Tag: karachi airport

  • اسمگلنگ کی کوشش ناکام : کراچی ایئر پورٹ کے باہر کار سے ممنوعہ ادویات برآمد

    اسمگلنگ کی کوشش ناکام : کراچی ایئر پورٹ کے باہر کار سے ممنوعہ ادویات برآمد

    کراچی : اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی ایئر پورٹ کی پارکنگ میں موجود گاڑی سے مننوعہ ادویات کی کھیپ پکڑلی، جسے اسمگل کرنے لیے کراچی سے لے دبئی لے جایا جانا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی میں سے بھاری مقدار میں 34 کلو گرام سے زائد ممنوعہ ادویات برآمد کرلیں۔

    اے این ایف نے موقع پر ہی ملزم کو گرفتار کرلیا، اینٹی نارکوٹکس فورس کے ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ پارکنگ ایریا میں گاڑی نمبر بی ایچ کے 242 میں ممنوعہ ادویات چھپائی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ مذکورہ ادویات کو پی آئی اے کی پرواز پی کے603 کے ذریعے باہر اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، ان ادویات کو دبئی کے ذریعہ کوالالمپور پہنچایا جانا تھا۔

  • کراچی ایئر پورٹ کے اطراف گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کو پولیس کی وارننگ

    کراچی ایئر پورٹ کے اطراف گاڑیاں کھڑی کرنے والوں کو پولیس کی وارننگ

    کراچی ایئر پورٹ اور اس کے اطراف میں موٹر سائیکل اور کاریں کھڑی کرنے والے ہوشیار ہوجائیں، گاڑی یا موٹرسائیکل جب بھی کھڑی کریں اچھی طرح لاک کردیں انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہوگی۔

    ایئرپورٹ پولیس نے گاڑی اور موٹر سائیکل کی پارکنگ محفوظ بنانے کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ جناح ٹرمینل اور کارگو ایریاز کی پارکنگ میں جب بھی گاڑی اور موٹر سائیکل کھڑی کی جائے اسے اچھی طرح لاک کیا جائے۔

    جناح ٹرمینل اور ملحقہ علاقوں میں بغیر لاک کئے کھڑی کی گئیں کار اور موٹر سائیکلوں کو حوالہ پولیس کردیا جائے گا، اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ اور کارگو کمپلیکس میں کام کرنے والے ملازمین کو وارننگ جاری کر دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی موٹر سائیکلوں کی چوری اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر جناح ٹرمینل کارگو ٹرمینلز اور ملحقہ علاقوں کے لئے سخت ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا، گاڑیوں کے لفٹ کئے جانے میں ہونے والے نقصانات کے ذمہ دار کار اور موٹر سائیکل مالکان خود ہوں ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی مشقیں جولائی میں ہوں گی

    کراچی ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی مشقیں جولائی میں ہوں گی

    کراچی : کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کراچی ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی مشقیں جولائی میں ہوگی، مشقوں کا مقصد تمام اداروں کی صلاحیتوں کو جانچنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر فل اسکیل ایمرجنسی مشقیں جولائی میں ہوں گی، اس حوالے سے ایئرپورٹ منیجر ظفر اعتماد کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ مذکورہ مشقوں میں فائر، ریسکیو، ویجیلنس، ایمبولنس سروسز اور طبی امداد کے ادارے حصہ لیں گے، ان اداروں کے اہلکار ایئرپورٹ پر مصنوعی طور پر پیداکردہ ہنگامی حالات سے نبرد آزما ہوکر اپنی مستعدی اور مہارت کا مظاہریں کریں گے۔

    مشقوں کا مقصد تمام اداروں کی صلاحیتوں کو جانچنا ہے، مشقوں کا مقصد عالمی ہوابازی کی انجمن کے مطابق ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے صلاحیتوں کو جانچنا ہے، اجلاس میں مشقوں سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

