کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ عمران خان نے عوامی مسائل پر ہمارے12 مطالبات پرعمل نہیں کیا کراچی اور حیدرآباد کے مسائل حل کرنا پیپلزپارٹی کی ذمہ داری ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئی کہی، کنورنوید جمیل نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان دھڑے بندی کا شکار نہ پہلی تھی اور نہ ہے، بات کرنے کو کچھ نہیں ہوتا تو کہتے ہیں گروپ بندی کا شکار ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہمیں چار ماہ قبل خود ایک اور وزارت دینے کا کہا تھا،
لیکن ہم نے اس وقت وزارت لینے پر عدم دلچسپی کا اظہار کیا تھا کیونکہ جب کراچی اور حیدرآباد کے بنیادی مسائل ہی حل نہیں ہوں تو وزارت لینے کا فائدہ ؟ کنور نوید جمیل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہم سے دو معاہدے کیے پہلا معاہدہ بہادرآباد کراچی اور دوسرا بنی گالہ اسلام آباد میں ہوا لیکن عمران خان نے عوامی مسائل پر ہمارے12 مطالبات پر عمل نہیں کیا، کنور نوید جمیل کا مزید کہنا تھا کہ
پیپلزپارٹی85 فیصد ریونیو وصول کرتی ہے وہ ہی مسائل حل کرے، کراچی اور حیدرآباد کے مسائل حل کرنا پیپلزپارٹی کی ذمہ داری ہے۔