Tag: karachi airport

  • ایف آئی اے عملے کی لاپرواہی، گرفتار ملزم ایئرپورٹ سے فرار ہو گیا

    ایف آئی اے عملے کی لاپرواہی، گرفتار ملزم ایئرپورٹ سے فرار ہو گیا

    کراچی(22 اگست 2025): کراچی ایئرپورٹ پر بے تحاشا رش اور ایف آئی اے عملے کی مبینہ لاپرواہی کے سبب قتل کا ملزم ایف آئی اے امیگریشن کی حراست سے فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن عملے کی غفلت و لاپرواہی کے باعث ایف آئی اے امیگریشن کے زیر حراست مسافر ایئرپورٹ سے فرار ہو گیا جس کے بعد سب انسپکٹر خاتون شفٹ انچارج، ایک ہیڈ کانسٹیبل کو معطل کر کے زونل آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    چند روز قبل مسافر کیخلاف خیرپور میں قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا، مسافر 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 705 کے ذریعے جدہ فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا، امیگریشن کی مینول لسٹ میں شامل ملزم کا نام ہونے کی وجہ سے ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے عبدالصمد نامی ملزم کو ہتھکڑی لگا کر حراست میں لے لیا تھا۔

    تاہم رات کی شفٹ میں ملزم رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا، ہتھکڑی کے ساتھ باہر جاتے مسافر کو دیگر اداروں نے بھی چیک نہیں کیا جبکہ معطل ایف آئی اے افسر اور اہلکار کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/fia-investigate-citizens-karachi-airport/

  • کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل

    کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل

    پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے پیشںِ نظر کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے لاہور، سیالکوٹ کی حدود میں متعدد فضائی روٹس کمرشل پروازوں کے لیے بند کردیے تھے۔

    اتھارٹی کےجاری کردہ نوٹم میں کہاگیا ہے کہ کچھ ائیرروٹس آپریشنل وجوہات کے باعث عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گے، لاہور، سیالکوٹ کے فضائی روٹس آج دوپہر بارہ بجے تک بند رہیں گے۔

    پاک بھارت کشیدگی : دوشہروں کی فضائی حدود پروازوں کیلیے بند

    اس اقدام کے باعث کچھ شیڈول پروازیں متاثر ہوسکتیں ہیں، لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں 7 روٹس کمرشل طیاروں کیلئے بند کیے گئے ہیں، جس کے بعد سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کمرشل طیاروں کی لینڈنگ، ٹیک آف دوپہر 12 بجے تک بند کر دی گئی ہے۔

    جبکہ اب کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کو بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے پاکستان پر ہونے والے بزدلانہ حملے کے بعد فضائی آپریشن متاثر ہوا اور ائیراسپیس کو 48 گھنٹوں کے لیے معطل کیا گیا تھا۔

  • کراچی ایئرپورٹ سے جعلی ویزے پر سفر کرنے والا گرفتار

    کراچی ایئرپورٹ سے جعلی ویزے پر سفر کرنے والا گرفتار

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی ایئرپورٹ سے جعلی ویزے پر سفر کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ سے جعلی ویزے پر سفر کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، مسافر محمد اظہر پاکستانی پاسپورٹ پر ملاوی سفر کررہا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر سینیگال اور انڈونیشیا کے ویزا اسٹیکرز جعلی تھے، مسافر ملاوی میں ورک، ریزیڈنٹ ویزہ حاصل کرنا چاہتا تھا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافر ملاوی میں سلیم نامی ایجنٹ سے رابطے میں تھا، ایجنٹ نے 10 ہزار ڈالر کے عوض ویزہ دلوانے کا وعدہ کیا تھا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر گراؤنڈ ہینڈلنگ سمیت تمام اہم امور ایک دن کے لیے خواتین عملے کے سپرد!

