کراچی : پاکستان سپر لیگ کی سب سے مضبوط ٹیم کراچی کنگزکی افتتتاحی تقریب آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہورہی ہے، جس میں دلوں کے بادشاہ کی دھواں دار انٹری ہوگی اورنامور گلوکار بھی پرفارمنس پیش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا میلہ ہونے جارہا ہے، پاکستان سپرلیگ کی سب سے مضبوط اور بہترین ٹیم کراچی کنگز کے ستارے جمعے کی شام نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جگمگائیں گے، کراچی والوں نے تمام پاسز ہاتھوں ہاتھ لے لیے۔
کراچی کنگز کی شاندار لانچنگ تقریب میں علی عظمت ،فاخر، اور علی حیدر، سلیم جاوید ،حسن جہانگیر سمیت دیگر نامور گلوکار بھی پر فارم کریں گے فہد مصطفی اور وسیم بادامی تقریب کی میزبانی کریں گے۔
دوسری جانب گورنرسندھ محمد زبیر، میئر کراچی وسیم اختر اور ٹیم کے مالک سلمان اقبال نے اپنے پیغامات میں کراچی کنگز کی ٹیم کو خوش آئند قراردیا ہے۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کراچی والوں یہ شہر ہمارا ہے، اس کو اجاگر کرنا ہے، کراچی والوں دنیا کو بتانا ہے کراچی کی رونقیں واپس آرہی ہیں اور ہر کراچی والا کپتان ہے۔
کراچی کنگز کی ٹیم کیلئے دیگر رہنماؤں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کی ٹیم کی جیت کے یقین کا اظہار کیا ہے۔
کراچی : پاکستان سپر لیگ میں شامل اہم ٹیم کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا چاہیئے، پی سی بی سے کہا ہے کہ تین پلے آف میں سے ایک پلے آف کراچی میں کرادیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ، کور کمانڈرز، ڈی جی رینجرز نے کراچی میں مکمل سیکورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر لاہورقلندر کے مالک رانا فواد نے بھی لاہورمیں فائنل کرانے کی حمایت کی۔
سلمان اقبال نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل کیلیے آنے پر پچاس فیصد راضی ہیں باقی ان کے بورڈز پر منحصر ہے، عالمی کھلاڑی لاہور میں فائنل کھیلنے کیلئے تیارہیں، ان کے بورڈز نہیں۔
سنگاکارا، مہیلا، رائن میک لارن سمیت کئی کھلاڑیوں سے پاکستان آنے کی بات کی، کرس گیل، سنگا کارا لاہور آنا چاہتے ہیں لیکن ان کے بورڈز نے انہیں اجازت نہیں دی، کرس گیل پاکستان آنے میں کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتا، کرس گیل نے کہا ہے ان کابورڈ اجازت دے تووہ آجائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کافی مقبول ہوچکا ہے اور اس سال پی ایس ایل کی مقبولیت بہت زیادہ ہے، لوگوں کو اس کا بے صبری سےانتظارہے، اس بار پی ایس ایل میں انٹرنیشنل کھلاڑی زیادہ ہیں، انگلینڈ، آسٹریلیا کے کھلاڑی بھی پی ایس ایل میں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کنگز کے شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کا خاص انتظام کیا گیا ہے، دو سے تین ٹورز بسیں شائقین کو اسٹیڈیم پہنچائیں گی۔
لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلمان اقبال نے صحیح کہا ہے کہ پی ایس ایل سب سے پاپولر لیگ ہے، اس کا فائنل لاہور میں ضرور ہونا چاہئیے، کھلاڑی پاکستان آنے میں پی ایس ایل فرنچائز کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر معروف کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ بنگلادیش پریمئرلیگ میں عالمی کھلاڑیوں سے پاکستان آنے کیلئے کہا تھا، پوری ذمہ داری سے غیرملکی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں لانےکی کوشش کی، کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنےکی توقع ہے۔
لاہور: وائٹل چائے اور پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کے درمیان اسپانسر شپ کے معاہدے پر دستخط ہو گئے، وائٹل چائے کمپنی پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی اسپانسر ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز اور وائٹل چائے کے درمیان اسپانسر شپ معاہدے پر لاہور میں دستخط ہوئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے اے آر وائی نیٹ ورک کے چیئرمین حاجی اقبال اور وائٹل چائے کی جانب سے وائٹل گروپ کے چیئرمین حاجی یاسین نے دستخط کیے۔
