Tag: karachi mayor

  • میئر کراچی کا ہتھنی سونیا کی موت کا تحقیقات کا حکم

    میئر کراچی کا ہتھنی سونیا کی موت کا تحقیقات کا حکم

    کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سفاری پارک میں ہتھنی کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے سفاری پارک میں ہتھنی سونیا کی اچانک موت کا سن کر افسوس ہوا، ہتھنی کی موت کا ہر پہلو  سے جائزہ لیا جائے گا، کسی قسم کی غفلت پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہتھنی کا مکمل پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، ہتھنی کی موت کی تمام وجوہات سے عوام اور میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

    سفاری پارک میں ’سونو‘ نامی ہتھنی مرگئی

    واضح رہے کہ آج صبح کراچی کے سفاری پارک میں ہتھنی سونیا انتقال کرگئی، عملے کے مطابق ہتھنی سونیا کی موت رات کے وقت اچانک واقع ہوئی جب اتوار کی صبح عملہ سفاری پارک پہنچا تو ہتھنی کو مردہ پایا۔

    انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ہتھنی کی وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔

    یاد رہے کہ سفاری پارک میں 3 ہتھنیاں موجود تھیں، ہتھنی سونیا اور ملکہ پہلے سے سفاری پارک میں موجود تھے جبکہ چند روز قبل چڑیا گھر سے مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا۔

  • ’کراچی، حیدرآباد، سکھر، میر پورخاص، لاڑکانہ کے میئر جیالے ہوں گے‘

    ’کراچی، حیدرآباد، سکھر، میر پورخاص، لاڑکانہ کے میئر جیالے ہوں گے‘

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حیدر آباد، سکھر، میر پور خاص اور لاڑکانہ کے میئر جیالے ہوں گے، کراچی کا میئر بھی پیپلز پارٹی کا جیالا ہوگا، جو اس شہر کی بھرپور خدمت کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے آصف زرداری، بلاول بھٹو اور جیالوں کو مبارک باد دی ہے، اور کہا کہ سندھ کے تمام ضلعی کونسلوں کے چیئرمین جیالے ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے، عوام کا ہم پر بھرپور اعتماد ہے، کراچی میں بغیر کسی تفریق پیپلز پارٹی نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، سڑکیں، انڈر پاسز، فلائی اوورز، اسپتال اور نکاسی کے نظام کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا۔

    مراد علی شاہ نے کہا ’’مردم شماری پر پیپلز پارٹی نے عوامی مفاد میں واضح مؤقف رکھا، پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کے حقوق کی جنگ کھلے دل سے لڑی ہے، امن و امان کی بحالی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جس سے شہر امن کا گہوارہ بن گیا ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا کراچی کے عوام کا شکریہ جنھوں نے اعتماد کیا اور مزید خدمت کرنے کا اختیار دیا، سندھ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جیالوں کا صوبہ ہے۔

  • میئر کراچی نے کورنگی کاز وے پر35سال بعد اسٹریٹ لائٹ کا افتتاح کردیا

    میئر کراچی نے کورنگی کاز وے پر35سال بعد اسٹریٹ لائٹ کا افتتاح کردیا

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کورنگی کاز وے پر35سال بعد اسٹریٹ لائٹ کا افتتاح کردیا، کازوے پر پہلی مرتبہ اسٹریٹ لائٹ لگائی گئی ہیں۔

    اس موقع پر مئیرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ لائٹس سے لانڈھی، کورنگی، ابراہیم حیدری، ڈیفنس کے عوام کو سہولت ہوگی، یہاں اندھیرے کی وجہ سے آئے دن ایکسیڈنٹ ہوتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ شہر کو اندھیروں میں دھکیل رہی ہے ہم روشنی بحال کررہے ہیں، منصوبے کی لاگت 75لاکھ تھی، پرانےکھمبے استعمال کرکے31لاکھ خرچ ہوئے۔

    منصوبے سے44لاکھ کی بچت کی جو دوسرے سڑکو ں پرلگائیں گے، پرانا سامان استعمال کرکے مجموعی طورپر88لاکھ کی بچت کی۔

    ایک سوال کے جواب میں وسیم اختر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کو عید پر تنخواہوں میں غفلت کی، وزیراعلیٰ سندھ اس معاملے کا نوٹس لے کرانکوائری کرائیں۔

