Tag: karachi MWM Dharna

  • کراچی میں دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کو منانے کی ایک اور کوشش

    کراچی میں دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کو منانے کی ایک اور کوشش

    کراچی : پیپلز پارٹی اور سندھ کی مقامی انتظامیہ کا وفد کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنے میں بیٹھے منظاہرین کو منانے کیلیے پہنچ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفد میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وزیر بلدیات سعید غنی، سینیٹر وقار مہدی شامل تھے پی پی اور انتظامیہ کے وفد نے نمائش چورنگی پر دھرنے پر بیٹھے ایم ڈبلیو ایم کے قائدین سے ملاقات کی۔

    سندھ حکومت اور مجلس وحدت المسلین کے علمائے کرام کے درمیان مذاکرات میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی ایسٹ، ایس ایس پی ایسٹ، ایس پی اور دیگر بھی موجود تھے۔

    پی پی رہنما سینیٹر  وقار مہدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار میں ہونے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم سے درخواست کرتے ہیں کہ دھرنے ختم کردیں۔

    قبل ازیں پی پی رہنما سعید غنی نے کہا کہ پارہ چنار میں جو کچھ ہوا اس پر ہرپاکستانی افسردہ ہے، ہم ان واقعات کی شدید مذمت اور شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کرتے ہیں۔

    معصوم بچے اور خواتین شدید سردی میں کئی دنوں سے سڑکوں پر موجود ہیں،چاہتے ہیں تمام معاملات خیر و عافیت سے حل ہوں، کراچی کے شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر کچھ گزارشات سامنے رکھی ہیں۔

    علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ دھرنے سے متعلق حکومت سے ابھی کوئی بات طے نہیں ہوئی، حکومتی وفد سے جو بات ہوئی ہے اس سے مرکزی قیادت کو آگاہ کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ دھرنوں سے شہریوں کو کوئی تکلیف نہ ہو، چاہتے ہیں جلد از جلد مسئلہ حل ہو اور ہم اپنے گھروں کو جائیں۔

  • شارع فیصل ناتھا خان پل پر احتجاج ختم، 12 مقامات پر دھرنا جاری

    شارع فیصل ناتھا خان پل پر احتجاج ختم، 12 مقامات پر دھرنا جاری

    کراچی: مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سانحہ پارا چنار کے خلاف شارع فیصل ناتھا خان پل پر احتجاج ختم کردیا گیا ہے، جبکہ شہر کے 12مقامات پر دھرنا جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل سے ایئرپورٹ جانے والے روڈ کو کھول دیا گیا ہے۔ ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہوگئی ہے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی پر مرکزی دھرنا جاری ہے، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی، سرجانی کے ڈی اے فلیٹس کے قریب بھی دھرنا دیا جارہا ہے۔

    رضویہ گولیمار اور نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر دھرنا جاری ہے، اس کے علاوہ ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن، شارع پاکستان انچولی، عائشہ منزل پر دھرنا جاری ہے۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق گلستان جوہر کامران چورنگی، یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب دھرنا جاری ہے، نفری سڑکوں پرموجود ہے، ٹریفک متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے سردی کے حوالے سے بڑی پیشگوئی کردی

    ٹریفک پولیس کے مطابق رش کی وجہ سے کئی متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