Tag: karachi Rain

  • کراچی : گجر نالے سے دو لاشیں مل گئیں، تیسری کی تلاش جاری

    کراچی : گجر نالے سے دو لاشیں مل گئیں، تیسری کی تلاش جاری

    کراچی : گجر نالے میں گزشتہ روز ڈوبنے والے3افراد میں سے دو کی لاشیں نکال لی گئیں،امدادی رضاکاروں کی تیسری لاش کی تلاش کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش کے دوران گجر نالے میں ڈوبنے والے تین افراد میں سے دو کی لاشیں مل گئیں، تیسرے شخص کی تلاش جاری ہے۔

    اس حوالے سے ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ نکالی گئی دو لاشوں کی شناخت بلال اور ناصر کے نام سے ہوئی ہے، ناصر کا بھائی تاحال لاپتہ ہے، نالے کے قریب ہی ان کی پنکچرکی دکان تھی۔

    گزشتہ روز متوفی ناصر بیٹے اور بھائی کے ہمراہ بارش کے دوران دکان کو محفوظ بنارہا تھا، اچانک سے آنے والا پانی کا ریلا تینوں افراد کوبہا کر لے گیا تھا۔

    امدادی ٹیموں کے مطابق برساتی ریلے میں لاپتا ہونے والوں کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے، ڈوبنے والوں میں باپ، بیٹا اور چچا شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں جمعہ کے روز ہونے والی بارش کے بعد دوسرے روز ہفتہ کو بھی بيشتر مقامات پر نکاسی کا کام مکمل نہيں ہوسکا، جس کے باعث ٹريفک کی روانی متاثر ہے۔

    شادمان ميں پانی اپارٹمنٹس ميں داخل ہونے کے بعد مکين جان بچانے کے ليے چھتوں پر چڑھ گئے۔ جب کہ گجر نالہ بپھرنے پر نالے کا پانی ایف سی ایریا کے سرکاری مکانات میں داخل ہوگیا تو کئی خاندان مسجد میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

  • برسات میں لوگوں کے گھر اور سامان سب تباہ ہوگیا، سندھ ہائیکورٹ برہم

    برسات میں لوگوں کے گھر اور سامان سب تباہ ہوگیا، سندھ ہائیکورٹ برہم

    کراچی: ضلع وسطی سے کچرا نہ اٹھانے اور برسات کے بعد نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں پر برہم ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کی صورت حال سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے ڈائریکٹر کے ایم سی اور میئر کراچی کے دفتر سے ذمہ دار افسر کو فوری طور پر طلب کرلیا۔

    جسٹس خادم حسین شیخ نے کہا کہ کچرے کی وجہ سے برسات میں کراچی کا ڈوبنا بڑا المیہ ہے کسی کو احساس ہی نہیں، ہر طرف غیر قانونی تعمیرات اور کچرا نہ اٹھانے کی وجہ سے کراچی ڈوبا، ہر ادارہ دوسرے پر ذمہ داری ڈالتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگ گھروں سے اپنے بچوں کو نہیں نکال پارہے تھے، برسات میں لوگوں کے گھر اور سامان سب تباہ ہوگیا۔ عدالت نے صوبائی حکومت سے استفسارکیا کہ آلائشوں کو عید قرباں پر ٹھکانے لگانے کے لیے کیا بندو بست کیا گیا ہے؟۔

    سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ضلع وسطی سے کچرا اٹھانے کی ذمہ داری کے ایم سی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ہے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جھوٹ بولا جارہا ہے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو کچرا اٹھانے کی ذمہ داری نہیں دی گئی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں مون سون کے تیسرے اسپیل کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 10 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا تھا۔

  • کراچی بارش : پانی سڑکوں پر موجود، بجلی بھی بحال نہ ہوسکی

    کراچی بارش : پانی سڑکوں پر موجود، بجلی بھی بحال نہ ہوسکی

    کراچی : گزشتہ روز بارش کے بعد مختلف علاقوں اور اہم شاہراہوں سے برساتی پانی کی نکاسی تاحال نہیں کی جاسکی، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ شام ہونے والی بارش کے بعد برساتی پانی علاقوں اور سڑکوں سے تاحال نہیں نکالا جاسکا، جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،

    کراچی کے جن علاقوں اور اہم سڑکوں پر گزشتہ روز ہونے والی بارش کا پانی تاحال موجود ہے ان میں کورنگی کراسنگ ، لانڈھی ، قیوم آباد بھی شامل جہاں صورتحال بہت خراب ہے جبکہ محمود آباد ، پولوگراؤنڈ چورنگی، تبت سینٹر کےاطراف بھی پانی موجود ہے۔

