Tag: Kamyab Jawan

  • کامیاب جوان اسکلز اسکالر شپ پروگرام: 1 لاکھ سے زائد نوجوانوں کی تربیت مکمل

    کامیاب جوان اسکلز اسکالر شپ پروگرام: 1 لاکھ سے زائد نوجوانوں کی تربیت مکمل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب جوان اسکلز اسکالر شپ پروگرام کے تحت، اب تک 5 ارب روپے کی رقم سے 1 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روایتی و جدید شعبوں میں تکنیکی تربیت کا سلسلہ مکمل کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کامیاب جوان اسکلز اسکالر شپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی تکنیکی تربیت جاری ہے، وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ 1 ہزار اداروں میں مفت کورسز کے تیسرے بیچ کا آغاز ہوچکا ہے۔

    عثمان ڈار نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں 60 ہزار نوجوانوں کو کورسز فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے تکنیکی تربیت حاصل کرنے والے نوجوان کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی۔

    ویڈیو میں موجود نوجوان مبین احمد کا کہنا ہے کہ بہترین پڑھائی کے ساتھ جدید کمپیوٹر سسٹمز اور لیبز میں سیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ سافٹ ویئر ہاؤس اور ڈیجٹل مارکیٹنگ ایجنسی چلا رہے ہیں۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوان خصوصاً جدید شعبوں میں تعلیم حاصل کر کے ذاتی زندگی میں آگے بڑھیں، پہلی بار روایتی شعبوں کی نسبت جدید شعبوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی مرضی کے انسٹیٹیوٹ اور کورسز میں داخلے کے لیے اپلائی کریں، نوجوان کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔

  • کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا: امریکی قونصل جنرل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار اور امریکی قونصل جنرل کے درمیان ملاقات ہوئی، قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل نے وزیر اعظم آفس کا دورہ کیا جہاں ان کی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے امور نوجوان اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے لیے یو ایس ایڈ کے ذریعے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان ڈار نے امریکی قونصلیٹ جنرل کو قرض کے تازہ اعداد و شمار پر بریفنگ دی جبکہ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے فارمولے سے بھی آگاہ کیا۔

    امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ منصوبے میں میرٹ اور شفافیت نے بہت متاثر کیا ہے، ہم منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہش مند ہیں، ایسے منصوبے 5 سے 10 سال میں معاشی اثرات ظاہر کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی حکومتی سطح پر سرپرستی قابل تعریف ہے، مشترکہ تعاون سے نوجوانوں کو مزید مواقع دیے جا سکتے ہیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت کی فراہمی ترجیح ہے، کامیاب جوان اور ہنر مند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار تسلی بخش ہیں، پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی توجہ کا مرکز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، پاک امریکا باہمی اشتراک سے روزگار کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔

  • کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو روزگار فراہمی کا سب سے بڑا حکومتی منصوبہ بن گیا

    کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو روزگار فراہمی کا سب سے بڑا حکومتی منصوبہ بن گیا

    اسلام آباد: کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو روزگار فراہمی کا سب سے بڑا حکومتی منصوبہ بن گیا، بزنس لون اور اسکل اسکالر شپس حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا جبکہ کامیاب روزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تعداد بھی 50 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کامیاب جوان کی ایک اور کامیاب کہانی شیئر کردی۔

    ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ خانیوال کے رہائشی محمد آصف نے ڈیری فارمنگ کا کامیاب کاروبارشروع کیا۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کاروبار کے لیے بڑی سرمایہ کاری نہیں کامیاب بزنس پلان کی ضرورت ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ٹریننگ سے لے کر کاروبار کے آغاز تک ہر شعبے میں نوجوانوں کی مدد کر رہے ہیں، نوجوان کاروبار کی بہترین منصوبہ بندی کر کے مالی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعداد و شمارحوصلہ افزا ہیں، بینکوں کو بلا تاخیر قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو قرض کے حصول میں درپیش مشکلات سے آگاہ ہوں، شفافیت کے پیش نظر اسکروٹنی کا عمل طے شدہ منصوبے کے تحت جاری رہے گا۔

  • کامیاب جوان پروگرام: اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی صوبیہ کی کہانی

    کامیاب جوان پروگرام: اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی صوبیہ کی کہانی

    اسلام آباد: کامیاب جوان پروگرام کے تحت روزگار کی فراہمی کے حکومتی اقدامات جاری ہیں، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی صوبیہ بھی انہی میں سے ایک ہیں جو قرض حاصل کر کے اور اپنا کاروبار کھول کر والدین اور گھر والوں کی مالی مدد کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ڈاکومنٹری پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق کامیاب جوان پروگرام بلا تفریق نچلے طبقے کی خوشحالی کو ممکن بنا رہا ہے۔

    عثمان ڈار نے لکھا کہ ایسی ہی ایک کہانی اقلیتی برادری سے تعلق رکھنی والی صوبیہ راشد گل کی ہے جس نے کامیاب جوان پروگرام قرضہ اسکیم کی بدولت اپنے کاروبار کو وسعت دی۔

    اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی صوبیہ گل نے اپنے ذاتی کاروبار کا خواب پورا کر لیا، صوبیہ نے کامیاب جوان پروگرام سے حاصل کی گئی رقم سے اپنے کاروبار کو وسعت دی۔

    صوبیہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کاروبار کے ذریعے والدین اور گھر والوں کی مالی مدد کرنا چاہتی تھیں، بیوٹیشن کا کام سیکھا مگر پارلر کھولنے کے لیے رقم نہیں تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے بارے میں پتہ چلا تو قرض کے لیے اپلائی کیا، بغیر کسی سفارش اور ضمانت کے کاروبار کے لیے قرض مل گیا۔ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کی شکر گزار ہوں کہ خواب پورا کرنے میں مدد کی۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی سرپرستی میں کمزور طبقے کی خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں، بلا تفریق میرٹ پر تمام طبقات کو قرض کی فراہمی کا عمل جاری ہے، بنیادی مقصد کمزور اور پسے ہوئے طبقات کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 10 ہزار سے زائد افراد کو ساڑھے 9 ارب روپے جاری کر چکے ہیں، آئندہ چند روز میں جاری قرض کی تفصیلات عوام کے سامنے لاؤں گا۔