Tag: karachi air port

  • کراچی : ایک دن میں منکی پاکس کا تیسرا مشتبہ کیس

    کراچی : ایک دن میں منکی پاکس کا تیسرا مشتبہ کیس

    کراچی ایئرپورٹ پر 24گھنٹے میں منکی پاکس کا تیسرا مشتبہ کیس سامنے آگیا، سعودی عرب سے آنے والی خاتون میں علامات پائی گئی ہیں۔

    ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے کراچی پہنچنے والی خاتون مسافر میں منکی پاکس کی مشتبہ علامات پائی گئیں۔

    متاثرہ خاتون سعودی عرب سے براستہ دبئی کراچی پہنچی ہیں، اسکریننگ کے دوران 18 سالہ خاتون میں منکی پاکس کی علامات پائی گئیں۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسافر کو سندھ حکومت کے انفیکشن ڈیزیز اسپتال منتقل کردیا گیا، مسافر میں منکی پاکس علامات پر غیرملکی ایئرلائن کے طیارے کو ڈس انفیکٹ کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ہیلتھ امیگریشن کاؤنٹر اور کنوینر بیلٹ کو بھی اسپرے کرکے ڈس انفیکٹ کردیا گیا ہے۔

  • خاکروب نے فرض شناسی کی مثال قائم کردی

    کراچی : سول ایوی ایشن کے خاکروب نے فرض شناسی کی مثال قائم کردی، ایئر پورٹ سے ملنے والی نقد رقم اور زیورات متعلقہ حکام کے حوالے کردیے۔

    اس حوالے سے سی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ سی اے اے سینی ٹیشن ورکر نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہوائی اڈے سے ملنے والی نقدی اور زیورات حکام کے حوالے کردیے۔

    ترجمان کے مطابق فرض شناسی کا یہ مظاہرہ اجلال مسیح نے پشاور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیا، بحرین اور ابوظہبی سے پروازیں آنے کے بعد اجلال کو صبح سویرے کسٹم کاؤنٹر کے قریب سے ایک پرس اور دو انگوٹھیاں ملی تھیں۔

    اجلال مسیح نے ان قیمتی اشیاء کو فوری طور پر سپروائزر امین کے حوالے کیا، جس کے بعد سپروائزر امین نے ان اشیاء کو کاؤنٹر پر ایئرپورٹ حکام کے حوالے کردیا۔

    سی اے اے ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں مذکورہ پرس کو ڈیوٹی ٹرمینل منیجر، ڈیوٹی فیسی لیٹیشن آفیسر اور ڈیوٹی ویجیلنس آفیسر اور اے ایس ایف کے عملے کی موجودگی میں کھولا گیا۔

    پرس میں 8050 سعودی ریال تھے جس کی مالیت تقریباً پانچ لاکھ اٹھاسی ہزار پاکستانی روپے کے برابر ہے ایئرپورٹ منیجر کے دفتر میں اجلال مسیح کی ایمانداری کے عمل کو ہر شخص نے سراہا،

    ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ائرپورٹ منیجر کے دفتر میں ان قیمتی اشیاء اور رقم کو ان کے حقیقی مالک سے رابطے کے بعد اس کے حوالے کردیا گیا۔

  • دو مسافر طیارے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے

    دو مسافر طیارے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے

    کراچی : کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو طیارے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے، واقعات سول ایوی ایشن عملے کی غفلت کے پیش آئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا عملہ اپنے جہازوں کو پرندوں کے ٹکرانے سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہا۔

    کراچی سے پشاور جانے والی پی کے350سے اڑان بھرتے ہی ایک پرندہ ٹکراگیا جبکہ لاہور سے کراچی آنے والی دوسری پرواز پی کے305سے دوران لینڈنگ پرندہ ٹکرایا۔

    پرندہ ٹکرانے کے باعث پشاور جانے والی پرواز پی کے350کو پائلٹ رن وے پر واپس لے آیا، لاہور سے آنے والی پرواز پی کے305 کے جہاز کی انسپکشن کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سی اے اے تاحال جہازوں کو پرندوں سے محفوظ رکھنے کے لئے اب تک کوئی جدید نظام نصب نہ کرسکا۔

