Tag: karachi cantt station

  • کراچی کینٹ سے تیسری عید اسپیشل ٹرین لاہور کے لیے روانہ

    کراچی کینٹ سے تیسری عید اسپیشل ٹرین لاہور کے لیے روانہ

    کراچی : کینٹ اسٹیشن سے تیسری عید اسپیشل ٹرین لاہور کے لیے روانہ ہوگئی ہے، کورونا ایس او پی پر عمل کرتے ہوئے ساٹھ فیصد بکنگ میں صرف آٹھ سو چورانوے مسافروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے تھے۔

    کراچی سے اپنوں میں عید کی خوشیاں  منانے کیلئے لوگ بیرون شہر چلےگئے،  پاکستان ریلوے کی تیسری عید اسپیشل ٹرین کراچی کینٹ اسٹیشن سے 894مسافروں کو لے کر روانہ ہوگئی۔

    چہرے پر عید کی خوشیاں اور  عید اسپیشل ٹرین کا ٹکٹ حاصل کرنے کی مسرت لیے لوگ اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

    یہ ہیں مسافر عید اسپیشل ٹرین کے جو اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کے لیے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ عید اسپیشل ٹرین کی وجہ سے ہم اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید اور قربانی کی خوشیاں منائیں گے۔

    تیسری عید اسپیشل ٹرین 15 بوگیوں پر مشتمل ہے جن میں 13 اکانومی کلاس اور 2 اے سی اسٹینڈرڈ شامل ہیں۔کراچی سے تین عید اسپیشل ٹرینیں دو،  راولپنڈی اور ایک لاہور کے لیے چلائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان ریلوے نے کراچی سے اندرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے 4 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔

    جن میں سے پہلی ٹرین منگل کو صبح 11بج کر 45 منٹ پر راولپنڈی کے لیے روانہ ہوئی، 14 اکنامی کلاس کی بوگیوں پر مشتمل اس ٹرین میں 1300 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ مگر کورونا ایس او پی کے سبب صرف 60 فیصد بکنگ کی گئی اور 753 مسافروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے۔

  • کراچی کینٹ اسٹیشن پر ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول بری طرح متاثر، مسافر اذیت کا شکار

    کراچی کینٹ اسٹیشن پر ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول بری طرح متاثر، مسافر اذیت کا شکار

    کراچی : محکمہ ریلوے کی بدانتظامی اور حادثات سے ٹرینوں کی آمدورفت تاحال شدید متاثر ہے ریلوے حکام ٹرین آپریشن کو معمول پر لانے میں ناکام رہے ہیں جس سے مسافروں کو انتظار کی کوفت اور اذیت کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے کی غفلت کے باعث ٹرینوں کا آپریشن تاحال معمول پر نہیں آسکا ہے۔ بچے ہوں یا بڑے ٹرینوں کی آمد و روفت میں گھنٹوں تاخیر نے ہرایک کو پریشان کیے رکھا ہے جس کی وجہ سے اسٹیشنوں پر مسافروں کا رش نظر آنا معمول بن گیا ہے۔

    کراچی کینٹ اسٹیشن پر ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول بری طرح متاثر ہورہا ہے، اس حوالے سے ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ تیزگام، قراقرم اور کراچی ایکسپریس واشنگ لائن میں تیار کھڑی ہیں۔

    تینوں ٹرینوں کو پلیٹ فارم پرنہیں لگایا گیا۔ تیزگام کو ساڑھے5بجے اور کراچی ایکسپریس کو ساڑھے4بجے روانہ ہونا تھا جبکہ قراقرم ایکسپریس نے ساڑھے3بجے روانہ ہونا تھا۔

    ذرائع کے مطابق قراقرم ایکسپریس7گھنٹے، کراچی ایکسپریس6گھنٹے اور تیزگام5گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، ریلوے عملہ گاڑیاں تیار ہونےکے باوجود ٹرینیں پلیٹ فارم پر نہیں لگا رہا۔

    اس کے علاوہ خیبرمیل اور گرین لائن ایکسپریس6گھنٹے سے پلیٹ فارم پر کھڑی ہیں، خیبرمیل اور گرین لائن ایکسپریس کو صفائی کیلئے واشنگ لائن لے جایا نہیں گیا، ان دونوں ٹرینوں کی روانگی بھی دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق گرین لائن10بجے اور خیبر میل نے سوا10بجے روانہ ہونا تھا، مسافر کہتے ہیں کہ ریلوے کا عملہ بھی انہیں درست معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہے جبکہ انکوائری کا نمبر بھی نہیں ملتا۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق اندرون ملک سے ٹرینیں تاخیر سے کراچی پہنچ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ واشنگ لائن میں لگنے کے بعد دو سے تین گھنٹوں کی تاخیر سے مسافروں کو لے کرروانہ ہوتی ہیں۔

    ریلوے حکام کی غفلت نے مسافروں کے سفر کو مایوس کن بنادیا ہے۔ دوسری جانب ٹرینوں کے مسافر کئی گھنٹوں سے پلیٹ فارم پر بےیارو مددگار بیٹھے ہیں۔