Tag: Karachi road accident

  • کراچی میں بس شہریوں پر چڑھ دوڑی، 2 افراد جاں بحق

    کراچی میں بس شہریوں پر چڑھ دوڑی، 2 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا حبیب بینک چورنگی سے شیرشاہ جاتے ہوئے مسافر بس شہریوں پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں نادرا آفس کے قریب بس شہریوں پر چڑھ دوڑٰ جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ٹریفک حادثات بھی بڑھ گئے، 3 جاں بحق

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں ایک بس کا ڈرائیور اور دوسرا عام شہری ہے جو حادثے کے مقام پر کھڑا تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں کبھی بس کی حالت زار اور کبھی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی وجہ سے شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل یونیورسٹی روڈ پر بسوں نے ریس لگاتے ہوئے طالبات کو روند ڈالا تھا جس کے نتیجے میں تینوں طالبات موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی تھیں۔

  • کراچی، ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا

    کراچی، ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، مقتول سید معاذ حافظ قرآن اور ایم بی اے فائنل ایئر کا طالب علم تھا۔

    حادثے کے بعد مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے اور ڈمپر کو آگ لگادی، ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سید معاذ کی عمر 24 سال تھی اور آج مقتول کا ایم بی اے فائنل ایئر کا پیپر تھا۔

    اہلخانہ کا کہنا ہے کہ سید معاذ نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، موٹر سائیکل پر آفس جارہا تھا اور 2 ماہ بعد اس کی شادی طے تھی۔

    سید معاذ کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ آئے روز شہر میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے کچھ نہیں کیا جاتا جو ایک سوالیہ نشان ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال جون میں بھی لانڈھی میں ڈمپر کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہوگیا تھا، مشتعل افراد کی جانب سے ڈمپر کو آگ لگادی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں کراچی کے علاقے گھگھر پھاٹک کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