Tag: Karachi port Trust

  • کراچی پورٹ : بحری جہاز ٹکرانے کے حادثے کی انکوائری رپورٹ جاری

    کراچی پورٹ : بحری جہاز ٹکرانے کے حادثے کی انکوائری رپورٹ جاری

    کراچی : بندرگا ہ پر جہاز ٹکرانے کےحادثے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ جاری کردی گئی، کراچی پورٹ پر واقعے کا ذمہ دار ہیپگ لائڈز کے جہاز ٹولٹن کے کپتان کو قرار دیا گیا ہے۔

    ابتدائی انکوائری رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جہاز ٹکرانے کے حادثے کی وجہ  ہیپگ لائڈز کے جہاز ٹولٹن کے کپتان کو قرار دیا گیا ہے، کپتان کا سست رویہ حادثے کا باعث بنا، حادثے سے پہلے جہاز ریکارڈنگ میں پائلٹ نے ہدایات نہیں دیں تھیں۔

    کے پی ٹی کے زیادہ طاقتور ٹگس ہوتے تو حادثہ سے بچنےکا امکان تھا، ٹگس کی تعداد دو کے بجائے تین ہونی چاہئے تھی جہاز کے ریورس گیئر”اسٹن” نے کام نہیں کیا۔

    اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ "اسٹن” جہاز کی رفتار کم کرکے اسے بتدریج روک دیتا ہے ایسے جہاز کو ڈیڑھ سے دو منٹ میں رک جانا چاہئے تھا، حادثے کا شکارجہاز دو منٹ چالیس سیکنڈز چلتا رہا۔

    کے پی ٹی ذرائع کے مطابق جہاز کی آخری لمحات میں رفتار کم نہ ہونے سے حادثہ پیش آیا،حادثے کی تحقیقات میں جہاز کی ریکارڈنگ سے بھی مدد لی گئی۔

    مزید پڑھیں: کراچی بندرگاہ پر دو جہازوں کی ٹکر، کئی کنٹینرز سمندر میں جاگرے

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ19مارچ کو کراچی کی بندرگاہ پر دو مال بردار بحری جہاز ٹکرا گئے تھے، حادثے کے باعث جہازوں پر لدے برآمدی سامان کے کئی کنٹینرز سمندر میں جاگرے تھے جس کے بعد پورٹ پر کام بند کردیا گیا۔

    حادثہ کیماڑی میں ساؤتھ ایشین ٹرمینل پر برتھنگ کے دوران پیش آیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دونوں جہازبرآمدی سامان لے کر برتھ کی طرف آرہے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔  

  • وزیر مملکت پورٹ اینڈ شپنگ کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    وزیر مملکت پورٹ اینڈ شپنگ کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    کراچی: وزیر مملکت برائے بندر گاہ و جہاز رانی چوہدری جعفر اقبال نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔

    پورٹ اینڈ شپنگ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر مملکت نے تکمیل شدہ منصوبوں کا بھی معائنہ کیا جن میں ازسر نو تعمیراتی گودیوں کے منصوبے، پاکستان انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل، ساؤتھ ایشیاء پاکستان کنٹینرز ٹرمینل، ٹگز، ڈریجرز، کے پی ٹی ورکشاپ اور ڈرائی ڈاک منوڑا شامل ہیں۔

    اس موقع پر وزیر مملکت نے اعلیٰ کارکردگی اور امور میں تیزی لانے پر زور دیا، مشکلات کو احسن طریقے سے حل کرنے کو سراہا اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل مشکلات کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    انہوں نے کراچی بندرگاہ کے آئل پیئرز کا بھی معائنہ کیا اور بعد ازاں بابا اور بھٹ جزیروں کا بھی دورہ کیا۔

    کے پی ٹی نے وزیر مملکت کو کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے صدر دفتر آمد پر کے پی ٹی کے تمام منصوبوں کی تفصیلات مہیا کیں اور انہیں ورلڈ بینک کے توسط سے جاری ای ایچ ایس منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی۔

  • کے پی ٹی میں‌ کروڑوں کی کرپشن، اعلیٰ افسران ملوث، انکشاف

    کے پی ٹی میں‌ کروڑوں کی کرپشن، اعلیٰ افسران ملوث، انکشاف

    کراچی : کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی 3 ارب روپے سے زائد رقم کی سرمایہ کاری میں مبینہ گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے ذمہ داران کے بارے میں تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام نے ادارے میں اربوں روہے سے زائد رقم کی سرمایہ کاری میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے سے رابطہ کرلیا۔

    کے پی ٹی حکام کی جانب سے لکھے گئے خط میں ایف آئی اے کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ادارے میں سرمایہ کاری کے لیے نیشنل بینک سے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈ مہنگے داموں خریدے گئے، علاوہ ازیں مارکیٹ ریٹ سے مہنگے داموں بانڈز کی خریداری بارے کے میں پی ٹی بورڈ کو بھی لاعلم رکھا گیا۔

    ذرائع کے مطابق 20 کروڑ روپے مالیت کے ٹریژری بلز کی خریداری بھی بورڈ کی اجازت کے بغیر کی گئی، خریدے گئے ٹی بلز کی رقم حبیب بینک کے پرائیوٹ اکاؤنٹ میں منتقلی کے بعد نکال لی گئی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حبیب بینک میں کھولے گئے اکاؤنٹ کے بارے میں بھی کے پی ٹی حکام کو لاعلم رکھا گیا، اربوں کے گھپلوں میں مبینہ طور پر اس وقت کے چیف اکاؤنٹ آفیسراور جی ایم فنانس ملوث ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گھپلے قومی بینک کے ٹریژری ڈپارٹمنٹ کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے کیے گئے۔