Tag: karachi police

  • کراچی : دکان میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات

    کراچی : دکان میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار کا سلسلہ تھم نہ سکا، دن دہاڑے شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوگئے، ڈاکوؤں سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکار کیلئے انعام کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 19میں ایک دکان میں ڈکیتی کی واردات ہوئی، ملزمان نے ہیئرسیلون عملے پرتشدد کیا، موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو حاصل ہوگئی، فوٹیج میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

    ملزمان نے سیلون پر موجود سرکاری ادارے کے ایک افسر کو بھی اسلحے کے زور پر لوٹ لیا، واردات کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں درج کرلیا گیا۔

    ڈاکوؤں سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکار کیلئے انعام کا اعلان

    علاوہ ازیں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے گزشتہ روز ڈاکوؤں سے بہادری سے مقابلہ کرنیوالے اہلکار کیلئے انعام کا اعلان کیا ہے۔

    جاویدعالم اوڈھو نے میڈیا کو بتایا ہے کہ پولیس اہلکار گل شیر نے زخمی حالت میں بہادری سے ڈاکوؤں سے مقابلہ کیا،21نومبرکو یونس چورنگی لانڈھی میں مقابلے میں کانسٹیبل گل شیر زخمی ہوا تھا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس پارٹی کیلئے کیش انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کرتے ہوئے زخمی اہلکار گل شیر کے بہترین علاج معالجہ کرانے کی ہدایات جاری کیں۔

    اس حوالے سے ترجمان پولیس نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

  • اہلیان کراچی ہوشیار : جعلی نوٹ پھیلائے جانے کا انکشاف، ملزم گرفتار

    اہلیان کراچی ہوشیار : جعلی نوٹ پھیلائے جانے کا انکشاف، ملزم گرفتار

    کراچی : شہر قائد کے بازاروں میں جعلی کرنسی پھیلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے گلستان جوہر پولیس نے گروہ کے ایک کارندے کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    کراچی کے شہری ہوشیار رہیں کہ کہیں کوئی شخص ان کو جعلی نوٹ نہ تھما کر چلاجائے کیونکہ مارکیٹ میں مزید جعلی کرنسی کے نوٹ پھیلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اس سلسلے میں گلستان جوہر پولیس نے ایک جعل ساز ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم اکبر شیر سے جعلی پاکستانی کرنسی نوٹ اور جعلی امریکی ڈالرز برآمد ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم اکبر شیر سے15لاکھ روپے کی پاکستانی جعلی کرنسی اور جعلی امریکی ڈالر برآمد کیے گئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ملک کے مختلف شہروں میں جعلی کرنسی سے خرید و فروخت کرتا ہے، ملزم اکبر شیر چھوٹی مارکیٹوں میں جعلی کرنسی پھیلاتا تھا۔

    جعلی نوٹ کیسے پہچانا جاتا ہے؟ جانیے

    واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک پاکستان نے جعلی کرنسی کو پکڑنے اور روک تھام کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں۔ جعلی نوٹ پکڑنے کے لیے بینک نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ لوگ اس بات کو جانیں کہ کس طرح ایک مشتبہ نوٹ پکڑا جاسکتا ہے۔

  • مسروقہ موٹر سائیکلیں کہاں اور کتنے میں فروخت ہوتی ہیں، ملزم کا انکشاف

    مسروقہ موٹر سائیکلیں کہاں اور کتنے میں فروخت ہوتی ہیں، ملزم کا انکشاف

    کراچی : پولیس نے شہر قائد سے موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث گروہ کے ایک کارندے کو گرفتار کیا ہے جس نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عزیرآباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار موٹرسائیکل لفٹر محمود نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ چوری ہونے والی موٹرسائیکلیں سستے داموں فروخت ہوتی ہیں۔

    ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ موٹرسائیکل چوری کرنے کے بعد 8سے10ہزارمیں فروخت کردیتا تھا، کراچی سے چوری ہونے والی زیادہ تر موٹرسائیکلیں بلوچستان اور خضدار لے جائی جاتی ہیں۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم محمود کی نشاندہی پر متعدد موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں، ملزم مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل اور گاڑیاں چوری کرنے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے، ملزم چند سیکنڈز میں موٹر سائیکل چوری کرنے کا ماہر ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کی مختلف وارداتوں کی متعدد سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہیں، پولیس نے ملزم محمود سے10موٹرسائیکلوں سمیت ایک گاڑی بھی برآمد کی ہے۔