وائٹل گروپ کے چیئرمین حاجی یاسین نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ان کی کمپنی کرکٹ کے فروغ کے لیے کراچی کنگز کا حصہ بنی ہے، خواہش ہے کہ کراچی کنگز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی فاتح قرار پائے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز نو فروری سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا جبکہ فائنل میچ 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
کراچی : نیا ناظم آباد کرکٹ ہوم گراؤنڈ اورکراچی کنگز کی پارٹنر شپ کیلئے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔ عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے امید ظاہر کی ہے کہ پی ایس ایل ایڈیشن ٹو کی فاتح کراچی کنگز ہی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کو ایک اور اعزازمل گیا، کراچی کنگز کا نیا ناظم آباد کرکٹ ہوم گراؤنڈ کے ساتھ کرکٹ کی شان بڑھانے کیلئے معاہدہ ہوگیا۔
عارف حبیب سینٹر میں ہونے والی تقریب میں اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال اور عارف حبیب گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین عارف حبیب نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایڈیشن ٹو کراچی کنگز ہی جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ دلوں کے بادشاہ کراچی کنگز سے شائقین کرکٹ کی بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔
پی ایس ایل شروع ہو تو کراچی سے خیبر تک ہر زبان ایک ہی نعرہ ہوتا ہے کہ کراچی جیتے گا۔
کراچی : پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں مایہ ناز بیٹسمین خرم منظور کراچی کنگز کو منظور ہوگئے جبکہ کراچی کنگز نے نوابشاہ کے کاشف بھٹی کو ٹیم میں شامل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں مایہ ناز بیٹسمین خرم منظور کراچی کنگز کو منظور ہوگئے۔ جاندارشا ٹس اور بولرز کو پریشان کرنے والے مایہ ناز اوپنر خرم منظور پی ایس ایل کی سب سے مقبول اور مہنگی ٹیم کراچی کنگز کا حصہ بن گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے خرم منظور ہر فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کو منواچکے ہیں۔ ڈومیسٹک ہو یا کلب کرکٹ یا پھر انٹرنیشنل میچ خرم کو جب بھی چانس دیا گیا اس نے پرفارم کرکے دکھایا۔ خرم نے ہمیشہ اپنے بلے سے ناقدین کو بھرپورجواب دیا۔
کراچی بلوز کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کاچیمپئن بنانے میں بھی خرم منظور کا اہم کردار تھا۔ خرم منظور نے فائنل میں کراچی وائٹس کے خلاف بیالیس گیندوں پر ستر رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔
قائد اعظم ٹرافی میں بھی خرم کو ڈھائی سو رنز کی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ خرم منظور اب پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کیلئے کراچی کنگز کے شیر ہیں۔
علاوہ ازیں پی ایس ایل ایڈیشن ٹو کیلئے کراچی کنگز نے نوابشاہ کا ستارہ چن لیا، کاشف بھٹی کی کراچی کنگز میں شمولیت پر ان کے اہلخانہ بہت خوش ہیں، پی ایس ایل میں نوابشاہ کے آل راؤنڈر کاشف بھٹی کی کراچی کنگز میں شمولیت پر ان کے اہلخانہ خوشی سے نہال ہیں، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
کاشف بھٹی کے بھائیوں کا کہنا ہے کہ امید ہے وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ والدہ نے کہا کہ کاشف کو اس کی محنت کا صلہ مل گیا۔ پی ایس ایل میں کاشف بھٹی اب دنیا کے انٹرنیشنل اسٹارز کے ساتھ جگمگائیں گے اور پی ایس ایل میں اپنا جادو دکھائیں گے۔
دبئی : پی ایس ایل کے سیکنڈ ایڈیشن کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم کا کپتان سری لنکن بلے باز کمار سنگارا کو مقرر کردیا گیا، سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز بہت متوان ٹیم ہے، کرس گیل بھی کراچی کنگز کا شیر ہے، نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
