Tag: Karachi Operation

  • کراچی میں بد امنی کی لہر میں تیزی آگئی

    کراچی میں بد امنی کی لہر میں تیزی آگئی

    کراچی :  شہر قائد میں ایک بار پھر بدامنی کی لہر میں اضافہ ہوگیا، کورنگی میں فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت دو افراد زخمی ہوگئے، واردات کے بعد حملہ آور ہمیشہ کی طرح فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی فیصل نور اپنے رشتے دار خلیل کے گھر سے واپس جارہے تھے کہ کورنگی کے قریب اُن پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی اور ان کا محافظ زخمی ہوگئے۔

    ایس پی کورنگی کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، ایک موٹر سائیکل پر دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی، محافظ کی جانب سے جوابی فائرنگ نہ ہونے کی وجہ سے حملہ آور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، دونوں زخمی افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر روانہ کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب کل نارتھ کراچی کے ایک ہوٹل پر فائرنگ کے نتیجے میں سماجی کارکن خرم ذکی اور صحافی راؤ خالد کے علاوہ راہگیر اسلم شدید زخمی ہوئے تھے، بعدازاں اسپتال پہنچنے پر خرم ذکی دم توڑ گئے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق خرم ذکی کے سینے میں‌ پانچ گولیاں لگی تھیں‌ تاہم دیگر دو زخمیوں کی حالت خطرے سے باہرہے۔

    مزید پڑھیں  سماجی رہنما خرم ذکی سمیت دو افراد فائرنگ سے جاں بحق

    واضح رہے آج لیاری چاکیواڑہ تھانے کی حدود میں گینگ وار کی جانب سے دو کریکر حملے کئے گئے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت چودہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔


    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والے واقعات میں‌ سماجی کارکن کی ہلاکت سمیت 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔


    کراچی میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافے پرعوام کی جانب سے شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

  • کراچی میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد گرفتار

    کراچی میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد گرفتار

    کراچی : شہرقائد کے علاقے سرجانی سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون میں خفیہ اطلاع پر حساس اداروں کی کاروائی کے دوران تین مبینہ دہشت گردوں گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

     گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق مذہبی جماعت سے ہے۔ حساس ادارے کے مطابق چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیاگیا ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے لائنزایریا میں پولیس نے  ایک شخص کوگرفتار کیا ہے تاہم گرفتاری کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔

    واضح رہے کہ شہرقائد میں امن و امان قائم کرنے کے لیے پولیس اور رینجرز کی جانب سے گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے آپریشن جاری ہے اور اس عرصے میں ہزاروں کی تعداد میں گرفتاریاں عمل میں لائیں گئی ہیں جبکہ متعدد دہشت گرد پولیس اور رینجرز سے مقابلوں کے دوران مارے جاچکے ہیں۔

  • کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری میں حیرت انگیز کمی، رینجرز کی آرمی چیف کو بریفنگ

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری میں حیرت انگیز کمی، رینجرز کی آرمی چیف کو بریفنگ

    کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شہرِقائد میں امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ آرمی چیف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان رینجرز نے آرمی چیف کو اب تک کی صورتحال پر بریفنگ دی۔

    رینجرز کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں کراچی کے جن بڑے جرائم کی تفصیلات فراہم کی گئیں ان میں دہشت گردی، بھتہ خوری، گینگ وار اور ٹارگٹ کلنگ شامل ہیں۔

    رینجرز کے مطابق کراچی میں دہشت گردی کے واقعات میں 69 فیصد جبکہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 80 فیصد کمی پیش آئی ہے۔

    raheel

    بریفنگ میں کہا گیا کہ کراچی میں بھتہ خوری میں 85 فیصد جبکہ گینگ وار کے واقعات میں 90 فیصد کمی آئی ہے۔

    آرمی چیف نے شہر قائد میں قیام امن کے لئے رینجرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شہرمیں مکمل قیام امن تک کراچی آپریشن جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔

  • کراچی آپریشن ہر صورت جاری رہے گا، گورنر سندھ

    کراچی آپریشن ہر صورت جاری رہے گا، گورنر سندھ

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن ہر صورت جاری رہے گا، اس بارے میں جو تاثر پیدا ہو رہا ہے وہ غلط ہے۔

    گورنر ہاؤس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے آپریشن کو اون کیا سب سے زیادہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس صوبہ سندھ میں منعقد ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ آپریشن اورنیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا ، حکومت اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، انہوں نے کہا کوئی بھی نہیں چاہتا ہے کہ صوبے اور شہر مین امن و امان متاثر ہو۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں فورسز نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اس سے واپسی کا راستہ ہرگز نہیں ہے۔

    اس سے پہلے گورنرسندھ عشرت العباد سے ڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل بلال اکبر نے ملاقات کی ، اس ملاقات میں کراچی کی امن وامان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

