Tag: karachi police

  • مقابلے میں زخمی ملزمان ہر واردات کے بعد مسجد جاتے تھے، پولیس

    مقابلے میں زخمی ملزمان ہر واردات کے بعد مسجد جاتے تھے، پولیس

    کراچی : گزشتہ رات خیابان ساحل پر بوٹ بیسن پولیس سے مقابلے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ گرفتار ملزمان اصغر اور جاوید انتہائی مطلوب نکلے۔ ملزمان واردات کے بعد سب سے پہلے مسجد جاتے تھے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے اے آر وائی نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، ملزمان ساؤتھ اور دیگر علاقوں میں چھلاوہ بنے ہوئے تھے۔

    اسد رضا کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی کلفٹن احمد چوہدری کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی، خصوصی ٹیم ملزمان کی اطلاع پر گرفتار کرنے پہنچی تو مقابلہ ہوگیا۔

    گرفتار ملزمان کی متعدد سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل تھیں، ملزمان کو صدر، آرام باغ اور پریڈی کے علاقوں میں راوداتوں کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ دونوں ملزمان آتے لوٹ مار کرتے اور فرار ہوجاتے تھے، گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش میں مزید اہم انکشاف کیے ہیں۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزمان اپنے ہمراہ ایک بیگ میں کپڑے بھی رکھا کرتے تھے، ڈکیتی کرتے ہی قریبی مسجد میں جاکر حلیہ تبدیل کرلیتے تھے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

  • ون ویلنگ اور بائیک ریسنگ میں ملوث 7 رائیڈرز گرفتار ہو گئے، ایف آئی آر درج

    ون ویلنگ اور بائیک ریسنگ میں ملوث 7 رائیڈرز گرفتار ہو گئے، ایف آئی آر درج

    کراچی: گزری پل پر ون ویلنگ اور بائیک ریسنگ میں ملوث 7 رائیڈرز کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے ون ویلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے، مقدمات غفلت، لاپرواہی اور شاہراہِ عام پر غیر محتاط سواری کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام پر بائیک ریسنگ کی روک تھام کے لیے پولیس گشت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دو دریا سے گزری تک موٹر سائیکل سواروں کی ریسوں کے باعث اتوار کا روز ڈیفنس کے شہریوں کے لیے اذیت بننے لگا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر اتوار کو بائیکرز ریسیں لگاتے ہیں، تیز رفتاری کی وجہ سے کئی حادثات رونما ہوتے ہیں۔

    آج صبح 7 بجے کے قریب کئی رائڈرز ریسنگ کے دوران ٹکرا گئے تھے، جس سے ایک نوجوان شدید زخمی جب کہ متعدد دیگر معمولی زخمی ہو گئے ہیں۔

    ویڈیو: کراچی گزری پل پر وَن ویلنگ کے دوران دل دہلا دینے والا حادثہ، کئی رائڈرز ٹکرا گئے

    شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد اس ریس میں شامل ہوتے ہیں، گزری پل کے اوپر بھی ریسنگ کی جاتی ہے، بعض اوقات ریسنگ کے دوران نوجوانوں کی جان بھی چلی جاتی ہے، لیکن کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں ہے۔

  • ویڈیو: ڈیوٹی افسر نے کم عمر جیب کترے کو آفس میں زنجیر سے باندھ دیا

    ویڈیو: ڈیوٹی افسر نے کم عمر جیب کترے کو آفس میں زنجیر سے باندھ دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے تھانہ سپر مارکیٹ میں ایک جیب کترے کو زنجیر سے باندھنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایک اور تھانے میں متنازع معاملہ سامنے آ گیا، تھانہ سپرمارکیٹ میں کم عمر جیب کترے کو زنجیر سے باندھنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، جس میں غیر انسانی طریقے سے لڑکے کو زنجیر سے بندھا زمین پر پڑا دیکھا جا سکتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جیب کترے کو تاجروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا، ڈیوٹی افسر نے ملزم کو لاک اپ کرنے کی بجائے آفس میں ہی باندھ دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تھانے میں ملزم سے بدسلوکی کا علم ہوا ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے، غفلت برتنے والے پولیس افسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    بعد ازاں، پولیس حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے جیب کترے کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا، بچے کی عمر کم ہونے کی وجہ سے اسے لاک اپ میں بند نہیں کیا گیا، جب کہ تھانے کے لاک اپ میں جرائم پیشہ ملزمان پہلے ہی موجود تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق بچے کی عمر کم ہونے کی وجہ سے والدین کو تھانے میں طلب کیا گیا، اور بچے کے والدین کی معافی کے بعد بچے کو چھوڑ دیا گیا، مارکیٹ کے نمائندے بھی بچے پر مقدمہ درج کرانا نہیں چاہتے تھے، تاہم بچے کو زنجیر سے باندھنے پر متعلقہ افسران سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

