Tag: Karachi firing

  • کراچی میں فائرنگ ، واٹر بورڈ کا ملازم جاں بحق

    کراچی میں فائرنگ ، واٹر بورڈ کا ملازم جاں بحق

    کراچی : گرومندر پیپلز چورنگی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول واٹر بورڈ کا ملازم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گرومندر پیپلز چورنگی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ جاں بحق شخص کی شناخت فہیم الحسن کے نام سے ہوئی، واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فہیم کے بھائی کے بیان کے مطابق پراپرٹی کے حوالے سے کیسز چل رہے تھے اور مقتول کو دھمکیاں بھی ملتی رہی ہیں۔

    حکام نے مزید کہا کہ مقتول موٹر سائیکل پر سوار تھا، دو گولیاں ماری گئی تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

    پولیس نے پیپلز چورنگی کے قریب فائرنگ سے فہیم نامی شخص کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے، واقعے کا مقدمہ جمشید کوارٹر تھانے میں مقتول کےبھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ مقتول اور اس کا بھائی ندیم دونوں واٹر بورڈ کےملازم ہیں، مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے اور شہریوں کی فائرنگ کے واقعات

    کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے اور شہریوں کی فائرنگ کے واقعات

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے فائرنگ کے متعدد واقعات رونما ہوئے اور کئی مبینہ پولیس مقابلے بھی ہوئے، جس کے باعث شہر گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے اور شہریوں کی فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان ہلاک ہوئے جب کہ کئی زخمیوں سمیت 12 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دیگر واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا، جیل چورنگی پل کے نیچے مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک اور ایک ڈاکو زخمی ہوا، ہلاک ملزمان کی لاش اور زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ نامعلوم شہری نے فائرنگ کر کے 2 ملزمان کو ہلاک کیا اور ایک کو زخمی کیا۔

    پولیس کے مطابق عزیز بھٹی پولیس نے بلاک 10 گلشن اقبال میں مبینہ مقابلے میں ایک زخمی سمیت 2 ڈاکو گرفتار کر لیے، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو علی رضا اسپتال منتقل کیا گیا، دوسرا ڈاکو شاہ ویز علی تھانے منتقل کیا گیا، گرفتار ڈاکوؤں سے 2 پستول، چھینا گیا موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوگئی۔

    سہراب گوٹھ پولیس نے سپر ہائی وے گنا منڈی کے قریب مبینہ مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا، لانڈھی شیر پاؤ کالونی اسٹار گراؤنڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 زخمی ملزمان سمیت 3 گرفتار ہوئے جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا، گرفتار ملزمان سے 2 پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق بفرزون سیکٹر 15 بی میں شہری کی فائرنگ سے 3 ڈاکو زخمی ہوئے، 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کی تھی، اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 الفتح قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، عائشہ منزل میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

  • کراچی میں فائرنگ اور مبینہ پولیس مقابلے، دو افراد ہلاک

    کراچی میں فائرنگ اور مبینہ پولیس مقابلے، دو افراد ہلاک

    کراچی : شہر قائد میں فائرنگ اور مبینہ پولیس مقابلے میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ شہریوں نے دو ڈاکوؤں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، نیو کراچی میں فائرنگ سے ہلاک شخص ڈکیت نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ میں فائرنگ سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے، مقتول سرجانی ٹاؤن کا رہائشی تھا اور کسی سے دشمنی نہیں تھی، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

    دوسرے واقعے میں گولیمار کے علاقے میں پولیس سے ہونے والے مبینہ مقابلے میں ایک شخص ہلاک ایک زخمی ہوا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم اختیاراور زخمی ابراہیم آپس میں رشتہ دار ہیں۔

    اس حوالے سے ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دونوں نوجوان رکشہ میں سبزی فروخت کرتے تھے، پولیس نے جعلی مقابلے میں اختیار کو قتل اورابراہیم کو زخمی کیا ہے۔

