Tag: karachi police

  • کراچی میں موٹرسائیکلیں صرف 13 سیکنڈز میں چوری ہونے لگیں

    کراچی میں موٹرسائیکلیں صرف 13 سیکنڈز میں چوری ہونے لگیں

    کراچی: سندھ پولیس نے شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے صرف 13 سیکنڈز میں موٹرسائیکل چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا ہے جس نے ایک ایسا آلہ بنایا ہوا تھا جو موٹرسائیکل کا ہینڈل لاک اور اس کا اگنیشن صرف 13 سیکنڈز میں توڑ تاتھا۔

    پولیس کی جانب سے ملزم کو طریقہ واردات کی ویڈیو بنوانے کے لیے کہا گیا کہ تو پہلے اس نے وہ آلہ نکالا جو پیچ کس جیسا تھا، ملزم نے آلہ موٹرسائیکل کے ہینڈل لاک میں ڈالا  اور چار سیکنڈز میں لاک توڑ دیا، پھر اس نے اگنیشن میں یہی آلہ ڈالا اور 3 سیکنڈز میں اگنیشن توڑ کر اسے آن کرلیا۔

    ملزم کو پوری واردات مکمل کرنے میں صرف 13 سیکنڈز لگے اور موٹر سائیکل پر بیٹھ کر اسے اسٹارٹ کرنے میں مزید 10  سیکنڈز لگے۔

    یاد رہے کہ کراچی میں رواں سال شہری ساڑھے 22 ہزار موٹرسائیکلوں سے محروم کیے جاچکے ہیں۔

    کراچی، گلشن اقبال سے ٹارگٹ کلر وسیم کمانڈو ساتھی سمیت گرفتار

    دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر وسیم کمانڈو کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا، گینگ لوگوں سے بھتہ لینے میں ملوث تھا۔

    ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ اس گینگ کا سرغنہ وسیم کمانڈو ہے، ملزمان کے قبضے سے 52 لاکھ روپے اور 25 لاکھ روپے کے زیورات برآمد کرلیے گئے ہیں۔

    ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزمان نے پی ای سی ایچ ایس، ڈیفنس، درخشاں میں وارداتیں کی ہیں، یہ گینگ 100 کے قریب وارداتیں کرچکا ہے۔

    غلام اظہر مہیسر کا کہنا ہے کہ وسیم کمانڈو کا سیاسی جماعت سے بھی تعلق رہا ہے، ملزم وسیم نے بچی کو بھی قتل کیا، جلاؤ گھیراؤ، بھتے میں بھی ملوث ہے۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں، رپورٹ جاری

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں، رپورٹ جاری

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں، گزشتہ ماہ شہریوں کو 5 ہزار سے زائد گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور موبائل فون سے محروم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی پی ایل سی نے ماہ اکتوبر کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق اکتوبر میں کراچی کے شہریوں سے 3468 سے زائد موبائل فون چھین لیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ماہ اکتوبر میں شہریوں سے 2374 موٹرسائیکلیں چوری اور چھینی گئیں، شہریوں کو 97 گاڑیوں سے محروم کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی، ماہ اگست میں 36 افراد کو قتل کیا گیا، سی پی ایل سی

    دوسری جانب کراچی کے مختلف تھانوں میں موجود لاوارث موٹر سائیکلوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ 43 موٹر سائیکلیں کراچی کے مختلف تھانوں میں موجود ہیں، مالکان دستاویزات دکھا کر موٹر سائیکلیں لے جاسکتے ہیں۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکلیں مختلف علاقوں سے چوری اور چھینی گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ شہر قائدمیں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں شہریوں کو روزانہ موٹرسائیکل، گاڑیوں اور قیمتی اشیا سے محروم کردیا جاتا ہے۔

