Tag: karachi rangers

  • احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

    احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

    کراچی: احتجاج کے دوران سرکاری املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے سمیت ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی بن قاسم ٹاؤن میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے احتجاج کے دوران سرکاری املاک و گاڑیوں کو نقصان پہنچانے میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں گلاب، غلام علی، ناظم علی، محمد عمر شر اور عبدالطیف شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے موبائل سے ملکی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے ثبوت ملے ہیں اور ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

    گرفتار ملزمان کو مزید کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-girl-kidnapping-drama/

    دوسری جانب کراچی میں بلال کالونی پولیس کے ہاتھوں مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار بھتہ خور وصی لاکھو اور صمد کا ٹھیاواری سے نکلا۔

    ملزمان تاجروں دکانداروں بلڈرز، حضرات کو صمد کا ٹھیاواری کے حکم پر بھتہ کی پرچیاں، دھمکی آمیز کال سمیت فائرنگ کرنے میں ملوث ہیں۔

    ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق ملزمان کا گروہ نیو کراچی 5 نمبر پر بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کر کے دوکانداروں کو قتل و زخمی کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں

  • ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان گرفتار، تفتیش کے دوران اہم انکشافات

    ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان گرفتار، تفتیش کے دوران اہم انکشافات

    کراچی: پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے  انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ اور ضلع ایسٹ پولیس نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ اور گلشن معمار گڈاپ ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے طابق گرفتار ملزمان میں جواد علی عرف جاوید عرف فرحان، سجاد علی عرف جانی، رب نواز عرف ربو اور عابد علی عرف فہد بنگالی شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔

      ترجمان رینجرز کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ چار مختلف گروہ آپس میں مل کر ڈکیتیوں، موٹر سائکلیں چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور اپنے اپنے گروہ بھی چلا رہے ہیں۔

    ملزمان نے اعتراف کیا کہ یہ چاروں گروہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گڈاپ ٹاؤن اور گلشن معمار کے علاوہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی 400 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    ترجمان  کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر 12 تا 15شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے، گرفتار ملزمان ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران موبائل فون اور نقدی چھیننے کے علاوہ 250سے زائد موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری کر کے ساکران بلوچستان میں بیچنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

     ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان عادی مجرم ہیں اور ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 19 سے زائد ایف آئی آرز درج ہیں، گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کیلئے ضلع ایسٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ کے انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

    رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ کے انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث لیاری گینگ کے انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں فرحان عرف انڈین، سلمان عرف ملا عرف یاسین، محمد حارث عرف کلی شامل ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری گروپ سے ہے، گرفتار ملزمان بھتہ وصولی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں، ملزمان سے وارداتوں میں استعمال اسلحہ وایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ فرحان عرف انڈین 2011 میں لیاری گینگ وار وصلی اللہ لاکھو گروپ میں شامل ہوا، ملزم کا بھتہ وصولی، 30 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر چکا ہے۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا کہ فرحان عرف انڈین 2013 میں گرفتار ہو کر جیل گیا، ملزم کو اے ٹی سی سے 19 سال اور سیشن کورٹ سے 15 سال قید ہوئی تھی تاہم ہائیکورٹ نے سزا کو کالعدم قرار دے کر ملزم کو بری کر دیا تھا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم 2024 میں ایاز زہری اور ارسلان پٹنی گروپ میں شامل ہوا، ملزم بھتہ وصولی اور بلڈرز کی زیر تعمیر عمارتوں کی ریکی کر کے نمبر زگینگ وار کمانڈر کو دیتا رہا،  ملزم کا ساتھی معین عرف کٹا بھتہ وصولی میں اسلحہ وایمونیشن پہنچانے میں ملوث رہا ہے، ملزم 24 جون کو ساتھی کیساتھ زیر تعمیر عمارت پنجابی کلب کھارادر پر فائرنگ کرنے گیا اپنے ساتھی ریحان عرف آکاش کی گرفتاری کے بعد فرار ہوگیا تھا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ سلمان عرف ملا عرف یاسین 2014 میں مذہبی جماعت میں شامل ہوا، عبد الصمد عرف فرحان کیساتھ مل کر مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا، سلمان عرف ملا عرف یاسین  نے کھارادر میں فائرنگ کیلئے اپنی موٹر سائیکل دی تھی، موٹر سائیکل ریحان عرف آکاش کی گرفتاری کے دوران پکڑی گئی تھی۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق حارث عرف کلی، عبدالصمد عرف فرحان کے فرنٹ مین یوسف عرف موٹا کے گروپ میں شامل ہوا، یوسف عرف موٹا، فرحان عرف جھاڑی اور حمزہ قریشی کیساتھ بھتہ وصولی میں ملوث رہا، 5 مختلف مقامات پر فائرنگ کرنے اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ریکی، منصوبہ بندی میں ملوث رہا، گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • اشتہاری نوسر باز ساتھیوں سمیت گرفتار، آرمی افسر کا جعلی کارڈ اور جعلی نمبر پلیٹ بنا رکھی تھی

