Tag: karachi police

  • دوران ڈیوٹی غائب ہونے والے پولیس اہلکار ہوشیار، اہم فیصلے کرلئے گئے

    دوران ڈیوٹی غائب ہونے والے پولیس اہلکار ہوشیار، اہم فیصلے کرلئے گئے

    کراچی: جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں کی بیج کنی کے لئے سندھ پولیس نے اہم ترین فیصلے کرلئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پولیس کے زیر استعمال موبائل گاڑیاں کہاں کہاں جاتی ہے؟ اب انہیں بھی مانیٹر کیا جائے گا، موبائل ایپ کے ذریعے پولیس اہلکار جب تک اپنے مقرر کردہ اسپاٹ پر نہیں پہنچیں گے، ان کی حاضری نہیں لگے گی۔

    آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ اہلکار وقت اور اسپاٹ پر پہنچ کر اپنی تصویر ایپلیکیشن پر بھیج کر اپنی حاضری یقینی بنائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا کا استعمال، سندھ پولیس کے ملازمین پر بڑی پابندی عائد ، وارننگ جاری

    آئی جی سندھ کے مطابق اکثر اہلکاروں کو مقرر کردہ ہاٹ اسپاٹ پر تعینات کیا جاتا تھا لیکن وہ وہاں نہیں چاہتے تھے، اب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے اہلکاروں کی موجودگی ہر وقت مانیٹر ہوسکے گی۔

    رپورٹ کے مطابق اس اقدام سے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی، ساتھ ہی پولیس کے زیر استعمال موبائل گاڑیاں کہاں کہاں جاتی ہیں؟ اب اس کی مانیٹرنگ بھی ہوگی، مانیٹرنگ کے ذریعے پیٹرول کے استعمال اور گاڑیوں کی مانیٹر کی جا سکے گی۔

  • ڈکیتوں سے موبائل فون خرید کر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    ڈکیتوں سے موبائل فون خرید کر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے سافٹ ویئر انجینیئر سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزم ڈکیتوں سے بلاک موبائل فون خرید کر کھلوا کر فروخت کرنے میں ملوث تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلال کالونی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سافٹ ویئر انجینیئر سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ویسٹ میں 100 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزمان کے نام ندیم، غفور، آصف اور شانی ہیں جن کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کیے گئے۔

    پولیس کی حراست میں ملزم ندیم نے اعتراف کیا کہ وہ بلاک موبائل کھلوانے کے 1 ہزار اور ای ایم ای آئی تبدیلی کے 5 ہزار دیتا تھا، ملزم شانی نے بتایا کہ وہ ڈکیتوں سے 15 سے 20 ہزار میں موبائل فون خریدتا تھا۔

  • کیش وین کے اندر ناکام واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج، پولیس اہلکاروں کے سامنے ڈاکو بے بس

    کیش وین کے اندر ناکام واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج، پولیس اہلکاروں کے سامنے ڈاکو بے بس

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سچل میں نجی کمپنی کی کیش وین لوٹنے والے ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے، واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سچل میں پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو زخمی ہو گئے تھے، معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نجی کمپنی کی کیش وین کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے، کیش وین کے اندر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں ہتھوڑے کی مدد سے لاک توڑتے ملزم کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    ڈاکوؤں نے وین کے اندر کیش کاؤنٹر کو ایک بڑے ہتھوڑے کے ذریعے توڑا، اس وقت کیش وین میں 4 لاکھ سے زائد رقم موجود تھی، تاہم موقع پر پولیس پہنچ گئی، جس کے بعد پولیس اہل کاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    پولیس اہل کاروں نے مہارت کے ساتھ تینوں ڈاکوؤں کو ٹانگوں میں گولیاں مار کر زخمی اور بے بس کیا، بعد ازاں پولیس نے انھیں حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔

    واقعے سے متعلق کیش وین کے ڈرائیور نے بتایا کہ یہ گاڑی پہلے بھی کئی دفعہ لٹ چکی ہے، ہم جوہر کمپلیکس پر کھڑے تھے، میرے ساتھ لوڈر تھا، میں جیسے ہی ڈرائیور سیٹ پر بیٹھا، دو بندے آئے اور مجھے یرغمال بنا کر لے گئے، وہ ٹوٹل 4 یا 5 افراد تھے۔

