Tag: Kangana Ranaut

  • صحافی کے سوال پر کنگنا رناوت ایک بار پھرآپے سے باہر

    صحافی کے سوال پر کنگنا رناوت ایک بار پھرآپے سے باہر

    بالی ووڈ ادکارہ کنگنا رناوت اپنے آنے والے ڈیجیٹل ریئلٹی شو کے تشہیری پروگرام کے دوران صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر طیش میں آگئیں۔

    بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت اور تنازعات کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اپنے متنازعہ بیانات اور بے لاگ تبصروں کے باعث وہ آئے دن متنازعہ خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔

    حال ہی میں ایسا ہی ایک واقعہ ان کے آنے والے ڈیجیٹل ڈیٹنگ ریئلٹی شو لاکڈ اپ کی تشہیر کے دوران پیش آیا جب ایک نوجوان کے پوچھے گئے سوال پر وہ غصے سے بے قابو ہوگئیں اور صحافی کو کھری کھری سنادیں۔

    تقریب کے دوران جب صحافی نے کنگنا سے دیپیکا پاڈوکون اور انسٹاگرام پر اثرانداز ہونے والے ایک صارف کے درمیان تازہ ترین جھگڑے پر تبصہ کرنے کو کہا جو ان کی فلم گہرائیاں کی تشہیرسے متعلق تھا تو اداکارہ نے اس صحافی کے سوال کا جواب دینے کے بجائے الٹا اس پر دوسری فلم کی تشہیر کرنے کا الزام عائد کردیا۔

    کنگنا رناوت نے کہا سنو، میں یہاں ان کا دفاع کرنے آئی ہوں جو اپنا دفاع خود نہیں کرسکتے، سمجھ گئے نا۔ جن کی آپ بات کررہے ہو وہ اپنا دفاع خود کرسکتی ہیں ان کے پاس مواقع اور پلیٹ فارم دونوں دستیاب ہیں اور میں ان کی فلم کو یہاں پروموٹ نہیں کرسکتی اب تم بیٹھ سکتے ہو۔

    کنگنا نے مزید کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ یہ پرانی چال ہے، پچھلی بار اسی پریس کانفرنس میں میڈیا کی طرف سے مجھ پر پابندی لگائی گئی تھی، اس سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔

    اس سے پہلے کہ معاملہ مزید گرم ہوتا ریئلٹی شو کی پروڈیوسر ایکتا کپور درمیان میں آگئیں اور معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی، وہ صحافی کے پاس گئیں اور اس سے گلے مل کر معاملے کو رفع دفع کیا۔

  • کنگنا پر ایف آئی آر درج

    کنگنا پر ایف آئی آر درج

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت ایک بار پھر مشکل میں پھنس گئیں، کانگریس کی ذیلی شاخ یوتھ کانگریس نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یوتھ کانگریس نے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ملک مخالف بیان دینے کے الزام میں دہلی کے سنسد مارگ تھانہ میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ کے انسٹاگرام پر 7.8 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں اس لیے انہوں نے قصداً غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے نفرت انگیز پوسٹ کی۔

    حال ہی میں انہیں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، انہیں اپنی حدود کا خیال رکھتے ہوئے بیان دینا چاہیئے۔

    یوتھ کانگریس کا مزید کہنا ہے کہ عوامی زندگی سے جڑے شخص کو اس طرح کا تبصرہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیئے۔ ملک مخالف اور تشدد پیدا کرنے والا بیان عوامی پلیٹ فارم پر مناسب نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کانگریس نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو ناسمجھ سرکاری اداکارہ قرار دیتے ہوئے ان پر ملک سے غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس نے کنگنا سے پدم شری سمیت سبھی ایوارڈ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا

    کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا

    نئی دہلی: انڈین فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف نفرت انگیز تقاریر پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر کی پالیسی کی خلاف ورزی پر اکاؤنٹ معطل کروانے والی اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف اب مغربی بنگال میں نفرت انگیز پروپگینڈا کرنے پر ایف آئی آر درج کر لیا گیا۔