  • جرائم کی سرپرستی، کراچی میں 2 ایس ایچ اوز معطل ہو گئے

    جرائم کی سرپرستی، کراچی میں 2 ایس ایچ اوز معطل ہو گئے

    کراچی: شہر قائد میں جرائم کی سرپرستی کرنے والے 2 ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹاسک فورس نے جرائم کی سرپرستی میں ملوث پولیس افسران کے خلاف پہلی کارروائی میں کئی اہل کاروں کو معطل کر دیا۔

    ڈی آئی جی ویسٹ زون کے حکم پر ایس ایچ او اورنگی سب انسپکٹر وقار اعوان اور ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری رشید لودھی کو معطل کیا گیا۔

    ہیڈ محرر خواجہ اجمیر نگری کو بھی معطل کر دیا گیا ہے، معطل اہل کاروں کو ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، افسران کو علاقے میں جرائم پر کنٹرول کرنے میں ناکامی پر معطل کیا گیا۔

    گزشتہ رات ٹاسک فورس نے اورنگی میں گٹکے کی ایک فیکٹری پر چھاپا مارا تھا، کارخانے سے بھاری مقدار میں چھالیہ اور تیار گٹکا، ماوا برآمد ہوا تھا۔

    ٹاسک کمیٹی ممبر ایس پی لیاقت آباد کی کارروائی میں 2 ملزمان گرفتار ہوئے تھے، پکڑے گئے ملزمان سے تفتیش میں ایس ایچ او کی سرپرستی ثابت ہوئی تھی۔

  • ویڈیو: کراچی پولیس کا چوکی انچارج منظم جرائم کی سرپرستی کرنے لگا

    ویڈیو: کراچی پولیس کا چوکی انچارج منظم جرائم کی سرپرستی کرنے لگا

    کراچی: شہر قائد کی پولیس کا ایک چوکی انچارج منظم جرائم کی سرپرستی کرنے لگا ہے، گٹکا ماوا فروخت کرنے والے کیبن مالک نے تھانے اور چوکی کو ‘ہفتہ’ دینے کا انکشاف کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی، زمان ٹاؤن میں بھٹائی چوکی انچارج اے ایس آئی شفیق عباس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ علاقے میں منظم جرائم کی سرپرستی کر رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بااثر چوکی انچارج نے ہفتہ وصول کر کے منشیات اور گٹکا ماوا فروخت کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

    علاقے میں کھلے عام منشیات فروشی جاری ہے، مکینوں نے مبینہ منشیات فروش کو پکڑ کر ویڈیو بنالی، ویڈیو میں پکڑے جانے والے منشیات فروش سے برآمد ہونے والی آئس دیکھی جا سکتی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام منشیات فروشوں اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیں، تاہم دوسری طرف علاقے میں قائم کیبن سے گٹکے ماوے کی فروخت جاری ہے اور پولیس کی پراسرار خاموشی نے علاقے والوں کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔

    ویڈیو میں کیبن مالک انکشاف کر رہا ہے کہ وہ تھانے اور چوکی کو ہفتہ دیتا ہے، واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل گرفتار ہونے والے ایک منشیات فروش نے بھی اپنے ویڈیو بیان میں چوکی انچارج اے ایس آئی شفیق عباس کو ہر ہفتے رشوت دینے کا انکشاف کیا تھا۔

  • کراچی : موٹرسائیکل نہ دینے پر بزرگ شہری کو گولیاں مار دیں

    کراچی : موٹرسائیکل نہ دینے پر بزرگ شہری کو گولیاں مار دیں

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتیں بدستور جاری ہیں، مسلح افراد نے موٹرسائیکل نہ دینے پر بزرگ شہری کوگولیاں مار دیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے طارق روڈ پر مزاحمت پر ایک اور بے گناہ شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مسلح ملزمان نے نئی 125 موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر 65 سالہ بزرگ شہری عبدالرحمان کو گولی مار دی۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، ویڈیو میں بزرگ شہری کو موٹرسائیکل پر آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    شہری جیسے ہی موٹرسائیکل پارک کرنے لگا2ملزمان پیچھے سے آئے، ایک ملزم نے موٹرسائیکل کی چابی نکالنے کی کوشش کی جس پر بزرگ شہری نے ملزم کو ہاتھ مارا تو ملزم نے بھی مکا ماردیا۔