    ترجمان پی آئی اے نے جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر آج دو جہازوں سے پرندے ٹکرائے ہیں۔

    صورتحال ایئرٹریفک کنٹرول کی غفلت کی وجہ سے پیش آئی یا پائلٹ کی غلطی تھی؟ اس سلسلے میں کراچی ایئرپورٹ پر اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

  • ایئر پورٹس پر مسافروں کی گھریلو اور کھانے پینے کی اشیاء ضبط

    ایئر پورٹس پر مسافروں کی گھریلو اور کھانے پینے کی اشیاء ضبط

    کراچی : ایف بی آر کی جانب سے بیرون ممالک سے پرتعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی کا ناجائز فائدہ اٹھانا شروع کردیا گیا پابندی کی آڑ میں کسٹم اہلکاروں نے مسافروں کی گھریلو استعمال اور کھانے پینے کی اشیاء بھی ضبط کرلیں۔

    ایف بی آر کی جانب سے پاکستان بھر کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ان اشیاء کی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے سخت نگرانی مسافروں کے لیے پریشانی کا سبب بن گئی۔

    ملک میں نئی حکومت کی آمد اور جاری احکامات کے بعد اوورسیز پاکستانی مزید پریشانی کا شکار ہونے لگے، محکمہ کسٹم نے ائیرپورٹس پر گھریلو استعمال کی کھانے پینے کی اشیاء پکڑنا شروع کردیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافروں سے ممنوعہ اشیاء ضبط کرلی گئی ہیں۔

    وفاقی حکومت کی ہدایات کے بعد ملک بھر کے ائرپورٹس پر کسٹم اہلکاروں کو38اشیاء کی درآمد پر پابندی کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔

    جناح ائرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کا سامان اسکین کرنے کی ہدایت کی گئی جس کے بعد لاکھوں روپے مالیت کا ممنوعہ سامان ضبط کر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے سامان سے 76کلو گرام چاکلیٹس،127کلو گرام پھل،42کلوگرام، سینیٹری کا سامان،213استعمال شدہ موبائل فون اور 96 قیمتی جوتے ضبط کرلیے گئے۔

    مذکورہ پابندی کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے اپنے بچوں کے لیے لائی جانے والی چاکلیٹس اور بسکٹس ضبط کرنا شروع کردیے گئے۔

    ایف بی آر نے کمرشل استعمال کے لیے کھانے پینے کی اشیاء چاکلیٹس، بسکٹس پھل اور پاؤڈر جوسز پر پابندی لگائی تھی، جناح ایرپورٹ پر محکمہ کسٹم نے ایف بی آر احکامات پر مسافروں کے ذاتی استعمال کی اشیاء ضبط کرنا شروع کردیں۔

    واضح رہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور چیئرمین ایف بی آر کی ہدایات ہیں کہ ذاتی استعمال کے لیے غیر تجارتی کم مقدار میں سامان لانے والے مسافروں کوپریشان نہ کیا جائے۔

    ان کا کہنا ہے کہ قانونی دفعات کے مطابق تمام ہوائی اڈوں پر ایسے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے تاکہ انہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • کراچی : بیرون ملک جانے والے 36 مسافروں میں کورونا کی تصدیق

    کراچی : بیرون ملک جانے والے 36 مسافروں میں کورونا کی تصدیق

    کراچی : متحدہ عرب امارات جانے والے 36مسافر کورونا زدہ نکلے، مذکورہ مسافروں کی روانگی منسوخ کرکے ان کو فوری طور پر قرنطینہ مرکز پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں ملک میں آنے اور جانے والوں کے طبی معائنے اور ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے دبئی جانے والے 36مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں سفر کرنے سے روک دیا گیا۔

    مسافر مختلف پروازوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات جانا چاہتے تھے۔ ذرائع کے مطابق ریپیڈ انٹیجن ٹیسٹ کے ذریعے ان مسافروں کی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    کراچی جناح ایئرپورٹ پرمتحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کو پرواز کی روانگی سے4گھنٹے قبل ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کئے گئے تھے۔

