Tag: karachi police

  • ویڈیو: پولیس اہلکار کو افسران نے تشدد کا نشانہ بنا دیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک پولیس اہل کار ہی پولیس افسران کے ہاتھوں‌ تشدد کا نشانہ بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں ایک پولیس اہل کار پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں افسران کو اہل کار پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس اہل کار پر تشدد کے بعد افسران اس کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے تھے۔

    واقعے کی خبر اے آر وائی نیوز پر چلتے ہی ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے نوٹس لیتے ہوئے دونوں افسران سے جواب طلب کر لیا۔

    معلوم ہوا کہ پولیس اہل کار پر تشدد میں ایس ایچ او اور ایس آئی او ملوث تھے، ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق متاثرہ اہل کار کا بیان بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی اسد رضا نے بتایا کہ تشدد میں ملوث افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

  • کراچی : ڈاکوؤں نے وزیراعلیٰ سندھ کے پروٹوکول آفیسر کو بھی لوٹ لیا

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکو ایک بار پھر بے لگام ہوگئے، بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث شہریوں میں بھی خوف و ہراس بڑھ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کے پروٹوکول آفیسر کو بھی ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، کراچی کےعلاقے جوہرآباد تھانے کی حدود میں پروٹوکول آفیسر کو دیگر افراد سے ساتھ لوٹا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پروٹوکول آفیسر کے ساتھ کینیڈا سے آئے مہمان بھی لٹ گئے، لٹنے والے آفیسر مسرور وارثی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے پروٹوکول آفیسر ہیں۔

    پولیس کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح ڈاکوؤں نے گلی کے کونے پر لوٹ مار کی اور قریبی ہوٹل پر بیٹھے افراد سے بھی ڈاکوؤں نے موبائل فون چھین لیے۔

    موقع واردات ڈاکو تقریباً 10سے12 افراد سے ان کے موبائل فون، نقدی اور قیمتی سامان چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    مسرور وارثی نے پولیس کو بتایا کہ واقعہ جوہرآباد تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں واقعے کی رپورٹ درج کرادی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث نہایت مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

    ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث نہایت مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس مقابلہ ہوا جس کے دوران 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کلفٹن بلاک 2 میں پولیس مقابلہ ہوا۔

    دو طرفہ فائرنگ کے بعد 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 3 پستول، 3 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق پکڑے گئے تینوں ملزمان رضا، عبد المنان اور تاج انتہائی مطلوب تھے، ملزمان گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں، ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہوا جس کی تلاش جاری ہے۔

  • ’میں اپنے 3 ماہ کے پوتے کو کیا بتاؤں گی کہ اس کا باپ کہاں ہے؟‘

    کراچی: گلستان جوہر میں شاہین فورس کے اہل کاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی والدہ نے حکام سے انصاف کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ روز پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان عامر حسین کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ان کا ایک 3 ماہ کا بیٹا حمزہ باپ کے سائے سے محروم ہو گیا ہے۔

    ’ہم عامر کی والدہ کی دوائیں لینے جا رہے تھے، بھانجی بھی ساتھ تھی، پولیس نے فائرنگ کر دی‘

    مقتول عامر حسین کی والدہ نے دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں اپنے 3 ماہ کے پوتے کو کیا بتاؤں گی کہ اس کا باپ کہاں ہے؟‘

    بچی کے سامنے جعلی مقابلے میں عامر کی ہلاکت، دل دہلا دینے والی فوٹیجز سامنے آ گئیں

    والدہ عامر نے کہا کہ میرے بیٹے کو بے گناہ قتل کیا گیا، مجھے اس کا جرم بتایا جائے، اگر شہریوں کو سڑکوں پر قتل کیا جائے گا تو عدالتیں کس لیے ہیں؟

    شہری کو قتل کرنے والے شاہین فورس کے اہلکاروں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    دکھی والدہ کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کا 3 ماہ کا بیٹا ہے حمزہ، اس کو انصاف دیا جائے، معصوم حمزہ کو پتا نہیں کہ اس کا باپ دنیا سے چلا گیا، میں اپنے پوتے کو کیا بتاؤں گی کہ اس کا باپ کہاں ہے؟

  • ’ہم عامر کی والدہ کی دوائیں لینے جا رہے تھے، بھانجی بھی ساتھ تھی، پولیس نے فائرنگ کر دی‘

    کراچی: گلستان جوہر میں پولیس کی شاہین فورس کی فائرنگ سے ایک نوجوان عامر حسین کی ہلاکت کے واقعے میں خوش قسمتی سے بچ جانے والے دوست نے واقعے کے حوالے سے اہم بیان دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک طرف ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہری قتل ہو رہے ہیں، دوسری طرف خود پولیس اہل کار بھی شہریوں کو سر راہ گولیوں کا نشانہ بنا کر موت کے حوالے کر رہے ہیں۔