  • میں نواز شریف سے کراچی کیلئے25 ارب روپے کا پیکج لایا تھا، وسیم اختر

    میں نواز شریف سے کراچی کیلئے25 ارب روپے کا پیکج لایا تھا، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے صرف ٹھیکے بانٹے ہیں، میں نواز شریف سے کراچی کیلئے25 ارب روپے کا پیکج لے کر آیا تھا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ میں نے شہر کے ہر ڈسٹرکٹ میں کام کرایا ہے، محدود اختیارات کے تحت میئر ڈھائی کروڑ سے زیادہ کا پروجیکٹ نہیں دے سکتا، اگر میئر کو بےاختیار ہی ررکھنا ہے تو اگلا الیکشن کرانے کی ضرورت ہی نہیں، صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کو کام کرنے نہیں دیتی۔

    وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ مشیر اطلاعات سندھ پہلے اپنی حکومت کی ناقص کارکردگی دیکھیں، مرتضیٰ وہاب بتائیں سندھ حکومت نے کراچی میں اب تک کیا کام کیا جبکہ ایم کیو ایم پاکستان وفاق سے کراچی کیلئے پراجیکٹس لے کر آئی، کے ایم سی شہر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل حل کررہی ہے۔،

    انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف سے کراچی کیلئے25ارب روپے کا پیکج لے کر آیا تھا، اس پیکج میں فائیو اسٹار، کے ڈی اے چورنگی اور ناگن چورنگی کے پراجیکٹس تھے جبکہ سندھ حکومت نے دس سال میں صرف ٹھیکے بانٹے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہم سے ریونیو جنریشن مانگ رہی ہے جبکہ خود اس کے اپنے اسپتالوں کا برا حال ہے، صوبائی حکومت ہم سے کے ایم سی کا اسپتال دینے کا کہہ رہی ہے۔

    مزید پڑھیں: میئر کراچی وسیم اختر کا خرم شیرزمان کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

    اس کے نمائندے کس منہ سے کرپشن کی بات کررہے ہیں، جبکہ سندھ حکومت نے تو لاڑکانہ سمیت پورے سندھ کو تباہ کردیا، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جو پیسہ دیتی ہے وہ صرف ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنزمیں جاتا ہے۔

  • تجاوزات کیخلاف آپریشن : صدر کے متاثرین کو متبادل جگہ دیں گے، وسیم اختر

    تجاوزات کیخلاف آپریشن : صدر کے متاثرین کو متبادل جگہ دیں گے، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کی تعمیر میں پختون بھائیوں کا خون پسینہ شامل ہے، کچھ لوگ صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی پر سیاست کر رہے ہیں، متاثرین کو متبادل جگہ دی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود تھے،  وسیم اختر نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کروارہے ہیں، صدر میں تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن سے متاثرہ افراد کو متبادل جگہ دینے کیلئے حکومت سندھ غور کررہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ 30 سے35 سال قبل ایک معاہدے کے تحت چار بائی چار کی جگہ دی گئی تھی جو اب چار سو تک پہنچ گئی، کچھ لوگوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے کئی منزلہ عمارتیں بنالی تھیں، اب ان  متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے گی لیکن قبضہ مافیا سے کوئی بات نہیں ہوگی۔

    میئرکراچی کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب کارروائی کے بعد ایمپریس مارکیٹ کے چاروں طرف قائم تجاوزات کا صفایا کردیا گیا ہے، صدر کی صفائی پہلا فیز ہے، دوسرے فیز میں متاثرین کو جگہ دی جائے گی، اس کے علاوہ شہربھر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کریں گے۔

    کراچی ایمپریس مارکیٹ سے تجاوزات کا خاتمہ: 50 سال بعد تاریخی عمارت کی دھلائی

    واضح رہے کہ کراچی کے دل صدر میں تجاوازات کے خاتمہ کے بعد ایمپریس مارکیٹ نکھر گئی اور اس کی اصلی شکل نکلی آئی، عام شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی بھی تاریخی عمارت کی تعریف کئے بغیر رہ نہ سکے۔