  • کراچی ایئرپورٹ: ایف آئی اے نے ملیشیا جانے والے 60سے زائد مسافر آف لوڈ کردیئے

    کراچی ایئرپورٹ: ایف آئی اے نے ملیشیا جانے والے 60سے زائد مسافر آف لوڈ کردیئے

    کراچی : ایف آئی اے نے کراچی ایئر پورٹ سے روزگار کیلئے ملائشیا جانے والے 60 مسافروں کو جانے سے روک دیا، جبکہ 35 سے زائد افراد کی امیگریشن کرنے سے بھی انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق  ملیشیا جانے والے 60سے زائد مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ کردیا گیا اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ35سے زائد مسافر وں کے ساتھ ویزا اور ورک پرمٹ ہونے کے باوجود ایف آئی اے نے امیگریشن کرنے سے انکار کردیا۔

    تمام مسافر سری لنکن ایئرلائن کی پرواز سے کولمبو براستہ ملیشیا جارہے تھے، ایف آئی اے نے انہیں اجازت نہ دی، ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملیشیا جانے والے مجموعی طور پر70سے زائد مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا ہے۔

    مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر سفری دستاویزات، ویزہ اور پروٹیکٹر ہونے کے باوجود ایف آئی اے انہیں آف لوڈ کررہی ہے، زیادہ تر مسافروں کے پاس لیبر ورک ویزہ ہے جو ملیشیا مزدوری کیلئے جارہے تھے۔

    دوسری جانب ایف آئی اے حکام کی جانب سے اس اقدام کی وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ مسافروں کو کس بنیاد پر بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔

  • کراچی ایئرپورٹ : کسٹمزعملے نے اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنا شروع کردیا

    کراچی ایئرپورٹ : کسٹمزعملے نے اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنا شروع کردیا

    کراچی :کسٹمز کا عملہ اوورسیز پاکستانیوں کو چیکنگ کے نام پر پریشان کررہا ہے، مسافروں سے کسٹمز ڈیوٹی وصول کرنے کے بجائے ان کا سامان ضبط کیا جارہا ہے، کراچی ایئر پورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، عید کے موقع پر بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو کسٹمز کے عملے نے تنگ کرنا شروع کردیا۔

    کراچی ایئرپورٹ کے انٹر نیشنل آرائیول لاؤنج پر کسٹمز کے عملے نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو لمبی قطاریں لگا کر ان کا سامان چیک کرنا شروع کردیا۔

    سعودی عرب، دبئی اور مسقط سے آنے والے مسافروں سے کسٹمز کا عملہ سب سے زیادہ تنگ کررہا ہے، ایئرپورٹ پر کسٹمز کے عملے اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

    کسٹمز کے عملے نے چیکنگ کے نام پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے سامان سے بچوں کی چاکلیٹ اور ضروری اشیاء نکالنا شروع کردیں، اس کے علاوہ مسافروں سے کسٹمز ڈیوٹی وصول کرنے کے بجائے ان کا سامان ضبط کیا جارہا ہے، جس پر مسافروں نے احتجاج کیا۔

    ایک مسافر کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے سامان پر ٹیکس بنتا ہے تو ہم سے وصول کیا جائے، کسٹمز کا عملہ مسافروں کے ہینڈ بیگ میں لانے والی سبزیوں کو بھی ضبط کر رہا ہے۔

    مسافر کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منانے پاکستان آئے ہیں لیکن ایئرپورٹ پر کسٹمز کا عملہ تنگ کررہا ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ سے براؤن ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ، مسافر گرفتار

    کراچی ایئر پورٹ سے براؤن ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ، مسافر گرفتار

    کراچی : اے ایس ایف نے کراچی ایئر پورٹ پر اسمگلنگ کرنے کو شش ناکام بناتے ہوئے مسافر کے بیگ سے براؤن ہیروئن برآمد کرلی، ملزم کو اے این ایف کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کے عملے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرو ن ملک ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا، مسافر کے بیگ سے ساڑھے اٹھارہ کلو گرام براؤن ہیروئن برآمد کرلی گئی۔


    محمد زروف نامی مسافر غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای کے601کے ذریعے دبئی براستہ برمنگھم جارہا تھا۔ اے ایس ایف نے مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو اس کے بیگ سے ساڑھے اٹھارہ کلو براؤن ہیروئن برآمد ہوئی۔

    مسافر نے بیگ کے خفیہ خانوں میں ہیروئن چھپا رکھی تھی۔ بیرون ملک اسمگل کی جانے والی ہیروئن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے، اے ایس ایف نے مزید تفتیش کیلئے مسافر کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر کئی سال سے کھڑے ناکارہ طیارے، محکمہ کسٹم نے اہم فیصلہ کرلیا

