Tag: Kachhi

  • بلوچستان کے ضلع کچھی میں زمین پر تصادم، 4 افراد جاں بحق

    بلوچستان کے ضلع کچھی میں زمین پر تصادم، 4 افراد جاں بحق

    بولان: بلوچستان کے ضلع کچھی میں زمین پر تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع کچھی میں اراضی کے تنازعے پر متحارب قبائل کے مابین تصادم سے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔

    سبّی سے ملحقہ ضلع کچھی کے علاقے بالاناڑی میں 3000 ایکڑ سے زائد اراضی کے تنازعے پر متحارب قبائل میں جنگ چھڑنے کے بعد علاقہ کئی گھنٹوں تک میدان جنگ بنا رہا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تصادم لہڑی، شاہوانی اور ابڑو قبائل میں ہوا، جس سے لہڑی اور شاہوانی قبائل کے افراد ہلاک و زخمی ہوئے, حالات قابو کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی بالاناڑی پہنچ گئی ہے۔

    دونوں اطراف سے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جب کہ تین زخمی ہوئے، زخمیوں کو ڈھاڈر اور ڈیرہ مراد جمالی مبتقل کیا گیا۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، انتظامیہ کی ناکامی کے باعث جانی نقصان بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

  • وزیر اعظم کا بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ

    وزیر اعظم کا بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ

    کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان میں انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ متاثرہ سڑکوں کو جلد سے جلد بحال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے ضلع کچھی کا دورہ کیا، وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ روڈ، ریلوے انفرااسٹرکچر کی بحالی اور سیلاب سے بہہ جانے والے پنجرا پل کی بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔

    انہوں نے بی بی نانی میں ریلوے پل کا بھی فضائی جائزہ لیا۔

    وزیر اعظم کو امدادی کارروائیوں اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم یہاں موجود تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آپ لوگ بہت مشکل وقت میں کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہوگئے، لوگوں کے مویشی سیلاب میں بہہ گئے، فصلیں تباہ ہوگئیں، انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف عملہ قوم کی عظیم خدمت کر رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہاں انفرااسٹرکچر کی بحالی میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتا ہوں، متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