Tag: karachi crime

  • کراچی : سنگین وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ابرار جادو گرفتار

    کراچی : سنگین وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ابرار جادو گرفتار

    کراچی : رینجرز  نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن نمبر 10 سے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ابرار عرف جادو ولد مختیار کے نام سے ہوئی ہے۔

    مطلوب ملزم ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، بھتہ خوری اور منشیات فروشی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم نے 2017 میں لیاری گینگ وار کارندے امجد کے ساتھ مل کر تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اورنگی ٹاؤن ایرانی کیمپ سے 75ہزار روپے سے زائد بھتہ وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ملزم نے رواں سال جون میں زیڈ ایم سی پارک سے 10 موبائل فون، 80ہزار روپے نقدی لوٹنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے 25 سے زائد ڈکیتیوں میں 55 موبائل فونز اور 5 لاکھ روپے لوٹے، ملزم اور اس کا ساتھی امجد کراچی میں منشیات فروشی میں بھی ملوث رہے ہیں۔

    مطلوب ملزم عادی مجرم ہے، دستی بم سمیت متعدد مقدمات میں جیل جا چکا ہے، ملزم کے خلاف 15 سے زائد مقدمات درج ہیں جبکہ ایک مقدمے میں سندھ ہائی کورٹ سے بھی مفرور ہے، ملزم کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • کراچی میں جرائم بڑھنے کی بڑی وجوہات کیا ہیں؟ کراچی پولیس چیف نے بتا دیا

    کراچی میں جرائم بڑھنے کی بڑی وجوہات کیا ہیں؟ کراچی پولیس چیف نے بتا دیا

    شہر قائد کراچی پاکستان کا دل ہی نہیں بلکہ معاشی شہ رگ بھی ہے، یہاں چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے افراد بھی روزگار کمانے آتے ہیں۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، اسلحہ بردار دہشت گرد پورے شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں، یہ سفاک ملزمان اپنے مقصد کے حصول کیلئے کسی شہری کی جان جانے کی ذرا بھی نہیں پرواہ نہیں کرتے۔

    تاہم اب اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے کہا ہے کہ کراچی میں کرائم بڑھنے کی 4 بڑی وجوہات ہیں، پہلی وجہ یہ ہے کہ اس وقت شہر میں ضمانت پر رہا ملزمان بڑی تعداد میں واردات کررہے ہیں، پولیس ملزمان کو گرفتار کرتی ہے تو ان کی ضمانتیں ہوجاتی ہیں۔

    کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ ہم نے 8 ہزار ملزمان کو گرفتار کیا جس میں سے صرف 100 کو سزا ہوئی، اس کے علاقہ اسٹریٹ کرائم کی سزا 7 سال ہے لیکن ایک ملزم کو بھی 7 سال نہیں دی گئی، آدھے سے زیادہ ملزمان کو 1 سے 3 ماہ کی سزائیں ملیں کیوں کہ جیل سے آنے کے بعد ملزم کو پتہ ہوتا ہے باہر آنا بہت آسان ہے۔

    کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ دوسری وجہ منشیات کے عادی نشے کی لت پوری کرنے کیلئے واردات کرتے ہیں، تیسری وجہ یہ ہے کہ بے روزگاری بہت زیادہ بڑھنے کی وجہ سے بھی وارداتیں ہوتی ہیں، ڈالربحران کی وجہ سے 40 فیصد انڈسٹریز بند ہوگئی ہیں۔

    کراچی پولیس چیف نے کہا کہ چوتھی وجہ پولیس کوبہت زیادہ معاملات میں شامل کردیا گیا ہے اس وقت صرف تراویح کے دوران 8 ہزار اہلکار تعینات ہیں جبکہ الیکشن، پی ایس ایل، پولیو سمیت ہرمہم میں پولیس مصروف ہوتی ہے۔

    کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے مزید کہا کہ جنوری اور فروری میں کرائم ریٹ بہت زیادہ رہا لیکن اگر پچھلے سال سے موازنہ کریں تو کرائم ریٹ نیچے آیا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں دو ماہ میں جرائم کی 20 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئی جبکہ اسٹریٹ کرائم کی یومیہ شرح 256 سے تجاوز کر گئی اس کے علاوہ تین ماہ میں ڈاکوؤں نے 42 شہریوں کو قتل کیا۔

