Tag: karachi medical and dental college

  • کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلے کے خواہش مندوں کے لیے فیسوں کے حوالے سے بری خبر

    کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلے کے خواہش مندوں کے لیے فیسوں کے حوالے سے بری خبر

    کراچی: کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیسوں میں 185 فی صد تک ہوشربا اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے ایم ڈی سی میں داخلے کے خواہش مندوں کے لیے بری خبر ہے کہ انتظامیہ نے فیسوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا ہے، اوپن میرٹ کی بنیاد پر داخلہ فیس 20 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دی گئی۔

    اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیلف فنانس طلبہ کے لیے فیس ایک لاکھ کر دی گئی ہے، ٹیوشن فیس 50 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 17 ہزار 600 کر دی گئی، سیلف فنانس طلبہ سے اب 12 لاکھ فیس وصول کی جائے گی۔

    طلبہ سے ترقیاتی فنڈ کے نام پر 30 اور 50 ہزار روپوں کی الگ سے وصولی ہوگی، جس پر طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب فوری فیسوں میں اضافہ واپس لیں۔

    رکن سٹی کونسل کے ایم سی تیمور احمد نے بھی کہا ہے کہ فیسوں کی مد میں ایسی بھتہ خوری کی کوئی مثال نہیں ملتی، پٹرول کی قیمت میں واضح کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ فیس میں 80 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    رکن سٹی کونسل نے مطالبہ کیا کہ کونسل کا اجلاس بلا کر فیسوں کے نام پر ان ترقیاتی چارجز کا جواب دیا جائے۔

  • کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج 2 شعبوں میں تقسیم

    کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج 2 شعبوں میں تقسیم

    کراچی: کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو 2 شعبوں میں تقسیم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین گورننگ باڈی اور میئر کراچی وسیم اختر کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو 2 شعبوں میں تقسیم کردیا گیا۔

    ترجمان کے ایم سی کا کہنا ہے کہ کے ایم ڈی سی میں کالج آف میڈیسن اور کالج آف ڈینٹسٹری کے شعبے قائم کیے گئے ہیں۔

    کے ایم سی ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں کالجز کی اکیڈمک کونسل الگ، گورننگ باڈی ایک ہوگی، کالجز کے لیے الگ پرنسپل کے تقرر سے کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا، دونوں پہلے ہی اپنے شعبوں میں سربراہان کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔

    ترجمان کے ایم سی کا کہنا ہے کہ اسکول آف نرسنگ عباسی شہید اسپتال کو کالج آف نرسنگ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کالج آف نرسنگ میں 4 سالہ بی ایس این ڈگری پروگرام شروع کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دسمبر 2018 میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی میں تبدیل کریں گے اس حوالے سے میئر کراچی کو بریفنگ دینے کا کہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے شعبے میں جدت آرہی ہے، کانووکیشن تعلیم مکمل کرنے والوں کے لیے ایک خوبصورت احساس ہے جبکہ میئرکراچی کے پاس وسائل کم ہیں اور ہمیں اس کا احساس ہے۔