Tag: Kader Khan

  • قادر خان کا آج بھی مداحوں کے دلوں پر راج برقرار۔۔

    قادر خان کا آج بھی مداحوں کے دلوں پر راج برقرار۔۔

    ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکاروں کی فہرست میں شامل قادر خان کی شخصیت سے کون واقف نہیں؟ جنہوں نے دو دہائیوں تک انڈسٹری پر راج کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق قادر خان کا شمار بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے، لوگ آج بھی ان کی فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ سال 2018 میں دنیا کو الوداع کہنے کے باوجود آج بھی وہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

    سینئر اداکار بھارت میں نہیں بلکہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیدا ہوئے تھے، جو ایک پٹھان خاندان سے تعلق رکھتے تھے، مگر ان کے بچپن میں ہی ان کے والدین کام کے سلسلے میں ممبئی آگئے تھے۔

    گھر میں مالی پریشانیاں تھیں، والدہ بھی گھر کو چلانے کے لئے محنت کرتی تھیں جسے دیکھ کر وہ غمگین ہوجاتے تھے، انھوں نے مزدور کے طور پر کام کرنے کا فیصلہ کیا اور فیکٹری میں کام کرنے کا سوچا، مگر ان کی والدہ نے انکار کردیا اور پڑھائی پر توجہ دینے کا کہا۔

    سینئر اداکار نے اپنی تعلیم مکمل کی، ان کے کالج میں جو بھی ڈرامے ہوتے تھے ان میں وہ شرکت کرتے تھے اور لوگ ان کی اداکاری کو بھی بہت پسند کرتے تھے۔

    انہوں نے نہ صرف ڈراموں میں کام کیا بلکہ ڈرامے لکھے بھی اور ہدایت کاری بھی کی، انجینئرنگ کرنے کے بعد انہوں نے ممبئی میں سول انجینئر پروفیسر کے طور پر کام کیا۔

    اسی دوران کالج کے سالانہ دن میں ایک بار ان کے ڈرامے کو ہر کیٹیگری میں ایوارڈ ملے اور جب دلیپ کمار کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے بھی یہ ڈرامہ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔

    اس ڈرامے کا ایک بار پھر اہتمام کیا گیا اور دلیپ کمار کو خان صاحب کی اداکاری بہت پسند آئی اور فوراً ہی انہوں نے انہیں اپنی دو فلموں میں سائن کر لیا۔

    اگرچہ خان صاحب کو ان فلموں سے پہچان نہیں ملی، لیکن انہوں نے اپنے اداکاری کے کیریئر کے لیے ایک راستہ ضرور تلاش کیا۔ سال 1973 میں انہوں نے فلم ’داغ‘ میں وکیل کا کردار ادا کیا تھا جسے بہت پسند کیا گیا۔

    مکیش امبانی کے پرائیویٹ طیارے میں کیا خاص بات ہے؟

    انہوں نے امیتابھ بچن کے لیے بھی کئی فلموں کے مکالمہ لکھے. انھوں نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا اور 100 فلموں کے ڈائیلاگ لکھے۔انہوں نے نہ صرف اداکار بلکہ مصنف کے طور پر بھی کام کیا۔

  • قادر خان کی تدفین میں‌ بالی ووڈ شخصیات کی عدم شرکت

    قادر خان کی تدفین میں‌ بالی ووڈ شخصیات کی عدم شرکت

    ٹورنٹو: کینیڈا میں انتقال کرنے والے اداکار قادر خان کے نمازِ جنازہ میں بالی ووڈ کی کسی بھی شخصیت نے شرکت نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈری  اداکار قادر خان کا نماز جنازہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی مسجد میں بدھ کے روز ادا کیا گیا جس میں اُن کے مداحوں اور عزیزواقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اس موقع پر مرحوم کے صاحبزادے سرفراز خان نے نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’میرے والد نے ہمیشہ دوسروں کا احترام اور عزت کرنے کا درس دیا، قادر خان اپنے مداحوں سے بہت زیادہ پیار کرتے تھے‘۔ اداکار کی تدفین ٹورنٹو شہر میں واقع قبرستان میں کی گئی۔

    مزید پڑھیں: معروف بھارتی اداکار قادرخان انتقال کرگئے

    نماز جنازہ میں کسی بھی شوبز شخصیت کی عدم شرکت پر سرفراز کا کہنا تھا کہ ’میرے والد نے بالی ووڈ انڈسٹری کے لیے بہت کام کیا، وہ اپنے ساتھی فنکاروں اور انڈسٹری سے مخلص تھے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’تمام اداکاروں نے والد کی خدمات کو بھلا دیا، شاید اس لیے کسی نے شرکت کی زحمت نہ کی، مگر ابو کہتے تھے کہ ہمیں کسی سے اپنے لیے کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے اور سب کچھ خود ہی کرنا چاہیے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: ’ ہم سب کا محسن چلا گیا ‘

    یاد رہے کہ قادر خان افغانستان کے شہر کابل میں پیدا ہوئے، انہوں نے بالی ووڈ انڈسٹری کے لیے بہت زیادہ کام کیا اور کئی فلموں کے ڈائیلاگز بھی لکھے، اداکار کو دسمبر کی 31 تاریخ کو طبیعت ناسازی کے بعد ٹورنٹو اسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹر نے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور یکم جنوری 2019 کو انتقال کرگئے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ  اداکار نے بالی ووڈ انڈسٹری کو 47 سال دیے، آپ نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا اور 250 فلموں کے لیے ڈائیلاگز تحریر کیے جو بہت مشہور ہوئے۔