    یہ ایف آئی آر ایک کارکن اور ترجمان رجو دتہ نے درج کروائی ہے جس نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ کنگنا نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کے امیج کو نقصان پہنچایا ہے اور انھیں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، درخواست میں انھوں نے اداکارہ کے خلاف ضروری کارروائی کرنے کی اپیل کی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی سے متعلق مضحکہ خیز گفتگو کی تھی، جس پر درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ اداکارہ کے خلاف نفرت آمیز پروپگینڈے سے مغربی بنگال میں اشتعال کو ہوا دینے کے سلسلے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

    نفرت آمیز ٹویٹس: بھارتی ڈیزائنرز نے کنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کردیا

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اس سلسلے میں متعدد پوسٹس کیں۔

    خیال رہے کہ بنگال میں پولنگ کے بعد ہونے والے تشدد پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کنگنا نے بنگال کی وزیر اعلیٰ کو براہ راست نشانہ بنایا تھا جس پر یہ کارروائی کی گئی، ان کے ٹویٹس کے بعد کنگنا کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد انھوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرنا شروع کر دیا۔

  • بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بھی کرونا کا شکار

    بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بھی کرونا کا شکار

    بھارت کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کنگنا رناوت نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹا گرام پر پر ایک پوسٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ میں چند دنوں سے اپنی آنکھوں میں ہلکی سی جلن کے ساتھ جسم میں تھکن محسوس کررہی تھی، ہماچل پہنچنے کے بعد میں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آگیا ہے۔

    ادکارہ نے بتایا کہ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے، لیکن انہیں یہ اندازہ بالکل نہیں تھا کہ کرونا وائرس ان کے جسم میں پارٹی کررہا ہوگا۔

    بالی ووڈ اداکارہ نے اپنے مداحوں کو پیغام دیا کہ کووڈ کوئی خاص بیماری نہیں ہے بلکہ وقتی فلو ہے جو انسانوں کی نفسیات پر حملہ کرتا ہے، ہم نے اس کی زیادہ تشہیر کر کے نفسیاتی مسئلہ بنا دیا ہے۔

    اداکارہ نے انسٹا گرام پر جاری اپنی اسٹوری میں لکھا کہ براہِ کرم کسی کو خود پر حکمرانی کرنے نہ دیں، آپ جس چیز سے جتنا ڈریں گے وہ آپ کو اتنا ہی ڈرائے گی، میں بہت جلد اس سے صحت یاب ہو جاؤں گی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Kangana Ranaut (@kanganaranaut)

     

  • نفرت آمیز ٹویٹس: بھارتی ڈیزائنرز نے کنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کردیا

    نفرت آمیز ٹویٹس: بھارتی ڈیزائنرز نے کنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کردیا

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ اپنے متنازعہ ٹویٹس اور بیانات کی وجہ سے اکثر کسی نہ کسی مشکل میں رہتی ہیں اور اب بھارتی ڈیزائنرز نے بھی ان کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے 2 روز قبل گینگ ریپ اور نسل کشی سے متعلق متنازعہ ٹویٹس کے باعث بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کا اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔

    کنگنا رناوٹ کے متنازعہ ٹویٹس کے بعد ان پر شدید تنقید کی جارہی تھی اور اب بھارتی ڈیزائنرز نے بھی اداکارہ کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    ڈیزائنر رم زم دادو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم کبھی بھی درست کام کرنے میں تاخیر نہیں کرتے، ہم اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کنگنا رناوٹ سے اشتراک کی تمام پوسٹس ہٹارہے ہیں اور مستقبل میں ان کے ساتھ کوئی کام نہ کرنے کا عزم کر رہے ہیں۔

