Tag: Karachi airport blast

  • کراچی ائیرپورٹ دھماکے کے زخمیوں کی فہرست جاری

    کراچی ائیرپورٹ دھماکے کے زخمیوں کی فہرست جاری

    کراچی : ایئر پورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں زخمی افراد کی فہرست جناح اسپتال انتظامیہ نے جاری کردی، واقعے میں مجموعی طور پر 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اس حوالے سے جناح اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت10افراد کو زخمی حالت میں جناح اسپتال لایا گیا۔

    زخمیوں میں خاتون تسلیم،45سالہ عظیم، پولیس اہلکار وقار، محمد الیاس، محمد نعیم، عمر طارق، راعنوخان، حمزہ اور علی شامل ہیں جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔

    علاوہ ازیں ایم کیوایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی ارشد وہرہ، فرحان چشتی اور طحہ احمد نے جناح اسپتال پہنچ کر ایئرپورٹ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ ناقابل قبول ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو حکام نے واقعے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں 2غیر ملکیوں سمیت3افراد جان سے گئے جبکہ 10افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    واقعے میں چار پولیس اور دو رینجرز اہلکاروں سمیت دس افراد زخمی ہوئے۔ ایک غیر ملکی سمیت دیگر زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ہلاک غیر ملکیوں کی لاشیں نجی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کو فون کرکے واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ دھماکا : 3 غیرملکی جان سے گئے، 17 افراد زخمی

    کراچی ایئر پورٹ دھماکا : 3 غیرملکی جان سے گئے، 17 افراد زخمی

    کراچی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 3 غیر ملکی شہری جان سے گئے، واقعے میں غیر ملکی شہری سمیت17 افراد زخمی ہوئے۔

    اس حوالے سے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے میں 2افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ریسکیو حکام نے واقعے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے 3 غیر ملکیوں کی شناخت لی جون، وہ چون زن اور لی زہااو کے نام سے ہوئی ہے، دھماکے کے 17زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ آئل ٹینکر میں زور دار دھماکے کے بعد پاس ہی موجود دیگر گاڑیوں کو آگ لگنے سے زیادہ نقصان ہوا ہے، دھماکے سے متعلق مزید تحقیقات کررہے ہیں، فرانزک کی رپورٹ کے آنے تک کوئی حتمی بات نہیں کہہ سکتے۔

    جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں، تحقیقات کرکے جلد تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے، دھماکے میں سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے باعث متعدد گاڑیاں اس کی زد میں آئی ہیں۔

    ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے بتایا کہ اس واقعے کی تخریب کاری یا دہشت گردی کے عنصر سے متعلق بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئل ٹینکر میں زور دار دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    اطلاعات کے مطابق ایئرپورٹ سے ماڈل کالونی جانے والے سگنل کے قریب آئل ٹینکر میں زور دار دھماکا ہوا اور جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی۔

    دھماکا اس قدر شدید تھا کہ کورنگی، گلستان جوہر، گلشن حدید، ڈیفنس، جمشید روڈ اور گلشن اقبال سمیت دور دور تک آواز سنی گئی، ابتدائی طور پر دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مذکورہ خبر لمحہ بہ لمحہ ملنے والی تفصیلات کے مطابق شائع کی جارہی ہے، تاہم مزید معلومات کی فراہمی کے بعد مزید اپ ڈیٹس شامل کی جاتی رہیں گی۔