نئے کپتان کا اعلان کراچی کنگز کی دبئی میں منعقدہ پریس بریفنگ میں کیا گیا جس میں پی ایس ایل کے چیرمین نجم سیٹھی، کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال، ٹیم مینجمنٹ کے راشد لطیف، سمیت کھلاڑیوں کرس گیل، شعیب ملک، روی بوپارہ، عماد وسیم اور دیگر نے شرکت کی۔
بریفنگ میں میزبانی کے فرائض وسیم بادامی نے ادا کیے، آغاز پر کراچی کنگز کا آفیشل سانگ اسکرین پر دکھایا گیا۔
اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم بہت متوازن ہے، کرس گیل بھی کراچی کنگز کا شیر ہے،10 برس سے پی ایس ایل کی باتیں ہورہی تھیں اور اب یہ ایونٹ منعقد ہورہا ہے۔
سلمان اقبال نے کہا کہ نجم سیٹھی نے مجھے تجویز دی کہ پی ایس ایل کی ایک ٹیم حاصل کرلیں ساری زندگی یاد کریں گے۔
آنر کراچی کنگ نے کہا کہ یو اے ای ہمارا ہوم گرائونڈ ہے ، یو اے ای کاکرائوڈ ہمیں ہمیشہ سپورٹ کرتا ہے،ایک سے ڈیڑھ سال میں ڈیڑھ سو نئے لڑکے تیار کریں گے۔
چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے دوست سلمان گولڈ کیٹگری میں شامل ہیں، میں اے آر وائی کے ساتھ بیٹھا ہوں ،یہاں میرے ملک کے ہیروز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کامیاب بنانے کا سہرا اے آر وائی کے سر ہے،سلمان اقبال نے پی ایس ایل کو سپورٹ کیا تو دیگر میڈیاہائوسز بھی آئے،نئے کھلاڑی کرس گیل جیسے سینئر کھلاڑیوں سے سیکھیں۔
نئے کپتان کا اعلان کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ میں کراچی کنگز کا حصہ نہیں بلکہ کراچی کنگز میری ٹیم ہے، ہمارے ٹیم کے نئے کپتان کمار سنگاکاراہوں گے، وہ ٹیم کے لیے بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
قومی کرکٹر عماد وسیم نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے، لاہور میں فائنل کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔
ٹیم مینجمنٹ میں شامل راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ایک خواب تھا جسے پورا کرنے کا سہرا نجم سیٹھی کے سر جاتا ہے ،ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں کافی فاصلہ آگیا ہے، 18سال سے کم عمر لڑکوں کا بھی انتخاب کیا گیا،سلمان اقبال، نجم سیٹھی اور میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں۔
انگلینڈ کے کرکٹر روی بوپارہ نے کہا کہ کرس گیل، کمار سنگاکارا اور بابر اعظم ٹیم میں بہترین اضافہ ہیں،لاہور میں فائنل کھیلنے کا مزہ آئے گا۔
ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل نے کہا کہ کراچی کنگز کا حصہ بن کر بہت خوش اور پرجوش ہوں، پی ایس ایل کے سیکنڈ ایڈیشن کے لیے فٹ اور تیار ہوں، ہم اسب ایک مقصد کے لیے اس ٹیم کا حصہ ہیں۔
قبل ازیں انہیں خطاب کی دعوت دی گئی تو انہوں نے میزبان کو وسیم باداما کہہ کر شکریہ اداکیا جس پر لوگ ہنس پڑے اور وسیم بادامی نے تصحیح کی کہ باداما نہیں بادامی جس پر گیل نے ایک قہقہہ بھی لگایا۔
بعدازاں اپنے خطاب کے دوران کرس گیل نے کسی بات پر انشا اللہ کہا جسے سن کر پریس بریفنگ میں بیھٹے افراد کو خوشگوار حیرت کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر شعیب ملک نے ایک بار پھر 20 افراد پر مشتمل کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔
بریفنگ کے اختتام پر سوالات کے سیشن کے دوران نجم سیٹھینے کہا کہ کراچی کنگزکی ٹیم اتنی اسٹار ٹیم ہے کہ وہ کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کو ہراسکتی ہے،چھٹی ٹیم آئے گی تو ایونٹ اور بھی بہتر ہوجائے گا۔
دبئی: اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے ، اس بار ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی ہیں، بڑے اسکور کے لیے ٹیم کو سیٹ کیا ہے، کرس گیل ایک اسٹار ہے اس لیے انہیں منتخب کیا، میکلرن کو آل رائونڈر ہونے کے سبب شامل کیا۔
When team’s coach is happy then I am happy too…by arynews