    چوبیس گھنٹوں کے دوران مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کئے گئے تو ان میں مجموعی طور 36مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

    اس حوالے سے سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ تمام مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں دی گئی، مثبت آنے والے مسافر قرنطینہ کیلئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیئے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اور وزیر صحت سندھ نے کراچی ایئرپورٹ پر مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت آگئی ہے اور کراچی میں کورونا کی شرح 9 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے، ایک دن میں ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

    بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے 21 مسافروں میں کورونا کی تصدیق
    چند روز قبل بیرون ملک سے کراچی آنے والے21 مسافر بھی کورونا میں مبتلا نکلے تھے،18مسافر سعودی عرب اور 3 مسافر برطانیہ سے کراچی پہنچے، بیرون ملک سے آنے والے 21 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت نکلا تھا۔

  • کراچی میں حادثہ : عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی

    کراچی میں حادثہ : عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی

    کراچی : پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ پیش آنے کے افسوسناک واقعے کے بعد عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کے باعث عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ کراچی میں پی آئی اے کے جہاز کو اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے، اس حادثے کے پیش نظر عید کے چاند سے متعلق پریس کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے۔ اللہ ہم پر رحم کرے۔

    واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر رن وے کے قریب ماڈل کالونی کے علاقے میں پی آئی اے کا مسافر طیاہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے۔

    ایئربس 320 پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 لاہور سے 1 بج کر 10 منٹ پر کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی جو کہ منزل کے قریب پہنچ کر حادثے کا شکار ہوگئی۔

    طیارے کو حادثہ لینڈنگ سے قبل ملیر کینٹ کے گیٹ نمبر دو پر پیش آیا جو کہ ائرپورٹ کے ساتھ متصل علاقہ ہے۔ حادثے کے باعث 4 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے بعد کراچی ائیرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

  • سی اے اے عملے کی دیانتداری : نوٹوں سے بھرا بیگ مسافر کے حوالے کردیا

    سی اے اے عملے کی دیانتداری : نوٹوں سے بھرا بیگ مسافر کے حوالے کردیا

    کراچی : جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر سی اے اے کے عملے نے دیانتداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر ملکی کرنسی سے بھرا بیگ مسافر کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج میں سول ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اہلکار عارف نے ایک ہینڈ بیگ پڑا دیکھا۔

    بیگ میں 6900 امریکی ڈالر اور دیگرغیر ملکی کرنسی موجود تھی جس کی پاکستانی روپے میں گیارہ لاکھ روپے سے زائد بتائی جا تی ہے۔

    سی اے اے کے عملے نے بیگ ڈی ٹی ایم کے آفس میں جمع کرا دیا، امریکی پاکستانی نژاد مسافر ہمایوں درانی غیر ملکی ائیر لائن سے کراچی پہنچا۔

    مذکورہ مسافر غیر ملکی پرواز ای کے چھ سو سے کراچی پہنچا تھا، بعد ازاں مسافر ہمایوں درانی اپنے بیگ کی تلاش میں سی اے اے کے آفس پہنچ گیا۔

    عملے نے بیگ کے مالک ہمایوں درانی سے ضروری تصدیق کرانے کے بعد اسے بیگ لوٹا دیا، مسافر نے ائیرپورٹ پر مامور سی اے اے کے عملے کی دیانتداری کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

    ائیر پورٹ مینجر عمران خان نے سی اے اے کے فیسی لیٹیشن کے عملے کو دیانتداری پر شاباشی دی اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • کراچی میں کچرے کے ڈھیر ہوائی جہازوں کے لئے خطرے کی علامت بن گئے