    اس کے علاوہ ایم پی اے ہاسٹل کی قریبی سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ کے قریب جگہ جگہ پانی جمع ہے، بارش کے 12گھنٹے بعد بھی مختلف علاقوں سے پانی نہیں نکالا جاسکا، کھارادر اور دیگرعلاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی تاحال نہیں کی گئی۔

    دوسری جانب کراچی کی سب سے بڑی شاہراہ شارع فیصل پر جمع ہونے والے بارش کے پانی کی نکاسی کردی گئی ہے، جناح اسپتال میں داخل ہونے والا بارش کا پانی بھی نکال دیا گیا۔

    اس کے علاوہ شہر ٓکے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی بند ہونے والی بجلی تاحال بحال نہ ہوسکی، بیشترعلاقوں میں بجلی کی فراہمی 15 گھنٹے سےمعطل ہے، ڈیفنس، کورنگی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔

     مزید پڑھیں : پانی گھروں میں داخل، کرنٹ لگنے سے دو جاں بحق

    کیماڑی ،سرجانی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں لوگ رات بھر سے بجلی کے انتظار میں بیٹھے ہیں، محمود آباد،، پی ای سی ایچ ایس کے علاقوں میں بھی بجلی بند رہی، ملیر سٹی میں اسوان ٹاؤن، گلشن رفیع میں بجلی بند ہے، جامعہ ملیہ اور اطراف میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، بجلی غائب

    کراچی کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، بجلی غائب

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر بادل گرج چمک کے ساتھ برسے، تیزہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہفتے کی رات شروع ہونے والی بارش کے بعد مختلف علاقے بجلی سے محروم ہوگئی، کلفٹن، ڈیفنس، کورنگی، ملیر، لانڈھی اوردیگرعلاقوں میں بارش کے بعد بجلی معطل ہوگئی۔

    کئی سڑکوں پر پانی کھڑا ہے، اس کے علاوہ کئی علاقوں میں گٹر ابل پڑے، شارع فیصل اور اس کے اطراف بھی موسلادھار بارش ہوئی۔

    اخترکالونی، منظورکالونی، کلفٹن کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہے، کورنگی سیکٹر31 اے کورنگی کراسنگ اطراف بجلی بند ہوگئی

    مزید پڑھیں: کراچی کا ساحل اور آبی حیات آلودگی کی زد میں، سیکڑوں مچھلیاں مر گئیں

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا موجودہ سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوا تھا، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق تیزبارش کاسلسلہ وقفے وقفے سےعلی الصبح تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹے تک جاری رہے گا۔

  • کراچی میں متوقع بارشیں : ایئر پورٹ پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری

    کراچی میں متوقع بارشیں : ایئر پورٹ پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری

    کراچی : محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے دو روز کے دوران تیز بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کارگو کمپلیکس پر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔

    کراچی میں ممکنہ بارشوں کے حوالے سے کارگو ہینڈلنگ اور ائرلائن انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دی گئیں ہیں جس میں سول ایوی ایشن انتظامیہ نے کہا ہے کہ ممکنہ بارشوں کے دوران متاثر ہونے والے سامان کی منتقلی کو یقینی بناتے ہوئے کارگو کمپلیکس میں پلاسٹک شیٹس، ترپال اور پانی کے رساؤ کے لیے دیگر انتظامات کیے جائیں۔

    اس کے علاوہ درآمد و برآمد ہونے والی کروڑوں روپے کی اشیا کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کو ممکن بنائیں۔

    سول ایوی ایشن انتظامیہ کے مطابق بارشوں کے سبب کراچی ایئرپورٹ پر بھی حفاظتی اقدامات کو ممکن بنادیا گیا، تیز ہوائیں چلنے کے پیش نظر چھوٹے طیاروں کو وزن باندھ دیا گیا۔

    جہازوں کے ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران کپتانوں کو احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، فائر بریگیڈ اور دیگر عملے کو بارشوں کے دوران مستعد رہنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے۔

