انہیں مزید شہ مل سکتی ہے، کیونکہ وہ سفارتی عملے کی کٹوتی افغانستان میں امریکی کردار محدود کرنے کی ٹرمپ کی خواہش کی تصدیق خیال کرینگے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ کابل کا سفارتخانہ 11/9 کے بعد افغانستان میں امریکی سرمایہ کاری کے حجم کی تصدیق کرتا ہے، جس کے 1500 افراد پر مشتمل عملے کیلئے قلعہ نما کمپاؤنڈ میں چار سال قبل 80 کروڑ ڈالر کی لاگت سے توسیع کی گئی۔

    ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ عملے میں کٹوتی کو امریکی سفارتکاروں کی عالمی سطح پر دوبارہ سے تقسیم کے طور پر دیکھا جائے، جوکہ ٹرمپ انتظامیہ کی نیشنل سکیورٹی سٹریٹجی میں تبدیلی کا تقاضا ہے جس میں انسداد دہشت گرد ی کے بجائے روس اور چین کیساتھ مخاصمت پر زور دیا جا رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ادھر سفارتی عملے میں اچانک کٹوتی سے ایک ہفتہ قبل دفتر خارجہ نے کانگریس کی کمیٹی کو بریفنگ دی تھی، اس پر افغانستان کے ردعمل کا امکان نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    اشرف غنی حکومت کے امریکہ کیساتھ تعلقات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں، جوکہ طالبان سے مذاکرات میں کابل حکومت کو شامل کرنے پر پہلے سے نالاں ہے۔

    امریکہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ٹامس لینچ نے بتایا کہ غنی حکومت اسے ایک اور فریب قرار دے گی۔ حکام اور معاونین کانگریس نے کہا کہ اس فیصلے پر نیٹو اتحادی تشویش کا اظہار کر سکتے ہیں ، جن کے صدر ٹرمپ کیساتھ پہلے سے کئی امور پر اختلافات ہیں۔

    دفتر خارجہ کی ترجمان نے اپنے ای میل میں کہا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سفارتخانوں کا بدلتے حالات کے مطابق جائزہ لیتا رہتا ہے۔ امن سمجھوتے کے تحت افغان جنگ کا خاتمہ اور انسداد دہشت گردی پر فوکس صدر ٹرمپ کی ترجیحات میں شامل ہے، واشنگٹن افغانستان میں موثر موجودگی برقرار رکھے گا۔

    انہوں نے سفارتی عملہ کم کرنے کے منصوبے کی کوئی وضاحت نہ کی۔امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد بیرونی حملوں کیلئے افغان سرزمین کا استعمال روکنے سے متعلق طالبان کیساتھ بات چیت میں پیش رفت کی رپورٹ پیش کر چکے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک اہلکار نے بتایا کہ کابل سفارتخانے کے عملے میں کٹوتی کا ہدف خالی ہونیوالے عہدوں پر نئی تقرریاں نہ کر کے حاصل کیا جائے گا۔

  • افغانستان : کوئلے کی کان میں گیس دھماکے سے سات کان کن ہلاک

    افغانستان : کوئلے کی کان میں گیس دھماکے سے سات کان کن ہلاک

    کابل : افغانستان کے شمالی صوبے سامانغان کی تحصیل درِسول بالا میں کوئلے کے کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں سات کان کن ہلاک ہو گئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سامانغان کے گورنر دفتر کے ترجمان صدیق عزیز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل کے علاقے دہنِ طور میں واقع کوئلے کی کان میں گیس جمع ہونے کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔

    جس کے نتیجے میں سات کان کن ہلاک ہو گئے۔ واضح رہے کہ اسی تحصیل کی ایک اور کوئلے کی کان میں بھی تقریبا دو ہفتے قبل گیس کی وجہ سے دھماکے کے نتیجے میں چھ کان کن ہلاک ہو گئے تھے۔

  • افغانستان میں وزارت کے دفتر پر حملہ، 7 افراد ہلاک درجنوں زخمی

    افغانستان میں وزارت کے دفتر پر حملہ، 7 افراد ہلاک درجنوں زخمی

    کابل: افغان دارلحکومت میں وزارت ٹیلی کمیونیکیشن کے دفتر پر حملے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ٹیلی کمیونکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے دفتر پر حملے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ طالبان نے مذکورہ حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر ساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمپاونڈ میں ہونے والے دھماکے کی نوعیت بتانا قبل از وقت ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ 3 خود کش بمبار وزارت کے دفتر میں داخل ہوئے، جس کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کو کمپاونڈ میں گھیرے میں لے کر کارروائی کا آغاز کردیا۔

    علاوہ ازیں سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ حملہ 4 دہشت گردوں نے کیا جس میں سے 2 کو ہلاک کردیا گیا جبکہ دیگر کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب افغان میڈیا کے مطابق حملہ 18 منزلہ عمارت پر کیا گیا، جس میں مرکزی پوسٹ آفس، وزارت انفارمیشن اینڈ کلچر اور سینٹرل اسٹیٹس اسٹک اورگنائزیشن کے دفاتر موجود ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا مختلف دفاتر کے باعث یہاں ہر وقت عوام کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں کابل کے پولیس چیف سید محمد روشان دل کا کہنا تھا کہ حملے کا نشانہ بننے والی وزارت کی عمارت میں کم سے کم 2 ہزار ملازمین موجود ہوتے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی اہلکار عمارت کو کلیئر کرنے کے لیے اس میں داخل ہوچکے ہیں۔ بعد ازاں وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک جاری بیان میں بتایا کہ عمارت کو کلیئر کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے تاہم وزارت کے ملازمین محفوظ ہیں۔

    افغانستان میں مسلح افراد نے دھماکا خیز مواد سے لڑکیوں کا اسکول تباہ کردیا

    خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں افغانستان میں شدت پسندوں نے کار بم دھماکا کرنے کے بعد دارالحکومت کابل میں حکومتی دفتر پر حملہ کیا تھا، جس میں 43 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