Tag: karachi airport

  • جاپان کے تعاون سے نصب کراچی ایئرپورٹ پر مطلوب ملزمان کی نشان دہی کا سسٹم غیر فعال

    جاپان کے تعاون سے نصب کراچی ایئرپورٹ پر مطلوب ملزمان کی نشان دہی کا سسٹم غیر فعال

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جاپان کے تعاون سے مطلوب ملزمان کی نشان دہی کے لیے نصب کیا جانے والا سسٹم ایک عرصے سے غیر فعال ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے تعاون سے کراچی ایئرپورٹ پر مطلوب ملزمان کی نشان دہی کے لیے نصب ایف آر ایس نامی سسٹم عملی طور پر غیر فعال ہو چکا ہے، پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے مطلوب ملزمان کا مکمل ڈیٹا سسٹم میں اندارج کے لیے تاحال فراہم نہیں کیا گیا۔

    ایف آئی اے کے پاس افرادی قوت کی کمی بھی سسٹم کی مکمل فعالیت کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے، فیس ریکگنیشن سسٹم تنصیب کے بعد مانیٹرنگ روم سمیت ایف آئی اے کے انتظام میں دیا گیا تھا، سسٹم میں بین الاقوامی روانگی کے انٹری گیٹ اور مختلف حصوں میں جدید کیمرے نصب کیے گئے تھے۔

    واضح رہے کہ مطلوب ملزمان کے ٹرمینل میں داخلے کے ساتھ ہی ایف آر ایس میں موجود تصاویر کی مدد سے ملزمان کی نشان دہی کرنا ممکن ہے، مانیٹرنگ روم میں موجود ڈیوٹی اہلکار کی نشان دہی پر ملزم کی حراست یقینی بنائی جاتی ہے۔

  • سعودی عرب سے آنے والا مسافر کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار

    سعودی عرب سے آنے والا مسافر کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے نے سعودی عرب سے آنے والے مسافر سکندر حسین کو کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی کراچی ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں سعودی عرب سے آنے والے مسافر سکندر حسین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم عمرے کی غرض سے سعودی عرب گیا تھا، تاہم اس نے جعلی سفری دستاویزات پر سعودی عرب سے یورپ جانے کی کوشش کی، سکندر حسین کے پاسپورٹ پر شینگن کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا اور پاسپورٹ پر امیگریشن کی جعلی اسٹمپس بھی لگی ہوئی تھیں۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے 20 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹ سے مذکورہ ویزا حاصل کیا تھا، ملزم کو ایجنٹ کی نشان دہی اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن فہد خواجہ کی جانب سے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

  • جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جانچ پڑتال، اکاؤ کی ٹیم چند دن بعد پہنچے گی

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جانچ پڑتال، اکاؤ کی ٹیم چند دن بعد پہنچے گی

    کراچی: عالمی ہوا بازی کی تنظیم اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال آڈٹ پروگرام کے تحت کراچی کا دورہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال کی ٹیم 5 سال بعد کراچی کا دورہ کرے گی، اکاؤ کی 4 رکنی ٹیم دس روزہ دورے پر روبیو آسکر کی قیادت میں 18 فروری کو کراچی پہنچے گی۔

    اکاؤ مونٹریال کی ٹیم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی اور پروازوں سے متعلق جانچ پڑتال کرے گی، اور سی اے اے اکاؤ کی ٹیم کو ایئرپورٹ پر کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دے گا، اور اس حوالے سے ایک پریذنٹیشن بھی پیش کی جائے گی۔

    یہ وفد کراچی ایئرپورٹ کی سیکیورٹی، کارگو، فلائٹ کچن، گراؤنڈ ہینڈلنگ سمیت دیگر شعبہ جات کا آڈٹ کرے گا، اکاؤ کے وفد کو سی اے اے کی جانب سے قائم کردہ جوائنٹ سرچ بیگیجز کاؤنٹر کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔

    وفد مسافروں کے سامان، اسکریننگ، جہاز میں سامان منتقل ہونے اور دیگر سیکیورٹی آلات کی جانچ ہڑتال کے عمل کو مانیٹر کرے گا۔ واضح رہے کہ اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال کی ٹیم نے آخری فزیکل آڈٹ 2019 میں اور آن لائن 2021 میں کیا تھا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر ملزمان کو پکڑنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سسٹم بند کیے جانے کا انکشاف