    اشتہاری نوسر باز ساتھیوں سمیت گرفتار، آرمی افسر کا جعلی کارڈ اور جعلی نمبر پلیٹ بنا رکھی تھی

    کراچی: رینجرز اور پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران انتہائی مطلوب اشتہاری نوسر باز کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے سہراب گوٹھ میں اسنیپ چیکنگ کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ڈبل کیبن گاڑی کو روکا، ترجمان نے بتایا کہ اس دوران انتہائی مطلوب اشتہاری نوسر باز ساجد علی تنیو کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزمان سے سبز رنگ کی جعلی نمبر پلیٹ لگی ڈبل کیبن گاڑی برآمد کی جبکہ ملزم نے اظہار حسین قریشی کے نام کا آرمی افسر کا جعلی کارڈ بنا رکھا تھا، ملزم سے جعلی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کارڈ بھی برآمد ہوا۔

    ترجمان رینجرز نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم سے جعلی شناختی کارڈ، ایف آئی اے کے جعلی خطوط، منیجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈ کے نام سے مختلف جعلی این او سیز اور مختلف بینکوں کے متعدد اے ٹی ایم کارڈز بھی برآمد کرلیے گئے۔

  • رینجرز نے کراچی میں اسنیپ چیکنگ روک دی

    رینجرز نے کراچی میں اسنیپ چیکنگ روک دی

    کراچی : رینجرز نے کراچی میں اسنیپ چیکنگ روک دی، تجاوزات کے خلاف مہم میں سیکیورٹی دینے سے بھی معذرت کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی آنے جانے کے راستوں پر چیکنگ روک دی، اب کسی گاڑی کو رینجرز اہلکار روک کر چیک نہیں کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اختیارات کے معاملے میں تاخیر پر رینجرز کی جانب سے اسنیپ چیکنگ روکی گئی، اہم تنصیبات پر تعینات رینجرز اہلکاروں کو بھی جلد واپس بلالیا جائے گا جبکہ رینجرز نے تجاوزات ہٹانے کے کام میں سیکیورٹی دینے سے بھی معذرت کرلی ہے۔

    سندھ کے وزیر بلدیات نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو ہدایت جاری کی تھی کہ گجر نالے پر صفائی کاکام تیز کیا جائے، ضرورت ہو تو رینجرز اور پولیس سے بھی مدد لی لیں، رینجرز ذرائع نے وزیر بلدیات سندھ کے اس حکم کو رینجرز کے دائر اختیار سے بالاتر قرار دیدیا ہے۔

    رینجرز ذرائع نے کہا کہ یہ کام رینجرز کے زمرے اختیار میں نہیں آتا۔

    سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع نہ ہونے کے باعث کراچی آپریشن کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، وزیر داخلہ سندھ نے رینجرز اختیارات کے معاملے سے لاعلمی ظاہر کردی۔

    مزید پڑھیں : مقررہ وقت گزرگیا، رینجرزکواختیارات میں توسیع نہ مل سکی

    یاد رہے کہ سندھ میں رینجرز کے قیام میں توسیع اور خصوصی اختیارات کا معاملہ حل نہیں ہوسکا، وزیراعلیٰ سندھ نے سمری پر دستخط نہیں کیے اس کے بعد اختیارات 19 جولائی کی رات بارہ بجے ختم ہوگئے تھے، محکمہ داخلہ سندھ نے تین جولائی کو رینجرز کے اختیارات میں تین ماہ کے اضافے اور رینجرز کے صوبے میں قیام میں ایک سال کے اضافہ کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کی تھی۔