    کراچی ایئرپورٹ پر گراؤنڈ ہینڈلنگ سمیت تمام اہم امور ایک دن کے لیے خواتین عملے کے سپرد!

    دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، عالمی دن کی مناسبت سے کراچی ایئرپورٹ پر گراؤنڈ ہینڈلنگ سمیت تمام اہم اور مشکل امور خواتین عملے کے سپرد کر دیے گئے۔

    اس اقدام کا مقصد خواتین کی اہمیت کو تسلیم کرنے کے ساتھ خراج تحسین پیش کرنا تھا، خواتین نے بین الاقوامی پرواز کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سمیت پیچیدہ امور مہارت سے انجام دے کر ثابت کیا کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔

    کراچی ایئر پورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کی گراوٴنڈ ہینڈلنگ سمیت تمام مشکل امور خواتین نے سنبھال کر بتایا کہ بھاری بھر کم کام بھی وہ معمول کے مطابق کر سکتی ہیں۔ پرواز کی بریفنگ ہو یا چیک اِن کاؤنٹر سمیت تمام امور، خواتین نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کام کر کے سب کو حیران بھی کر دیا۔

    کراچی ایئرپورٹ خواتین

    گروپ منیجنگ ڈائریکٹر اکرم ولی محمد نے بتایا کہ گراؤنڈ ہینڈلنگ کے لیے خواتین عملے کو نجی گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی جیریز دناتا نے بھرتی کیا اور تربیت فراہم کی۔

    واضح رہے کہ ملکی ترقی میں خواتین اب ہر فیلڈ میں اپنا بے مثال کردار ادا کر رہی ہیں۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • کراچی ایئرپورٹ پر جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے بڑی خبر

    کراچی ایئرپورٹ پر جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے بڑی خبر

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عالمی معیار کا جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس اور فائر اسٹیشن تعمیر کیا جا رہا ہے۔

    ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ پروجیکٹ کی سربراہی میں اس سلسلے میں ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، جس میں منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس میں کہا گیا کہ جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس کی تعمیر اے ٹی سی کو مکمل حد نگاہ فراہم کرے گا۔

    ذرائع نے کہا ایک اندازے مطابق یہ منصوبہ 3 سال میں مکمل کیا جائے گا، اور منصوبے پر تقریباً 47 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

    نئے اے ٹی سی ٹاور میں ایریا ریڈار سینٹر کو بھی منتقل کیا جائے گا، ریڈار ڈسپلے ایریا بھی شامل ہوگا، اور شعبہ فائر کے دفاتر اور فائر اسٹیشن بھی منتقل کیے جائیں گے۔

    پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کے معاملے میں اہم پیش رفت

    موجودہ اے ٹی سی ٹاور 50 سال سے زیادہ پرانا ہے، ٹاور کی بلندی کم ہے تاہم ضروری آلات کی مدد سے سیفٹی کو یقینی بنایا گیا ہے، جب کہ نیا ٹاور مقام اور اونچائی کے لحاظ سے بین الاقوامی معیار اور جدید ہوا بازی کے تقاضوں کے عین مطابق ہوگا۔

  • دبئی سے کراچی پہنچنے والی غیر ملکی پرواز کی غلط پارکنگ کا انکشاف، ترجمان پی اے اے کی تصحیح

    دبئی سے کراچی پہنچنے والی غیر ملکی پرواز کی غلط پارکنگ کا انکشاف، ترجمان پی اے اے کی تصحیح

    کراچی: دبئی سے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والی ایک غیر ملکی پرواز کی غلط پارکنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دبئی سے کراچی آنے والی امارات ایئر لائنز کی پرواز کراچی ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ٹرمینل کی بجائے ڈومیسٹک ٹرمینل پر پارک کرا دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈنگ برج دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے طیارے کو غلط پارک کرایا گیا تھا، تاہم غلطی کا پتا چلنے کے بعد طیارے کو پش بیک کر کے انٹرنیشنل ٹرمینل پر لایا گیا۔