    اس حوالے سے ڈیزائنر نے کہا کہ اس عالمی وبا کے دوران پہلے ہی بہت زیادہ تباہی پھیلی ہوئی ہے، ایسے حالات میں ہم سب کو سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نہیں سمجھتے ہیں معروف شخصیات سمیت کسی کا بھی تشدد کو بڑھاوا دینا درست ہے، تشدد کسی بھی شکل میں ہو اس کی مذمت کرنی چاہیئے۔

    دوسری جانب دہلی کے ڈیزائنر آنند بھوشن نے بھی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کنگنا رناوٹ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ دیگر ڈیزائنرز کو بھی ان کے ساتھ کام کرنے سے پہلے 2 مرتبہ سوچنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اور میرا برانڈ کسی بھی قسم کی نفرت آمیز گفتگو کی حمایت نہیں کرتے، میں ایسے نکتہ نظر سے وابستہ رہنے کی خواہش نہیں رکھتا اور اس کی مذمت کرتا ہوں۔

    بعد ازاں بالی وڈ اداکارہ کی بہن اور مینیجر رنگولی نے ڈیزائنر آنند بھوش کے تبصرے پر سخت ردعمل دیا اور انڈسٹری میں ان کی پوزیشن پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے لکھا کہ کوئی آپ کو نہیں جانتا لہٰذا خود مشہور ہونے کی کوشش نہ کریں۔

  • کنگنا کا ایک اور مضحکہ خیز بیان، سوشل میڈیا پر تنقید

    کنگنا کا ایک اور مضحکہ خیز بیان، سوشل میڈیا پر تنقید

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے خود کو عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز سے بہتر اسٹنٹ پرفارمر قرار دیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کنگنا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ایک پرانا مضمون شیئر کیا جو ان کی فلم منی کرنیکا کے بارے میں تھا، اس میں انہوں نے لکھا کہ لبرلز بہت پریشان ہیں، کیونکہ مشہور ایکشن فلموں کے ڈائریکٹر نے مجھے ٹام کروز سے بہتر کہا تھا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر انہوں نے 3 دفعہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی ہالی ووڈ اداکارہ میرل اسٹرپ کو اپنے آپ سے کمتر قرار دیا تھا۔

    اس حوالے سے بھی ایک ٹویٹ میں کنگنا نے لکھا کہ جو لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں نے (میرل اسٹریپ کے مقابلے میں) کتنے آسکر ایوارڈ جیتے ہیں، وہ لوگ میرل اسٹریپ سے بھی جا کر پوچھیں کہ انہوں نے کتنے نیشنل یا پدم شری ایوارڈ جیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا ان کا جواب بھی کچھ نہیں ہوگا لیکن اس سے لوگوں کی غلام ذہنیت ظاہر ہوتی ہے۔

    ان کے اس قسم کے ٹویٹس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید و مذاق کا نشانہ بھی بنایا۔

    خیال رہے کہ کنگنا گزشتہ کچھ عرصے سے مستقل متنازعہ بیانات دیتی رہی ہیں جبکہ مودی سرکار کی پالیسیوں کی بھی کھل کر حمایت کرتی دکھائی دی ہیں۔

  • ’کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں‘

    ’کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں‘

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو معمول بنا رہی ہیں، اس طرح کے بارسوخ لوگ جب فرقہ واریت کو فروغ دینے میں حصہ بنتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں۔

    ایک انٹرویو میں سوارا بھاسکر کا کہنا تھا کہ انہیں ذاتی طور پر کنگنا سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن وہ ایسے لوگوں کے خلاف ہیں جو اپنی پوزیشن کا استعمال نفرت پھیلانے کے لیے کرتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں سوارا بھاسکر نے کہا کہ میں نے ایک ساتھی اداکارہ کے طور پر ان کے ساتھ کام کیا اور وہ بہت قابل اداکارہ ہیں، لیکن جب بارسوخ لوگوں کو نفرت، تعصب اور فرقہ واریت کو نارملائز کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں کنگنا میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں ہے تاہم وہ ان سے نظریاتی اختلافات رکھتی ہیں، کنگنا جس طرح سے تعصب کو معمول بنانے کی طرف لا رہی ہیں میرے خیال میں یہ زہر ہے۔