    ڈرائیور نے بتایا کہ خوش قسمتی سے ہمارا ایک سیلز مین بھاگنے میں کامیاب ہو گیا جس نے ہمارے افسران کو اطلاع کر دی، جس کے بعد پولیس آ گئی اور مقابلہ ہوا۔

  • پولیس نے عامر لیاقت کی میت ورثا کے حوالے کرنے سے منع کر دیا

    پولیس نے عامر لیاقت کی میت ورثا کے حوالے کرنے سے منع کر دیا

    کراچی: پولیس نے عامر لیاقت کی میت ورثا کے حوالے کرنے سے منع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے چھیپا ویلفیئر کو ہدایت کی ہے کہ عامر لیاقت کی میت ورثا کے حوالے نہ کی جائے۔

    پولیس کی جانب سے خط انچارج سرد خانہ چھیپا کے نام لکھا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ عامر لیاقت کی میت کسی کے حوالے نہ کی جائے، لاش امانت کے طور پر آپ کے سرد خانے کے سپرد کی گئی ہے۔

    خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ عامر لیاقت کی میت بریگیڈ تھانے کا عملہ وصول کرے گا، اگر لاش کسی اور کو دی گئی تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ ادا کی جائے گی، ان کی تدفین حضرت عبداللّٰہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے گی، گزشتہ روز گھر سے ان کی لاش ملی تھی، جس پر پولیس کی تحقیقات جاری ہیں تاہم اہل خانہ نے لاش کے پوسٹ مارٹم سے منع کر دیا ہے۔

    عامر لیاقت کی تدفین وصیت کے مطابق کی جائے گی

    ڈاکٹروں کے مطابق پی ٹی آئی ایم این اے کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، عامر لیاقت کو ڈرائیور نے ساتھی ملازم کے ساتھ دوپہر ایک بجے اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی، گھریلو ملازم نے بتایا کہ جب کمرے کے اندر گیا تو عامر لیاقت بے ہوش تھے، عامر لیاقت کے پڑوسی کا کہنا تھا کہ فلیٹ میں داخل ہوئے تو جنریٹر کا دھواں بھرا ہوا تھا، ڈرائیور کی حالت بھی خراب تھی۔

    ایس ایس پی انویسٹی گیشن الطاف حسین کے مطابق عامر لیاقت کی طبیعت پچھلی رات سے خراب تھی، موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی، تاہم ان کے اہل خانہ نے اس سے منع کر دیا ہے، پولیس ٹیم نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے گھر پہنچ کے شواہد اکٹھے کیے، گھر کو سیل کر کے کچھ سامان بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔

  • کراچی میں 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    کراچی میں 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمن آباد پولیس نے تین سو وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

    ملزمان نے دوران تفتیش تین سو سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزمان جہانزیب اور سمیر کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو دکان میں ڈکیتی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

    ادھر نیو کراچی صنعتی علاقے میں پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیےگئے ہیں، ملزمان سے دو پستول، گولیوں سے بھرا تیس بور کا میگزین اور موٹر سائیکل قبضے میں لے لی گئی۔

    زخمی ڈاکوؤں کی شناخت 30 سالہ ممتاز ولد جان محمد اور 27 سالہ جمیل ولد وزیر علی عمر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ایک اور کارروائی میں گڈاپ پولیس نے کراچی میں سپر ہائی وے پر وارداتیں کرنے والے وائٹ کرولا گینگ کے 4 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ملزمان میں شاہ نواز، رفیق، کیشور اور کرم شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے 4 پستول اور ایک کار برآمد ہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ہائی وے پر پٹرول پمپ لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

  • منشیات فروشی کے خلاف کراچی پولیس نے حکمت عملی تبدیل کر لی

    منشیات فروشی کے خلاف کراچی پولیس نے حکمت عملی تبدیل کر لی

    کراچی: منشیات فروشی کے خلاف کراچی پولیس نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد سے منشیات کی لت ختم کرنے کا ٹاسک پورا کرنے کے لیے کراچی پولیس نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے منشیات پکڑنے کی بجائے منشیات فروشوں اور ڈیلرز کی گرفتاریوں پر توجہ مرکوز کر دی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اس سلسلے میں بتایا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے کراچی پولیس نے بہت بڑا اقدم اٹھا رکھا ہے، اب ہم حکمت عملی کو تبدیل کر کے منشیات فروشوں اور ڈیلرز کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