  • پاک سری لنکا پہلا ون ڈے میچ بارش کے سبب منسوخ

    پاک سری لنکا پہلا ون ڈے میچ بارش کے سبب منسوخ

    کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ پاکستان اور سری لنکا کا کرکٹ میچ تیز بارش سے گراؤنڈ میں پانی کھڑا ہوجانے کے سبب منسوخ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ہونے والی تیز بارش سے جمع ہونے والے پانی کے خشک نہ ہونے کےامکانات دیکھ کر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک سری لنکا میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پی سی بی کے مطابق تیز بارش کے سبب ٹاس بھی نہیں ہو سکا ہے اور آؤٹ فیلڈ بھی گیلی ہے جس کے سبب میچ منسوخ کیا گیا۔ کچھ دیر قبل تک پی سی بی کا ارادہ تھا کہ رات ساڑھے آٹھ بجے تک بھی میچ کے امکانات ہوئے تو ون ڈے میچ کو ٹی ٹوئنٹی میں تبدیل کردیا جائے گا۔

    امپائرز نے کچھ دیر قبل گراؤنڈ کا جائز ہ لیا جہاں تیز بارش کے سبب پانی جمع ہے اور اطراف بھی پانی سے لبریز ہیں، ان عوامل کے سبب میچ کو منسوخ کرتے ہی بنی اور شائقین کرکٹ کو مایوس ہی گھر لوٹنا پڑا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے شائقین کو میچ ٹکٹ کے پیسے واپس کرد یے جائیں گے کیونکہ دوسرا ون ڈے میچ انتیس ستمبر کو شیڈول ہے اور بیچ میں میچ کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائےگا۔

    ون ڈے سیریز کے تینوں میچز کراچی میں ہی شیڈول ہیں اور تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ منعقد ہونا ہیں۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوگا۔تینوں ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے اور تینوں میچز نائٹ ہوں گے۔

  • کراچی : بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    کراچی : بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات، نیپرا کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

    کراچی : حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے، نیپرا نے کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے شہر قائد میں ہونے والی حالیہ بارشوں میں بجلی کی بندش پر کے الیکٹرک کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

    بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات سے متعلق نیپرا نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی رپورٹ کے مطابق کرنٹ لگنے کے35میں سے19واقعات کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے۔

    اس کے علاوہ شہر قائد میں بارش کے بعد شہر میں بجلی کی عدم فراہمی کا ذمہ دار بھی کے الیکٹرک ہے، رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نیپراحکام کے الیکٹرک کیخلاف1997کے قواعد کے مطابق قانونی کارروائی کرے گا۔

    اس حوالے سے نیپرا نے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا، بارشوں میں بجلی کی طویل بندش بھی کے الیکٹرک کی نااہلی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کی وضاحت 

    دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک اس حوالے سے کہا ہے کہ نیپرا کے نوٹس کا جائزہ لے کر جواب جمع کرادیا جائے گا، کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے تنصیبات متاثر ہوئیں۔
    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کے ناجائز کنڈوں اور ارتھنگ وائرز کی چوری کی وجہ سے حفاظتی اقدامات غیر مؤثر ہوجاتے ہیں،
    حادثات کی بڑی وجہ اسٹریٹ لائٹ سوئچز کا غیرمحفوظ استعمال بھی ہے،

    مزید پڑھیں : کرنٹ لگنے سے اموات ، کے الیکٹرک کی غفلت پر نیپرا کا ایکشن

    یاد رہے کراچی میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی اور دو ہفتے میں تقریبا 33 کے قریب افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے تھے ، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جس کے بعد اب تک کے الیکٹرک کیخلاف رجسٹرڈ ہونے والے کیسز کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہیں۔

  • کراچی میں بارش : پی آئی اے کا فضائی آپریشن شدید متاثر، متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

    کراچی میں بارش : پی آئی اے کا فضائی آپریشن شدید متاثر، متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

    کراچی : بارش کے بعد کراچی ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن میں تبدیلی کردی گئی، پروازوں کا رخ ہنگامی طور پر دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا، بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متعدد پروازوں کا رخ دوسرے ایئرپورٹس کی طرف موڑدیا۔

    اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے309 کو لاہور کی جانب موڑدیا گیا۔

    اس کے علاوہ کوئٹہ سے کراچی آنے والی پرواز پی کے311 کو آدھے راستے سے ہی واپس کوئٹہ اترنے کی ہدایت جاری کی گئی جبکہ لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے305 بھی آدھے راستے سے لاہور واپس راوانہ کردی گئی۔

    اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 213 تاخیر کا شکار ہے اور کراچی سے بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں بھی تاخیر سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گی۔