    ایس ایس پی کیماڑی نے اہل خانہ کے بیان پر پرانا گولیمار پولیس مقابلے کا نوٹس لےلیا، انہوں نے متعلقہ افسران کو انکوائری رپورٹ 3روز میں پیش کرکے تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    علاوہ ازیں نیو کراچی صنعتی ایریا میں شہریوں نے2مبینہ ڈکیتوں کو پکڑلیا، شہریوں نے ڈکیتوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کےحوالے کردیا، پولیس کے مطابق دونوں مبینہ ڈکیتوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    نیو کراچی میں ہی فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص ڈکیت نکلا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ہلاک شخص کی شناخت وسیم کے نام سے کی گئی ہے، ملزم وسیم عرف جیلر ڈاکو ہے جو گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک ہوا اور پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے، ملزم کئی مقدمات میں نامزد رہا ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کراچی : فائرنگ سے برخاست پولیس افسر سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی : فائرنگ سے برخاست پولیس افسر سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی : صدر زیب النسااسٹریٹ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے برخاست پولیس افسر سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے، ممکنہ طور پر چاند خان نیازی کو گینگ وارکارندوں نے نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر زیب النسااسٹریٹ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق افراد میں چاند خان اور عبدالرحمان شامل ہیں، چاند خان نیازی سابق ایس ایچ او کلاکوٹ تھا۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق سابق پولیس افسرعدالت سے پیشی پرواپس آرہا تھا ، جب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، ممکنہ طور پر چاند خان نیازی کو گینگ وارکارندوں نے نشانہ بنایا ، چاندخان نیازی کوگینگ وارکارندوں کی جانب سےدھمکیاں مل رہی تھیں۔

    ملزمان کی تصاویر اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ، پینٹ شرٹ میں ملبوس 2افراد نے مقتولین کا پیچھا کرکے فائرنگ کی۔

    اس حوالے سے آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدرفائرنگ واقعے میں برخاست انسپکٹر اور ساتھی کونشانہ بنایاگیا، جاں بحق افراد عدالت سے پیشی کے بعد واپس جارہے تھے۔

    شرجیل کھرل کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے9 خول ملے ہیں، ملزمان کی تعداد 2 تھی اور وہ موٹرسائیکل پرسوارتھے، فی الحال ٹارگٹ کلنگ لگ رہی ہے اور واقعے کی لیاری گینگ وارسے کڑی مل رہی ہے۔

    ،ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ فائرنگ واقعے مختلف پہلووں پرتحقیقات کی جائیں گی ، سابق ایس ایس پی ایسٹ سےبھی بات کی ہے ، 3ماہ قبل بھی ایساواقعہ پیش آیا،دونوں ایک ہی سلسلےکی کڑی ہیں، ایڈیشنل آئی جی سے بات ہوئی، ایک ٹیم دونوں کیسز پر کام کرے گی ، ٹیم میں ایس آئی یو اے وی اور سی سی کے افسران شامل ہوں گے۔

  • کراچی میں  فائرنگ ، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی میں فائرنگ ، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی: پپری نصیرآباد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق افراد کا تعلق وزیرستان سے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں پپری نصیرآباد کے قریب نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    واقعے کے بعد پولیس کی ٹیم تفتیش کے لیے جائے وقوعہ پہنچی ، تفتیشی حکام نے بتایا جاں بحق افراد کا تعلق وزیرستان سے تھا، جاں بحق خاتون کی شناخت زاہدہ اور مرد کی عبدالرحمان کے نام سے ہوئی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے دونوں افراد سگے بھائی ہیں، ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ مختیار اور سعید عالم نامی افراد نے کی ہے، تاہم ملزمان فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کیوں کی گئی، مرنے والے کون ہیں تفتیش کا عمل جاری ہے۔

    دوسری جانب گجرات لاری اڈا کے محلہ چاہ ترینگ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دوافراد کو قتل کردیا، مقتولین کی شناخت اظہر عرف کاکے شاہ اورعمران مانا کےناموں سے ہوئی۔