    خلیجی ایئر لائن کی پرواز ای کے 606 رات 12 بجکر 50 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ ہوئی تھی، غیر ملکی طیارے کی غلط پارکنگ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کے حکام کی غلطی کی وجہ سے ہوئی، اور طیارہ آدھے گھنٹے تک غلط پارکنگ پر کھڑا رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے کپتان نے کنٹرول ٹاور سے غلط پارکنگ کرانے پر شکایت کی ہے۔

    دوسری طرف ترجمان پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹ عملے کی جانب سے کسی قسم کی غلطی نہیں ہوئی ہے، نہ ہی کپتان نے کوئی شکایت درج کرائی، ایئرپورٹ عملے نے معمول کے طریقہ کار کے مطابق کام کیا اور کسی قسم کی ’’غلط پارکنگ‘‘ نہیں ہوئی۔

    ترجمان کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز مقررہ آمد کے وقت سے 23 منٹ قبل رات 12 بجکر 47 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ پہنچی تھی، جب کہ اس کی مختص کردہ انٹرنیشنل بے (بے نمبر 24) پر پہلے سے ایک اور پرواز (PK213) موجود تھی، چناں چہ طیارے کے کپتان سے گفتگو کے بعد اسے عارضی طور پر بے 16 پر پارک کیا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ جب بورڈنگ برج بے 24 خالی ہوئی، تو طیارے کو رات 1 بجکر 25 منٹ تک وہاں منتقل کیا جا چکا تھا، کپتان کو معلوم تھا کہ وہ وقت سے پہلے پہنچے ہیں، اور انھیں اپنی مختص کردہ بے کے خالی ہونے تک انتظار کرنا تھا۔

  • سمندر کے راستے معصوم شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب

    سمندر کے راستے معصوم شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب

    ایف آئی اے نے سمندر کے راستے معصوم شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سینیگال سے براستہ ایتھوپیا  کراچی پہنچنے والے مسافر سے پوچھ گچھ کی ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ سینیگال سے براستہ ایتھوپیا کراچی پہنچنے والا مسافر گزشتہ سال لاہور ایئرپورٹ سے وزٹ ویزے پر سینیگال گیا تھا، مسافر یورپ جانے کیلئے چوہدری تیمور نامی انسانی  اسمگلر سے رابطے میں تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ایجنٹ نے مسافر کو 25 لاکھ کے عوض اسپین پہنچانے  کا وعدہ کیا تھا، سینیگال پہنچنے پر مسافر کے والد نے ایجنٹ کو 25 لاکھ ادا کیے،  سینیگال پہنچنے پر ایجنٹ نے مسافر کا پاسپورٹ اپنے پاس رکھ لیا۔

    حکام کے مطابق ایجنٹ نے ہوائی جہاز کے بجائے سمندری راستے شہری کو بھجوانے کی کوشش کی لیکن مسافر نے سمندری راستے سے یورپ جانے سے انکار کیا بعد ازاں پاسپورٹ پر جعلی اسٹیمپ لگا کر یورپ بھیجنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن اس بھی ناکام رہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ مسافر کو سینیگال میں 4 ماہ تک سیف ہاؤسسز میں رکھا گیا، مسافر کے مطابق سیف ہاؤسز میں مزید 13 پاکستانی بھی موجود تھے، مسافر نے بعد ازاں وطن واپسی کا فیصلہ کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/fia-arrested-10-suspects-involved-in-begging/

  • کراچی ایئرپورٹ پر 600 سیٹر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے اہم اقدام

    کراچی ایئرپورٹ پر 600 سیٹر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے اہم اقدام

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہیوی طیاروں کی لینڈنگ ممکن بنانے کے لیے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔

    ایئرپورٹ حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر 600 سیٹر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے تعمیراتی کام جاری ہے، ایئرپورٹ پر سب سے بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے ’07 ایل‘ رن وے کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے پورا کیا جا رہا ہے۔