    بیلجئم سے آئے ہوئے سیاحوں نے مارکیٹ کا دورہ کیا اور اس کی خوبصورتی کی تعریف کی، سیاحوں کا کہنا ہے اس تاریخی مارکیٹ کو تزئین و آرائش کی ضرورت ہے، ایمپریس مارکیٹ کی دھلائی دیکھ کر شہریوں کا دل اور بھی خوش ہوگیا۔

  • فاروق ستاربھائی یوم پاکستان کی خاطربہادرآباد آجائیں، وسیم اختر

    فاروق ستاربھائی یوم پاکستان کی خاطربہادرآباد آجائیں، وسیم اختر

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں کو مل جانا چاہیئے، فاروق بھائی یوم پاکستان کے دن کی خاطر بہادر آباد آجائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر مزارقائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وسیم اختر نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ایم کیوایم کےدونوں دھڑوں کومل جاناچاہیئے۔

    کراچی میں عالمی کرکٹ بحال ہورہی ہےفاروق ستار بھائی بھی تعلقات بحال کرلیں۔ ان کا کہنا تھا فاروق بھائی کو متعدد بار کہا ہے کہ آجائیں رابطہ کمیٹی آپ ہی کی ہے، فاروق بھائی کے نہ ماننے کے پیچھے نامعلوم وجوہات ہیں۔

    ہمارے ووٹرز چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے دونوں دھڑے مل جائیں اورایم کیو ایم متحدہوئی تو2018 کے انتخابات میں کلین سوئپ کرینگے۔

    مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا ایم کیوایم پاکستان کو یکجا کرنے کی تمام تر ذمہ داری فاروق ستار پر ہے،وہ آکر ایم کیو ایم کی سربراہی کریں،ویسی ہی عزت دیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کچرے کی صورتحال پراب تک اطمینان بخش صورتحال نہیں ہے،کچھ اضلاع میں کچرا جلانے والے کے ایم سی کے ورکرز نہیں ہیں۔

  • بلدیاتی نمائندوں کامیئرکراچی کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے باہرمظاہرہ

    بلدیاتی نمائندوں کامیئرکراچی کے ہمراہ سندھ اسمبلی کے باہرمظاہرہ

    مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کو پلاننگ کے تحت تباہ کر رہی ہے۔ بجٹ میں کراچی کے لئے کچھ نہیں رکھا گیا ہے، پُرامن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ احتجاجی مطاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاج کے وقت سندھ اسمبلی کا اجلاس جاری تھا۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے دروازے بند کردئیے گئے ہیں۔ سندھ حکومت اتنی ڈری ہوئی ہے کہ احتجاج بھی نہیں کرنے دیتی۔ آج ہمیں تالےلگائےجا رہےہیں، کل تالے لگانے والوں کو تالےلگیں گے۔

    اس موقع پر سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم پاکستان کے اراکین نے بھی اجلاس سے واک آؤٹ کیا، اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ ہمارا مئیر احتجاج کرےاور ہم تقاریرسنیں ایسا نہیں ہو سکتا۔

    اجلاس سے واک کرتے ہوئے اپوزیشن اراکین نے سندھ اسمبلی میں”شرم کرو ، حیا کرو، ڈوب مرو، ڈوب مرو”کے نعرے لگائے۔

    بعد ازاں سندھ اسمبلی کے باہر بلدیاتی نمائندوں نےاحتجاج ختم کردیا، میئر کراچی وسیم اختر نے صحٓفیوں کو بتایا کہ نماز جمعہ کےباعث احتجاجی مظاہرہ ختم کررہےہیں، احتجاجی مظاہروں کاسلسلہ آج سےشروع کیاہے۔

  • مجھے سیکیورٹی کی ضرورت نہیں ہے ‘  میئرکراچی

    مجھے سیکیورٹی کی ضرورت نہیں ہے ‘ میئرکراچی

    کراچی: میئرکراچی وسیم اخترکا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام ساتھ ہیں، شہریوں کی محبت کافی ہے، مجھے سیکیورٹی کی ضرورت نہیں ہے.

    تفصیلات کے مطابق میئرکراچی وسیم اختر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں پیسے کا درست استعمال ہونا چاہئے، ترقیاتی کاموں کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے.

    انہوں نے کہا کہ کوشش ہے یونیورسٹی روڈ وقت سے پہلے مکمل کیا جائے، سندھ حکومت تمام اختیارات اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے، کراچی کے عوام کا پیسہ ہے، میں خود کراچی کا ہوں ، کوئی غلط کام نہیں ہونے دوں گا.