    مقتول عمران نے رشوت ستانی کیخلاف ڈی پی او کو درخواست دے رکھی تھی جبکہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والا دوسرا شخص قتل کے جرم میں سزایافتہ بتایا جاتا ہے۔

  • کراچی : فائرنگ کے واقعات میں بچی جاں بحق پولیس اہلکار زخمی

    کراچی : فائرنگ کے واقعات میں بچی جاں بحق پولیس اہلکار زخمی

    کراچی : شہر قائد میں فائرنگ کے واقعات میں ایک بچی جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پیرآباد میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے10سالہ بچی کی موت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا اور اس کی نشاندہی پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے دن ہونے والی شادی میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر مدیحہ نامی بچی جاں بحق ہوئی تھی۔

    پولیس کے مطابق ہوائی فائرنگ کے الزام میں ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم شاکر خان دولہے کا بھائی ہے اور ملزم کا تعلق ایک سیاسی تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔

    علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن کی مدینہ کالونی میں فائرنگ سے مبشرخان نامی پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، زخمی اہلکار تھانہ سمن آباد میں تعینات ہے جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

  • کراچی :  فلیٹ میں فائرنگ ،  اے ایس آئی جاں بحق

    کراچی : فلیٹ میں فائرنگ ، اے ایس آئی جاں بحق

    کراچی: سپرہائی وے کے قریب فلیٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں اےایس آئی جاں بحق ہوگیا ، پولیس نے دوسری بیوی اورسوتیلا بیٹے کے قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سپرہائی وے کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ، جہاں فلیٹ میں فائرنگ سے اےایس آئی جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اہلکارکی لاش کو عباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، مقتول اہلکارطارق دوسری بیوی اور سوتیلے بیٹے کے ساتھ رہتا تھا۔

    حکام کے مطابق مقتول پولیس اہلکارکااپنی دوسری بیوی سےاکثرجھگڑاہوتاتھا تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ شبہ ہے قتل میں دوسری بیوی اورسوتیلا بیٹا ملوث ہے۔

  • کراچی میں‌ داماد نے ساس اور بیوی کو قتل کردیا

    کراچی میں‌ داماد نے ساس اور بیوی کو قتل کردیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں داماد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ساس اور بیوی جاں بحق ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میانوالی کالونی میں گھریلو ناچاقی پر ایک شخص نے بیوی اور ساس کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ایس پی بلدیہ شہلا قریشی کے مطابق ملزم فرار ہوگیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    ایس پی بلدیہ کے مطابق لڑکی کی شادی ملزم حمزہ سے دو سال قبل ہوئی تھی، 25 سالہ بیوی وجیہہ ناراض ہوکر والدہ کے گھر آگئی تھی، ملزم نے پہلے ساس کو قتل کیا، دوسرے کمرے میں جاکر بیوی پر بھی فائرنگ کردی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ادھر میٹروول میں فائرنگ سے 2 بچے زخمی ہوگئے، زخمی بچوں میں ساڑھے تین سال کا صمد اور انیلا شامل ہیں، زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں پستول صاف کرتے ہوئے گولی چلنے سے دونوں بچے زخمی ہوئے، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تفتیش کررہے ہیں کہ غلطی سے گولی چلنے سے بچے کیسے زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک ہوگیا، ایس ایس پی ساجد سدوزئی کا کہنا ہے کہ ملزم نے شہری سے تین لاکھ سے زائد رقم چھینی تھی، ہلاک ملزم سے اسلحہ، موٹر سائیکل، موبائل فون ملا ہے۔

     

  • کراچی، باپ کے نہ ملنے پر ملزمان نے کمسن بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    کراچی، باپ کے نہ ملنے پر ملزمان نے کمسن بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ میں ذاتی دشمنی کی بنا پر ملزمان نے فائرنگ کرکے کمسن بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ جمالی پل کے قریب غریب آباد گوٹھ میں ذاتی دشمنی کی بنا پر ملزمان نے باپ کے نہ ملنے پر فائرنگ کرکے کمسن بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا، فائرنگ سے ایک اور کمسن بچہ اور خاتون زخمی ہوگئیں۔

    جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 5 سالہ ماجد کے نام سے ہوئی ہے، زخمیوں میں 4 سالہ یاسمین اور 22 سالہ خاتون شازیہ شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والی بچی یاسمین کی حالت تشویش ناک ہے۔

    عینی شاہد خاتون مومل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواب اور دلدار نامی رشتے داروں نےفائرنگ کی، ملزمان شہداد کوٹ سے آئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان صبح گھر پر پہنچے، انڈا پراٹھے کا ناشتہ بنوایا اور ناشتہ کرنے کے بعد پہلے گھر پر موجود شازیہ کو گولیاں ماریں اس کے بعد باہر گلی میں کھیلتے ماجد اور یاسین کو پکڑ کر سر اور منہ پر گولیاں برسا دیں۔

    ایس ایس پی ضلع شرقی تنویر عالم کا کہنا ہے کہ ملزم نواب اور دلدار کی جاں بحق اور زخمی بچے کے باپ تاج محمد سے پرانی دشمنی تھی اور ملزمان تاج محمد کو قتل کرنے آئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کراچی: ناظم آباد میں فائرنگ، دوا ساز کمپنی کا مینیجر جاں بحق

    کراچی: ناظم آباد میں فائرنگ، دوا ساز کمپنی کا مینیجر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں اصغر نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں واقع انڈر بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی کا چھوٹا بھائی اور دوا ساز کمپنی کا مینیجر جاں بحق ہوا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت اصغر کے نام سے ہوئی جو ملیر کا رہائشی ہے، فائرنگ کے وقت گاڑی میں خاتون بھی سوار تھیں جو واقعے کے بعد رکشے میں بیٹھ کر چلی گئیں۔

    قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس نے جائے وقوعہ سے تین خول اور گاڑی کو قبضے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا جبکہ مقتول کے جسد خاکی کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔ حکام نے گاڑی میں سوار خاتون کی تلاش بھی شروع کردی تاکہ بیان ریکارڈ کیا جاسکے۔

    بعدازاں فائرنگ کے بعد گاڑی سے اتر کر فرار ہونے والی خاتون فرحت سلطانہ نے اپنا بیان پولیس کو ریکارڈ کرایا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک ہی دفتر میں کام کرتے ہیں اور  مجھ سمیت  3 لڑکیاں روزانہ اصغر کے ساتھ دفتر سے واپس جاتے تھے، آج اتفاق سے میں اکیلی تھی اور واقعہ رونما ہوگیا‘۔

    خاتون عینی شاہد کے مطابق موٹرسائیکل پرسوارملزمان نے انڈر بائی پاس کے قریب گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اصغر کو گولیاں لگیں، میں خوفزدہ ہوکررکشےمیں بیٹھ کرگھرکیلئےنکل گئی تھی البتہ پولیس کو جو مددچاہیے تعاون کے لیے تیار ہوں۔

    مزید پڑھیں: انتظار کیس میں ایک اور موڑ، مدیحہ کیانی اپنے ویڈیو بیان سے مکر گئیں

    دوسری جانب ریسکیو حکام کے مطابق ہجرت کالونی میں واقع عباسیہ مسجد کے قریب سے 3 دن پرانی لاش برآمد ہوئی جسے پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز پر ڈیفنس کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا کہ جب ملائشیا سے پاکستان آئے نوجوان انتظار حسین کو   اینٹی کار لفٹنگ کے اہلکاروں نے کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، واقعے کے وقت مدیحہ نامی خاتون مقتول کی گاڑی میں موجود تھیں جو فائرنگ کے بعد اتر کر رکشے میں بیٹھ کر چلی گئی تھیں۔