    ہیلمٹ پہنا ہوا ملزم غصے میں واپس گیا اور اپنے ساتھی سے پستول چھینا پھربزرگ شہری کی جانب نشانہ لے کر گولی چلا دی۔

    گولی لگتے ہی بزرگ شہری کو موٹرسائیکل سے گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ملزمان واردات ناکام ہونے پر موقع سے فرارہوگئے۔

    اس کے علاوہ لانڈھی شرافی گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر ذوالفقار نامی شہری زخمی ہوگیا، اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر میں 25 سالہ صالح، بلدیہ ٹاؤن میں 45 سالہ محب، نادرن بائی پاس کے قریب 60 سالہ شرافت اور فیڈرل بی ایریا میں معاذ واسطی نامی نوجوان زخمی ہوا۔

    نیو کراچی نمبر ساڑھے چھ کے قریب نصراللہ، دھوراجی میں حبیب شاہ، منگھو پیر میں عبدالمالک اور نارتھ ناظم آباد میں محمد نعیم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔

    واضح رہے کہ ماہ رمضان المبارک بھی پولیس کے ناکے اور اسنیپ چیکنگ ڈاکوؤں کا راستہ نہیں روک سکے جبکہ شہری خوف کا شکار ہیں۔

  • صوفی عبدالقیوم کا قتل زمین کے مسئلے پر ہوا، ڈی آئی جی ایسٹ

    صوفی عبدالقیوم کا قتل زمین کے مسئلے پر ہوا، ڈی آئی جی ایسٹ

    کراچی: کراچی پولیس نے صوفی عبدالقیوم کے قتل کی وجہ زمین کا مسئلہ قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر اور ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ نے آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صوفی عبدالقیوم کا قتل زمین کا مسئلہ تھا۔

    ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے بتایا کہ صوفی عبد القیوم کو گلستان جوہر میں قتل کیا گیا، 2 ٹارگٹ کلر مولانا عبدالقیوم کو قتل کر کے فرار ہوئے، یہ مذہبی یا فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ نہیں بلکہ زمین کا مسئلہ تھا۔

    انھوں نے کہا 2 ملزمان نے مولانا کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، ان کا مولانا صاحب کے ساتھ زمین پر تنازع تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق علی اکبر اہم شوٹر تھا، دوسرے کا نام تنویر ہے، دونوں ملزمان کرائے کے قاتل ہیں، علی اکبر نے 2013 میں بھی ایک سیاسی مخالف کو قتل کیا تھا۔

    ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ مولانا کو قتل کرنے کے لیے اجرتی قاتل استعمال کیے گئے، مین شوٹر علی اکبر اس سے قبل بھی ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں کرتا رہا ہے۔

  • کراچی : جعلی مقابلہ پولیس کے گلے پڑگیا، ایس ایچ او معطل

    کراچی : جعلی مقابلہ پولیس کے گلے پڑگیا، ایس ایچ او معطل

    کراچی : ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ہونے والا پولیس مقابلہ کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، فائرنگ کرنے والا سادہ لباس اہلکار ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن نکلا جسے معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر جعلی پولیس مقابلے میں مبینہ ملزم کے زخمی ہونے کے واقعہ کے بعد معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کرنے والا سادہ لباس اہلکار کوئی اور نہیں ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ نے واقعے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن کو معطل کردیا، انہوں نے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    گزشتہ رات ابوالحسن اصفہانی روڈ پرمبینہ سادہ لباس پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے عثمان نامی نوجوان زخمی ہوگیا تھا، پولیس نے زخمی نوجوان عثمان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا، بعد ازاں زخمی نوجوان کے اہلخانہ اور علاقہ مکین تھانے پہنچ گئے تھے۔

    اہل خانہ نے تھانے کے باہر نوجوان کی رہائی کیلئے مظاہرہ کیا، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے تھانےسے ہوائی فائرنگ کی گئی، پولیس نے پہلے زخمی نوجوان کو ڈاکو ظاہر کیا پھرمظاہرین کے احتجاج پر چھوڑ دیا تھا۔

    ایس ایس پی ایسٹ نے واقعے کی انکوائری کے لیےٹیم تشکیل دے دی ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض انکوائری ٹیم کی سربراہی کریں گے۔

    اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ پولیس کی جانب سے نوجوان کو ملزم بنانے کے لیے اس پر جعلی پستول رکھنے کا بھی الزام عائد کیا گیا، زخمی ہونے والا عثمان کپڑے کی دکان پر کام کرتا ہے۔

