Tag: karachi lyari

  • کراچی: فائرنگ، دستی بم حملہ ، 3افراد جاں بحق، 2زخمی

    کراچی: فائرنگ، دستی بم حملہ ، 3افراد جاں بحق، 2زخمی

    کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دستی بم حملے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے تھانہ لیاری بغدادی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اسکول ٹیچرفضل الرحمان کو ابدی نیند سلادیا۔

    دوسری جانب مشرف کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی جسے تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا ،ڈیفنس اور لانڈھی کے علاقوں میں بھی فائرنگ سے دو افراد کو زخمی کردیا ، کٹی پہاڑی میں مسافربس پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔

    سلاٹر ہاؤس کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم حملے میں دو افراد زخمی ہوئے ۔

    گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس مقابلے کے دوران مبینہ گینگ وارسے تعلق رکھنے والا کارندہ ہلاک ہوگیا تھا، پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی شناخت سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بابا لاڈلا گروپ سے ہے۔

    رینجرزکے ترجمان کے مطابق سیف اللہ قتل کی چارواداتوں سمیت بھتے کی وصولی اوراسٹریٹ کرائم میں بھی ملوث تھا، انہوں نے مزید کہا کہ گینگ وار کے ملزم کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • کراچی:لیاری میں 2گروپوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق 6زخمی

    کراچی:لیاری میں 2گروپوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق 6زخمی

    کراچی: لیاری ایک بار پھر بم دھماکوں سے گونج اٹھا، فائرنگ اور دستی بم حملوں میں ایک شخص جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

    کراچی کے علاقے لیاری شاہ بیگ لین میں گینگ وار کے دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہوئے۔

    پولیس کے مطابق لیاری کے علاقے شاہ بیگ لین میں نامعلوم ملزمان نے گینگ وار گروپ کے لیڈر کے گھر کے قریب دستی بم حملہ کیا گیا جس میں خاتون اور دو بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے، حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ لیاری کے مختلف علاقوں میں گینگ وار کارندوں نے ایک دوسرے گروپ پر حملے شروع کردئیے ہیں۔

    غریب شاہ مزار کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ افشانی گلی کے قریب فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئیں، تمام زخمیوں اور جاں بحق شخص کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے میں داخل ہوکر صورتحال پر قابو پالیا ہے، تاہم اب بھی مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    دوسری طرف عائشہ منزل کے قریب بیکری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بیکری کا مالک زخمی ہوگیا، ذرائع کے مطابق بیکری مالک کو چند روز قبل نامعلوم افراد نے فون کرکے بھتہ طلب کیا تھا اور بھتہ ادا نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