Tag: karachi airport

  • شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    کراچی: شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز نے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق شارجہ سے بھارت جانے والی ایک پرواز کو گزشتہ رات سوا 2 بجے کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں فنی خرابی آ گئی تھی جس کے باعث اسے کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا، پرواز نے پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 11 بجے بھارت کے لیے اڑان بھری تھی۔

    ذرائع کے مطابق پرواز 6E-1406 کو 2 بجے رات کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا، ایئر بس اے 320 میں 125 مسافر سوار ہیں۔

  • کراچی ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے عملے نے 8 سالہ  بچے کو بڑے حادثے سے بچا لیا

    کراچی ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے عملے نے 8 سالہ بچے کو بڑے حادثے سے بچا لیا

    کراچی: ائیرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے 8 سالہ بچے کو بڑے حادثے سے بچا لیا، بچہ آدھے گھنٹے تک لفٹ میں پھنسا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جناح ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لفٹ میں پھنسے آٹھ سال کے بچے کو حادثے سے بچا لیا۔

    کراچی ایئرپورٹ پر بچہ اپنی والدہ کے ہمراہ گراونڈ فلور سے 1 فلور انٹرنیشنل ڈیپارچر لاونج آرہا تھا کہ لفٹ میں پھنس گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق بچے کی والدہ لفٹ سے باہر آگئیں تھی لیکن بچہ لفٹ کے پینل پر نصب بٹنوں سے کھیلنے لگا اور لفٹ کا دورازہ اچانک بند ہونے سے لفٹ درمیان میں پھنس گئی۔

    جس کی وجہ سے بچہ لفٹ میں آدھے گھنٹے تک پھنسا رہا ، ڈیوٹی ٹرمینل مینیجر نصرت اسحاق نے اطلاع پر لفٹ کو اسٹاپ کرواکر مینول طریقے سے دروازے کے ذریعے بچے کو باہرنکالا۔

    ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا بچہ اور اس کی والدہ کراچی سے دبئی جا رہے تھے۔

  • کراچی ایئرپورٹ کا رن وے ایک ماہ کے لئے بند

    کراچی ایئرپورٹ کا رن وے ایک ماہ کے لئے بند

    کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے ایک ماہ کے لئے جزوی طور پر  بند کردیا گیا، گزشتہ روز بند کیا جانے والا رن وے پورے مہینے بند رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا رن وے کل بروز منگل یکم مارچ سے31 مارچ تک ہفتے کے پانچ یوم دو گھنٹوں کے لیے بند رہے گا۔

    اس حوالے سے نوٹم بھی جاری کردیا گیا نوٹم کے مطابق دوران بندش مرکزی رن وے7آر25ایل پر جہازوں کی لینڈنگ بند رہے گی۔

    سی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ رن وے کے بند ہونے کے دوران دوسرا رن وے07ایل 25آر لینڈنگ کے لیے استعمال ہوگا ۔

    سول ایوی ایشن کے مطابق اس بندش کی وجہ رن وے پر جہازوں کی لینڈنگ کے دوران جمع ہونے والے ٹائروں کی ربر ہٹانے کا کام جاری رہے گا۔

    ذرائع کے مطابق پیر، منگل اور جمعرات کو رن وے کی بندش کے اوقات صبح8 بجے سے10 بجے تک ہوں گے، بدھ کے اوقات30: 9 سے 11:30 اور جمعہ کو صبح9 سے11 بجے تک ہوں گے۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں‌ پھیل گیا

    کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں‌ پھیل گیا

    کراچی: کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں پھیل گیا، اور آگ کی بو محسوس کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے کے ساتھ حادثہ پیش آیا ہے، قومی ایئر لائن کی کراچی سے لاہور کی پرواز میں اچانک فائر وارننگ کے سبب مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

    ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 لاہور روانگی کے لیے تیار تھی، بوئنگ 777 طیارہ ٹیک آف کے لیے رن وے پر پہنچ گیا تھا، کہ اچانک طیارے کے ایئرکنڈیشنڈ ڈکس سے ہلکا دھواں نکلنے لگا، مسافروں نے آگ کی بو بھی محسوس کی۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ فائر انڈیکیشن ملنے پر پائلٹ نے طیارے کا ٹیک آف فوری طور پر منسوخ کر دیا، اور طیارے کو فوری طور پر واپس ٹرمینل کی طرف لے جایا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام مسافروں کو آف لوڈ کر کے طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی، جلد ہی پرواز پی کے 306 دوبارہ لاہور روانہ کی جائے گی۔