  • قتل یا خود کشی : کراچی میں پراپرٹی ڈیلر کی پراسرار موت معمہ بن گئی

    قتل یا خود کشی : کراچی میں پراپرٹی ڈیلر کی پراسرار موت معمہ بن گئی

    کراچی : شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس کے ایک بنگلے سے جائیداد کی خرید وفروخت کا کاروبار کرنے والے شخص کی لاش ملی ہے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیفنس فیز7 میں قائم ایک بنگلے میں مبینہ طور پربلڈرکی خودکشی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس کے مطابق پراپرٹی ڈیلرکی جس وقت لاش ملی تو اس کے ہاتھ میں اسلحہ موجود تھا جس سے یہ واقعہ خود کشی کا لگ رہا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تہہ تک پہنچنے کیلئے تفتیشی یونٹ کو موقع پر طلب کرلیا گیا ہے، جس کے بعد معاملے کا تعین ہوسکے گا تاہم واقعہ بظاہر خودکشی معلوم ہوتا ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پراپرٹی ڈیلر کا ایک پولیس افسر سے کسی بنگلے پر قبضے کا تنازعہ بھی چل رہا تھا، مزید تحقیقات کیلئے عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کئے جائیں گے۔

  • کراچی سے ایک ماہ کا مغوی بچہ بازیاب : ملزمہ گرفتار

    کراچی سے ایک ماہ کا مغوی بچہ بازیاب : ملزمہ گرفتار

    کراچی : پولیس نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے سے اغوا کار خاتون کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ماہ کا بچہ بازیاب کرالیا، لانڈھی سے موٹرسائیکل چوروں کا چار رکنی گروہ پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے اغوا ہونے والے ننھے بچے و بازیاب کرکے ملزمہ کو گرفتار کرلیا، اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوپہرکو بچے کو فروخت کرنے والے گروہ کی ایک کارندہ خاتون گرفتار ہوئی۔

    دوران تفتیش اقصیٰ نامی اغوا کار خاتون سے ایک ماہ کا بچہ محمد مجاہد ولد کلیم بازیاب کیا گیا، کارروائی نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں کوثرنیازی کالونی میں کی گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق اغوا کار ملزمہ اقصیٰ نے17ستمبر کو اپنی ایک رشتہ دار خاتون کا بچہ اغوا کیا تھا، اقصیٰ نے بچے کی والدہ صائمہ کو دعوت پرگھر بلایا اور نشہ آور چیز دی۔

    پولیس حکام نے میڈی اکو بتایا کہ نشہ آور چیز کھا کر بچے کی ماں بےہوش ہوگئی تو ملزمہ اس کا ایک ماہ کا بچہ لے کرغائب ہوگئی۔ بچے کو 5لاکھ روپے میں فروخت کیا جانا تھا۔

    علاوہ ازیں ڈیفنس پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مسروقہ موٹر سائیکلوں کے پرزہ جات فروخت کرنے والے چار ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ ملزمان قیوم آباد سے مسروقہ موٹرسائیکلوں کے پرزہ جات فروخت کیلئے دوسرے علاقے میں لے کر جارہے تھے۔ اطلاع ملنے پر علاقہ میں گشت پر مامور ڈیفنس پولیس کے اہلکاروں نے ملزمان کو رنگے ہاتھوں سامان سمیت گرفتار کرلیا۔

  • کراچی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ

    کراچی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، ملزمان بلاخوف و خطر کسی کی بھی موٹر سائیکل لے کر فرار ہوجاتے ہیں۔

    کراچی کے علاقے صدر سی آئی اے سینٹر کے قریب دن دہاڑے موٹرسائیکل چوری کی واردات سامنے آئی ہے، مذکورہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار2ملزمان کو واضح طورپردیکھا جاسکتا ہے، ملزمان نے گلی میں شہریوں کی غیرموجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات انجام دی۔

    ملزمان چند منٹوں میں موٹرسائیکل چوری کرکے فرارہوگئے، ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے کیپ اور ہیلمنٹ پہن رکھے تھے۔

    یاد رہے کہ سی پی ایل سی نے شہر قائد میں گزشتہ ماہ اگست میں ہونے والی وارداتوں کی رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق 263شہری روزانی کی بنیاد پر ڈاکووں کی وارداتوں کا نشانہ بنے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی میں ماہ اگست میں اسٹریٹ کرائم کی 8 ہزار 163 واردتیں رپورٹ ہوئیں، ریکارڈ کا حصہ بننے والی وارداتوں میں صرف گاڑیاں، موٹرسائیکل چوری اور چھیننے کے علاوہ موبائل فون چھیننے کی وارداتیں بھی شامل ہیں، موٹرسائیکل لفٹنگ کی وارداتیں یومیہ 171 سے تجاوز کرگئیں۔