  • ’ ہم سب کا محسن چلا گیا ‘

    ’ ہم سب کا محسن چلا گیا ‘

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار گووندا نے قادر خان کے ساتھ سنہ 90 کی دہائی میں بہت کام کیا اور انڈسٹری کو بلاک بسٹر فلمیں دیں۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار قادر خان طویل علالت کے بعد کینیڈا کے اسپتال میں 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

    اُن کےبچھڑنے پر ساتھی اداکار بھی بہت زیادہ غمزدہ ہیں۔ لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اُن کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا۔

    گووندا نے قادر خان کے ساتھ سنہ 1990 کی دہائی میں ڈیوڈ دھاوان کے ساتھ مل کر کام کیا اور بالی ووڈ انڈسٹری کو  بلاک بسٹر فلمیں بھی دیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قادر خان کے انتقال کی خبر سُن کر گووندا اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے اور زاروقطار رونے لگیں۔

    مزید پڑھیں: معروف بھارتی اداکار قادرخان انتقال کرگئے

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گووندا کا کہنا تھا کہ ’قادر خان میرے والد کی طرح تھے، انہوں نے ہر قدم پر مدد کی اور مجھ سمیت تمام اداکاروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے ہر موقع پر ہماری رہنمائی کی‘۔

    علاوہ ازیں اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’آج ہم سب کا محسن چلا گیا جس نے ہمیں سپر اسٹار بنایا، مجھ سمیت کوئی بھی اداکار اپنے دکھ کا اظہار نہیں کرسکتا کیونکہ یہ ہمارے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے’۔

    ’ہم سب دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے‘۔

    یاد رہے کہ طویل عرصے سے علیل بالی ووڈ اداکار اور کئی مشہور فلموں کے ڈائیلاگ لکھنے والی شخصیت منگل کے روز کینیڈا میں انتقال کرگئی اُن کے صاحبزادے نے بھی والد کی موت کی تصدیق کی۔

    قادر خان کے نماز جنازہ سے متعلق ابھی اہل خانہ نے کوئی اعلان نہیں کیا۔

  • معروف بھارتی اداکار قادرخان انتقال کرگئے

    معروف بھارتی اداکار قادرخان انتقال کرگئے

    ممبئی: چار دہائیوں تک اپنی اداکاری سے لوگوں کے چہروں پرمسکراہٹ بکھیرنے والے معروف بھارتی اداکار81 برس کی عمرمیں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ورسٹائل اداکار قادر طویل علالت کے بعد کینیڈا کے اسپتال میں 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سانس لینے میں دشواری کے باعث ڈاکٹرز نے قادرخان کو وینٹی لیٹرپرمنتقل کیا تھا۔

    معروف اداکار گزشتہ چند سالوں سے بیمار تھے اور انہوں نے اپنی مصروفیات بھی قدرے کم کررکھی تھیں۔

    تقسیم ہند سے قبل 1927 میں افغانستان میں پیدا ہونے والے قادر خان نے بھارتی فلم انڈسٹری میں 1971 سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 47 سالون میں 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔

    قادر خان نے اپنی شاندار اداکاری کے باعث درجنوں ایوارڈز اپنے نام کیے اور250 فلموں کے ڈائلاگس بھی لکھے۔

    یاد رہے کہ چار روز قبل قادر خان کو اسپتال میں داخل کرائے جانے کے حوالے سے امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ان میں نمونیا ہونے کی علامات پائی گئیں۔

    امیتابھ بچن نے ورسٹائل اداکار قادر خان کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے ان کی صحت کے لیے دعا کی اپیل بھی کی تھی۔

  • قادرخان کے انتقال سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں‘ سرفرازخان

    قادرخان کے انتقال سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں‘ سرفرازخان

    نئی دہلی: معروف اداکار قادر خان کے صاحبزادے سرفراز خان نے والد کے انتقال سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ والد اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سرفراز خان نے والد کے انتقال سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے بتایا کہ والد کینیڈا کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سانس لینے میں دشواری کے باعث ڈاکٹرز نے قادرخان کو وینٹی لیٹرپرمنتقل کردیا ہے۔

    اس سے قبل بھارت کی کئی ویب سائٹس نے معروف اداکارقادر خان کے انتقال کی خبر جاری کیں تھیں، جس کے بعد متعدد بھارتی اداکاروں نے تعزیتی ٹویٹ بھی کیے تھے۔

    چار دہائیوں تک اپنی اداکاری سے لوگوں کے چہروں پرمسکراہٹ سجانے والے ورسٹائل اداکار قادر خان کو دو روز قبل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    قادر خان کو اسپتال میں داخل کرائے جانے کے حوالے سے امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ان میں نمونیا ہونے کی علامات پائی گئیں۔

    امیتابھ بچن نے ورسٹائل اداکار قادر خان کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے ان کی صحت کے لیے دعا کی اپیل بھی کی تھی۔

    واضح رہے کہ تقسیم ہند سے قبل 1927 میں افغانستان میں پیدا ہونے والے قادر خان نے 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