  • کراچی : ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، چائے کے ہوٹل میں لوٹ مار

    کراچی : ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، چائے کے ہوٹل میں لوٹ مار

    کراچی : کورنگی میں ڈکیتی کی ایک اور واردات میں مسلح افراد نے ہوٹل پربیٹھے درجنوں افراد لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہوگئے۔

    دو موٹرسائیکل پرسوار3ملزمان کورنگی نمبر4کلوچوک پر آئے اور شہریوں سے موبائل فون و دیگرقیمتی سامان چھین لیا۔

    مسلح ملزمان کی لوٹ مار کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ فوٹیج میں ملزمان کوشہریوں سے لوٹ مار کرتے ہوئے واضح دیکھا جاسکتا ہے۔

    دوسری واردات میں نارتھ کراچی سیکٹر11بی میں ہوئی جہاں ڈاکوؤں نے آزادانہ لوٹ مار اور ہوائی فائرنگ کی، ملزمان کو دیکھ کر شہریوں نے بھاگنے کی کوشش بھی کی۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ لوٹ مار کا یہ واقعہ گزشتہ شب 9بجے پیش آیا تھا۔

  • کراچی میں ڈاکوؤں نے کار سوار خاتون کو لوٹ لیا

    کراچی میں ڈاکوؤں نے کار سوار خاتون کو لوٹ لیا

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں نے کار میں بیٹھی خاتون کو لوٹ لیا، ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، سرجانی ٹاؤن میں پولیس مقابلے کے بعد دو زخمی ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکو بے لگام ہوگئے، وارداتیں رکنے کا نام نہیں لے رہیں، پولیس مؤثر اقدامات کے بجائے اپنی رسمی کارروائیوں تک محدود ہے۔

    کراچی کے علاقے فیروزآباد تھانے کی حدود میں خاتون سے ملزمان نے لوٹ مارکی واردات کی سی سی ٹی وی اے آر وائی نیوز کو حاصل ہوگئی۔

    کارسوارخاتون کچھ دیر پہلے ہی مارکیٹ سے سامان لے کر نکلی اور کار کے پاس پہنچی، کار میں بیٹھتے ہی گھات لگائے دو ملزمان موٹرسائیکل پر پہنچ گئے۔

    ایک ملزم نے دروازہ کھولا اور دوسرے نے خاتون سے پرس چھین لیا، ملزمان نے چند لمحوں میں واردات کی اور فرار ہوگئے، پولیس نے خاتون کی شکایت پر واقعے کی رپورٹ درج کرلی ہے تاہم ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

    ایک اور کارروائی میں سرجانی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں پولیس کی فائرنگ سے 2ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، مذکورہ ملزمان ایک خاتون کے ساتھ واردات کرکے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی۔

  • کراچی : جرائم کی وارداتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    کراچی : جرائم کی وارداتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    کراچی : شہر قائد میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں میں اضافے کی بڑی وجہ کوئی اور نہیں پولیس کا اپنا محکمہ ہے جہاں اہم تعیناتیاں التواء کا شکار ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پیز) کی 26 آسامیاں تاحال خالی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق شہر قائد میں روز بروز بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باوجود ایس پیز کی نشستوں کو دانستہ طور پر خالی رکھا جا رہا ہے۔

    آئی جی کی گڈ پولیسنگ کے دعوے بھی ایس پیز رینک کی خالی سیٹوں تلے دبے دکھائی دے رہے ہیں، ایس پیز کی سیٹ خالی ہونے سے اثر و رسوخ رکھنے والے ایس ایس پیز ضلع کے بے تاج بادشاہ بنے ہوئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران اپنے من پسند ماتحت افسران کی تعیناتیوں میں الجھے ہوئے ہیں، شہر کے کچھ اضلاع میں جونیئر رینک کے افسران کو ایس ایس پی کے عہدے پر بھی تعینات کیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق جونیئر رینک ایس ایس پیز کے ساتھ زیادہ تر افسران ایس پی کی حیثیت سے کام کرنے کے لئے بھی تیار نہیں ہیں۔