  • کراچی، پولیس کے ہاتھوں گرفتار ٹارگٹ کلر ذوالفقار بھٹہ کے اہم انکشافات

    کراچی، پولیس کے ہاتھوں گرفتار ٹارگٹ کلر ذوالفقار بھٹہ کے اہم انکشافات

    کراچی: پولیس کے ہاتھوں گرفتار ٹارگٹ کلر ذوالفقار بھٹہ کے اہم انکشافات منظر عام پر آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ٹارگٹ کلر ذوالفقار بھٹہ نے اہم انکشافات کیے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کلر کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزم ذوالفقار بھٹہ کا تعلق ٹارگٹ کلر ٹیم رئیس مما گروپ سے ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ رئیس عرف مما کے حکم پر ایس پی شاہ محمد کو نشانہ بنایا، والد کے جنازے پر بانی متحدہ کی تصویر نہ لگانے پر ایک شخص کو قتل کیا۔

    ملزم نے انکشاف کیا کہ چنیوٹ اسپتال کے باہر عمر زئی نامی شخص کو رئیس مما کے ساتھ مل کر قتل کیا، 12 مئی کو رئیس مما کے حکم پر فائرنگ کرکے کئی افراد کو قتل کیا، قتل کے بعد لاشوں کو جلا دیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی : ایس پی شاہ محمد شاہ کے قتل میں ملوث مفرور ملزم گرفتار

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس نے ایس پی شاہ محمد شاہ کے قتل میں نامزد ملزم کو گرفتار کیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول ایس پی شاہ محمد شاہ وزیراعلیٰ سندھ کے رشتہ دار تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم ذوالفقار بھٹہ نے ساتھیوں ہمراہ ایس پی شاہ محمد شاہ اور ڈاکٹر دلشاد کو قتل کیا، ذوالفقار عرف بھٹہ کافی عرصے سے مفرور تھا۔

  • کراچی، پروفیسر اور لیکچررز کا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد گرفتار

    کراچی، پروفیسر اور لیکچررز کا احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج، متعدد گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں پریس کلب پر پروفیسر اور لیکچررز کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لیے جاری احتجاج پر پولیس ٹوٹ پڑی، متعدد اساتذہ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پروفیسر اور لیکچررز نے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج جاری تھا، مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش پر متعدد اساتذہ کو گرفتار بھی کرلیا۔

    سپلا رہنما کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے 15 سے زائد اساتذہ کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار شدگان میں 8 خواتین لیکچررز بھی شامل ہیں۔

    اساتذہ کا کہنا ہے کہ احتجاج ختم نہیں ہوگا پریس کلب پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے، اجلاس میں تدریسی عمل معطل کرنے سے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن پے اسکیل کے لیے احتجاج کررہی ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی سندھ کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ نے ٹائم اسکیل، ملازمتیں مستقل کرنے اور پروموشن کے سلسلے میں کراچی پریس کلب پر احتجاج کیا تھا۔

  • کراچی، بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرادیا

    کراچی، بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرادیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شیریں جناح کالونی میں بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرادیا، پولیس نے خاتون سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے ساتھی کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرایا تھا، قتل میں ملوث ملزمہ اور ساتھی بلال نے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

    ملزم بلال نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ نسرین گھر کے سامنے رہتی تھی کچھ عرصہ پہلے دوستی ہوئی تھی، نسرین نے کہا شوہر تشدد کرتا ہے چھٹکارا چاہتی ہوں۔

    مزید پڑھیں: شکارپور، شوہر نے ایڈز کے شک میں بیوی کو قتل کردیا

    گرفتار ملزم کا کہنا تھا کہ نسرین نے ایک لاکھ روپے دئیے اور کہا کسی اور سے قتل کرانا ہے، میں نے دوست احسن کو قتل کے لیے ایک لاکھ روپے کی لالچ دی تھی۔

    ملزم کا کہنا تھا کہ صدیق کو بہانے سے احسن نے بنگلے پر بلایا جہاں وہ گارڈ تھا، بنگلے پر صدیق کو قتل کیا، لاش کو موٹر سائیکل کے ذریعے عمر شریف پارک کے قریب پھینکا تھا۔