    واضح رہے کہ رینجرز کے اختیارات میں اضافہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کے بعد روک دیاگیا تھا ، وفاقی حکومت کی مداخلت اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد اختیارات ختم ہونے کے ایک ہفتے کے بعد رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی گئی تھی اور اس کا اطلاق ختم ہونے والی تاریخ سے کیا گیا تھا تاکہ ان اختیارات کو قانونی تحفظ دیا جاسکے۔

  • کراچی : رینجرز نے زبردستی کاروبار بند کرانے کی کوشش ناکام بنادی

    کراچی : رینجرز نے زبردستی کاروبار بند کرانے کی کوشش ناکام بنادی

    کراچی : ترجمان رینجرز کا کہنا کہ ہے تیئس مقامات پر زبردستی کاروباربند کرانے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے تیئس مقامات پر زبردستی کاروباربند کرانے کی کوشش ناکام بنادی، رینجرز کے مطابق زبردستی کاروبار بند کرانے کی اطلاع ہیلپ لائن پر دی گئی تھی۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ جمہوری حق دہشت کے زور پر حاصل نہیں کرنے دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے گھر رینجر کے محاصرے کے خلاف ایم کیو ایم احتجاج کر رہی ہے، رابطہ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج احتجاج کے طور پر اپنا کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں اور پرامن اندازمیں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

    دوسری جانب ڈی جی رینجرز کا کہنا ہے کہ آج کسی قسم کی ہڑتال نہیں ہوگی، شہری مکمل آزادی کے ساتھ کاروبار کھولیں، تحفظ دیا جائیگا۔

  • کراچی والے بھتہ خوروں سے ہوشیاررہیں،سندھ رینجرز

    کراچی والے بھتہ خوروں سے ہوشیاررہیں،سندھ رینجرز

    کراچی : سندھ رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں مختلف گروہ اور کچھ سیاسی جماعتوں کے اراکین عطیات کے نام پر بھتہ وصولی کررہے ہیں۔ عوام اور تاجر جبری عطیات نہ دیں۔

    رینجزر نے کراچی والوں سے ایک بار پھر بھتہ خوروں سے ہوشیار رہنے کو کہہ دیا ہے کیونکہ جبری عطیات کے نام پر بھتہ خوری نے پھر سے سر اٹھانا شروع کر دیا ہے.

    سندھ رینجرز نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھتہ خوروں میں شامل مختلف گروہ اورکچھ سیاسی جماعتوں کے اراکین کاروباری طبقے سے بھتہ وصول کرنے میں سرگرم ہیں ۔ ایسے عطیات اور چندہ اگر کوئی طلب کرے تو شہری وقت ضائع کئے بغیر رینجرز حکام کو ہیلپ لائن ڈبل ون زیرو ون پر بذریعہ کال یاایس ایم ایس اطلاع دیں.

    بھتے کی شکایت ملتے ہی رینجرز بھتہ خوروں کے خلاف کارروائی کرے گی کیونکہ بھتہ خوری جرم ہے جس کی سزا عمر قید ہے.

  • کراچی: ٹول پلازہ پراسکیننگ وہیکل سسٹم نصب کر دئیے گئے

    کراچی: ٹول پلازہ پراسکیننگ وہیکل سسٹم نصب کر دئیے گئے

    کراچی : رینجرز نے غیر قانونی اسلحے کی روک تھام کیلئے کراچی کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسکینگ مشینیں نصب کردیں، جس کی مدد سے منٹوں میں بڑے سے بڑے کنٹینکر کی مکمل تلاشی لی جاسکے گی۔

    شہر قائد میں دہشتگردی کیلئے غیر قانونی اسلحہ استعمال ہوتا رہا ہے، جس کی روک تھام کیلئے پاکستان رینجرز سندھ نے پہلے مرحلے میں کراچی کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسکینرز لگا دیئے، جس کی مدد سے شہر غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور ممنوعہ اشیاء کی ترسیل بند ہوسکے گی۔