  • غیرت کے نام پر قتل کے 2 بڑے مقدمات حل، 3 سفاک قاتل گرفتار

    غیرت کے نام پر قتل کے 2 بڑے مقدمات حل، 3 سفاک قاتل گرفتار

    کراچی: شعبہ تفتیش ڈسٹرکٹ ویسٹ نے دو الگ کارروائیاں کرتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل ہونے والے ہائی پروفائل مقدمات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شعبہ تفتیش سرجانی کی ہائی پروفائل مقدمات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے غیرت کے نام پر قتل کے 2 بڑے مقدمات حل کر لیے اور3 سفاک قاتل گرفتار کر لیے۔

    ایس ایس پی انویسٹگیشن عارف اسلم راؤ کے مطابق سفاکانہ قتل کی پہلی واردات 18 جولائی کو تیسر ٹاؤن سرجانی میں کی گئی تھی، ایک بنگالی نوجوان ندیم کو گھر کی چھت سے لٹکا کر 17 گولیاں ماری گئی تھیں۔

    ندیم کے قتل میں ملوث ملزمان سراج الدین محسود اور معراج الدین محسود کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان نے غیرت کے نام پر بنگالی نوجوان ندیم کو قتل کیا تھا، مقتول ندیم نے محسود لڑکی عالیہ سے محبت کی شادی کی تھی۔

    قتل کی دوسری واردات 4 اگست سرجانی پاور ہاؤس کے قریب نرسری پر ہوئی تھی، جس میں والدین کے اکلوتے بیٹے افضل کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق قتل کے بعد مقتول افضل کا سر الگ اور دھڑ الگ پھینکا گیا تھا، واردات میں ملوث ملزم عثمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم قتل کی واردات کے لیے لودھراں سے کراچی پہنچا تھا۔

    ملزم کے مطابق مقتول کے اس کی سوتیلی والدہ سے تعلقات تھے، واٹس ایپ میسجز کے ذریعے پتا چلنے پر قاتل کراچی پہنچا۔

    ہائی پروفائل دونوں مقدمات کے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج تھے، ملزمان کے خلاف ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کی جائے گی۔

  • پستول کا کوڈ نام میموری کارڈ، کراچی میں جعلی پولیس اہل کار گرفتار، واردات کی ویڈیو

    پستول کا کوڈ نام میموری کارڈ، کراچی میں جعلی پولیس اہل کار گرفتار، واردات کی ویڈیو

    کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل بلال کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس افسر اور کانسٹیبل سمیت 4 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی وسطی پولیس نے خود کو پولیس اہل کار ظاہر کر کے وارداتیں کرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا ہے، گینگ موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے، ایک واردات کے دوران شہری کو گولی مارنے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق گینگ سرغنہ سمیع عرف صمد خود کو پولیس افسر ظاہر کرتا تھا اور ساتھی ڈکیت وقار کو جعلی پولیس کانسٹیبل بنا رکھا تھا، جب کہ طلحہ ڈانسر اور شہباز باسو عام کپڑوں میں ملبوس ہوتے تھے۔

    گرفتار ملزمان جرائم کی لا تعداد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان واردات کے لیے پولیس یونیفارم کا استعمال کیا کرتے تھے۔

     

    ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان نے پستول کا کوڈ نام میموری کارڈ رکھا تھا، ان کے قبضہ سے 3 ٹی ٹی پستول 1 نائن ایم ایم، پولیس کی وردیاں، پولیس لائٹ، شہریوں سے چھینے گئے 10 سے زائد موبائل فون، 2 لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر سسٹم برآمد ہوا ہے۔

    ملزمان سے ایک گاڑی اور 1 موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے، ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان سے ضلع جنوبی اور ایئر پورٹ کے اطراف ہونے والے جرائم سے متعلق بھی تفتیش جاری ہے۔

     

    ملزمان موٹر سائیکل اسنیچنگ کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک واردات کے دوران موٹر سائیکل چھیننے کے دوران شہری کو گولی مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • ماڑی پور : بجلی مانگنے والے مظاہرین پر پولیس ٹوٹ پڑی، لاٹھی چارج شیلنگ

    ماڑی پور : بجلی مانگنے والے مظاہرین پر پولیس ٹوٹ پڑی، لاٹھی چارج شیلنگ

    کراچی : شہر قائد میں بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے شہری عذاب میں مبتلا ہوگئے، لیاقت آباد، پی آئی بی، 3ہٹی، گارڈن اور متعدد علاقوں میں شدید احتجاج کیا گیا جبکہ ماڑی پور روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔

    روشنیوں کے شہر کراچی میں اندھیرے کا راج رہا، شدید گرمی میں 16 گھنٹے کی طویل بندش نے عوام کا میٹر ہی گھما دیا۔