    نئے زیر تعمیر جدید رن وے کو رواں سال 2025 کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا، جس سے کراچی میں 600 سیٹر ایئر بس 380 طیارے کی لینڈنگ ممکن ہو سکے گی۔

    کراچی ایئرپورٹ رن وے

    ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ نئے رن وے کی تعمیر پرانے رن وے کو توڑ کر کی جا رہی ہے، بڑے طیاروں کی کراچی لینڈنگ کے لیے ایمریٹس سمیت دیگر ایئر لائنوں نے دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔

    کراچی سینٹرل جیل کے پھانسی گھاٹ کی دہشت آج بھی برقرار، رونگٹے کھڑے کر دینے والی ویڈیو رپورٹ

  • کراچی ایئر پورٹ پر طیارہ خوفناک حادثے سے بچ گیا

    کراچی ایئر پورٹ پر طیارہ خوفناک حادثے سے بچ گیا

    کراچی ایئرپورٹ پر تربیتی طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، ٹائر پھٹنے کی زور دار آواز نے خوف وہراس پھیلا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی انتظامیہ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی سے کراچی ایئرپورٹ کے طیاروں کیلئے مخصوص جیولیٹ ٹیکسی وے پر تربیتی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    رن وے پر تربیتی طیارے کا ٹائر لوہے کے ٹکڑے سے ٹکرا کر پھٹ گیا، کپتان نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگا کر طیارے کو فوری طور پر کنٹرول کیا۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ تربیتی طیارہ اڑان بھرنے کیلئے ٹیکسی وے سے رن وے کی جانب جارہا تھا کہ زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی۔

    واقعے کے نتیجے میں نجی ایوی ایشن کمپنی کے تربیتی طیارے کو ٹائر کی مد میں 5 لاکھ روپے مالیت سے زائد کا نقصان ہوگیا۔

    طیارہ واقعے سے متعلق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو تحریری طور آگاہ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر جنرل ایوی ایشن ایریا (شہری ہوا بازی) کے ہینگرز میں کتوں کی بہتات ہوگئی ہے، آوارہ کتوں کا آزادانہ گشت فلائٹ سیفٹی کے لیے خطرہ بن گیا۔

    کراچی ایئرپورٹ پر جنرل ایوی ایشن ایریا کے ہینگرز کے جنرل ایوی ایشن ایریا میں تربیتی طیاروں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔

    یہ آوارہ کتے کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، اور اسی حوالے سے گزشتہ شام بھی ایک آوارہ کتا طیارے سے ٹکراتے ٹکراتے رہ گیا تھا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر ایک دن میں 30 افراد آف لوڈ

    کراچی ایئرپورٹ پر ایک دن میں 30 افراد آف لوڈ

    کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کا غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے ایک دن میں 30 افراد آف لوڈ کر دیے گئے، آف لوڈ کیے گئے بیش تر افراد انسانی اسمگلرز کا نشانہ بننے جا رہے تھے۔

    متعدد مسافروں کو دستاویزات کی شک کی بنا پر گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی، تاہم زیادہ تر حراستی افراد کو انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔

    آف لوڈ کیے گئے افراد میں عابد علی، امین اللہ، سلمان ریاض، آفتاب احمد، محمد خلیل، محمد ریاض، احمد خان، محمد حسن، شوکت، حمزہ جاوید، اقبال، عمران، مجاہد، عمران اور اعجاز، فضل، حسین، نجف، لیاقت، کاشف، انزل، اویس، محسن، شبیر، بابر خلیل، سائرہ، دانیال ثاقب، سید بلال حسین، صدف مصطفیٰ، محمد اعجاز، اور فیض شامل ہیں۔

    پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    مسافروں کو نامکمل سفری دستاویزات سمیت دیگر الزامات کے باعث آف لوڈ کیا گیا ہے۔