Tag: karachi-encroachment-case

  • غیر قانونی قبضہ ختم کرائیں، تمام کے تمام گھر گرا دیں ، چیف جسٹس کا حکم

    غیر قانونی قبضہ ختم کرائیں، تمام کے تمام گھر گرا دیں ، چیف جسٹس کا حکم

    کراچی : چیف جسٹس گلزار احمد نے کمشنر کراچی کو حکم دیا کہ کڈنی ہل پارک کی زمین پر غیر قانونی قبضہ ختم کرائیں ، تمام کے تمام گھر گرا دیں جبکہ میئرکراچی کو باغ ابن قاسم سے مکمل قبضہ 2 ہفتے میں ختم کرانےکاحکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سرکاری پلاٹوں،پارکوں کی اراضی اور غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، کڈنی ہل پارک کی زمین پر غیر قانونی قبضے کے معاملے پر کمشنر کراچی نے بتایا ہم نے تمام زمین پر قائم قبضے ختم کرا دیئے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کمشنر کراچی صاحب، ایسا نہیں ہے قبضے اب بھی ہیں جبکہ شہری خاتون نے بتایا ساڑھے 7 ایکڑپراب بھی قبضہ ہے۔

    چیف جسٹس نے حکم دیا آپ کل تک ساڑھے7 ایکڑپرغیر قانونی قبضہ ختم کرائیں، 62 ایکٹر پوری کی پوری زمین پرکوئی قبضہ نہیں ہوناچاہیے، پہاڑی پر چاروں طرف تو گھر بنا لیے گئے، وہ گھر بھی گرائیں ،جو غیر قانونی قبضہ کرےگاسب گرےگا۔

    چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے مکالمے میں کہا ہمیں نہ بتائیں قبضہ نہیں کسی ایلین کوبتائیں ، کیا آپ کا تو کوئی گھر شامل نہیں، تمام کے تمام گھر گرا دیں۔

    سول ایوی ایشن کی خالی جگہوں پرجدید پارک بنانےکا حکم


    دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان نے نہرخیام،سول ایوی ایشن اسپورٹس کمپلیکس کی جگہ پر پارک بنانے کاحکم دیتے ہوئے کہا 6 ماہ میں پارک بنا کر رپورٹ جمع کرائیں، سماعت میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا علاقےکی کمرشل ویلیوبھی بہت ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کمرشل ویلیو کیلئے ایئرپورٹ کافی ہے۔

    عدالت نے سول ایوی ایشن کی خالی جگہوں پرجدید پارک بنانےکابھی حکم دیا۔

    چیف جسٹس کا میئرکراچی کو باغ ابن قاسم سے مکمل قبضہ 2 ہفتے میں ختم کرانےکاحکم


    باغ ابن قاسم میں غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں میئرکراچی وسیم اختر نے بتایا عمارت گرا دی مگر سریا پڑا ہواہے، سریےکی ملکیت پربلڈرنےحکم امتناع لیاہے، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا بلڈر کا نام بتائیں،حکم امتناع کیسا، آپ اسے سریا لے جانے دیں اورجگہ خالی کریں۔

    میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ یہ جگہ خالی کرائیں گے تو پھر کوئی اور آجائے گا، 60 فیصدکراچی کی زمین وفاق،30فیصدسندھ حکومت کےپاس ہے، صرف 10 فیصد زمین میرے پاس ہے تو چیف جسٹس نے کہا آپ اتنےبے بس ہیں تو الیکشن کیوں لڑتےہیں، کیا ضرورت ہے پھر آپ کے مئیر بننے کی۔

    چیف جسٹس نے میئرکراچی کو باغ ابن قاسم سےمکمل قبضہ 2 ہفتےمیں ختم کرانےکاحکم دیتے ہوئے کہا جائیں اور باغ ابن قاسم کواصل حالت میں بحال کرائیں۔