    کراچی ایئرپورٹ پر ملزمان کو پکڑنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سسٹم بند کیے جانے کا انکشاف

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ملزمان کو پکڑنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا حامل فیشل ریکگنیشن سسٹم بند کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نصب کیا گیا فیشل ریکگنیشن سسٹم بند کر دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے ملزمان کو پکڑنے کے لیے یہ نظام پہلے مرحلے میں کراچی ایئرپورٹ پر لگایا گیا تھا۔

    انٹرنیشنل ڈیپارچر پر اس سسٹم کی تنصیب کے بعد اسے ڈومیسٹک ڈیپارچر پر بھی نصب کیا جانا تھا تاہم ذرائع نے کہا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر تعینات حکام کی عدم دل چسپی کے باعث فیشل ریکگنیشن سسٹم غیر فعال ہو گیا ہے، جب کہ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سسٹم معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔

    فیشل ریکگنیشن نظام فعال کرنے کا مقصد ای سی ایل اور اسٹاپ لسٹ میں شامل ملزمان کے علاوہ کسی بھی پولیس اسٹیشن پر ایف آئی آر میں نامزد مفرور ملزمان کو پکڑنا تھا۔

    واضح رہے کہ فیشل ریکگنیشن سسٹم کراچی ایئرپورٹ پر چند ماہ قبل تمام کیمروں سے منسلک کر کے فعال کیا گیا تھا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال، اسٹاپ لسٹ میں ناموں کی جانچ

    کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال، اسٹاپ لسٹ میں ناموں کی جانچ

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، مسافروں کے نام اسٹاپ لسٹ میں چیک کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش لگ دیکھنے میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ہے، ایف آئی اے ایمیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں تھیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئرلائنز کی 4 پروازوں کے مسافروں کے ایمیگریشن کے عمل میں تاخیرکا سامنا رہا، مسافروں کی سفری دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی، بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسٹاپ لسٹ میں نام بھی چیک کیے گئے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ایمیگریشن نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مسافروں کی جلد از جلد ایمیگریشن کے لیے مزید عملے کو بھی لگایا گیا تھا تاکہ مسافروں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔

    انھوں نے کہا مسافروں کے ایمیگریشن کے عمل کو فوری طور پر مکمل کیا گیا تھا، بیرون ملک جانے والی 4 غیر ملکی ایئر لائنوں کی پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے رش لگ گیا تھا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر 120 ایکڑ پر محیط بڑا کارگو ولیج بنانے کا فیصلہ

    کراچی ایئرپورٹ پر 120 ایکڑ پر محیط بڑا کارگو ولیج بنانے کا فیصلہ

    کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، کراچی ایئر پورٹ پر ایک بڑا کارگو ولیج بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے کراچی میں بڑا کارگو ولیج بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں کراچی ایئرپورٹ پر 120 ایکڑ پر محیط بڑا کارگو ولیج بنے گا۔

    ذرائع سی اے اے کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شعبہ کارگو کی فیزیبلٹی رپورٹ منظور کر لی ہے، کراچی ایئرپورٹ پر کارگو ولیج میں کارگو بزنس کرنے والی ایئر لائنز اور کمپنیوں کے دفاتر بھی بنائے جائیں گے۔

    ایندھن سپلائی کے بعد پی آئی اے فلائٹ آپریشن کی بحالی میں مزید بہتری

    کراچی ایئرپورٹ پر نئے کارگو ولیج منصوبے کو سی اے اے بورڈ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، کارگو ولیج بننے سے کارگو بزنس کرنے والی ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز اور کمپنیاں پاکستان آئیں گی۔

    سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ کارگو ولیج تعمیر ہونے سے نئی ملازمتیں بھی تخلیق ہوں گی۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ون ونڈو ڈیسک عدم توجہ کا شکار

    اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ون ونڈو ڈیسک عدم توجہ کا شکار

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ون ونڈو ڈیسک عدم توجہ کا شکار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے وفاقی محتسب کی ہدایت پر ون ونڈو فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کی گئی تھی، جو عدم توجہی کا شکار ہے۔

    مذکورہ ڈیسک میں ایف آئی اے، اے ایس ایف، سی اے اے اور محکمہ پروٹیکٹر کے عملے کو ڈیسک پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم ڈیسک پر عملہ موجود نہیں رہتا، جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    روزگار کے حصول کے لیے بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پروٹیکٹر کی معمولات اور رہنمائی کرنے والا عملہ بھی موجود نہیں ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ : سامان اور جیبوں کی خود حفاظت کریں، سی اے اے