    علاوہ ازیں کراچی میں تیزبارش کے باعث کراچی ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج کی چھتیں ٹپکنے لگیں، ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ کے دوسرےحصوں سے بھی پانی ٹپکنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں، لاؤنج میں پانی روکنے کیلئے صفائی ستھرائی کا عملہ حرکت میں آگیا۔

  • بارش کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل، 417 فیڈر ٹرپ

    بارش کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل، 417 فیڈر ٹرپ

    کراچی : شہر قائد میں شروع ہونے والی بارشوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی، بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے    417فیڈرٹرپ ہوگئے، تاحال بجلی کو بحال نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شروع ہونے والی بارشوں نے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا، کے الیکٹرک کے 417فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔

    حالیہ بارش کے بعد کراچی کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے الیکٹرک نے بارشوں میں نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے بارش کے شروع ہوتے ہی اپنے200 سے زائد فیڈر بند کردیئے تھے۔

    اس حوالے سے کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ نے شہریوں کو کرنٹ سے محفوظ رکھنے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے، جس کے تحت کے الیکٹرک نے ٹرانسمیشن لائن میں ارتھنگ سسٹم بہتر کرنے کیلئے فیڈرز بند کیے۔

    کراچی میں بارش کے بعد جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کی گئی ہے ان میں سرجانی ٹاؤن، تیسرٹاؤن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ڈیفنس، سولجربازار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ لانڈھی، کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، کھوکھرا پار، ماڑی پور، کیماڑی، بلدیہ، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، گڈاپ، گلشن معمار، گلشن حدید اور اطراف کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے شکایتی نمبر پر بجلی کی بحالی کا کوئی وقت نہیں بتایا جارہا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایف بی ایریا بلاک ون، شریف آباد میں پی ایم ٹی دھماکے سے ٹرپ کرگئی، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، گلشن اقبال۔ گلستان جوہر میں بجلی معطل ہوگئی۔

    اس کے علاوہ اسٹار گیٹ، موریہ خان گوٹھ، وائرلیس گیٹ، الفلاح ماڈل کالونی، کاظم آباد سوسائٹی، پی آئی اے سوسائٹی، نارتھ کراچی، بفرزون، شادمان ٹاؤن، گلبہار رضویہ سوسائٹی میں بجلی بند ہونے کی اطلاعات ہیں، اس کے علاوہ صدر پریڈی اسٹریٹ، ریگل اور اکبرروڈ پر کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

  • کراچی سمیت سندھ میں کل سے دو دن کیلئے بارش کی پیش گوئی

    کراچی سمیت سندھ میں کل سے دو دن کیلئے بارش کی پیش گوئی

    اسلام آباد / کراچی : دارالخلافہ اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں بارش سے موسم سہانا ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں اٹھائیس اور انتیس اگست کو بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیا ت نے کراچی میں پھر بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا بھارت اور بنگال کی جانب سے مون سون کا نیا سسٹم کراچی میں داخل ہونے والا ہے۔

    سسٹم 28 اگست کو کراچی پہنچے گا۔ ملک کے مختلف شہروں میں کہیں بارش تو کہیں بادل برسنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔

    اسلام آباد میں بادل کھل کر برسے ابر رحمت سے درخت اور پودے بھی نکھر گئے۔ جس کے بعد موسم دلفریب ہوگیا، راولپنڈی میں کالی گھٹائیں جم کر برسیں جس سے جل تھل ایک ہو گیا۔

    تیز بارشوں کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، نشیبی علاقوں میں پانی بھرگیا۔ لاہور پر بادلوں کا بسيرا ہے اور سب بارش کے منتظر ہيں۔

    محکمہ موسمیات نے جلد بادلوں کے برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی میں بھی موسم ابر آلود ہے محکمہ موسمیات کے مطابق بھارت اور بنگال کی جانب سے مون سون کا نیا سسٹم کراچی میں داخل ہونے والا ہے، یہ سسٹم اٹھائیس اور انتیس اگست کو بارش برسائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم28 کی شام سے 29 اگست تک بارش برسائے گا، شہر میں 30 سے40 ملی میٹر ۔

    تک بارش کا امکان ہے، 28 اگست تک موسم ابر آلود رہے گا اور دن اور رات میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔
    یاد رہے کہ اس سے قبل ہونے والی بارش نے کراچی کا نظام درہم برہم کردیا تھا جبکہ بارش کے دوران کے الیکٹرک کی نااہلی اورغفلت تینتیس افراد کو موت کی نیند سلا چکی ہے۔