    مئیر کراچی نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام ساتھ ہیں، شہریوں کی محبت کافی ہے ،مجھے سیکیورٹی کی ضرورت نہیں ہے، سندھ حکومت کی خواہش ہے کہ وہ سارے اختیارات اپنے پاس رکھیں ،جبکہ میرے پاس جواختیارات ہیں وہ سب کو پتہ ہے.

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ پانچ فروری کو چھ سال بعد واٹر بورڈ کا ایک اجلاس ہوا ہے،یہ آٹھ سال کا بگاڑ ہے، افراتفری ہے، کچھ بھی ٹھیک نہیں ہے، مگر ہم ٹھیک کرنے کی کوشش میں ہیں.

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ حساس اداروں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ میئرکراچی وسیم اختر کو متحدہ قومی موومنٹ لندن کے کارکنان کی طرف سے جان کو خطرہ لاحق ہے اس لیے ان کو تحفظ فراہم کیا جائے.

    یہاں‌پڑھیں:وسیم اختر کی جان کو ایم کیو ایم لندن سے خطرہ ہے، حساس ادارے

    بعد ازاں مئیر کراچی وسیم اختر نے بھی سیکیورٹی کے لئے معتقلہ ادارے کو خط لکھا تھا.

    letter

  • جان کو خطرہ ہے، وسیم اختر کا کور کمانڈر کو خط

    جان کو خطرہ ہے، وسیم اختر کا کور کمانڈر کو خط

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کو خط لکھ دیے اور سیکیورٹی مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کو ایک اور پریشانی نے آ گھیرا، سیکیورٹی درخواست کے باوجود کراچی کے میئر کو سیکیورٹی نہ ملی، مئیر وسیم اختر نے کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کو سیکیورٹی خدشات پر خط لکھ دیے۔

    جس میں انہوں نے بتایا کہ شدید سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں، سندھ حکومت مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کر رہی ہے۔ مئیر کراچی نے مطالبہ کیا کہ انھیں سیکیورٹی دی جائے، کام کرنا چاہتا ہوں۔

    دوسری جانب کے ایم سی کے میونسپل کمشنر نے تحریری طور پر آئی جی سندھ سے درخواست کر دی ہے، خط میں کہا گیا ہے کے ایم سی ہیڈ آفس، میئر، ڈپٹی میئر کو مناسب سیکورٹی دی جائے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے پولیس اور حساس اداروں کو خط لکھا گیا تھا، جس میں میئر کراچی وسیم اختر کی جان کو شدید خطرات سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں : وسیم اختر کی جان کو ایم کیو ایم لندن سے خطرہ ہے، حساس ادارے


    حساس اداروں کی جانب سے صوبائی وزارتِ داخلہ کو بھیجے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کی جان کو خطرہ لا حق ہے سیاسی اختلافات کی وجہ سے ایم کیو ایم لندن ان پر قاتلانہ حملہ کرواسکتی ہے۔

  • اپیکس کمیٹی میں کراچی کی نمائندگی نہ ہونا افسوسناک ہے، وسیم اختر

    اپیکس کمیٹی میں کراچی کی نمائندگی نہ ہونا افسوسناک ہے، وسیم اختر

    کراچی : مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کراچی کے فیصلے کراچی کی نمائندگی کے بغیرکرنا افسوسناک ہے۔ شہرکی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کے ہراقدام کا ساتھ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے میئر کو اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں نظر انداز کردیا جاتا ہے جبکہ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل ہونا چاہئیے۔

    یہ بات انہوں نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وسیم اختر نے کہا کہ اپیکس کمیٹی میں مئیر کراچی کو بھی نمائندگی دی جائے۔

    مئیر کراچی نے ساتھ ہی کراچی کے لیے کیے جانے والے فیصلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے وزیر اعلیٰ کے ہر اقدام کا بھر پور ساتھ دیں گے۔

    مئیر کراچی نے شہر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا اور ائیر پورٹ کے قریب جناح برج اور نیشنل ہائی وے سے منسلک شاہراہ کی استرکاری فروری میں مکمل ہونے کا اعلان بھی کیا۔