Tag: karachi crime

  • پولیس کا چھاپہ : سنگین وارداتوں میں ملوث دو ملزمان گرفتار

    پولیس کا چھاپہ : سنگین وارداتوں میں ملوث دو ملزمان گرفتار

    کراچی : شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان پر ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں کا الزام ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی19وارداتوں سے زائد میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان میں ایاز اور عثمان شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے3روز قبل ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے شہری سے ایک لاکھ روپے چھینے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتاری عمل میں آئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تصویر میں دونوں ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف پہلے بھی تین مقدمات درج ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے موچکو گوٹھ کیماڑی میں پولیس مقابلے کے بعد چار مسلح ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئی تھیں۔

    پولیس کے روکنے پر ملزمان نے اہلکاروں پر اسٹیٹ فائرنگ کی پولیس کی جوابی فائرنگ سے چاروں ملزمان اپنی موٹرسائیکلوں سے گرگئے جنہیں گرفتار کیا گیا۔

  • بلال کالونی میں پولیس مقابلہ : زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار

    بلال کالونی میں پولیس مقابلہ : زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں بلال کالونی تھانے کی حدود میں پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا، دو ملزمان زخمی حالت میں اسپتال پہنچا دیئے گئے۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

    مسلح ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر موبائل پر فائرنگ کردی، تاہم کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا، جوابی فائرنگ سے 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے بتایا کہ ملزمان سے3 پستول،8موبائل فون،8چھینے ہوئے پرس بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گرفتار زخمی ملزمان کوطبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، مقابلے کے دوران پولیس موبائل پر بھی دو گولیاں لگیں۔

  • ڈاکوؤں کی سحری کے  وقت وارداتیں : شہری زیورات اور نقدی سے محروم

    ڈاکوؤں کی سحری کے وقت وارداتیں : شہری زیورات اور نقدی سے محروم

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں نے سحری کے اوقات میں وارداتیں کرنے کا وطیرہ بنا لیا، سحری کی تیاریوں اور نیند میں ڈوبے شہری قیمتی سامان اور نقدی سے محروم ہونے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، ڈیفنس فیز ٹو میں چار مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر 32 لاکھ سے زائد کی واردات کر ڈالی۔

    پولیس نے بتایا چار مسلح ملزمان نے سحری کے وقت واردات کی اور اسلحے کے زور پر 25 تولہ سونا چھینا جبکہ یافتہ پستول اور 30 ہزار کیش بھی لوٹا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب ایک واقعے میں سحری کے وقت گھر کے باہر بیٹھے تین نوجوان مسلح ملزمان کے ہاتھوں لٹ گئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں نوجوانوں کو گلی میں کرسی لگا کر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔

    گلی کی دوسری جانب سے دوملزمان موٹرسائیکل پر آئے پیچھے بیٹھے ملزم نے اترتے ہی پستول چیمبر کردی، ایک نوجوان نے گھبرا کر دونوں ہاتھ اوپر کردیے۔

    ملزمان نے اطمینان سے تینوں کی مکمل جامع تلاشی لی اور آرام سے موبائل اور کیش لوٹا اور دوسری جانب فرار ہوگئے۔

  • کراچی : ڈاکو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، شہریوں نے دھلائی کردی

    کراچی : ڈاکو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، شہریوں نے دھلائی کردی

    کراچی : شہر قائد میں لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافے کے بعد شہریوں کی جانب سے ڈاکوؤں کو سڑکوں پر ہی سزا دینے کا رجحان بڑھنے لگا ہے۔

    گلستان جوہر میں شہریوں نے ڈاکو کو قابو کرکے اس کی ٹھیک ٹھاک دھلائی کردی، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک ٹو میں واردات کے دوران ایک ملزم پکڑا گیا، اےآر وائی نیوز نے موبائل ویڈیو حاصل کرلی۔