    ڈی ایس پی چوہدری سہیل فیض نے جائے وقوعہ اور لاک اپ کا دورہ کیا، مزید تحقیقات کے لیے ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکاروں کو طلب کیا گیا، زخمی عثمان کے ساتھ بچ جانے والے نوجوان کو بھی بلایا گیا اور ایس ایچ او، اہلکاروں اور دیگر کے بیانات بھی لئے گئے۔

    انکوائری کمیٹی کو ابتدائی تحقیقات کے دوران مقابلہ جعلی ہونے کے شواہد مل گئے، فائرنگ کا واقعہ دودھ کی دکان کے باہر گزشتہ رات پیش آیا، مبینہ جعلی مقابلہ تھانے سے تقریباً100 میٹرکی دوری پر پیش آیا تھا۔

    ساتھی نوجوان کے مطابق سحری کے لیے دہی لینے رکے تھے، اچانک موٹرسائیکل پر شلوار قمیض پہنے دو افراد آئے اور گولی چلا دی، ہم سمجھے کوئی ڈاکو موبائل یا موٹرسائیکل چھینے والا ہے، انہوں نے زخمی عثمان کو بائیک پر بٹھایا اور وہاں سے بھاگے۔

    نوجوان کا کہنا تھا کہ بعد میں پتہ چلا وہ تھانے میں لے گئے ہیں تو ہم تھانے گئے،عثمان کو تڑپتا ہوا تھانے کے لاک اپ میں رکھا ہوا تھا، واضح رہے کہ تحقیقاتی کمیٹی مزید شواہد کی مدد سے آج ایس ایس پی ایسٹ کو رپورٹ پیش کرے گی۔

  • کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر دو نوجوان قتل

    کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر دو نوجوان قتل

    کراچی : نیو کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے دو نوجوان جان بحق ہوگئے، پاک کالونی اور دیگر علاقوں میں پولیس نے مقابلے کے بعد چار ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوکراچی کے علاقے شفیق کالونی میں ڈکیتی کیلئے آنے والے ملسح افراد نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ادریس نامی شخص شدید زخمی ہوگیا، بعد ازاں ادریس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ دیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول نوجوان ادریس نے ڈکیتوں کو موبائل فون دینے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے فائرنگ کی، پولیس حکام کے مطابق ادریس فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور اس کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا.

    پاک کالونی گٹر باغیچہ کے علاقے میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا ، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت مختیار کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 19 برس تھی.

    ایک اور واقعے میں پاک کالونی کے مشرف پارک میں گشت پر مامور پولیس پارٹی نے موٹرسائیکل سوار3مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی جس پر مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

    ایس ایس پی کیماڑی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ہولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرکے ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتاکل منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق
    ملزمان دوسرے زخمی ساتھی کو لے کر موقع سے فرار ہوگئے۔

    دریں اثناء کراچی کے علاقوں فیروز آباد اور سچل میں پولیس مقابلے کے بعد ،3ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق مستوئی کے مطابق سچل میں گرفتار ملزمان کی شناخت کرکے کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سےاسلحہ اورموٹرسائیکل برآمد کرلی گئی، زخمی ملزمان کے2ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    فیروزآباد میں مبینہ مقابلہ کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ دوسرا ملزم فرار ہوگیا۔

     

  • کراچی میں 60 افسران و اہل کاروں کا تبادلہ، وجہ مجرموں سے مبینہ گٹھ جوڑ

    کراچی میں 60 افسران و اہل کاروں کا تبادلہ، وجہ مجرموں سے مبینہ گٹھ جوڑ

    کراچی: شہر قائد کے ضلع کیماڑی میں پولیس اہل کاروں اور جرائم پیشہ افراد کے مبینہ گٹھ جوڑ کے پیش نظر ضلع کے 60 افسران و اہل کاروں کی تعیناتی میں رد و بدل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک خفیہ رپورٹ پر پولیس کے اعلیٰ افسران نے ایکشن لیتے ہوئے سعید آباد تھانے میں برسوں سے تعینات 30 اہل کاروں کو جیکسن، ڈاکس، پاک کالونی، اور شیر شاہ بھیج دیا گیا ہے، جب کہ جیکسن، ڈاکس، پاک کالونی اور شیر شاہ سے 30 افسران و اہل کاروں کو سعید آباد بھیجا گیا۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ پولیس اہل کار مبینہ طور پر یوسف گوٹھ بس ٹرمنل پر اسمگلرز سے رابطے میں تھے۔

    تاہم جب اے آر وائی نیوز نے پولیس افسران سے سوال کیا کہ ایک ساتھ 30 اہل کاروں کے تبادلے کی وجہ کیا ہے؟ تو پولیس افسران نے اصل حقیقت بتانے کی بجائے اسے روٹین کی ٹرانسفر پوسٹنگ قرار دے دیا۔