Tag: Karachi defense

  • ڈیفنس اور کلفٹن میں منشیات فروشی کیخلاف چھاپے، 27 افراد گرفتار

    ڈیفنس اور کلفٹن میں منشیات فروشی کیخلاف چھاپے، 27 افراد گرفتار

    کراچی کے پوش علاقوں میں منشیات کی فروخت اور استعمال کے خلاف پولیس نے ڈیفنس اور کلفٹن کے چائے خانوں، کافی شاپس اور عوامی مقامات سے 27 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے پوش علاقوں میں منشیات کی فروخت اور اس کے استعمال کو روکنے کیلئے پولیس نے کارروائیاں کیں۔

    گرفتار ہونے والوں میں مطلوب منشیات فروش نواز عرف بھولا اور مختلف مقدمات میں مطلوب ملزم یاسین شاہ ولد شاہنواز بھی شامل ہیں۔

    بخاری، بدر کمرشل، راحت اور سحر کمرشل میں قائم ہوٹلوں کی چیکنگ کے دوران حراست میں لئے گئے مشکوک افراد کو تھانے منتقل کر کے کوائف کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی کے مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس میں تحقیقات کے نتیجے میں پولیس کو شہر میں منشیات فروشی سے متعلق متعدد انکشافات ہوئے ہیں۔

    اس سلسلے میں مشہور ٹی وی اداکار ساجد حسن کے بیٹے سمیت 4 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ساجد حسن کے بیٹے سے بھاری مقدار میں لاکھوں مالیت کی منشیات بھی برآمد ہوئی۔

  • ویڈیو: ڈرائیور کی خوفناک غلطی سے دل دہلا دینے والا ٹریفک حادثہ

    ویڈیو: ڈرائیور کی خوفناک غلطی سے دل دہلا دینے والا ٹریفک حادثہ

    کراچی: شہر قائد میں ڈیفنس سلطان مسجد کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ ہوا ہے، جس کی دل دہلا دینے والی فوٹیج سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سلطان مسجد کے قریب ایک دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے میں تیز رفتار کار اسکول وین سے ٹکرا کر الٹ گئی۔

    حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار کار کس طرح سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی۔

    فوٹیج میں سگنل کی گرین لائٹ کو دیکھا جا سکتا ہے، کھلے سگنل پر اسکول وین سڑک کی جانب جانے لگی تو سگنل کی لائٹ لال ہونے کے باوجود دوسری سمت سے گاڑی نکلی۔

    غلطی کرنے کے بعد کار ڈرائیور نے گولی کی رفتار سے کار نکالنا چاہی مگر وہ اپنی اس کوشش میں ناکام رہا، اور اسکول وین کا فرنٹ تیز رفتار کار کی ڈگی سے ٹکرا گیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی ٹکراتے ہی الٹ گئی، حادثے میں دونوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی رہی کہ کار ڈرائیور معمولی زخمی ہوا، اور وین ڈرائیور اور طالب علم محفوظ رہے۔

  • کراچی: کمسن ملازمہ پر بدترین تشدد، استری سے جلانے کا انکشاف

    کراچی: کمسن ملازمہ پر بدترین تشدد، استری سے جلانے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں چوری کے الزام میں گھریلو کمسن ملازمہ پر تشدد کا شرم ناک واقعہ پیش آیا ہے، ملازمہ کو استری سے جلایا گیا ہے، پولیس نے دو خواتین سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی نمائندہ ربیعہ خان نے بتایا کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈاکٹر مریم نامی خاتون کے گھر یہ واقعہ پیش آیا جہاں کمسن گھریلو ملازمہ پر پانچ افراد نے بے انتہا تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس کے مطابق استری سے بچی کے جسم کے مختلف حصوں کو جلایا گیا ہے۔

    درخشاں پولیس نے واقعے میں ملوث دو خواتین اور تین مردوں کو گرفتار کرلیا ہے، مزید کارروائی جاری ہے، ملازمہ کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی میڈیکولیگل رپورٹ تیار کی جائے گی۔

     

    دوروز سے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا، متاثرہ بچی

    تشدد کی شکار ملازمہ جویریہ نے اسپتال میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  مجھے 2 روز سے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا تھا، ملازمہ کے مطابق مجھے بیلٹ اور چھریوں سے مارا گیا، تشدد کے بعد باجی کے دیور نے استری سے جلایا، کافی عرصے سے ڈاکٹر مریم  کے گھر کام کررہی تھی۔

    پولیس اور والد نے مالکن کے گھر سے نکالا

    ملازمہ نے بتایا کہ وجہ بتائے بغیر مجھے دو روز تک تشدد کا نشانہ بناتے رہے، کل رات پولیس اور والد نے مجھے مالکن کے گھر سے نکالا۔

    ملزمان کو سزا ضرور ملے گی، ناصر حسین شاہ

    واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ظلم کرنے والوں کو ضرور سزا ملے گی۔