    کراچی میں کچرے کے ڈھیر ہوائی جہازوں کے لئے خطرے کی علامت بن گئے

    کراچی : ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں کچرے اور گندگی کی وجہ سے پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، کراچی ایئرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے طیاروں کو پرندوں سے خطرات لاحق ہوگئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کے شعبہ تحفظات اور ماحولیات نے ایئرپورٹ کے اطراف گندگی پر تحفظات کا اظہار کردیا، گندگی کے ڈھیر کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پرندوں کی آمد کی وجہ سے خطرے کا سبب بن سکتی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق شعبہ انوائرمنٹل کنٹرول آفیسر کا بلدیاتی اداروں سے مسلسل رابطہ ہے، ایئرپورٹ کے اطراف اور شہر کے بعض مقامات پر گندگی کے ڈھیر سے جہازوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    انوائرمنٹل کنٹرول آفیسر کا کہنا ہے کہ گندگی کی وجہ سے پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس سے جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔

    سی اے اے نے کراچی کی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی دو اگست کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ چکی ہے۔

    مزید پڑھیں : متعلقہ ادارے سوتے رہے، شہر قائد گندگی و غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل

    جہازوں کو پرندوں سے بچانے اور فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے ادارے اپنا کردار ادا کریں جبکہ سی اے اے کی جانب سے کراچی لاہور پشاور سمیت دیگر ائیرپورٹ پر آگہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

  • برطانیہ کی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کے حفاظتی انتظامات پر اظہار اطمینان

    برطانیہ کی سیکیورٹی ٹیم کا کراچی ایئرپورٹ کے حفاظتی انتظامات پر اظہار اطمینان

    کراچی : برطانیہ کی سیکیورٹی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر کیے جانے والے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ٹیم کو سی اے اے حکام نے بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی جوائنٹ ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر برطانوی ٹیم نے نئی ایوی ایشن پالیسی اور ایئر پورٹس پر سیکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اے ایس ایف نے برطانوی ٹیم کو سیکیورٹی کنٹرول، بنیادی سیکیورٹی، مسافروں اور سامان کی اسکروٹنی کے متعلق بریفنگ دی۔

    برطانوی ڈی ٹی ایف ٹیم کو ایئرپورٹس کے دورے کے دوران جہاز ، عملے اور ان کے سامان کی ہونے والی سرچنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے برطانوی ٹیم کو طیاروں کی ایئروردنیس، ان کی چیکنگ، کارگو اور فلائٹ کیٹرنگ سروسز کا بھی دورہ کرایا گیا،۔

    برطانوی ٹیم نے سول ایوی ایشن اور اے ایس ایف کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستان سے برطانیہ آنے والی پروازوں اور ان کے مسافروں کی اسکریننگ کے مرحلے پر ٹیم نے اظہار اطمینان کیا۔

  • صدرمملکت کی سادگی کی مثال، عارف علوی بغیر پروٹوکول اسلام آباد سے کراچی پہنچے

    صدرمملکت کی سادگی کی مثال، عارف علوی بغیر پروٹوکول اسلام آباد سے کراچی پہنچے

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی بغیر پروٹوکول عام طیارے کے ذریعے کراچی پہنچے، صدر پاکستان اپنا سامان بھی خود اٹھا کر لے لائے اوراسکین کروایا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ان کی کفایت شعاری اور سادگی مہم کی مثال قائم کردی، عارف علوی عوامی انداز اپناتے ہوئے بغیر پروٹوکول کے عام طیارے میں کراچی پہنچے۔

    صدر پاکستان اپنا سامان بھی خود اٹھا کر لے لائے اور سامان اے ایس ایف کی اسکیننگ مشین پر خود اسکین کروایا، عارف علوی نے مسافروں کی لائن میں لگ کر اپنا بورڈنگ پاس بھی خود وصول کیا۔

    اس موقع پر صدر پاکستان دیگر مسافروں کے ساتھ لاؤنج میں طیارے کا انتظارکرتے رہے، اس موقع پر وہ مسافروں میں گھل مل گئے ان کے ساتھ خوش گپیاں کیں اور سیلفیاں بھی بنوائیں، صدرعارف علوی نجی پروازای آر 503 کےذریعے کراچی پہنچے تھے۔