    واقعے کے مطابق ملزم کو واردات کرتے دیکھ کر وہاں سے گزرنے والے ایک کار سوار نے ٹکر ماری کار سے ٹکرا کر گرتے ہی آس پاس موجود شہری بھی پہنچ گئے۔

    مشتعل افراد نے ملزم کی خوب دھلائی کی، تھپڑ، لاتوں اور گھونسوں سے مار مار کر اسے ادھ موا کردیا، ملزم ہاتھ جوڑ کر سب سے معافیاں مانگتا رہا۔

    بدترین تشدد کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا، ملزم کی شناخت سجاد اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کے قبضے سے پستول برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • رواں سال شہر قائد میں کتنے پولیس مقابلے ہوئے؟ اعدادوشمار جاری

    رواں سال شہر قائد میں کتنے پولیس مقابلے ہوئے؟ اعدادوشمار جاری

    کراچی: رواں سال شہر قائد میں کتنے پولیس مقابلے ہوئے؟ اعدادوشمار جاری کردئیے گئے۔

    آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ سال دو ہزار بائیس کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر شہر میں 228 پولیس مقابلے ہوئے، ان مقابلوں میں 26 ملزمان ہلاک جبکہ 262 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق پولیس مقابلوں کے علاوہ کراچی میں پولیس نے یکم جنوری سے اٹھائیس مارچ تک دو ہزار ایک سو چھبیس ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ماہانہ بنیاد پر گرفتار ملزمان کی تعداد کچھ اس طرح ہے۔

    جنوری میں 600 ملزمان کو پولیس نے اپنی گرفت میں لیا جبکہ فروری میں یہ تعداد کچھ زیادہ رہی جہاں 778 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ رواں ماہ میں اب تک 668 جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

    ادھر کراچی پولیس آفس میں رشوت لینے والے افسران کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، کے پی او ایڈمن آفس سے پولیس ملازمین کے لیے نوٹس بھی جاری ہوچکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس آفس میں رشوت لینے والے افسران کے گرد گھیرا تنگ

    ایڈمن آفس کا کہنا تھا کہ آڈیو، ویڈیو، وائس یا ٹیکسٹ کے ذریعے معلومات شئیر کی جاسکتی ہے اور مزید معلومات کے لیے ایڈمن آفس خود شکایت کنندہ سے رابطہ کرے گا۔

    دوسری جانب کراچی پولیس نے محکمے میں کالی بھیڑوں کےخلاف کریک ڈاؤن شروع کررکھاہے، اسی تناظر میں ایس ایچ او ماڈل کالونی انیس ابڑو کے خلاف مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔

  • کراچی: ماں بیٹی کا لرزہ خیز قتل، وجہ کیا تھی؟

    کراچی: ماں بیٹی کا لرزہ خیز قتل، وجہ کیا تھی؟

    کراچی: شہر قائد میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر ماں اور بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر چار کے ایک گھر میں فائرنگ سے دو خواتین جاں بحق ہوگئیں ہیں۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 پر کال موصو ل ہوئی اور جب اہلکار جائے حادثے پر پہنچے تو گھر میں دو خواتین کی لاشیں پڑی تھیں ،جن کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ دونوں ماں بیٹی تھی۔

    واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ماں بیٹی گھر میں اکیلے تھے، ایک بجے کے قریب گھریلو ملازمہ آئی تو لاشوں کا علم ہوا، ایک لاش صوفے پر ملی دوسری بیڈ پر موجود تھی، جائے واردات سے نائن ایم ایم کا ایک خول اور ایک سکہ ملا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ادھیڑ عمر چاچا ڈکیت گرفتار

    پولیس کے مطابق مقتولہ روبینہ کے شوہر کی دو شادیوں کی اطلاع ملی ہے، مقتولہ کے شوہر کا دوسرا گھر گلشن میں ہے۔