    کراچی ایئرپورٹ پر کئی سال سے کھڑے ناکارہ طیارے، محکمہ کسٹم نے اہم فیصلہ کرلیا

    کراچی : قائد اعظم انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کھڑے ناکارہ جہازوں کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کی خبر پر محکمہ کسٹم حرکت میں آگیا، ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر گزشتہ کئی سال سے کھڑے ناکارہ طیاروں کی خبر نشر کرنے پر محکمہ کسٹم کو ہوش آگیا، ناکارہ جہازوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنکل کمیٹی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی،پی آئی اے اور نجی ائیر لائین کے انجینئرز شامل ہیں، مذکورہ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ ناکارہ جہازوں کو نیلام کیا جائے یا اسکریپ میں شامل کردیا جائے، دو سے تین ماہ میں ٹیکنیکل کمیٹی ناکارہ جہازوں سے متعلق سفارشات طے کرکے متعلقہ حکام کو پیش کرے گی۔

    کلکٹر کسٹم فیروز جونیجو نے نمائندہ اے آر وائی نیوز صلاح الدین کو بتایا کہ40 تا 45 قومی اور نجی ائیر لائنز کے ناکارہ طیارے ناکارہ حالت میں ایئرپورٹ پر موجود ہیں، ان ناکارہ جہازوں پر محکمہ کسٹم کے اربوں روپے کے واجبات ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے ناکارہ طیارے خطرے کی علامت بن گئے

    یاد رہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر گزشتہ کئی سال سے کھڑے ناکارہ طیارے پرندوں کا گھر بن گئے ہیں جس کے باعث طیاروں کی حفاظت کو خدشات لاحق ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ یہ ناکارہ طیارے پارکنگ کے مسائل کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ خراب طیاروں میں پرندوں نے گھونسلے بنا لیے، جس کی وجہ سے جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کئی ناکارہ طیارے ویٹ اور ڈرائی لیز پر حاصل کیے گئے تھے، غیر ملکی کمپنیاں ناکارہ طیاروں کو بھاری ٹیکس ادائیگی کے باعث نہیں ہٹا رہیں، طیارے گزشتہ کئی سال سے کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے ناکارہ طیارے خطرے کی علامت بن گئے

    کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے ناکارہ طیارے خطرے کی علامت بن گئے

    کراچی: کراچی ایئر پورٹ پر گزشتہ کئی سال سے کھڑے ناکارہ طیارے پرندوں کا گھر بن گئے جس کے باعث طیاروں کی حفاظت کو خدشات لاحق ہوگئے، ناکارہ طیارے پارکنگ کے مسائل کا سبب بھی بن رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ایئرپورٹ پر کھڑے ناکارہ طیارے خطرے کی علامت بن گئے، ناکارہ طیاروں کے باعث اڑتے جہازوں کو خطرات لاحق ہیں۔

    ناکارہ طیارے کھڑے رہنے سے کئی مسائل جنم لے رہے ہیںِ، خراب طیاروں میں پرندوں نے گھونسلے بھی بنا لیے۔ پرندوں کی وجہ سے جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں۔

    ایئرپورٹ پر کھڑے طیاروں میں سے کسی کا انجن خراب تو کسی کے پر غائب ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ناکارہ طیارے ہٹانے کے لیے متعلقہ اداروں کو متعدد خطوط لکھے ہیں۔

    سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ طیاروں پر ٹیکس ادئیگی کے کروڑوں روپے واجب الادا ہیں، سول ایوی ایشن ناکارہ طیاروں کو ہٹانے یا بیچنے کا فیصلہ از خود نہیں کر سکتی، ناکارہ طیاروں کو ہٹانے کی ذمہ دار کسٹم کلکٹریٹ ہے۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کئی ناکارہ طیارے ویٹ اور ڈرائی لیز پر حاصل کیے گئے تھے۔ غیر ملکی کمپنیاں ناکارہ طیاروں کو بھاری ٹیکس ادائیگی کے باعث نہیں ہٹا رہیں، طیارے گزشتہ کئی سال سے کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں۔

