Tag: karachi police

  • پولیس اہل کار کی شہادت، جائے وقوعہ سے سنگین غفلت و لاپرواہی کے شواہد مل گئے

    پولیس اہل کار کی شہادت، جائے وقوعہ سے سنگین غفلت و لاپرواہی کے شواہد مل گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی مقابلے میں شہادت کے سلسلے میں محکمہ پولیس کی تحقیقات میں جائے وقوعہ سے سنگین غفلت و لاپرواہی کے شواہد مل گئے ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب سائٹ اے تھانہ کی حدود اسٹار ٹیکسٹائل مل کے قریب ڈکیتوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل رمیز بکل نمبر 29048 کی نماز جنازہ ہیڈکوارٹر گارڈن میں ادا کر دی گئی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ تحقیقات میں جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر لیے گئے ہیں، نائن نائن ایم پستول کے 7 خول ملے اور پولیس اہلکاروں کی سنگین غفلت و لاپرواہی کے شواہد بھی ملے، پولیس پر حملہ کرنے والے ڈکیت شہید و زخمی اہلکاروں کا اسلحہ بھی چھین کر لے گئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر تحقیقات میں واقعے میں غفلت سامنے آئی ہے، جہاں حملہ ہوا وہاں پر 2 موٹر سائیکلوں پر 4 اہل کاروں کی ڈیوٹی تھی، لیکن واقعے کے وقت دو اہلکار موقع پر موجود نہیں تھے۔ پولیس حکام اس کی بات تحقیقات کر رہے ہیں کہ دیگر دو اہلکار کہاں تھے؟ اس واقعے میں حملہ آوروں نے بہ آسانی پولیس اہل کاروں کو نشانہ بنایا تھا۔

    دوسری طرف شہید ہیڈ کانسٹیبل رمیز ولد فتح شیر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے، نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز کراچی و دیگر سینئر افسران، رینجرز سندھ کے افسران کے علاوہ شہید کے ورثا اور قریبی رشتہ داروں سمیت اہلیان علاقہ نے بھی شرکت کی۔

    جاوید عالم اوڈھو نے شہید کے ورثا سے یک جہتی اور ہمدردی کا‌اظہار کرتے ہوئے شہید کی محکمہ پولیس کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، دریں اثنا پولیس کے خصوصی دستے نے شہید کو سلام پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مقابلے میں زخمی اور نجی اسپتال میں زیر علاج کانسٹیبل شیر افضل کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے ضمن میں ہدایات کے ساتھ ساتھ متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہید کے ورثا کے لیے محکمہ پولیس سندھ کی مروجہ مراعات کے حوالے سے ضروری قانونی دستاویز جلد تیار کی جائیں۔

    ادھر ساتھی اہل کار کی شہادت کے بعد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے رات گئے 4 پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکو مارے، اور 6 کو زخمی کر دیا، سائٹ ایریا قبر والی گلی کے قریب دو ڈاکوؤں کو مارا گیا، اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، جب کہ لانڈھی چار نمبر پر ایک ڈاکو مارا گیا اور تین زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ اجمیر نگری اور موسیٰ لین سے بھی دو ملزمان دھر لیے گئے ہیں۔

  • کراچی : کبوتر بازی کے جھگڑے نے ایک شخص کی جان لے لی

    کراچی : کبوتر بازی کے جھگڑے نے ایک شخص کی جان لے لی

    کراچی : کبوتر بازی کے دوران ہونے والے جھگڑے میں ایک شخص گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگیا، ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن ضیاء میں فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کبوتر بازی پر ہونے والے جھگڑے میں پرویز نامی شخص کا قتل ہوا ہے۔

    پولیس کے مطابق مقتول پرویز کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے تھا، جس کا 20 روز قبل دوسری سیاسی جماعت کے ایک کارکن سے جھگڑا ہوا تھا۔

    مقتول پرویز نے ملزم ندیم کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جس پر وہ عدالت سے سزا ملنے کے بعد جیل چلا گیا تھا جس کا اسے بہت رنج اور غصہ تھا۔

    گزشتہ روز ملزم ندیم جیل سے ضمانت پر رہا ہوکر واپس آیا اور آج موقع پاکر پرویز پر اندھا دھند فائرنگ کردی، پرویز نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ واردات کے بعد ملزم ندیم موقع سےفرارہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی میں گاڑی چوری کی انوکھی واردات

    کراچی میں گاڑی چوری کی انوکھی واردات

    کراچی : بہادرآباد کے علاقے میں چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے جس میں چور منرل واٹر سے بھری گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھروں میں پانی سپلائی کرنے والی گاڑی ایک گھر کے باہر آکر رکی جس میں منرل واٹر کے درجنوں گیلن لوڈ تھے۔

    گاڑی کا ڈرائیور پانی کا گیلن پہنچانے کیلئے گھر کے اندر گیا تو اسی دوران نامعلوم شخص گاڑی کے اطراف چکر لگاتا رہا۔