    یاد رہے کہ سوارا بھاسکر اور کنگنا سنہ 2011 میں تنو ویڈز منو میں ایک ساتھ کام کرچکی ہیں، تاہم کچھ عرصے سے کنگنا نے سوارا بھاسکر کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا تھا، ایک موقع پر انہوں نے سوارا کو بی گریڈ اداکارہ بھی قرار دیا تھا۔

  • کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    نئی دہلی: بھارت کے معروف نغمہ نگار جاوید اختر کی درخواست پر ممبئی کی مقامی عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو طلب کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جاوید اختر کے وکیل نے ممبئی کے اندھیری میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک درخواست جمع کروائی تھی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کنگنکا رناوت نے نیشنل ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر ان کے مؤکل کی تضحیک کی ہے۔

    عدالت نے درخواست پر جوہو پولیس کو معاملے کی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی، پولیس نے مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد مزید وقت مانگا۔

    ایک روز قبل پولیس نے عدالت میں اپنی رپورٹ جمع کروادی جس کے بعد عدالت نے کنگنا رناوت کو طلب کرلیا گیا ہے، کنگنا یکم مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گی۔

    یاد رہے کہ کنگنا رناوت سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس اور مختلف انٹرویوز میں متنازعہ گفتگو کرتی رہتی ہیں، وہ اکثر ساتھی اداکاروں کو تضحیک اور تنقید کا نشانہ بنانے سے بھی باز نہیں آتیں۔

    علاوہ ازیں وہ مودی سرکار کے تمام شدت پسندانہ اقدامات کی کھل کر حمایت کرتی نظر آتی ہیں اور ان کے خلاف ہونے والے احتجاج اور مظاہروں کو پڑوسی ممالک کے فنڈڈ شدہ قرار دیتی ہیں۔

  • اشتعال انگیز اور نفرت پر مبنی ٹویٹس، کنگنا کو قانونی نوٹس مل گیا

    اشتعال انگیز اور نفرت پر مبنی ٹویٹس، کنگنا کو قانونی نوٹس مل گیا

    نئی دہلی: معروف بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ اپنے اشتعال انگیز اور تعصب پر مبنی ٹویٹس کی وجہ سے سخت مشکل سے دو چار ہوگئیں، دہلی کی سکھ گردوارہ مینجمنٹ کمیٹی نے انہیں قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

    بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ اپنے تعصب کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئیں، دہلی سکھ گردوارہ مینجمنٹ کمیٹی (ڈی ایس جی ایم سی) نے کسان تحریک اور پنجابی برادری کی بزرگ خواتین کے خلاف غلط زبان کا استعمال کرنے پر کنگنا کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔

    کمیٹی نے کنگنا سے فوراً عوامی طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

    کنگنا کا یہ ٹویٹ ایک روز قبل سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کسان تحریک اور بزرگ خواتین کے خلاف غلط زبان کا استعمال کیا تھا۔

    اپنے ٹویٹ میں کنگنا نے کسان تحریک میں شامل ایک بزرگ خاتون کے بارے میں لکھا کہ یہ دادی 100 روپے میں دستیاب ہیں، ساتھ ہی انہوں نے بھارت میں چلنے والی کسان تحریک کے حوالے سے پاکستان پر بھی الزامات عائد کیے اور تحریک کو اسپانسرڈ قرار دیا۔

    کنگنا کا دعویٰ تھا کہ یہ بزرگ خاتون اس سے قبل شاہین باغ مظاہروں میں بھی اپنی شہریت کے لیے احتجاج کر رہی تھیں اور اب یہ کسانوں کے احتجاج میں بھی موجود ہیں، تاہم جلد ہی بے شمار ٹویٹر صارفین نے مختلف تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر کے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں بزرگ خواتین الگ الگ ہیں۔