    کراچی ایئر پورٹ : سامان اور جیبوں کی خود حفاظت کریں، سی اے اے

    کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کو چھوڑنے اور لینے کیلئے آنے والوں اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی جیبیں کب اور کیسے کٹ جاتی ہیں انتطامیہ کو اس کا علم ہی نہیں ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر رش ہونے کی وجہ سے مہمانوں کو لینے کیلئے آنے والے شہریوں اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی جیب کٹنے کے واقعات کثرت سے ہونے لگے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی بے بسی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر آگاہی بینرز آویزاں کردیئے گئے جسے پڑھ کر شہریوں میں مایوسی اور غصے کیفیت پیدا ہوگئی۔

    کراچی ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل آروائیول پر آویزاں بینرز پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    سی اے اے کی جانب سے لگائے گئے بینروں میں مسافروں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ مسافر اپنے سامان کی خود حفاظت کریں، ایئرپورٹ پر جیب کتروں سے ہوشیار رہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ حجاج کرام کی واپسی پر ایئرپورٹ پر غیر معمولی رش ہوتا ہے اس لئے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق رش کے باعث مسافروں کو جیب کتروں سے محفوظ اور محتاط رہنے کیلئے آگاہی کے طور پر بینرز آویزاں کئے گئے تاکہ لوگ کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر بے بی پاؤڈر کی بوتلوں سے آئس برآمد

    کراچی ایئرپورٹ پر بے بی پاؤڈر کی بوتلوں سے آئس برآمد

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بے بی پاؤڈر کی بوتلوں سے آئس برآمد ہو گئی، مردان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کے خلاف ملک گیر 8 کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی ہیں۔

    کراچی ایئرپورٹ پر ایک مسافر سے 1 کلو 256 گرام آئس، اور 6 کلو 500 گرام مشکوک مواد برآمد ہوا، مردان کا رہائشی غیر ملکی پرواز سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہو رہا تھا، برآمد شدہ آئس بے بی پاؤڈر کی 2 بوتلوں میں چھپائی گئی تھی۔

    اے این ایف اور کسٹم کی مشترکہ کارروائی میں جی پی او آٖفس میں پارسل سے 270 گرام چرس برآمد ہوئی، یہ پارسل بنکاک کے لیے بُک کرایا گیا تھا۔ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر سے 390 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، پاکپتن کا رہائشی ملزم غیر ملکی پرواز سے دبئی جا رہا تھا، ہیروئن ملزم کے کپڑوں میں چھپائی گئی تھی۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق راولپنڈی کے رہائشی ملزم سے 100 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں، کوہاٹ ہنگو بائی پاس کے قریب تھیلوں میں چھپائی گئی 14 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی، لاہور میں واقع پدھانہ گاؤں میں ملزم سے 1020 گرام آئس برآمد کی گئی، لاہور میں نجی کوریئر آفس میں پارسل سے 922 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، جو لیدر سے بنے 600 کینچی کے کوورز میں چھپائی گئی تھی۔

    کوئٹہ کچلاک بائی پاس کے قریب غیرآباد علاقے سے 90 کلو چرس، اور 20 کلو ہیروئن برآمد ہوئی، یہ منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی، تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

  • اڑان بھرتے ہی پی آئی اے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا

    اڑان بھرتے ہی پی آئی اے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اڑان بھرتے ہی پی آئی اے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر قومی ایئر لائن کے طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا تشویش ناک حادثہ پیش آیا ہے، کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کی پرواز اڑان کے فوری بعد کراچی واپس اتار لی گئی۔

    ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اڑان کے 5 منٹ بعد پائلٹ نے ٹریفک کنٹرول کو جہاز سے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع دی تھی، اور اڑان کے 17 منٹ بعد پرواز 9 بجے کراچی ایئر پورٹ پر واپس لینڈ کر گئی۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ایئر بس اے 320 طیارہ بہ حفاظت لینڈ کر گیا ہے، اور طیارے کا معائنہ کیا جا رہا ہے، پرندہ ٹکرانے سے تیکنیکی خرابی پیدا ہو گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق طیارہ حب ڈیم کی حدود میں تھا جب اسے واپس کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا، طیارے کی فنی خرابی دور کرنے کے بعد پرواز کو دوبارہ کوئٹہ روانہ کر دیا جائے گا۔