میزبان رمیز راجہ سے بات کرتے ہوئے سلمان اقبال نے کہا کہ اس بار بھی ٹیم سے بہت خوش ہوں، ٹیم کے کوچز خوش ہیں تومیں بھی خوش ہوں، کوچز نے بڑی محنت سے ٹیم کا انتخاب کیا، کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے اسکور کے حصول کے لیے اس بار ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی ہیں، میکلرن آل رائونڈر ہیں اس لیے انہیں ٹیم میں شامل کیا،کرس گیل کو کئی لوگوں نے لینے سے منع کیا لیکن کرس گیل ایک اسٹار ہے اس لیے انہیں منتخب کیا۔
سلمان اقبال نے بتایا کہ کاشف بھٹی اس ایونٹ میں ڈیبیو کررہےہیں، میرا خیال ہے وہ کامیاب رہیں گے،کاشف بھٹی کو راشد لطیف تلاش کرکے لائے ہیں۔
اونر کراچی کنگز کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بعد پتا چلا کہ کرکٹ کے شائقین کتنے ہیں، کراچی کے لوگوں کا بیک اپ بھی ہے اور تنقید بھی کرتے ہیں،رائے آئی ہے کہ ایونٹ میں شوبز کے اسٹارز کو بھی بلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام رکھا جس میں آٹھ لڑکوں کا انتخاب کیا ، دو سے تین سال میں اتنے لڑکوں کا انتخاب کرلیں گے کہ ٹیم بن جائے۔
سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل ہوگیا تو پتا چل جائے کہ ایونٹ کتنا بڑا ہے، کراچی اور لاہور کا لاہور میں فائنل ہوجائے تو سوچیں کیاہوگا۔
دبئی: پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے لیے پانچوں ٹیموں نے کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل کرلیا، کراچی کنگز نے کرس گیل، لاہور قلندر نے برینڈن میک کولم، پشاور زلمے نے شاہد آفریدی ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کیون پیٹرسن کو منتخب کرلیا جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈنے مصباح الحق کو برقرار رکھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل2017ء )کا دوسرا ایڈیشن فروری میں دبئی میں منعقد ہوگا جس میں پانچ ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، اس ایونٹ میں کھلاڑیوں کے چنائو (ڈرافٹنگ) کے لیے تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں کھلاڑیوں سمیت ٹیم کے مالکان، چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی، کرکٹ کے آفیشلز اور دیگر متلقہ افراد نے شرکت کی۔
ڈرافٹنگ میں 414 کھلاڑیوں کو پانچ کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا تھا ان میں پلاٹینیم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ شامل تھیں، پانچوں ٹیموں نے 16،16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جس کے بعد منتخب کھلاڑیوں کی تعداد 70 بن گئی۔
ڈرافٹنگ کے ہرمرحلے میں کھلاڑی منتخب کرنے کی پہلی باری لاہور قلندر کی، دوسری باری کراچی کنگز، تیسری پشاور زلمے، چوتھی کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور آخری باری اسلام آباد یونائیٹڈ کی تھی۔
پلاٹینیم کیٹگری میں کراچی کنگز نے ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل، ویسٹ انڈیز کے ہی کرکٹر کیرون پولارڈ اور پاکستانی آل رائونڈ شعیب ملک کو منتخب کیا۔
ڈائمنڈ کیٹگری میں محمد عامر، روی بوپارہ اور کمار سنگاکارا کو جب کہ گولڈ کیٹگری میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں عماد وسیم، بابر اعظم اور سائوتھ افریقا کے کھلاڑی ریان میکلرن کومنتخب کرلیا۔
سلور کیٹگری میں کراچی کنگز نے سہیل خان، شاہ زیب خان، سیف اللہ بنگش، خرم منظور کو اور ایمرجنگ کیٹگری میں کاشف عباسی، ابراراحمد اور عبدالحمید کو منتخب کیا۔
سپلیمنٹری رائونڈ میں مہیلا جے وردھنے اور اسامہ میر کراچی کنگز کا حصہ بن گئے۔
لاہور قلندر نے برینڈن میک کولم، سنیل نارائن، عمر اکمل، سہیل تنویر، ڈیوین براوو، یاسر شاہ، اینٹون ڈیوچ، محمد رضوان، کیمرون ڈیل پورٹ، اظہر علی، عامر یامین، ظفر گوہر، فخر زمان، بلاول بھٹی، غلام مدثر اور عثمان قادر کو منتخب کیا۔