    انتظامیہ ناکارہ طیاروں سے پرندوں کو دور رکھنے کے لیے بھاری رقم بھی خرچ کر رہی ہے۔

  • شہید سید اریب احمد کا جسد خاکی آج صبح کراچی پہنچے گا

    شہید سید اریب احمد کا جسد خاکی آج صبح کراچی پہنچے گا

    کراچی : سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید سید اریب احمد کا جسد خاکی نیوزی لینڈ سے پاکستان کے لیے روانہ کردیا گیا، آج صبح کراچی پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کی مسجد میں دہشت گرد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سید اریب احمد کا جسد خاکی آج پاکستان لایا جائے گا، شہید کی نماز جنازہ و تدفین آج ہی کی جائے گی۔

    کراچی ایئرپورٹ منیجر کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ کارگو پر جسد خاکی وصول کرنے کے حوالے سے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    میت غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے سکس ڈبل زیرو کے ذریعے صبح دس بجے کراچی پہنچے گی، سول ایوی ایشن کے مطابق شہید سید اریب احمد کی میت گھر تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے۔

    جسد خاکی ایئرپورٹ سے ان کی رہائش گاہ ایف بی ایریا پہنچایا جائے گا۔ شہید کی نمازجنازہ سہ پہر تین بجے سنگم گراؤنڈ دستگیر نو نمبر میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین سخی حسن قبرستان میں ہوگی۔

    سید اریب احمد کے بارے میں ان کے ایک رشتے دار محمد مظفر نے میڈیا کو بتایا کہ’وہ ہمیشہ سے ایک دین دار لڑکا تھا، نماز کی پابندی کرتا اور پڑھائی اس کے لیے پہلی ترجیح تھی۔

    اریب نے حال ہی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور اس کے بعد بہتر مستقبل کی تلاش میں نیوزی لینڈ روانہ ہوئے وہ اپنے والدین کے ایک ہی بیٹے تھے اور ان کی ایک چھوٹی بہن ہیں۔

  • قومی ویمن کرکٹرز کی وطن واپسی، تاریخی کارنامہ لیکن حیران کن استقبال

    قومی ویمن کرکٹرز کی وطن واپسی، تاریخی کارنامہ لیکن حیران کن استقبال

    کراچی : ون ڈے سیریز میں سولہ سال بعد ویسٹ انڈیز کو شکست دینے والی پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا آغاز ہوگیا، کراچی ایئر پورٹ پر کوئی آفیشل ان کے استقبال کو نہیں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کی دبئی سے وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا، جویریہ ودود، ناہیدہ بی بی، کائنات امتیاز، اومامہ سہیل اور ایمن انور ٹیم مینجر عبدالرقیب کے ساتھ دبئی سے واپس کراچی پہنچ گئیں۔

    ایئر پورٹ پر پی سی بی حکام یا کوئی نامور شخصیات میں سے کھلاڑیوں کے استقبال کیلئے موجود نہیں تھا، کھلاڑیوں کے اہل خانہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔

    اس موقع پر اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی حسن سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کھلاڑی جویریہ ودود خان نے کہا کہ ٹیم کی محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تاریخ ساز کامیابی سمیٹی، پہلے میچ میں پلان پر صحیح سے عمل نہ کرسکے جس کی وجہ سے شکست ہوئی، اگلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کی ان فارم بیٹرز کو ٹارگٹ بنایا اور کامیاب رہے۔

    جویریہ ودود کا مزید کہنا تھا کہ دبئی میں وکٹ اسپنرز کیلئے نہیں بلکہ سیمرز کے لیے ساز گار تھی، ایسی وکٹوں پر کھیلنے کا تجربہ جنوبی افریقہ میں کام آئے گا، دورہ جنوبی افریقہ میں ایک ماہ کا عرصہ باقی رہ گیا ہے اور ایک ماہ کے دوران ہم جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کی تیاری مکمل کرلیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان ٹیم کی سپر اسٹار نہیں ہوں میرا کام صرف ٹیم کے لیے اچھے نتائج دینا ہے، گزارش ہے کہ مینز ٹیم کے ساتھ پاکستان ویمنز ٹیم کی حوصلہ افزائی بھی کرنی چاہیے۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں1-2 سے زیر کیا، پاکستان وومن ٹیم نے سولہ سال کے عرصے میں پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