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پیش آنے والے ایک اور افسوس ناک واقعے میں شاہین فورس کے اہل کاروں نے ثابت کیا کہ نہ وہ کسی قانون کو خاطر میں لاتے ہیں نہ پولیس کی تربیت کے اصولوں کو، اس واقعے میں پولیس اہل کاروں نے ایک چار سالہ بچی کے سامنے ایک نوجوان کو بے دردی سے گولی مار کر قتل کیا۔

    بچی کے سامنے جعلی مقابلے میں عامر کی ہلاکت، دل دہلا دینے والی فوٹیجز سامنے آ گئیں

    واقعے کے وقت کیا ہوا تھا؟ پولیس نے نوجوانوں کا پیچھا کیوں کیا؟ اس حوالے سے مقتول عامر حسین کے دوست حمید کا بیان سامنے آ گیا ہے، حمید کا کہنا ہے کہ ہم ساتھ تھے، اور ہمارے ساتھ میری 4 سالہ بھانجی بھی تھی، اور ہم عامر کی والدہ کی دوائیں اس کے بھائی کے گھر سے لینے جا رہے تھے۔

    حمید نے بتایا کہ وہ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ پولیس اہل کاروں نے لال فلیٹ کے قریب رکنے کا اشارہ کیا، تو ہم جلدی میں نہیں رکے، جس پر پولیس نے پیچھا کر کے پہلے مجھ پر فائرنگ کی، لیکن میں بھاگ گیا۔

    حمید کے بیان کے مطابق پولیس نے عامر حسین پر بھی گولیاں چلائیں، پہلے عامر کو ٹانگ پر اور پھر کمر پر گولی ماری گئی، جس سے وہ فلیٹوں کے سیڑھیوں پر گر گیا، اور بعد ازاں مر گیا۔

  • بچی کے سامنے جعلی مقابلے میں عامر کی ہلاکت، دل دہلا دینے والی فوٹیجز سامنے آ گئیں

    کراچی: گزشتہ روز شام سوا پانج بجے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک چھوٹی بچی کے سامنے شاہین فورس کے بے رحم پولیس اہل کاروں کے ہاتھوں نوجوان عامر حسین کے قتل کی مزید لیکن دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں۔

    گلستان جوہر میں جعلی مقابلے کے وقت کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں نوجوان عامر حسین کو شدید زخمی حالت میں سیڑھی پر گرے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ تینوں شاہین فورس کے اہل کاروں کے ہاتھوں میں پستول تھے، اور وہ اس طرح الرٹ دکھائی دے رہے ہیں جیسے کسی دہشت گرد کا مقابلہ کر رہے ہوں۔

    ایک فوٹیج میں جعلی مقابلے کے مرکزی کردار پولیس اہل کار کو مقتول نوجوان کی تلاشی لیتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ اس موقع پر پیچھے کھڑا اہل کار زخمی حالت میں سیڑھی پر گرے عامر پر نشانہ باندھے کھڑا رہا تھا۔

    جب فائرنگ کی آواز سن کر فلیٹ کے مکین نیچے آنے لگے تو پولیس اہل کار نے شناخت چھپانے کے لیے عامر کے چہرے پر لال کپڑا رکھ دیا، اور پھر معاملہ خراب دیکھ کر کچھ ہی دیر میں پولیس اہل کار موقع سے فرار ہو گئے۔

    ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں عامر حسین کے ساتھی حمید کو موٹر سائیکلوں کے درمیان گلی کی جانب بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ دوسری فوٹیج میں ایک چھوٹی بچی کو بھی موٹر سائیکل سے اتر کر روتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس اہل کاروں نے اس بچی کے سامنے گولی چلا کر نوجوان کی جان لی۔

    اس دل دہلا دینے والے واقعے کا اس چھوٹی بچی کی نفسیات پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، تاہم اس کے بارے میں تو ماہرین نفسیات ہی بتا سکتے ہیں، ماہرین نفسیات ہی کا کہنا ہے کہ بچپن کا کوئی ناخوش گوار واقعہ انسان کے لیے زندگی بھر کا روگ بن سکتا ہے۔

    کراچی: پولیس کے ہاتھوں نوجوان قتل، اہلکار گرفتار، مقدمہ درج، اہلخانہ سراپا احتجاج

  • لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب دہشت گرد شکیل کمانڈو اور ندیم کمانڈو گرفتار کرلیے گئے، دونوں دہشتگردوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی، کارروائی میں سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب دہشت گردوں شکیل کمانڈو اور ندیم کمانڈو کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجر کا کہنا ہے کہ گرفتار دونوں دہشتگردوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، ندیم کمانڈو کے سر پر 10 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، پولیس اور دیگر مقابلوں میں ملوث تھے، ملزمان سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کراچی آپریشن کے دوران ایران فرار ہو گئے تھے، بعد ازاں کراچی واپس آ کر اپنا نیٹ ورک بحال کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • فوٹیج: باوردی پولیس اہل کاروں نے کوکنگ آئل سے بھری گاڑی لوٹ لی