    ایئر پورٹ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ طیارے میں 328 مسافر سوار تھے، جن میں سے 64 مسافروں نے طیارے میں دوبارہ سوار ہونے سے انکار کر دیا ہے، جن کا سامان آف لوڈ کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی سے لاہور جانے والی پرواز تاخیر کا شکار، طیارے کے پروں پر خون کے دھبے مل گئے

    کراچی سے لاہور جانے والی پرواز تاخیر کا شکار، طیارے کے پروں پر خون کے دھبے مل گئے

    کراچی: شہر قائد سے لاہور جانے والی ایک نجی ایئر لائن کی پرواز غیر معمولی تاخیر کا شکار ہو گئی، طیارے کے پروں پر خون کے دھبے پائے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز میں 4 گھنٹوں سے زیادہ تاخیر پر مسافروں کا پارہ ہائی ہو گیا، جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔

    پرواز پی اے 402 کو دوپہر 12 بجے لاہور روانہ ہونا تھا لیکن کئی گھنٹوں کی تاخیر پر ایئر پورٹ پر مسافروں اور عملے کے درمیان تکرار شروع ہوئی، جس کے بعد مسافروں نے شور شرابا کیا اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔

    مسافروں کا کہنا تھا کہ انھیں پرواز کی روانگی کے حوالے سے درست معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

    ادھر ترجمان ایئر لائن کا کہنا ہے کہ لاہور سے کراچی پہنچنے والے طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا شبہ ہے، طیارے کے پروں پر پرندے کے خون کے دھبے نظر آئے ہیں۔

    ترجمان ایئر لائن کے مطابق انجینئرز کی ٹیم نے طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی ہے، جس کے بعد پرواز کو لاہور کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی ائیرپورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام ، مسافر سے غیر ملکی کرنسی برآمد

    کراچی ائیرپورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام ، مسافر سے غیر ملکی کرنسی برآمد

    کراچی : ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس نے کراچی ائیر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی اور دبئی جانیوالے مسافر سے ملکی اورغیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کراچی ائیر پورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانیوالے مسافرسے ملکی اورغیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔

    ترجمان اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کےدوران کرنسی برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنائی۔

    ترجمان کے مطابق رقم مسافرحیات اللہ کے بیگ سے برآمد ہوئی ، مذکورہ کرنسی کی مالیت پاکستانی 71 لاکھ 90 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔

    اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ برآمد کی جانے والی کرنسی میں ستاون ہزار دو سو بیس آسٹریلین، 350 امریکی ڈالراور 52 ہزار پاکستانی روپے شامل ہیں، ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے کراچی سے دبئی جانے والے 2 مسافروں سے کروڑوں روپے کی غیرملکی کرنسی برآمد کرلی تھی، غیر ملکی کرنسی میں یورو اور ڈالر شامل تھے۔

  • پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والے  99 مسافر کورونا  میں مبتلا نکلے

    پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والے 99 مسافر کورونا میں مبتلا نکلے

    کراچی : پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے 99 مسافر کورونا میں مبتلا نکلے ، جس کے بعد تمام مسافروں کو سفرکرنے سے روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اومیکرون کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر ایئرپورٹ پر مسافروں کی ریپڈٹیسٹ کے ذریعے جانچ پڑتال جاری ہے۔

    جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر دبئی،شارجہ اور بوظہبی جانیوالے 99 مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، جس کے بعد تمام مسافروں کو سفرکرنے سے روک دیا گیا۔

    ذرائع سی اے اے کا کہنا ہے کہ مثبت آنیوالے مسافروں کو قرنطینہ کیلئے گھرروانہ کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مسافرمختلف پروازوں کےذریعے متحدہ عرب امارات جارہےتھے ، کراچی ایئرپورٹ پرمسافروں کے روانگی سے4 گھنٹے قبل ریپڈٹیسٹ کئے گئے تھے۔

