Tag: Karachi firing

  • معروف نوحہ خواں فرحان علی وارث پر قاتلانہ حملہ

    معروف نوحہ خواں فرحان علی وارث پر قاتلانہ حملہ

    کراچی: تین ہٹی کے قریب معروف نوحہ خواں فرحان علی وارث کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، پولیس گارڈ کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز معروف قوال امجد صابری کی ٹارگٹ کلنک کے چند گھنٹے بعد ہی تین ہٹی کے قریب معروف نوحہ خواں فرحان علی وارث کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی لیکن پولیس گارڈ کی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے، فرحان علی وارث فائرنگ کے وقت گاڑی میں موجود نہیں تھے۔

    نوحہ خواں فرحان علی وارث کا کہنا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور حملے کے وقت وہ گاڑی میں موجود نہیں تھے، انکا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے خیریت سے ہوں، میرے ساتھی پولیس گارڈ کو انچولی چھوڑنے جارہے تھے کہ تین ہٹی کے مقام پر 3حملہ آوروں نے میری گاڑی گھیر لی تھی، پولیس گارڈ کی فائرنگ سے ملزمان فرارہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں :معروف قوال امجد صابری قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    یاد رہے اس سے قبل دوپہر میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبردس میں موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے امجد صابری کو ٹارگٹ کرکے قتل کردیا تھا، امجد صابری کو چھ گولیاں لگیں تھیں۔

  • کراچی:فائرنگ سے چند گھنٹوں میں دوافراد ہلاک، 8 زخمی

    کراچی:فائرنگ سے چند گھنٹوں میں دوافراد ہلاک، 8 زخمی

    کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں، محض چند گھنٹوں میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق لیاری بہار کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہارگیا۔ مقتول کی شناخت بسم اللہ خان کے نام سے ہوئی۔

    نارتھ ناظم آباد حیدری کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، مقتول کی شناخت ادریس اور زخمی کی شناخت حسین کے نام سے ہوئی۔

    اسی طرح بریگیڈ تھانے کی حدود میں تاج کمپلیکس کے قریب ہوٹل پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہاں موجود تین افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت نذیر، حبیب اور اشرف کے ناموں سے ہوئی، پولیس کے مطابق مسلح افراد کی تعداد تین تھی جو دو موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔

    بلدیہ کے علاقے میں بھی فائرنگ ہوئی جس میں ایک شخص زخمی ہوا اور کورنگی ابراہیم حیدری میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، اسی طرح دیگر علاقوں میں بھی فائرنگ سے  دو لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

  • کراچی : ڈی ایس پی قمر احمد کے گھر پر فائرنگ

    کراچی : ڈی ایس پی قمر احمد کے گھر پر فائرنگ

    کراچی: گلستان جوہر میں ڈی ایس پی قمر احمد کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک سولہ میں واقع ڈی ایس پی قمر احمد کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے مکان کے شیشے ٹوٹ گئے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    اے آروائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں حملہ آور کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ڈی ایس پی قمراحمد کا کہنا ہے کہ دو موٹرسائیکل پرسوار چار ملزمان نے فائرنگ کی۔

    دوسری جانب لانڈھی نمبر چار میں مبینہ مقابلے کے بعد پولیس نے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا ہے، ملزمان کی شناخت باسط اور حسن کے نام سے ہوئی، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی جبکہ پیرآباد سے پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان قاسم خان، فیروزخان اور سید اکبر کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔

  • کراچی: ملٹری پولیس پر حملے کا مقدمہ درج

    کراچی: ملٹری پولیس پر حملے کا مقدمہ درج

    کراچی: ملٹری پولیس پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، فرانزک رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے، اے آر وائی نیوز نے حملے سے پہلے کی سی سی ٹی وی فٹیج حاصل کر لی ہے جبکہ پولیس نے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے حکمت عملی طے کرلی۔

    کراچی میں فوجی جوانوں پر حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں، پولیس دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے متحرک ہوگئی، ایم اےجناح روڈ پردہشت گردوں کی فائرنگ سے فوجی جوانوں کے قتل کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، پولیس کے مطابق ایف آئی آردرج نامعلوم افراد کیخلاف ملٹری پولیس کی مدعیت میں درج کرلی گئی، جس میں قتل اوردہشتگردی کی دفعات شامل ہیں.

    اےآروائی نیوز نے ملٹری پولیس پر حملے سے پہلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور موٹر سائیکل سوار مبینہ حملہ آور کی تصویر حاصل کرلی ہے، سی سی ٹی وی فٹیج میں مبینہ موٹرسائیکل سوارحملہ آوروں کو ملٹری پولیس کی گاڑی کی ریکی کرتے اور اسلحہ لوڈ کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حملہ آور کی تصویر اور فوٹیج کی مدد سے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جارہی ہیں جبکہ ابتدائی فرانزک رپورٹ میں انکشافات کیا گیا ہے کہ رینجرز پر فائرنگ میں استعمال نائن ایم ایم سے ملٹر ی پولیس کو نشانہ بنایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ہتھیارکی مشابہت ہوئی، دوسرے سے مختلف اوقات میں سات دیگرقتل بھی ہوئے.