    چور نے موقع دیکھتے ہی پانی سے بھری گاڑی میں بیٹھا اسٹارٹ کی اور لے کرفرارہوگیا، واقعے کا مقدمہ بہادرآباد تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزم کو گرفتار کرکے گاڑی برآمد کرلی جائے گی تاہم پولیس تاحال گاڑی تلاش کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

    کراچی : چور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سینئر افسر کی گاڑی لے اڑا

    واضح رہے کہ ساڑھے تین ماہ قبل کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں ایک چور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سینئر افسر کی گاڑی لے کر فرار ہوگیا تھا۔

    مدعی مقدمہ محمد علی کا کہنا تھا کہ کام کے سلسلے میں حیدرآباد گیا واپس آیا تو گاڑی نہیں تھی، نامعلوم ملزم میری گاڑی چوری کر کے لے گیا۔

  • کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران کتنی وارداتیں ہوئیں؟ رپورٹ تیار

    کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران کتنی وارداتیں ہوئیں؟ رپورٹ تیار

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کراچی پولیس کی دن بھرکی ورکنگ رپورٹ روانہ کی ہے جو انہیں موصول ہوگئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کو 24گھنٹوں کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی ہوانے والی واردارتوں سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں شہر بھر میں136اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

    ان136وارداتوں میں شہریوں سے42موبائل فون اور نقدی چھیننے کی واردتیں شامل ہیں، 7کاریں چوری ،5موٹرسائیکلیں چھیننے82چوری ہونے کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان دو مقابلے ہوئے، ان مقابلوں میں2جرائم پیشہ افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، مختلف چھاپوں میں 18جرائم پیشہ افراد کو رنگےہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے آگاہ کیا کہ 24گھنٹے میں147ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور 22دیگرجرائم میں ملوث ملزمان گرفتار کئے گئے۔

  • کراچی پولیس نے 2 سالہ بچے کو مفرور قرار دے دیا

    کراچی پولیس نے 2 سالہ بچے کو مفرور قرار دے دیا

    کراچی: شہر قائد کی پولیس کی نااہلی کی ایک اور اعلیٰ مثال سامنے آ گئی، پولیس نے دو سالہ بچے کو مفرور ملزم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں تھانہ جیکسن کی پولیس نے ایک دو سالہ بچے کو بھی مفرور قرار دے دیا ہے، جس کی ضمانت کے سلسلے میں بچے کے والد کو آج عدالت جانا پڑ گیا۔

    کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں ایک شخص اپنے دو سالہ بچے کی ضمانت کرانے کے لیے عدالت پہنچے تو بچہ خوف سے بے تحاشا رونے لگ گیا۔

    جیکسن تھانہ پولیس نے ملزم شہریار کو بینظیر انکم سپورٹ کے پیسے جعلی طریقے سے نکالنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، لیکن پولیس نے ریمانڈ رپورٹ میں دو سالہ بچے کو بھی مفرور ملزم قرار دے دیا۔

    بچے کے والد کا کہنا تھا کہ پولیس میرے دو سالہ بچے کو گرفتار کرنے کے لیے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے، دو بچوں پر جعلی فنگر پرنٹ کے ذریعے بینظیر انکم سپورٹ کے پیسے نکلوانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

    وکیل نے کہا کہ تفتیشی افسر نے نااہلی کی حد کرتے ہوئے ایک دو سالہ بچے کو بھی نامزد کر دیا ہے، تفتیشی افسر نے شیر خوار بچے کو پیسوں کے لیے نامزد کیا۔

    وکیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم یہاں بچے کی ضمانت کے لیے آئے ہیں، اور آئی جی سندھ سے مطالبہ ہے کہ تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کرے۔

  • گٹکا ماوا کے خلاف پولیس پارٹی میں مجرمانہ ریکارڈ کے حامل افسران و اہل کار شامل

    کراچی: شہر قائد میں گٹکا ماوا کی فروخت کے خلاف بنائے جانے والی پولیس پارٹی میں مجرمانہ ریکارڈ کے حامل افسران و اہل کار شامل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں گٹکا اور ماوا کی فروخت میں سہولت کاری کی تحقیقات کے کیس میں انکشاف ہوا ہے کہ اس سلسلے میں کریمنل ریکارڈ والے پولیس افسران اور اہل کاروں کو پھر تعینات کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس پارٹی میں کریمنل ریکارڈ کے حامل افسران، اہل کار اور جعلی صحافی شامل کیے گئے ہیں۔

    2 ہفتے قبل تشکیل دی جانے والی ٹیم میں سب انسپکٹر جمال شیخ بھی شامل ہے، جمال شیخ ماضی میں متعدد بار محکمانہ کارروائیوں کی زد میں آ چکا ہے۔

    پولیس پارٹی میں معطل اے ایس آئی ارشد عرف گھوڑا بھی شامل ہے، ارشد عرف گھوڑا کو ماضی میں افسران نے سروس سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔

    کانسٹیبل صادق موٹا، پی سی نعمان، پی سی وقار، ہیڈ کانسٹیبل منور شاہ کے نام بھی شامل ہیں، پولیس پارٹی کے ساتھ کام کرنے والے افراد کا نام پولیس آئی آر میں بھی موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس پارٹی میں موجود افراد گٹکے ماوے کی سپلائی میں سہولت کاری کر رہے ہیں، ٹیم میں شامل اہل کار شہریوں کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور تاوان وصولی میں بھی ملوث ہیں۔

  • کراچی : پی ٹی آئی کے 2 رہنما گرفتار، اسلحہ اور بیلٹ پیپر بک برآمد، ویڈیو وائرل

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما امجد آفریدی کی تھانے میں گرفتاری کی فوٹیج وائرل ہوگئی۔

    اس حوالے پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ امجد آفریدی نے پولنگ عملے کو ڈرایا دھمکایا، امجد آفریدی پر بیلٹ پیپر بک رکھنے کا بھی الزام ہے۔

    پولیس کے مطابق امجد آفریدی سرکاری کام میں مداخلت کے دوران اسلحہ بھی لہرا رہے تھے، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ووٹنگ بک بھی برآمد ہوئی ہے۔

    اس کے علاوہ شاہ فیصل کالونی میں پولنگ عملے سے بیلٹ پیپر چھیننے کے الزام میں ایک اور پی ٹی آئی ایم پی اے عدیل احمد کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم عدیل احمد کو گرفتاری کے فوری بعد شاہ فیصل کالونی تھانے منتقل کردیا گیا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 6 ملزمان گرفتار، واردات کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کی ایک واردات کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مہران ٹاؤن اے ٹی سی کٹ پر گزشتہ روز 3 ملزمان قاسم، عمیر اور دانیال کو مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا، تینوں ملزمان مطلوب نکلے۔

    لٹیروں کی واردات کرتے وقت کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں جاتے 2 نوجوان جیسے ہی رکے لٹیرے آ پہنچے۔

    ایک لٹیرے نے پستول نکالا تو نوجوان ڈر گیا اور ہاتھ کھڑے کر دیے، لٹیرے دونوں نوجوانوں کی ایک منٹ تک تلاشی لیتے رہے، اور لوٹ مار کے بعد دونوں دوسری جانب فرار ہو گئے۔

    ادھر کراچی کے علاقے عوامی کالونی کی پولیس کا ڈکیت کے ساتھ مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا۔

    پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم جلیبی چوک کورنگی نمبر 6 کے قریب چھینا جھپٹی کی نیت سے گھوم رہا تھا، گرفتار زخمی ملزم کی شناخت محمد اویس کے نام سے کی گئی ہے، ملزم سے اسلحہ، دو چھینے ہوئے موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔

    کراچی کے علاقے سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں پولیس مقابلے میں اسٹریٹ کرائم کی 2 سو سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم کو ساتھی سمیت زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزمان عمران اور کاشف عادی جرائم پیشہ ہیں، ملزم عمران کئی دفعہ گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے، جب کہ ملزم کاشف کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتوں کا گروپ چلاتا ہے۔

  • شہری اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے، پولیس بااثر افراد کی شادیوں کے پروٹوکول میں مصروف

    کراچی: شہر قائد میں شہری اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے کر دیے گئے ہیں، اور پولیس بااثر افراد کی شادیوں کے پروٹوکول میں مصروف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد سے سرجانی ٹاؤن جانے والی بارات میں فائرنگ کی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں، جن میں پولیس کی سیکیورٹی میں شادی میں خودکار ہتھیاروں کے آزادانہ استعمال کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق بارات میں مسلح افراد نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا، بلڈر کی شادی کی تقریب میں علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا، اور لیاقت آباد اور سرجانی ٹاؤن پولیس ’سب اچھا ہے‘ کا راگ الاپتی رہی۔

    ذرائع کے مطابق شادی میں مقیم نامی شخص بڑے ہتھیار سے ہوائی فائرنگ کرتا رہا، جب کہ پولیس نے شادی کی تقریب کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی۔

    پولیس موبائل کو سادہ لباس اہل کاروں کے علاوہ پرائیویٹ افراد بھی استعمال کرتے رہے، اس سلسلے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پولیس موبائل کس تھانے یا افسر کی ہے، اس کے بارے میں علم نہیں ہے۔

  • کراچی : پولیس افسر کی کار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، 3 زخمی

    کراچی کے علاقے شاہ لطیف میں کھڑی کار میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں خاتون سمیت دو بچے بھی زخمی ہوگئے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شاہ لطیف کے علاقے درمحمد گوٹھ میں مبینہ گیس لیکج کے باعث گاڑی میں آگ لگی ہے۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ پولیس افسر کار کھڑی کرکے گئے تو اچانک گاڑی کے پچھلے حصے میں آگ لگ گئی، جس جگہ گاڑی کھڑی تھی وہاں پر گیس لائن سے لیکج ہورہی تھی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق کار میں آگ لگنے کے نتیجے میں خاتون اور2بچے معمولی زخمی ہوئے ہیں، دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ کار میں آگ لگنے کی وجہ سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