Tag: Karachi citizens

  • اہلیان کراچی کیلئے بری خبر: بجلی کی قیمت میں بڑا اضافہ

    اہلیان کراچی کیلئے بری خبر: بجلی کی قیمت میں بڑا اضافہ

    کراچی : نیپرا نے شہر قائد کے باسیوں پر ایک بار پھر بجلی گرادی، کراچی والوں کیلئے بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کیلئے بجلی 10 روپے فی یونٹ تک مہنگی کردی گئی ہے، نیپرا کے فیصلے کے بعد کے الیکٹرک نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی 9 ماہ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے، کے الیکٹرک صارفین سے اضافی وصولیاں جون تا ستمبر 2024 میں کی جائیں گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کو جون میں 2 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافی دینا ہوں گے جبکہ جولائی میں 3 روپے 11 پیسے فی یونٹ اضافی ادائیگی کرنا ہوگی۔

    کے الیکٹرک صارفین کو اگست میں 3 روپے 22 پیسے فی یونٹ اضافی دینا ہوں گے جبکہ ستمبر میں ایک روپے فی یونٹ اضافی ادا کرنا ہوں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا، واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے اکتوبر 2023 تا مارچ 2024 کے لیے درخواست دی تھی۔

  • کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی کے شہری سمندری طوفان سے بے خوف، دفعہ 144 کی پابندی ہوا میں اڑا دی

    کراچی: شہر قائد کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں، شہریوں نے سمندری طوفان بیپر جوائے سے بے خبر، بے خوف ہو کر دفعہ 144 کی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپر جوائے کے باعث کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، تاہم کراچی کے شہریوں نے اس پابندی کو ہوا میں اڑا دیا ہے، اور پولیس بھی عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی کی طرف جانے والے راستوں کو رکاوٹیں لگا کر بند نہیں کیا گیا، ماڑی پور ہاکس بے، کلفٹن سی ویو کی ساحلی پٹی پر شہریوں کی بڑی تعداد فیملیوں کے ہمراہ پہنچ گئی ہے۔

    ماڑی پور پولیس نے ہاکس بے جانے والے شہریوں کو روکا لیکن شہری پولیس کو خاطر میں نہیں لائے، اور ہاکس بے اور سی ویو کے مقام پر شہری بچوں کے ہمراہ سمندر میں نہاتے ہوئے نظر آئے۔

    کراچی کی ساحلی پٹی پر تفریحی سرگرمیاں جاری ہیں، شہری سمندری طوفان سے بے خبر بے خوف دکھائی دیتے ہیں، واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے دفعہ 144 کے تحت سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، دفعہ 144 کے تحت کشتی رانی اور ماہی گیری پر بھی پابندی ہے۔