  • کراچی: کورنگی میں گاڑی پر فائرنگ،2افرادجاں بحق

    کراچی: کورنگی میں گاڑی پر فائرنگ،2افرادجاں بحق

    کراچی : شہرِ قائد کے علاقے کورنگی میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا۔

    کورنگی ڈھائی نمبر میں موٹر سائیکل ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے جو اسپتال منتقلی کے دوران چل بسے، مقتولین کی شناخت علی اور شاہد کے ناموں سے کی گئی ہے۔

    گلستان جوہر بلاک انیس میں لوٹ مار میں مصروف ڈاکو اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی ملا ہے۔

  • کراچی فائرنگ ، اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان زخمی

    کراچی فائرنگ ، اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان زخمی

    کراچی : شہرِ قائد میں لیاری ایکسپریس وے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اکاﺅنٹنٹ جنرل بلوچستان زخمی ہوگئے۔

      تفصیلات کے مطابق کراچی میں لیاری ایکسپریس وے پر نامعلوم مسلح افراد نے اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان کی گاڑی پر فائرنگ کردی، حملے میں اکبر خان شدید زخمی ہوئے، جنھیں شدید زخمی حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اکبر خان کی حالت تشویش ناک ہے۔

    پولیس کے مطابق مسلح افراد نے لیاری ایکسپریس وے پر سرکاری آفسر کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے، اکاﺅنٹنٹ جنرل بلوچستان محمد اکبر گاڑی میں سوار تھے۔

    واقعہ کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور تحقیقات شروع کردی ہے۔

  • کراچی: فائرنگ سے این اے پی کے مقامی رہنماسمیت 3افراد قتل

    کراچی: فائرنگ سے این اے پی کے مقامی رہنماسمیت 3افراد قتل

    کراچی: پاپوش نگر میں فائرنگ سے این اے پی کے مقامی رہنماء سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے کارروائی کے بعد تہرے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    کراچی میں معمولی تنازعے نے تین افراد کی جان لے لی، ملزمان نے فائرنگ کے واقعے میں این اے پی کے مقامی رہنماء سمیت تین افراد کو نشانہ بنایا، مقتولین کی شناخت وزیر، سدھیر اور نواز کے نام سے ہوئی، پولیس نے واقعے بعد سرچ آپریشن کرکے تہرے قتل میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان اور مقتولین کے درمیان چند روز قبل رکشہ پارک کرنے پر جھگڑا ہوا تھا، جس پر ملزمان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کی۔

    اس سے قبل لانڈھی میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین ملزمان مارے گئے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل کو قبضے میں لے لیا گیا۔

  • کراچی:  بھنگوریہ گوٹھ فائرنگ، 3پولیس اہلکار جاں بحق

    کراچی: بھنگوریہ گوٹھ فائرنگ، 3پولیس اہلکار جاں بحق

    کراچی: شہرِ قائد میں مزید تین پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا گیا، عزیز آباد بھنگوریا گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے تین اہلکار مارے گئے۔
    پولیس اہلکار دہشتگردوں کےنشانہ پر ہیں، شہر قائد میں سیکیورٹی اداروں کی تابڑ توڑ کارروائیوں بھی امن نہ لاسکیں، امن دشمنوں نے مزید تین پولیس اہلکار مار دیئے۔

    موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد نے بھنگوریا گوٹھ میں پولیس موبائل پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی، سر اور جسم کے اوپری حصے پرگولیاں لگنے سے تین اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    دہشت گرد اہلکاروں کو قتل کرنے کے بعد سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

    ایس پی لیاقت آباد طاہر نوارانی نے میڈیا کو بتایا کہ مرنے والوں میں ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں، جو نائٹ ڈیوٹی پر تھے۔

      ڈی جی رینجرز سندھ میجرجنرل بلال اکبر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعے کی تفصیلات حاصل کی۔

  • سانحہ صفورا ، 4 ملزم گرفتارکرلیے گئے، وزیراعلٰی سندھ

    سانحہ صفورا ، 4 ملزم گرفتارکرلیے گئے، وزیراعلٰی سندھ

    نواب شاہ: وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے سانحہ صفورا میں ملوث چارافراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے یہ انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں صفورا چورنگی پر اسمعیلی برادری کی بس پر حملے میں ملوث چار اہم ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

     نواب شاہ میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلی سندھ نے یہ بھی کہدیا کہ ڈھائی کروڑ کی آباد والے شہر کی ہر گاڑی اور ہر فرد کو سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاسکتی۔

     قائم علی شاہ کا کہنا تھا وہ صوبے کے وزیر اعلی ہیں، کپتان نہیں کپتان فوج میں ہوتے ہیں، قائم علی شاہ نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

  • کراچی: پولیس مقابلے، 3مبینہ ملزمان ہلاک ، 40 گرفتار

    کراچی: پولیس مقابلے، 3مبینہ ملزمان ہلاک ، 40 گرفتار

    کراچی: ڈاکوؤں نے باپ اور بیٹے کو ابدی نیند سلادیا جبکہ مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران چالیس افراد کو حراست میں لے لیا۔

    مجرموں کی وارداتیں، رینجرزاورپولیس کی ڈاکووؤں اور مجرموں کی سرکوبی کی سرتوڑکوششیں جاری ہیں، کورنگی میں ڈاکوؤں نے باپ اور بیٹے کو موت کی نیند سلادیا، پولیس کے مطابق ڈاکو جیسے ہی گھر میں داخل ہوئے مکینوں نے مزاحمت کردی۔

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے گھر کے سات افراد زخمی ہوئے، جن میں باپ اور بیٹا اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

    دوسری جانب سپر ہائی وے افغان بستی کے قریب رینجرز سے مقابلے میں تین مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    نیو کراچی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران تیرہ ملزمان کو گرفتار کرکےاسلحہ برآمد کرلیا، گلبہار کے علاقے سے پولیس نے ٹی ٹی پی کے چارمشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ ،دستی بم، مسروقہ موٹر سائیکل اور رکشہ برآمد کرلیا۔

    عائشہ منزل، شاہ فیصل کالونی اور الفلاح کے علاقوں سے پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