    کنگنا کے ان ٹویٹس کے بعد سکھ گردوارہ کمیٹی کے صدر منجندر سنگھ سرسا نے اپنے وکیل راج کمل کے ذریعے کنگنا کو نوٹس بھجوایا جس میں کہا گیا ہے کہ کنگنا نے جان بوجھ کر کسانوں، مظاہرین اور کارکنان کو بدنام کرنے کے لیے ٹویٹ اور ری ٹویٹس کیے جبکہ کسان تحریک کے تحت کسان دہلی میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کنگنا نے اپنے ٹویٹ میں ایک فوٹو بھی شیئر کیا تھا جس میں بزرگ خواتین تھیں، ٹویٹ کی زبان بے حد قابل اعتراض اور غیر مہذب تھی۔

    منجندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کنگنا ایک ہفتے میں کسانوں اور بزرگ خواتین سے مشروط معافی مانگیں اور وضاحت نامہ دے کر اپنا ٹویٹ اور ری ٹویٹ واپس لیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر کنگنا نے ایک ہفتے میں معافی نہیں مانگی تو دہلی گردوارہ کمیٹی بغیر کسی دوسرے نوٹس کے کنگنا کو قانون کے مطابق سزا دلانے کی کوشش کرے گی۔

    خیال رہے کہ بھارت کے متنازعہ نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج دارالحکومت نئی دہلی میں مسلسل جاری ہے۔

    کسانوں نے نئی دہلی کی سرحدوں کا تقریباً محاصرہ کر رکھا ہے، حکومت اور کسانوں کے درمیان بات چیت کے کئی دور ہو چکے ہیں لیکن تعطل برقرار ہے۔

  • کنگنا رناوت بھی انتہاپسند بن گئیں، شبانہ اعظمی پر کڑی تنقید

    کنگنا رناوت بھی انتہاپسند بن گئیں، شبانہ اعظمی پر کڑی تنقید

    ممبئی: انتہاپسندانہ سوچ نے کنگنا رناوت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، اداکارہ شبانہ اعظمی اور جاوید اختر پر برس پڑیں.

    تفصیلات کے مطابق اپنے متنازع بیانات کے لیے خبروں‌ کی زینت بننے والے کنگنا رناوت مودی سرکار کے رنگ میں رنگ گئیں.

    مقبوضہ کمشیر میں ہونے والے حملے کے بعد جہاں بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف محاذ کھول لیا ہے، وہیں اداکارہ بھی اس میدان میں کود پڑیں.

    انھوں نے شبانہ اعظمی اور جاوید اختر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی سوچ کو حب الوطنی سے متصادم قرار دے دیا.

    یاد رہے کہ شبانہ اعظمی اور  جاوید اختر کو کراچی میں ہونے والے فیسٹول میں شرکت کے لیے پاکستان آنا تھا، مگر مودی سرکاری کی انتہاپسندانہ سوچ کے باعث انھوں‌ نے پروگرام ملتوی کرنے ہی میں عافیت جانی۔

    مزید پڑھیں: اگر کسی نے ہراساں کیا تو سب تباہ کردوں گی، کنگنا رناوت کا انتہا پسندوں کی دھمکیوں پر ردعمل

    کنگنا رناوت نے اس موقع پر شبانہ اعظمی اور جاوید اختر پر تنقید کرتے ہوئے ان کی فکر کو ملک دشمنی قرار دیا اور کہا انھیں‌ پاکستان جانے کا پروگرام بنانا ہی نہیں‌ چاہیے تھا.

    یاد رہے کہ نریندد مودی کے حکومت میں آنے کے بعد پاکستانی فن کاروں‌ پر بالی وڈ کے دروازے بند کر دیے گئے.