پشاور زلمے نے شاہد آفریدی، آیون مورگن، وہاب ریاض، شکیب الحسن، ڈیرن شامی، محمد حفیظ، کرس جورڈن، تمیم اقبال، کامران اکمل،صہیب مقصود، جنید خان، عمران خان جونئیر،افتخار احمد، حارث سہیل، حسن علی اور محمد اصغر کو شامل کیا ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر میں کیون پیٹرسن، سرفراز احمد، احمد شہزاد، کارلوس بریتھ ویٹ، لیوک رائٹ، انور علی، تیمل ملز، عمر گل، ذوالفقار بابر، محمد نواز، محمد نبی، اسد شفیق، سعد نسیم، عمر امین، حسن خان اور نور علی کو منتخب کیا گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق، شین واٹسن، اینڈر رسل، شرجیل خان، محمد عرفان، سیموئل بدری، محمد سمیع، خالد لطیف، بریڈ ہیڈن، سیم بلنگس، سعید اجمل، آصف علی، رمان رئیس، عمران خالد، احمد بٹ اور حسن طلعت کو منتخب کیا۔
اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے کرس گیل کو ان کے نام کی ٹی شرٹ پیش کی جو انہوں نے پہن لی۔
سابقہ ایونٹ میں اچھی کارکرگی کا مظاہرہ نہیں کیا، کرس گیل
کرس گیل کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پہلے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا تھا تاہم اس بار مکمل فٹ اور تیار ہوں،میری کوشش ہوتی ہے کہ تیز رفتاری کے ساتھ رنز حاصل کروں،پاکستان میں میرا فین کلب مزید بڑھ جائے گا۔
I will try to entertain the crowd as much as…by arynews
کرس گیل نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ پہلی بار بھی اس ایونٹ کا حصہ بن کر مزا آیا، کراچی کنگز میرے لیے نئی ٹیم ہے اس ٹیم کا حصہ بننا اچھا لگ رہا ہے، شائقین کو زیادہ سے زیادہ انٹرٹین کرنے کی کوشش کروں گا۔
تقریب سے قبل اے آر وائی نیوز کے اینکر پرسن ویسم بادامی نے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال اور کرس گیل کے درمیان خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں ان سے بات چیت کی ، کرس گیل کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کا حصہ بن کر خوشی محسوس کررہا ہوں۔
کراچی: کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے لیے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیا، کراچی کنگز میں کرس گیل، کمار سنگاکارا اور تین سنچریاں بنانے والے بابر اعظم کو بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ نئے ٹیلنٹ کی کھوج میں ہزاروں نوجوانوں کے ٹرائلز کے بعد 350 نوجوانوں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔
یہ اعلان اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں میڈیا بریفنگ میں کیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض اینکر پرسن وسیم بادمی نے اداکیے جب کہ تقریب میں ٹیم مینجمنٹ، کراچی کنگزکی ایڈوائزری کمیٹی اور دیگر نے شرکت کی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے میڈیا بریفنگ میں اعلان کیا کہ کراچی کنگز کے لیے ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بیٹسمین کرس گیل، سری لنکن کرکٹر اور وکٹ کیپرکمار سنگارا اور پاکستان کے لیے تین ون ڈے میں مسلسل تین سنچریاں بنانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بابر اعظم کو منتخب کرلیا گیا ہے،شعیب ملک، عماد وسیم، روی بوپارہ، محمد عامر اور سہیل خان بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ طارق وصی کراچی کنگز کے سی ای او،مکی آرتھر کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ، اظہر محمود کوچ ،راشد لطیف ٹیم ڈائریکٹر،نوید رشید وی پی آپریشن، شہزاد حسن خان ہیڈ آف مارکیٹنگ اور عاصم قرییشی برانڈنگ کے ذمہ دار ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ساتھ ہی ایک ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں شعیب ملک، راشدلطیف، سلیم یوسف، اقبال قاسم اور اظہر محمود شامل ہیں، ایڈوائزی کمیٹی کے تحت تین اور سات اکتوبر کو ہونے والےٹرائلز کے ذریعے ہزاروں کھلاڑیوں میں سے 350 کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے، ان 350 کھلاڑیوں میں سے 60 کھلاڑی