    قتل سے متعلق پولیس نے بتایا کہ دونوں خواتین کو سر میں گولی ماری گئی ہے، واقعہ ذاتی دشمنی لگتا ہے، ممکنہ طورپر مقتولین قاتل کو جانتے تھے، تاہم مزید شواہد حاصل کرنے کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

  • دکاندار کی بہادری،  مسلح ڈاکو کو دبوچ لیا، ویڈیو وائرل

    دکاندار کی بہادری، مسلح ڈاکو کو دبوچ لیا، ویڈیو وائرل

    کراچی کے شہری خود جرائم پیشہ عناصر کا مقابلہ کرنے لگے، ڈکیتی کیلئے آنے والا خود شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا، لوگوں نے درگت بنا ڈالی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبہار فردوس کالونی کی سرامک مارکیٹ میں دکاندار نے بہادری کا ثبوت دیتے ہوئے ڈکیتی کے لئے آنے والے ڈاکو کو دھرلیا۔

    دکاندار اور اس کے ساتھیوں نے ڈاکو کو مار مار کر لہو لہان کردیا، ڈاکو کے پکڑے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح ملزم اچانک الیکٹرونکس کی دکان میں داخل ہوا، ملزم اسلحہ لہرا لہرا کر موبائل فون اور کیش مانگتا رہا۔

    دکان کے ملازم نے ڈاکو کو موقع ملتے ہی دبوچ لیا، دیگر افراد بھی مدد کے لیے آگے بڑھے اور ڈاکو کو پکڑ لیا، مشتعل دکانداروں کو ڈاکو پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

  • کراچی کی زمینوں کی لوٹ مار کے حقائق سامنے آنے لگے

    کراچی کی زمینوں کی لوٹ مار کے حقائق سامنے آنے لگے

    کراچی: شہر قائد میں اربوں کی زمین کے معاوضے کیلئے عدالتوں سے لئے گئے فیصلےجعلی نکلے، سندھ ہائیکورٹ کی مداخلت نے راز افشاں کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کی مداخلت کے نتیجے میں کراچی کی زمینوں کی لوٹ مار کے حقائق سامنے آنے لگے ہیں، اربوں کی زمین کے معاوضے کیلئے عدالتوں سے لئےگئے فیصلےجعلی نکلے۔

    سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قیوم آباد پر فلائی اوور کیلئے شہری سے زمین حاصل کی گئی، زمین پر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ،کےپی ٹی کے اشتراک سےفلائی اوور تعمیر کیا گیا مگر زمین مالکان کو معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔

    درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار کےحق میں سندھ ہائیکورٹ نے 2019 میں فیصلہ دیاتھا، رقم نہ ملنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: سرکاری زمینوں پر جعلی ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف کارروائی

    تاہم عدالت میں اکاونٹ جنرل سندھ نے انکشاف کیا کہ اضافی رقم کیلئےجو مہلت دی گئی اس میں رقم جمع نہیں کرائی گئی، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف دور میں تعمیر کراچی کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا، تعمیر کراچی کے منصوبے کی کل مالیت 29 بلین روپے تھے۔

    اے جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ سی اےاے،اسٹیٹ بینک،ایکسپورٹ بیورو ودیگر نے منصوبے کے لئے پیسے دیناتھے جبکہ کےپی ٹی،پی ایس او،اسٹیٹ بینک نے 4ارب روپے میں منصوبہ مکمل کرناتھا۔

    اے جی سندھ نے موقف اپنایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے دیگر متاثرین کو معاوضہ ادا کیا گیا ، جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت کا منصوبہ تھا صوبائی حکومت کا نہیں۔

    حکومت سندھ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ منصوبے کے اعلان کے بعد درخواست گزار نے ملی بھگت سے2005میں رقم جمع کرائی، جس پر ک عدالت نے حکومت سندھ کے اعتراضات ریکارڈ کا حصہ بنالئے اور درخواست گزار کے وکیل کی عدم موجودگی پرسماعت غیرمعینہ مدت کیلئےملتوی کردی۔