    علاوہ ازیں ماہ ستمبر کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں رواں سال اسٹریٹ کرائمز کی 56 ہزار 500 سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں، ان وارداتوں میں مزاحمت پر 58 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں 269 افراد زخمی ہوئے۔

    کراچی شہر میں رواں برس اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے ذریعے 19 ہزار موبائل فون چھینے گئے اور گھروں میں ڈکیتی کی 303 وارداتوں میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان لوٹا گیا۔

    شہر میں چھینی گئی گاڑیوں کی تعداد 104 ہے جبکہ 35 ہزار شہریوں کو موٹرسائیکلوں سے محروم کردیا گیا جبکہ 1383 گاڑیاں چوری کی گئیں۔

  • کراچی : شہریوں نے تین ڈاکو پکڑ لیے، درگت بنا کر پولیس کے حوالے

    کراچی : شہریوں نے تین ڈاکو پکڑ لیے، درگت بنا کر پولیس کے حوالے

    کراچی کے شہریوں نے روز روز کی وارداتوں سے تنگ آکر تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق ڈاکوؤں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، ٹھیک ٹھاک درگت بنا کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے بہادر شہری اسٹریٹ کرمنلز کیخلاف اپنی ہمت دکھانے لگے، شہر کے مختلف علاقوں میں رہزنوں کو قابو کرلیا، اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج 3اسٹریٹ کرمنلز کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔

    اورنگی ٹاؤن میں علاقہ مکینوں نے2مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کو پکڑ کر پہلے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، دونوں ملزمان صبح سویرے واردات کررہے تھے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں خواتین سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر دھنائی کردی۔

    تیسرے واقعے میں نارتھ ناظم آباد حیدری میں پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنائی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ملزم مارا گیا، جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی ضلع وسطی کے علاقے بفرزون سیکٹر15اے میں گزشتہ روز عوام کے تشدد کا شکار دوسرا زخمی بھی ڈاکو دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق تشدد کے شکار زخمی ڈاکو کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات شہریوں نے 2 ڈاکو پکڑے تھے اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ شہریوں کے تشدد سے ایک ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

  • کراچی : ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے والے دو ڈاکو گرفتار

    کراچی : ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے والے دو ڈاکو گرفتار

    کراچی : گزشتہ ہفتے ڈکیتی کے دوران شہری کو مزاحمت پر قتل کرنے والے دونوں ڈاکو قانون کی پکڑ میں آگئے، مقدمہ 3نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تھانہ سپرمارکیٹ کی حدود میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے2ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ4ستمبر کو ڈسٹرکٹ سینٹرل سپرمارکیٹ کی حدود میں قتل کا واقعہ پیش آیا تھا اور مقدمہ 3نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کیا گیا تھا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق10روز کے اندر پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر2ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں عبدالمالک اور نوید شامل ہیں، تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے، دوران تفتیش ملزمان کی جانب سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے ملزمان نے شہری کو گولی مارکر قتل کیا، ملزمان عادی مجرم ہیں اس سے قبل متعدد مرتبہ گرفتار ہوچکے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کےتیسرے ساتھی کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں اسے بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

  • کراچی : بدنام زمانہ ڈکیت گروہ کا کارندہ گرفتار، تفتیش میں اہم انکشافات

    کراچی : بدنام زمانہ ڈکیت گروہ کا کارندہ گرفتار، تفتیش میں اہم انکشافات

    کراچی : شارع نورجہاں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ڈکیت گروہ کا ایک کارندہ گرفتار کرلیا، ملزم سوشل میڈیا کی ویڈیوز میں بھی نمایاں نظر آرہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزم سے دستی بم ،پستول ،موبائل فون اور پرس بھی برآمد ہوا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سہیل ملزم عدنان شہزاد عرف عدنان البرٹ کا قریبی ساتھی ہے، ملزمان کے جرائم کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہیں۔