    یاد رہے اس سے قبل بھی متحدہ عرب امارات جانے والے 36مسافر کورونا زدہ نکلے، مذکورہ مسافروں کی روانگی منسوخ کرکے ان کو فوری طور پر قرنطینہ مرکز پہنچا دیا گیا۔

    یاد رہے اس سے قبل رواں ماہ ہی کراچی سے دبئی جانے والے 36مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں سفر کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ریپیڈ انٹیجن ٹیسٹ کے ذریعے ان مسافروں کی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

  • کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں میں کووڈ 19 کی تصدیق

    کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں میں کووڈ 19 کی تصدیق

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوگئی، تمام مسافروں کو ایئر پورٹ سے قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر 5 مسافروں میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوگئی، مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

    ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ان میں سے 4 مسافر سعودی عرب سے اور ایک خاتون مسافر دبئی سے کراچی پہنچیں۔

    ذرائع کے مطابق چاروں مسافروں کو قرنطینہ کے کورنگی سینٹر منتقل کردیا گیا جبکہ خاتون مسافر کو مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے بتایا تھا کہ ملک میں اب تک کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 75 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کے مطابق اومیکرون ویرینٹ کا پہلا کیس 13 دسمبر کو کراچی میں سامنے آیا تھا، شہر قائد میں اب تک اومیکرون ویرینٹ کے 33 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی صحت حکام اومیکرون کے حوالے سے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اومیکرون سے متاثرہ افراد کو فوری آئسولیٹ کیا جا چکا ہے۔

  • اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی

    اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی

    کراچی: سعودی عرب جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی، جس کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والی ایک پرواز کے ساتھ آج دوران پرواز حادثہ پیش آیا تھا، پرواز پی کے 9753 اسلام آباد سے ریاض جا رہی تھی، جب اچانک کاک پٹ کے سائیڈ کا شیشہ خراب موسم کے باعث تڑخ گیا۔

    دوران پرواز بوئنگ ٹرپل سیون طیارے کے سائیڈ ونڈ اسکرین میں کریک کے باعث طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا۔

    پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو مرمت کے بعد ریاض روانہ کر دیا گیا تھا، اس سے قبل کراچی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے انجینئرز نے طیارے کی ونڈو اسکرین تبدیل کر دی تھی۔

    ایئرپورٹ پر غیر معمولی صورت حال، اچانک کیا ہوگیا؟

    ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق ونڈو گلاس اسکرین پر کریک پڑنے پر طیارے کے کپتان نے کراچی ایئر پورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے فوری رابطہ کر کے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔

    اے ٹی سی اجازت ملنے پر کپتان نے طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کرائی، ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات کے تحت طیارے کو رن وے پر اتارا گیا تھا۔

    ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا تھا۔

  • غیر ملکی ایئر لائن کی پہلی پرواز کو واٹر سیلوٹ

    غیر ملکی ایئر لائن کی پہلی پرواز کو واٹر سیلوٹ

    کراچی: شام کی ایک نجی فضائی کمپنی شام ونگز کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی، ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد طیارے کو واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی کمپنی شام ونگز کی پہلی پرواز کراچی ایئرپورٹ پر اتر گئی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے طیارے کو رسم کے مطابق واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا، پاکستان کے لیے شام ونگز ایئر کی یہ پہلی پرواز ہے، جس سے ملکی ہوا بازی کی صنعت میں نیا اضافہ ہو گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق غیر ملکی ایئر لائن نے پاکستان کے لیے اب باقاعدہ فلائٹ آپریشن شروع کر دیا ہے، پہلی پرواز دمشق سے کراچی کے جناح ٹرمینل پر پہنچی، جس میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔

    شام ونگز کی پرواز آج ہی مسافروں کو لے کر کراچی سے روانہ ہوگی، اس کمپنی کا صدر دفتر شام کے دارالحکومت دمشق میں واقع ہے۔

    ملکی ہوابازی کی صنعت میں نئی ایئرلائن کا اضافہ

    اس کمپنی نے گزشتہ ماہ کے آخر میں دمشق سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کے لیے بھی اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں، جو ایک عرصے سے خانہ جنگی کی وجہ سے معطل ہوگئی تھیں۔