    ماڑی پور روڈ پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کےخلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرین پر پولیس ٹوٹ پڑی، لاٹھیوں کے وار اور آنسو گیس کی شیلنگ سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔

    احتجاجی مظاہرین سے پولیس نے مذاکرات کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے، پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔

    بعد ازاں ذمہ دار افسران سے بات چیت کے بعد مظاہرہ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور لوگ منتشر ہونا شروع ہوگئے لیکن بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرین نے ماڑی پور روڈ پر پھر احتجاج شروع کردیا، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کا لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔

    مذاکرات کے بعد ایک گروپ نے احتجاج ختم کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا تھا، گزشتہ رات سے مظاہرین کا ایک گروپ احتجاج جاری رکھنے پر اصرار کرتا رہا۔

    ماڑی پور روڈ پر احتجاج کے مظاہرین کے پتھراؤسے ایک اور پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، پتھر لگنے سے اہلکار کے سر اور پاؤں میں چوٹ لگی، جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    بعد ازاں پولیس نے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا اس دوران پولیس نے 9مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے، احتجاج ختم ہونے کے بعد ماڑی پور روڈ ٹریفک کیلئےکھول دیا گیا۔

    مظاہرے کی وجہ سے گلبائی، شیر شاہ، ٹاور، ہاکس بے، لیاری ایکسپریس وے اور ڈاکس کی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا جبکہ اطراف کی شاہراہوں پر گاڑیاں کافی دیر سے کھڑی ہیں۔

    قبل ازیں مظاہرین کا کہنا تھا جب تک کے الیکٹرک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں کرے گا تب تک احتجاج ختم نہیں کریں گے، احتجاج میں خواتین بھی بڑی تعداد میں سڑکوں پر موجود ہیں جبکہ لیڈی پولیس اہلکار کو بھی طلب کرلیا گیا۔

    صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث ماڑی پور روڈ پرٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی تھی ، مظاہرین کے پتھراؤ کی وجہ سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سےایک درجن سے زائد شیل فائر کیے گئے، مظاہرین کی جانب سے ٹریفک بند کرنے کی کوشش بھی کی گئی، ٹریفک بند کرانے کی کوشش پر پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔

    ماڑی پور روڈ پر22 گھنٹے سے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج پولیس تشدد کے بعد بھی جاری رہا، احتجاج کے22گھنٹے کے بعد ضلعی انتظامیہ کو ہوش آیا اور مذاکرات کے لیے ٹیم پہنچ گئی۔

    اس موقع پر پولیس افسران بھی موجود ہیں، ضلعی حکام اہل علاقہ سے ان کے تحفظات سن رہے ہیں، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی آنکھ مچولی بند اور زیرحراست افراد کو رہا کیا جائے۔

    پولیس اہلکار بجلی کے ستائے لوگوں پر تشدد نہ کریں، فواد چوہدری

    اس حوالے سے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کراچی پولیس سے اپیل کی ہے کہ کراچی پولیس سے کہنا چاہتا ہوں لوڈشیڈنگ مظاہرین پر تشدد نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ان کا احتجاج بالکل جائز ہے یہ آپ کے اپنے لوگ ہیں آپ بھی اسی عذاب سے گزر رہے ہیں،

    فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری اور مرادعلی شاہ اور ان کے حواری مظاہرین کی اس تکلیف کا اندازہ نہیں کرسکتے مگرآپ ان میں سے ہیں جو قانون کے خلاف احکامات نہ مانیں۔

  • کراچی  پولیس نے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا، ملزم  گرفتار، ایک کلو سے زائد بارودی مواد برآمد

    کراچی پولیس نے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا، ملزم گرفتار، ایک کلو سے زائد بارودی مواد برآمد

    کراچی : پولیس نے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے ایک کلو سے زائد بارودی مواد برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے ایک کلو سے زائد بارودی مواد برآمد کرلیا۔

    گرفتار ملزم کے بیگ سے ایک پرانی 7ایم ایم رائفل، ایک 22بور رائفل ، 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی۔

    پولیس کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے 2 ساتھی فرار ہوگئی ، جن کی تلاش جاری ہے، پولیس نے دوران پیٹرولنگ تین مشکوک موٹرسائیکل سواروں کر روکا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سے ایم کیو ایم لندن کا پمفلٹ بھی برآمد ہوا ، دوران تفتیش گرفتار ملزم سے اس کے فرار ساتھیوں کی شناخت حاصل کر لی گئی ہے۔

    گرفتار ملزم ضمیر حسین کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور ملزمان کیخلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