    غلام نبی میمن نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس کی بجائے کہ ہم منشیات پکڑنے پر توجہ مرکوز کریں، ہم نے منشیات فروخت کرنے اور اس کے ڈیلرز کے خلاف کام کرنے کی حکمت عملی بنا لی ہے، اس سلسلے میں شہر میں سرگرم منشیات فروش اور ڈیلرز کی فہرست بھی تیار کر رکھی ہے۔

    کراچی پولیس چیف کے مطابق فہرست میں موجود کئی منشیات فرشوں کو گرفتار کر کے جیل بھی بھجوایا جا چکا ہے، اور اب اگلے قدم کے طور پر ان منشیات فروشوں کے خلاف مضبوط کیسز تیار کیے جائیں گے، انھوں نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملزمان کے خلاف بہتر سے بہتر کیس بنائیں۔

    غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف حکومت سے خصوصی پراسیکیوٹرز مختص کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے، کیوں کہ اس پر پیسا بھی لگتا ہے اور دوسری طرف منشیات فروشوں کے پاس پیسہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ حکومت نے جو منشیات کے لیے نیا قانون پاس کیا ہے، اس کے تحت منشیات پر سخت سزائیں رکھی گئی ہیں، اگر اچھے کیسز بنیں گے تو سزا بھی زیادہ ہوگی۔

  • دعا زہرا کا نکاح خواں اور گواہ کراچی پولیس کے حوالے

    لاہور: دعا زہرا کے نکاح خواں اور گواہ کو کراچی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے بھاگ کر پنجاب میں پسند کی شادی کرنے والی نو عمر لڑکی دعا زہرا کا نکاح پڑھوانے والے مولوی اور شادی کے گواہ کو کراچی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    سمن آباد پولیس ٹیم نے دونوں افراد کو حراست میں لے لیا، دونوں افراد کو راہداری ریمانڈ لے کر کراچی پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔

    پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ نکاح خواں اور گواہ پر دعا زہرا کا بوگس نکاح پڑھانے کا الزام ہے، جس پر ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ دعا زہرا کی عمر سے متعلق تضاد پایا جاتا ہے، اس سلسلے میں مزید تفتیش کراچی پولیس کرے گی۔

    دوسری طرف دعا زہرا نے سندھ اور پنجاب پولیس پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے، دعا زہرا نے اپنی زندگی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔

    چند دن قبل دعا کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس اغوا کر کے کراچی لے جانا چاہتی ہے، جب کہ کراچی میں ہماری زندگی کو خطرات لاحق ہیں، میں نے اپنی پسند سے ظہیر احمد سے شادی کی ہے، اگر ہمیں کچھ ہوا تو والدین، پنجاب اور سندھ پولیس ذمہ دار ہوگی۔

  • اردگرد نظر رکھیں، کراچی پولیس نے گلی محلوں میں اعلانات شروع کردیے

    اردگرد نظر رکھیں، کراچی پولیس نے گلی محلوں میں اعلانات شروع کردیے

    کراچی میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کے بعد پولیس نے  شہر قائد کے گلی محلوں میں اردگرد نظر رکھنے کے اعلانات کرانے شروع کردیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں حالیہ دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کے بعد پولیس بھی چوکس ہوگئی ہے اور اس نے عوامی آگاہی مہم شروع کرتے ہوئے شہر بھر میں گلی محلوں کی سطح پر اعلانات شروع کردیے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے گلی محلوں میں لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے اعلانات کیے جارہے ہیں کہ عوام اردگرد کے حالات اور مشکوک افراد پر نظر رکھیں اور مشکوک موٹر سائیکل کھڑی نظر آئے تو آگاہ کریں۔

    پولیس کی جانب سے عوام کی آگاہی کیلیے یہ بھی اعلان کیا جارہا ہے کہ اگر وہ اپنے محلے میں کسی مشکوک شخص کو دیکھیں تو اس سے پوچھ گچھ کریں۔

    واضح رہے کہ کراچی کی پرامن فضا کو حال ہی میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات نے مکدر کردیا ہے۔

     

    گزشتہ ماہ کراچی یونیورسٹی میں خودکش دھماکے میں 3 چینی اساتذہ سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ گزشتہ ہفتے صدر اور دو روز قبل بولٹن مارکیٹ جیسے مصروف علاقوں میں موٹر سائیکل بم دھماکے ہوئے ہیں جس میں ایک نوجوان اور خاتون جاں بحق ہوئے۔