    ملزم کے مطابق واردات کے بعد نسرین سے 50 ہزار روپے لے کر احسن کو دئیے، احسن رقم لینے کے بعد فرار ہوگیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق رقم لے کر احسن کراچی چھوڑ کر بھاگ گیا ہے، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • کراچی، شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی ہوائی فائرنگ، 15 سالہ لڑکا جاں بحق

    کراچی، شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی ہوائی فائرنگ، 15 سالہ لڑکا جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکا جاں بحق اور ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں پولیس اہلکار کی جانب سے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکا جاں بحق اور ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔

    پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار عزیز کو گرفتار کرکے معطل کردیا، گرفتار اہلکار تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں تعینات تھا۔

    دوسری جانب جمشید کوارٹر تھانے کے اہلکار عمیر مسعود کی جانب سے سرعام ہوائی فائرنگ کی گئی، پولیس اہلکار نے سرکاری ایس ایم جی سے مشابہت رکھنے والے اسلحہ سے فائرنگ کی۔

    مزید پڑھیں: کراچی، نشے میں دھت ہوکر خاتون کو ہراساں اور ہوائی فائرنگ کرنے والا اہلکار معطل

    ادھر نارتھ ناظم آباد بلاک کیو میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 ماہ کی بچی زخمی ہوگئی، زخمی بچی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال جون میں حیدری تھانے کی حدود میں نشے میں دھت پولیس اہلکار کو خاتون کو ہراساں اور ہوائی فائرنگ کرنا مہنگا پڑ گیا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج اور پڑوسی کی جانب سے شکایت درج کرانے کے بعد ایس ایس پی نے پولیس اہلکار امجد کو معطل کردیا تھا۔

    پڑوسی عامر کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ امجد کو اس کی حرکتوں سے روکنے کی کوشش کی گئی لیکن اس میں ہم کامیاب نہ ہوسکے اور اس کی حرکتیں بڑھتی ہی جارہی تھیں۔

  • نیو کراچی سے 6 روز پرانی 2 لاشیں برآمد، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    نیو کراچی سے 6 روز پرانی 2 لاشیں برآمد، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو کراچی سے 6 روز پرانی 2 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی 6 نمبر قبرستان سے 2 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں خالی قبر کے اندر سے ملی ہیں اور 6 روز پرانی ہیں۔

    پولیس کے مطابق تعفن اٹھنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی، لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

    دوسری جانب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا دعا چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، مقتول کی شناخت کامران ولد حنیف کے نام سے ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر عدنان عرف ملا گرفتار

    پولیس کا کہنا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان دکان میں ڈکیتی کے لیے آئے تھے، شہریوں کے اکٹھا ہونے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کامران نامی شہری ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق 3 ملزمان موٹر سائیکل پر اور ایک ملزم پیدل فرار ہوگیا، جائے وقوعہ سے ایک موٹر سائیکل اور 30 بور کا ایک خول بھی ملا ہے۔

    ادھر کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں بس اور کار میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت حسن اور ہمایوں کے نام سے ہوئی ہے، زخمیوں میں بابر، بشر اور فیاض شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کا تعلق کورنگی کوارٹر سے تھا، حادثے کا شکار افراد سی ویو جارہے تھے کہ ان کی کار بس کی زد میں آگئی۔

  • کراچی میں پولیس کے مبینہ تشدد سے ملزم دم توڑ گیا

    کراچی میں پولیس کے مبینہ تشدد سے ملزم دم توڑ گیا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس کے مبینہ تشدد سے ایک اور ملزم دم توڑ گیا، لواحقین نے اسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مبینہ پولیس تشدد سے ملزم جاں بحق ہوگیا، اسٹیل ٹاؤن پولیس نے ملزم عبدالقادر کو غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔

    عبدالقادر کے اہلخانہ نے جناح اسپتال کے باہر پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وقت ملزم زخمی تھا، حالت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا لیکن جانبر نہ ہوسکا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزم کو لانڈھی پولیس کے حوالے کیا گیا تھا جہاں وہ ڈکیتی کے مقدمے میں مفرور تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں مبینہ پولیس تشدد سے شہری جاں بحق

    مقتول کے بھائی ذیشان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل ٹاؤن پولیس نے بھائی کو گرفتار کیا، گرفتاری کی اطلاع رات 4 بجے موصول ہوئی تھی، صبح تھانے پہنچا تو بھائی نیم بے ہوشی کی حالت میں پڑا تھا۔

    ذیشان کے مطابق عبدالقادر کے چہرے اور جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے، بھائی کو بچانے کے لیے پولیس افسر علی حسنین نے 10 ہزار روپے رشوت لی تھی۔

    عبدالقادر کے بھائی کا کہنا ہے کہ تھانے کے مختلف اہلکاروں کو چائے پانی کی مد میں بھی رقم فراہم کی، پولیس نے بھائی کو کورٹ لے جانے کے بجائے لانڈھی پولیس کے حوالے کیا۔

    بھائی ذیشان کا کہنا ہے کہ عدالت پہنچنے پر جج صاحب نے عبدالقادر کےفوری علاج کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی حکم کے باوجود بھائی کو  اسپتال منتقل نہیں کیا گیا تھا۔

  • کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر عدنان عرف ملا گرفتار

    کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر عدنان عرف ملا گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر عدنان عرف ملا کو گرفتار کرلیا، ملزم عدنان کے ایم سی کا ملازم اور ملیر کا سیکٹر ممبر رہ چکا ہے۔

    ایس ایس پی فیصل عبداللہ چاچڑ کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان کے ایم سی میں نائب قاصد بھرتی ہوا اور مفروری میں ہی گریڈ 14 تک پہنچ گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم انسپکٹر ذیشان کاظمی پر حملے میں بھی ملوث رہا، ملزم سعود آباد سمیت مختلف علاقوں میں قتل کی وارداتیں کرچکا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی، گھروں کے باہر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم کئی مقدمات میں عدالتوں سے اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم 2002 سے 2012 تک مانسہرہ اور راولپنڈی میں مفرور رہا ہے، ملزم اپنی رہائش بھی تبدیل کرتا رہتا تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی کی پولیس نے بریگیڈ کے علاقے میں گھر کے باہر شہری کو لوٹنے والے کارندے کو گرفتار کیا تھا، ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی تھی۔

    یاد رہے کہ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ سامان برآمد کیا تھا۔

    خیال رہے کہ اینٹی کرپشن ساؤتھ زون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کے ایم سی ملازم ذوالفقار علی کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا ۔

  • کراچی، گھروں کے باہر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار

    کراچی، گھروں کے باہر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار

    کراچی: شہر قائد کی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گھروں کے باہر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کے کارندے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بریگیڈ میں گھر کے باہر شہری کو لوٹنے والے کارندے کو پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا، ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ساتھی کے ساتھ مل کر گھر کے باہر شہری کو لوٹا تھا، ملزم سفیان اسلحہ کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم سفیان سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے کراچی کے علاقے ملیر کھوکھراپار میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رضا الدین عرف رضا بھائی کو گرفتار کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا، ملزم رضا الدین ملیر سیکٹر کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا انچارج تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلبہار میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا تھا اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

    ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان توصیف، راقب اور آصف سگے بھائی ہیں، دوستوں کے ساتھ مل کر ڈکیتیاں کرتے تھے۔

    ایس ایس پی عارف اسلم کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے تھے، ملزمان کچھ عرصہ قبل ہی جیل سے رہا ہوکر آئے تھے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی پولیس نے نیو ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی سیکیورٹی کمپنی بنا کر عوام کو لوٹنے والے 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