  • سولہہ دسمبر ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے ، کورکمانڈر کراچی

    سولہہ دسمبر ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے ، کورکمانڈر کراچی

    کراچی: کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کاکہنا ہے اے پی ایس کے بچوں نے اپنے خون سے ہمارے لیے منزل کی راہیں متعین کیں، سولہہ دسمبر ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر کینٹ میں اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کورکمانڈر کراچی کاکہنا تھا جس مقصد کیلئے ہمارے معصوم بچوں نے اپنے پاکیزہ خون کی قربانی دی اسے حاصل کرکے ہی دم لیں گے یہ ہمارا عزم ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ طلباء کا بہترین عمل اچھی تعلیم حاصل کرنا ہے ،ہمیشہ سچ بولیں ، محنت اور صرف محنت کو اپنا معمول بنائیں۔تقریب میں اے پی ایس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    تقریب میں آرمی پبلک اسکول کے بچوں نے ٹیبلو کے ذریعے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

  • دہشت گرد اندرونِ سندھ فرار ہورہے ہیں، مشیراطلاعات سندھ

    دہشت گرد اندرونِ سندھ فرار ہورہے ہیں، مشیراطلاعات سندھ

    کراچی: مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیونے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کامیابی سے جاری ہے دہشت گرد شہرچھوڑکراندرون سندھ فرار ہورہے ہیں۔

    مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ ملٹری پولیس پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری میں وقت نہیں لگے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالتی عمل کو بہتر بنایا جائے گا، 200 نئے پراسیکیوٹررکھے جائیں گے اورانسدادِ دہشت گردی کی 30 نئی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔

    میشراطلاعات کا کہنا تھا کہ پولیس، رینجرزاوردیگراداروں کے درمیان مزید تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس کے نظام بہتربنانے کے لئے مزید آٹھ ہزار پولیس اہلکار بھرتی کئے جارہے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی کو مزید بہتربنایا جائےگا۔

    چہلم امام حسینؓ سے متعلق سیکیورٹی کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ انتظامات اطمینان بخش ہیں۔

    انہوں کراچی آپریشن کے حوالےسے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کامیابی کے ساتھ جاری ہے اوراب دہشت گرد اندرونِ سندھ فرار ہورہے ہیں۔

  • ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، حیدرعباس رضوی

    ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، حیدرعباس رضوی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں اور کارکنان کراچی میں رینجرزکے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جسے نمائش پرروک دیا گیا جہاں ریلی کے شرکا سےخطاب کرتے ہوئے حیدرعباس رضوی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

    ایم کیو ایم رہنماوٗں کے پولیس حکام سے مذاکرات ہوئے جس کے بعد رہنماوٗں نے ریلی کے شرکا سے خطاب کیا جس کے بعد ڈاکٹرفاروق ستارکارکنان کو پر امن طور پر منتشر ہونے کی ہدایت کردی۔

     


    ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی

    حیدرعباس رضوی


     

    ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہ ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ بےگناہ کارکنان کودفاتر سے گرفتار کیا جارہا ہے جس کے سبب عوام میں خوف وہراس پھیل رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کبھی بھی جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے سے کسی کو نہیں روکا۔


    ہمارا اتحاد کراچی کے عوام کے ساتھ ہے

    ڈاکٹر فاروق ستار


    ڈاکٹر فاروق ستار نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اوراحتجاج کے لئے ہم نے سیاسی طریقہ کار اپنایا ہے۔

    فاروق ستار نے جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ ’’ہم پرامن لوگ ہیں اگر چاہتے تو تمام رکاوٹیں عبورکرکے رینجرزہیڈ کوارٹرپہنچ جاتے‘‘۔

    انہوں نے یہ بھی کہاکہ ہم رینجرزہیڈکوارٹرجاکر اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کرنا چاہتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری مخالف جماعتیں آپس میں اتحاد کرتی ہیں لیکن ہمارا اتحاد کراچی کے عوام کے ساتھ ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کی ریلی پانچ دمسبرکی فتح کےجشن کی ریہرسل ہے۔


     

    ایم کیوایم کی ریلی


    ایم کیوایم کے کارکنان کی ریلی لیاقت آباد نمبردس سے برآمد ہوئی جس کی منزل ڈاکٹرضیاالدین روڈ پرواقع رینجرزہیڈ کوارٹرہے۔

    اس وقت پولیس افسران اور ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار اور وسیم اختر کے درمیان ریلی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔

    ایم کیوایم کی ریلی کو پولیس کی جانب سے نمائش چورنگی پرروک دیا گیا ہے جس کے سبب شہرکی مختلف سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلی کو نمائش تک آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرمظاہرین نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں کو انہیں روکنے کے لئے کاروائی کرنا ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کے تحت کراچی کے ریڈ زون میں داخلے پرپابندی ہے اوررینجرزہیڈکوارٹر گورنرہاوٗس اور وزیراعلیٰ ہاوٗس کے قریب ہی واقع ہے جس کے سبب ایم کیوایم کے ارکان کو ریڈ زون میں داخلےکی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    ڈی آئی جی ساوٗتھ کا کہنا تھا کہ مظاہرین کو روکنے کے لئے واٹرکینن اور آنسو گیس شیلنگ کا انتظام موجود ہے لیکن یہ ذرائع استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔

    ایم کیوایم کا موقف ہے کہ کراچی میں جاری رینجرزآپریشن کے دوران 5 دمسبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی کاروائیوں میں مصروف ان کے کارکنان کو بلاجوازگرفتارکیا گیا۔

    پارٹی کا موقف ہے کہ وہ رینجرزہیڈ کوارٹر کے سامنے پرامن احتجاج رجسٹر کرانا چاہتے ہیں اوران کے کارکنان کی جانب سے کسی بھی غیرسیاسی رویے کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔


    قانون شکنی نہیں چاہتے، عامرخان


    ایم کیوایم کے سینئرلیڈرعامر خان نے اے آروائی نیوز کے نمئاندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت قانون کی پاسداری کرے گی اورکسی بھی صورت شہرکاامن برخاست نہیں کیا جائے گا۔

  • کراچی : اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ سے2ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی : اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ سے2ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی : پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے قتل میں ملوث دو ٹارگٹ کلرز کو اورنگی اور بلدیہ سے گرفتار کرلیا گیا، جس کے بعد سی ٹی ڈی سعود آباد کے دفتر پر کریکر حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے.

    کراچی آپریشن میں تیزی سے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا ہے، اورنگی اور بلدیہ سے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث دو ٹارگٹ کلرز دھرلیے گئے۔

    ایس ایس پی جنید شیخ نے بتایا کہ شہر قائد میں چھتیس افراد کے قتل میں ملوث دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے، ریاض بٹ نے چوبیس اور شرجیل نے بارہ افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ملزمان سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔

    ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی پریس کانفرنس کے چند گھنٹے بعد سی ٹی ڈی سعودآباد کے دفتر پر کریکرحملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے اور دفتر کے شیشے ٹوٹ گئے .

    ایس ایس پی جنید شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حملہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا سی ٹی ڈی کی کارروائیوں پر رد عمل ہے، ایس ایس پی جنید شیخ پولیس نے فیڈرل بی ایریا اور گلبرگ سے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث دو ٹارگٹ کلرز کو حراست میں لے لیا ہے۔

  • کراچی آپریشن اسی رفتارسے بلا تفریق جاری رکھا جائے، کور کمانڈر کراچی

    کراچی آپریشن اسی رفتارسے بلا تفریق جاری رکھا جائے، کور کمانڈر کراچی

    کراچی: کورکمانڈر کراچی لیفٹینٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کراچی آپریشن اسی رفتارسے بلا تفریق جاری رکھا جائے۔

    کور کمانڈرکراچی لیفٹینٹ جنرل نوید مختار نے کراچی میں سندھ رینجرز کےہیڈکوارٹرزکادورہ کیا،ڈی جی رینجرز نے کراچی آپریشن پر انہیں تفصیلی بریفنگ دی ۔

    کور کمانڈرکراچی نے سندھ رینجرزکے سیکٹر،ونگ کمانڈرزکی کارکردگی کوسراہتے ہوئے ہدایت جاری کہ کراچی آپریشن کو بلا تفریق اسی رفتار سے جاری رکھا جائے۔

  • کراچی: سرچ آپریشن کے دوران 20مشتبہ افراد گرفتار

    کراچی: سرچ آپریشن کے دوران 20مشتبہ افراد گرفتار

    کراچی : محرم الحرام کے دوران امن وامان برقراررکھنے کیلئے سکیورٹی اداروں نے کمرکس لی، رات گئے سرچ آپریشن کے دوران بیس مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا.

    محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہے، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے سرچ آپریشن اور گرفتاریاں جاری ہے.

    رات گئے صدر اور آرام باغ میں محرم الحرام کے جلوس کے راستوں میں آنے والے مسافرخانوں، بس اڈوں اور عمارتوں میں سرچ آپریشن کیا گیا، پولیس کے مطابق آپریشن جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا جبکہ بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیاگیاہے۔

    پولیس کی بھاری نفری نے آپریشن میں حصہ لیا اور مسافر خانوں میں موجود افراد کی تلاشی لی اور ان کے کوائف معلوم کئے جبکہ حراست میں لئے گئے افراد کے پاس شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث مزید تفتیش کی جارہی ہے.