    رینجرزکے کرنل کلیم کا کہنا ہے اسکیننگ وہیکل لگانے کا مقصد مشکوک چیزوں کی آمدورفت کو روکنا ہے، جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسکینرز کراچی کے بڑے داخلی و خارجی راستوں پر سسٹم نصب کئے گئے ہیں، جن کے ذریعے چیکنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ اسکینر وہیکل ہرقسم کے ٹرک اورکنٹینرکواسکین کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جدید سسٹم ٹائرز میں چھپی چیزوں کو بھی اسکین کرتا ہے، چین سےدرآمدکئے گئے اسکینگ وہیکل کو چار افراد آپریٹ کرتے ہیں۔

    رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ چھوٹی گاڑیوں اور دیگر خفیہ راستوں سے ممنوعہ اشیاء کے خلاف معمول کی کاروائیاں بھی جاری رہے گی۔

    ان اسکینرز کی تنصیب کے بعد چند ہی لمحوں میں بڑی سے بڑی گاڑی کے تمام حصوں اور خفیہ خانوں کو مکمل طور پر چیک کیا جاسکے گا اور مرحلہ وار صوبے بھر کے داخلی خارجی راستوں پر اسے ہی اسکینرز نصب کئے جائینگے۔

  • شہریوں نے غیر قانونی اسلحہ جمع کرانا شروع کردیا

    شہریوں نے غیر قانونی اسلحہ جمع کرانا شروع کردیا

    کراچی : رینجرز کی ہدایت پر کراچی کے شہریوں نے غیر قانونی اسلحہ جمع کرانا شروع کردیا۔

    رینجرز نے شہریوں کو ہدایت کی تھی غیر قانونی اسلحہ رینجرز کی چیک پوسٹوں میں جمع کرادیں، جس پر شہریوں نے غیر قانونی اسلحہ جمع کرانا شروع کردیا ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں4 ایم 16 رائفل، 5 ایس ایم جیز رینجرز مراکز پر جمع کرائی گئیں، ترجمان رینجرز کے مطابق 3ایل ایم جیز اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی جمع کرائی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے شہریوں کو غیر قانونی اسلحہ جمع کروانے کیلئے 9 دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں غیرقانونی اسلحہ استعمال ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا حال ہی میں کچھ ایسے اسلحہ ڈیلرز کیخلاف کارروائی کی گئی ہے جو غیر قانونی لائسنس بنانے اور ناجائز اسلحہ کی اسمگلنگ میں ملوث تھے، اسلئے شہری 30 اپریل تک تمام غیر قانونی اسلحہ جمع کروا دیں۔

    انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنا جرم ہے، جس پر 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ 30 اپریل کے بعد جعلی اسلحہ لائسنس اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔

  • کراچی:رینجرز کی جانب سے بیریئر ہٹانے کی مہلت ختم

    کراچی:رینجرز کی جانب سے بیریئر ہٹانے کی مہلت ختم

    کراچی: سڑکوں اور گلی محلوں سے بیریئر ہٹانے کیلئے رینجرز کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کی مدت ختم ہوگئی تاہم کئی علاقوں میں اب بھی بیریئر لگے ہوئے ہیں۔

    ڈی جی رینجرز نے کراچی کی سڑکوں اور گلی محلوں میں لگے بیریئر ہٹانے کیلئے باہترگھنٹے کی مہلت دی تھی جو ختم ہوگئی ہے، اس دوران شہر کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بیریئر ہٹا دیئے ہیں۔

    نارتھ ناظم آباد ، نارتھ کراچی ، پی ای سی ایچ ایس ، طارق روڈ ، گلشن اقبال اور گلستان جوہر کے علاقوں میں لوگوں نے بیریئر ہٹا دیئے ہیں۔ تاہم لوگوں نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں سے محفوظ رہنے کیلئے انھوں نے جو بیریئر لگائے تھے ان کے ہٹائے جانے سے اب وہ خود کو غیرمحفوظ تصور کرتے ہیں۔

    شہریوں نے رینجرز حکام سے کہا ہے کہ وہ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنائیں تو انھیں بیریئر ہٹانے پر کوئی تشویش نہیں ہوگی۔