منتخب کرکے ٹورنامنٹ کے لیے 15کھلاڑیوں پر مشتمل چار ٹیمیں بنائی جائیں گی ، جب کہ ان 60 میں سے 15 کھلاڑی منتخب کرکے کراچی کنگز اے کی ٹیم بنائے جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 19 اکتوبر کو دبئی میں پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ ہوگی،بہترین کارکردگی کے حامل چھ لڑکے پی ایس ایل ایمرجنگ پلیرز ڈرافٹ میں جائیں گے جن ٰمیں سے ایک کا انتخاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے یوکے کے کائونٹی کلب میں بات کرلی ہے، جہاں منتخب لڑکے دو ماہ کلب کرکٹ کھیلں گے،ان میں سے چھ لڑکے منتخب ہوکر وہیں رہیں گے وہاں کوچز انہیں ٹرین کریں گے،ہماری خواہش ہے کہ کرکٹ نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کا ٹیلنٹ باہر آئے،آخری پی ایس ایل میں جو ٹیلنٹ سامنے آیا آج وہ ٹی ٹوئنٹی میں بہترین کارکردگی دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے،اس سال پی ایس ایل کا کپ کراچی لانے کی بھرپور کوشش ہوگی،یہ ٹیم ہماری یا اے آر وائی کی نہیں بلکہ کراچی کی ہے، کراچی نے ہمیں ہمیشہ سپورٹ کیا۔
سلمان اقبال نے ایک سوال پر بتایا کہ ایڈوائزری بورڈ کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل مکمل کرے گا۔
اپنے خطاب میں راشد لطیف نے کہا کہ ٹرائلز کا مقصد یہ تھا کہ ہم نے کچھ نام منتخب کیے ہیں جو کراچی کنگز کے ڈرافٹ میں جائیں گے، کراچی میں ہمیشہ سے کرکٹ کی نرسری رہی ہے اور رہے گی، بدقسمتی سے کچھ برس سے کراچی کے بہت کم کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہوئے۔انہوں نے ایک ہاتھ سے محروم کھلاڑی مطلوب قریشی کو اسٹیج پر بلا کر سب کے سامنے پیش کیا اور اس کے ٹیلنٹ کی تعریف کی۔
کراچی: کراچی کنگز پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ’کھلاڑی کی کھوج‘ کے ٹرائلز 3 اکتوبر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوں گے۔
پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی ٹیم کراچی کنگز لا رہا ہے پاکستان کا سب سے بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ’کھلاڑی کی کھوج‘، جس میں کراچی کنگز پاکستان بھر سے باصلاحیت نوجوانوں کو دعوت دیتا ہے، انڈر ٹوئنٹی تھری ٹرائلر تین اکتوبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوں گے۔
پاکستان کے نامور کرکٹر سابق کپتان راشد لطیف اس ٹیلنٹ پروگرام کے ڈائریکٹر ہوں گے جبکہ سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم، سلیم یوسف اور جلال الدین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔
سلیکٹرز بھی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کیلئے بہت پر جوش ہیں، ٹرائل میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو اس سال ہونے والے ڈرافٹ میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ قومی کرکٹ ٹیم میں کھیلنے کا بھی موقع مل سکتا ہے ۔
کراچی کنگز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں اب صرف ایک روزباقی رہ گیا ہے تاہم کراچی کنگز کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروانے والوں کا انبار لگ گیا۔
پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کے مالک، اے آر وائی ڈیجیٹل گروپ کے صدر اورسی ای او سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ میں نئے دور کا آغاز ہے ، پاکستان سپر لیگ ثابت کردے گا کہ یہ ایک صحیح سمت میں بڑا قدم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے منتخب کردہ کھلاڑی قومی کرکٹ کے میدان میں ایک اور سنگ میل ثابت ہونگے ۔
کراچی کنگز کے اسٹارز بھی نوجوان کرکٹرز کو کیمپ میں آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔
تین اکتوبر سے شروع ہونے والے کراچی کنگز کے ٹرائلز کے لئے گائڈ لائن بھی جاری کردی گئی ہے۔
ٹرائلز صبح نو سے شام چھ بجے تک جاری رہیں گے۔
ٹرائلز میں حصہ لینے والے نوجوان کرکٹرز کی عمر سولہ سال سے زائد اور تئیس سال سے کم ہونی چاہیے۔