    کراچی میں بڑھتے دہشتگردی کے واقعات نے جہاں عوامی سطح پر تشویش میں اضافہ کردیا ہے وہیں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی جانب سے بھی سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔

  • بازاروں میں پارک موٹر سائیکل، مشکوک سامان دیکھیں تو فوری اطلاع دیں

    بازاروں میں پارک موٹر سائیکل، مشکوک سامان دیکھیں تو فوری اطلاع دیں

    کراچی: شہر قائد میں دھماکوں کی حالیہ لہر نے حکام میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، شہر میں خود کش اور پلانٹڈ دھماکوں کے بعد پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    پولیس حکام نے شہر میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس اہل کاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سادہ لباس میں بھی موٹر سائیکل پر گشت کریں، اور گشت کے دوران پولیس موبائل سے رابطے میں رہیں۔

    دکان داروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دکان کے آگے غیر متعلقہ شخص کو پارکنگ کی اجازت نہ دیں، کوئی دکان کے سامنے گاڑی کھڑی کر کے چلا جائے تو فوری اطلاع دیں، کوئی خود گاڑی کھڑی کر کے چلا جائے تو پارکنگ نمائندہ پولیس کو اطلاع دے۔

    کراچی: مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک، صدر دھماکے میں ملوث ہونے کا امکان

    بازاروں میں پارک موٹر سائیکل، مشکوک سامان دیکھیں تو فوری اطلاع دیں، کرائے داری ایکٹ پر بھی سخت عمل درآمد کیا جائے۔

    اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ کلیئرنس کے بعد ہی دھماکے کے مقام پر سیاسی شخصیات کا دورہ ہو سکے گا، نیز سیاسی شخصیات اور پولیس افسران دھماکے کے مقام سے فاصلے پر میڈیا ٹاک کریں گے۔

    دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لینے کی ذمہ داری متعلقہ ایس ایس پی کی ہوگی، زخمیوں کو اسپتال میں علاج کی نگرانی ڈی ایس پی، ایس ایچ او کی ہوگی۔

    شہریوں کے لیے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ مشکوک موٹر سائیکل، سائیکل، بیگ موجودگی پر مددگار 15 پر اطلاع دیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشکوک اشیا کی موجودگی پر مساجد سے بھی اعلان کرایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ شہر میں گزشتہ 21 روز میں 3 دھماکے ہو چکے ہیں، 26 اپریل کو جامعہ کراچی میں خود کش دھماکا ہوا، 12 مئی کو صدر جب کہ 16 مئی کو کھارادر میں پلانٹڈ دھماکا ہوا۔

  • کراچی: لوٹ مار کی وارداتیں نہ رک سکیں، ایک اور فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: لوٹ مار کی وارداتیں نہ رک سکیں، ایک اور فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں لٹیروں کی کارروائیاں رک نہ سکیں، لٹیرے شہریوں کو گھر کے سامنے لوٹ کر بہ آسانی فرار ہو جاتے ہیں، ایسی ہی ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک شہری کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا، واقعے کی فوٹیج سامنے آنے پر پولیس حکام نے بیان میں کہا ہے کہ لٹیروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کورنگی میں شہری نے جیسے ہی موٹر سائیکل باہر کھڑی کی، لٹیرے موٹر سائیکل پر پہنچ گئے، اور شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔

    دوسری طرف کراچی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں، ایس ایس پی سٹی شبیر احمد سیٹھار نے بتایا کہ موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو تھانہ کلری کی حدود سے فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لٹیرے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، ملزم کو موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    گزشتہ روز بھی بریگیڈ پولیس نے ایک کارروائی میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جو موٹر سائیکل لفٹنگ اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت شہروز اور عتیق کے نام سے ہوئی، ان سے 2 پستولیں، چھینی ہوئی رقم، اور چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔

    منگل کو بھی موٹر سائیکل چوری کر کے فروخت کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا تھا، اے وی ایل سی پولیس نے بتایا کہ 4 رکنی ملزمان کا گروہ نشے کا عادی ہے، جن سے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی 5 موٹر سائیکلیں بر آمد کی گئیں۔

    معلوم ہوا کہ یہ ملزمان چوری کی موٹر سائیکلوں کو نشے کے عوض فروخت کرتے تھے۔