    فوٹیج: باوردی پولیس اہل کاروں نے کوکنگ آئل سے بھری گاڑی لوٹ لی

    کراچی: شہر قائد میں باوردی پولیس اہل کاروں نے بغیر نمبر پلیٹ والی موبائل میں آ کر کوکنگ آئل سے بھری گاڑی لوٹ لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بغیر نمبر پلیٹ پولیس موبائل اور موٹر سائیکل پر باوردی اہل کاروں کی واردات کا انکشاف ہوا ہے۔

    اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 فرید کالونی کے متاثرہ تاجر حضرت رحمان نے واردات کے حوالے سے اعلیٰ پولیس افسران کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا۔

    متاثرہ تاجر نے کہا کہ اورنگی نشان حیدر چوک کے قریب پولیس موبائل اور موٹر سائیکل سوار اہل کاروں نے ان کی سوزوکی کو روکا، اہل کاروں نے ڈرائیور سمیر کی انکھوں پر کپڑا ڈالا، اور کوکنگ آئل سے بھری سوزوکی اپنے ساتھ لے گئے۔

    تاجر کی درخواست کے مطابق پولیس اہل کاروں نے اس دوران 6 لاکھ روپے مالیت کا مال نامعلوم مقام پر اتار دیا، اہل کاروں نے ڈرائیور کو 3 گھنٹے بعد مزار قائد کے قریب چھوڑا اور کچھ فاصلے پر گاڑی بھی چھوڑ دی۔

    واردات سے متعلق سی سی ٹی فوٹیجز بھی سامنے آ گئی ہیں، فوٹیجز میں پولیس موبائل کو مال بردار سوزوکی کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • کراچی : شہری کی فائرنگ سے2 ڈاکو زخمی، بھتہ خور ملزم گرفتار

    کراچی : شہری کی فائرنگ سے2 ڈاکو زخمی، بھتہ خور ملزم گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں دن دہاڑے ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، برنس روڈ پر شہریوں کی فائرنگ سے2 ڈاکو زخمی ہوگئے، تاجر سے بھتہ مانگنے والے ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی معروف فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ پر لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، شہریوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو شہری کو لوٹ کر فرارہورہے تھے کہ پکڑے گئے، ڈکیت شہریوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے یا نہیں اس کی تفتیش کررہے ہیں۔

    اس کے علاوہ کراچی میں پولیس نے اسکریپ کے تاجر سے بھتہ مانگنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا، بھتہ خور کی شناخت شیر خان کے نام سے ہوئی ہے۔

    لانڈھی پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی تاجر کی درخواست پر ملزم کو گرفتار کیا گیا جبکہ گرفتار بھتہ خور کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، ملزم کے قبضے سے بھتہ خوری کی رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

    دوسری جانب کلفٹن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کے تالے توڑ کر چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا ہے، ملزم کچھ روز قبل دکان کے تالے توڑ کر نقدی ، پستول چوری کرکے فرارہوا تھا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم نے دوران تفتیش کلفٹن میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

  • کراچی پولیس اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے جعلی مقابلے کرنے لگی

    کراچی پولیس اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے جعلی مقابلے کرنے لگی

    کراچی : پولیس کے مبینہ طور پر جعلی پولیس مقابلے پھر شروع ہوگئے، پولیس اپنی مایوس کن کارکردگی چھپانے کیلئے اس طرح کے مقابلوں کا ڈرامہ رچانے لگی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسٹ زون کے پولیس اہلکار سینئر افسران کو اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے جعلی مقابلے کرنے لگے۔

    باوثوق ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے سچل میں گزشتہ رات ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا، ملزمان کو پکڑجانے کے بعد انہیں مقابلہ ظاہر کرنے کیلئے زخمی کیا گیا۔

    ملزمان کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے گرفتاری کے کچھ دیر بعد ہی ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتارکرنے کا دعویٰ بھی کردیا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے گزشتہ رات یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ مذکورہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا، اب دیکھنا یہ ہے کہ ایسے پولیس مقابلوں کے ذمہ داران کی پکڑ اور اس کے سدباب کیلئے متعلقہ پولیس افسران کیا مؤقف اختیار کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 2021میں بھی اسی طرح کے واقعات رونما ہوئے تھے کہ جس میں پولیس افسران کی جانب سے غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شواہد ملے۔

    ماضی میں کراچی پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران ملزمان کو مارنے کے دعوے کیے گئے تاہم بعد ازاں بہت سے واقعات میں مرنے والے افراد بے گناہ عام شہری نکلے۔