  • کراچی: ڈاکوؤں کا گودام پر دھاوا، 80 لاکھ مالیت کی چائے پتی لے اڑے

    کراچی: ڈاکوؤں کا گودام پر دھاوا، 80 لاکھ مالیت کی چائے پتی لے اڑے

    کراچی: پولیس چیف کی تبدیلی بھی اسٹریٹ کرائم کم نہ کرسکی، شہر بھر میں دندناتے ڈاکو گودام سے 80 لاکھ روپے مالیت کی چائے لے اڑے۔

    شہر قائد کو اسٹریٹ کرائمز اور ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا، پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث مٹھی بھر اسٹریٹ کرمنلز اور ڈاکو بے لگام ہوچکے۔

    شہریوں کے لئے وبال جان بنے ان ڈاکوؤں نے سائٹ کے علاقے میں واقعے چائے کے گودام میں دھاوا بول کر پیسوں کے بجائے 80 لاکھ روپے کی چائے لیکر فرار ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے گارڈ کی مدد سے لوٹ مار کی، واقعہ گذشتہ روز پیش آیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

    دوسری جانب صورت حال یہ ہے کہ شہر کے کئی علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی چوکیاں غیرفعال ہیں اور وہ نشے کے عادی افراد کی آماجگاہ بن چکی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:کراچی میں ڈاکو راج، پولیس چوکیوں میں نشئیوں کے ڈیرے

    کورنگی کاز وے پر قائم پولیس اور رینجرز کی چوکیاں غیر فعال ہیں اور کافی عرصے سے یہاں کوئی اہلکار تعینات نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث پولیس کی چوکی نشے کے عادی افراد نے اپنا ٹھکانہ بنا لیا ہے اور یہاں ہر وقت نشے کے عادی افراد کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں جن میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔

    پولیس اور رینجرز کی چوکیاں غیرفعال ہونے کے باعث رات کی تاریکی کے ساتھ دن دہاڑے بھی لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    خالی چوکیوں کے باعث بے خوف مسلح ملزمان کے جتھے نے گزشتہ شب کاز وے پر ٹریفک جام کے دوران کئی افراد کو لوٹا، لیکن مسلسل وارداتوں میں اضافے کے باوجود پولیس کو ہوش نہ آیا۔

  • کراچی کے بہادر شہری نے ڈاکوؤں کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا

    کراچی کے بہادر شہری نے ڈاکوؤں کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا

    کراچی : شہر قائد میں بہادر شہری نے ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، لوگوں نے دونوں ملزمان کی درگت بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ضلع وسطی میں اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، جس پر قابو پانے میں پولیس بھی ناکام نظر آرہی ہے۔

    کراچی میں پولیس کی کارکردگی سے مایوس شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خود ہی ہمت کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو پکڑنا شروع کردیا۔

    ایف بی ایریا دستگیر میں موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے شہریوں سے لوٹ مار کی، رہزنی کی واردات کے بعد ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہو رہے تھے۔

    اس موقع پر ایک شہری نے چلتی موٹر سائیکل سے ایک ڈاکو کو پکڑ کر نیچے گرایا جس سے موٹر سائیکل پر بیٹھا دوسرا ملزم بھی نیچے گر گیا۔

    ڈاکو نے اپنے آپ کو چھڑانے کی بھی کوشش کی لیکن ناکام رہا، اس دوران راہگیر اور دیگر علاقہ مکین بھی جمع ہوکر شہری کی مدد کو پہنچ گئے۔

    شہریوں نے ڈاکو سے پستول چھین کر دونوں کو تشددکا نشانہ بنا ڈالا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

    مشتعل علاقہ مکینوں نے دونوں ملزمان کو شدید زدوکوب کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کیا، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عامر اور ایاز کے ناموں سے ہوئی، دونوں ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہوکر جیل کی ہوا کھاچکے ہیں۔