    May be an image of 6 people and text

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ویڈیوز میں گرفتار ملزم کو ساتھی کے ہمراہ وارداتوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔ میٹرک بورڈ آفس پر مذکورہ ملزمان نے سرعام ایک شہری کو لوٹا۔

    گرفتار ملزم کی شناخت سہیل مسیح ولد مورس مسیح کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کا دوسرا ساتھی عدنان شہزاد عرف عدنان البرٹ ابھی تک فرار ہے جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سہیل مسیح  کے خلاف دہشت گردی اور ڈکیتی کی وارداتوں کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم سے دوران تفتیش مزید بڑے انکشافات متوقع ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 24 گھنٹے میں 4 شہری قتل

    واضح رہے کہ کراچی میں ڈاکو بےلگام ہوگئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران چار شہری ڈاکووں کی ہاتھوں قتل کردیے، ریسکیو ذرائع کے مطابق ماہ ستمبرکے چار روز میں جاں بحق افراد کی تعداد9ہوگئی۔

  • کراچی میں ڈاکو بے قابو، ڈکیتی کے دوران شہری پر فائرنگ

    کراچی میں ڈاکو بے قابو، ڈکیتی کے دوران شہری پر فائرنگ

    کراچی : کورنگی میں موٹر سائیکل مسلح افراد نے ڈکیتی کی واردات کے دوران براہ راست فائرنگ کردی، ملزمان لوٹ مار کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں اسٹریٹ کرمنلز بے لگام ہوگئے، دن دہاڑے اور لوگوں کی موجودگی میں وارداتیں روز کا معمول بن گئیں۔

    کراچی کے علاقے کورنگی گلشن محمدی میں واردات کی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹرسائیکل سوار اسٹریٹ کرمنلز گلی میں موجود افراد سے لوٹ مار کررہے ہیں۔

    مسلح افراد کو دیکھ کرسیڑھی پر بیٹھے افراد میں بھگدڑ مچ گئی جس پر مسلح ملزمان نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور براہ راست گولی چلا دی۔

    ایک نوجوان کے بھاگنے کی کوشش کرنے پر ملزمان نے اُس پر بھی فائر کیا، بعد ازاں اسٹریٹ کرمنلز بلاخوف وخطر اطمینان سے لوٹ مار کے بعد وہاں سے نکل گئے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے سائٹ سپرہائی وے کی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ ملزم نے گزشتہ دنوں اپنے ساتھیوں سمیت ڈکیتی کے دوران شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے فقیرا گوٹھ بلوچ محلہ میں واردات کی تھی، گرفتارملزم سے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

  • ناراض داماد کی سسرال میں اندھا دھند فائرنگ، 5 زخمی

    ناراض داماد کی سسرال میں اندھا دھند فائرنگ، 5 زخمی

    شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں ناراض داماد نے سسرال میں فائرنگ کرتے ہوئے بیوی سمیت پانچ افراد کو زخمی کر ڈالا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق گلستان جوہر بلاک چودہ میں بنگلے کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے، فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ رہائشی خوف زدہ ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری متاثرہ علاقے میں پہنچی اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ریسکیو رضاکاروں کی مدد سے قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: جنگل میں خاتون کا قتل، والدہ نے داماد اور اس کے دوست کو قاتل قرار دے دیا

    پولیس کی جانب سے جاری ابتدائی بیان میں بتایا گیا کہ فائرنگ کا واقعہ رشتےکےتنازعے پر پیش آیا،فریقین کے درمیان خلع کا معاملہ چل رہا تھا، فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت منصور کے نام سے ہوئی ہے جو کہ فیملی کا داماد بتایا جاتا ہے اور وکیل بھی ہے۔

    ملزم منصور کی فائرنگ سے سسر، ساس ، بیوی سمیت چار افراد زخمی ہوئے، سسرالیوں پر فائرنگ کرنے کے بعد ملزم نے خود کو بھی گولی ماری۔

    پولیس کے مطابق سسرسہیل احمد نے داماد ملزم منصور کیخلاف پہلے ہی مقدمہ درج کرارکھاتھا،واقعے کی مزید تفتیش کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