Tag: Karachi Street Crimes

  • گلی میں لوٹ مار کے دوران لٹیرے نے خاتون پر فائر کر دیا، فوٹیج

    گلی میں لوٹ مار کے دوران لٹیرے نے خاتون پر فائر کر دیا، فوٹیج

    کراچی: شہر قائد میں دن دہاڑے گلیوں میں لوٹ مار کے دہشت ناک واقعات اب معمول بن چکے ہیں، پولیس کے دعوؤں کے برعکس شہری اپنی قیمتی اشیا ہی نہیں جانوں سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔

    کراچی کے علاقے محمود آباد کی ایک گلی میں لوٹ مار کا ایک دہشت ناک واقعہ اس وقت رونما ہوا جب لٹیرے نے واردات کے دوران ڈرانے کے لیے خاتون پر فائر کر دیا۔

    لوٹ مار کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی، جس میں محمود آباد میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں کو خاتون سمیت 2 افراد سے لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو گلی میں داخل ہوئے، اور موٹر سائیکل پر آنے والے ایک شہری سے لوٹ مار کرنے لگے، ایسے میں لٹیروں کا ایک ساتھی گلی سے گزرنے والی خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش کرنے لگا۔

    خاتون کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ڈاکو نے اس پر فائر کر دیا، تاہم خوش قسمتی سے خاتون گولی لگنے سے محفوظ رہی، اور اس دوران لٹیرے نے خاتون کا پرس چھینا اور ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو گیا۔

  • کراچی جرائم پیشہ افراد کے نرغے میں، ڈکیتی اور قتل کی وارداتیں

    کراچی جرائم پیشہ افراد کے نرغے میں، ڈکیتی اور قتل کی وارداتیں

    کراچی: شہر قائد کو جرائم پیشہ افراد نے نرغے میں لے لیا ہے، پولیس کے دعوؤں کے برعکس وارداتوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ بدستور جاری ہے، شہریوں کے جان و مال دونوں محفوظ نہیں رہے۔

    کراچی کے علاقے ایڈمن سوسائٹی اور فیوچر موڑ میں ڈکیتی کی وارداتیں ہوئی ہیں، فیوچر موڑ کے قریب ڈاکو ایل پی جی کی دکان سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے، جب کہ ایڈمن سوسائٹی میں کار لفٹر گاڑی چوری کر کے لے گئے۔

    اورنگی ٹاؤن میں شہری اور ڈاکو کے فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، گلشن معمار پولیس نے رہزنی میں ملوث 2 ملزم گرفتار کر لیے، جن سے رائفل، پستول اور نقدی برآمد ہوئی، ملزمان ناردرن بائی پاس کے کچے راستوں پر وارداتیں کرتے تھے۔

    دوسری طرف ڈیفنس فیز ایٹ میں اتفاقیہ پستول چل جانے سے سیکیورٹی گارڈ امجد شاہ جاں بحق ہو گیا، جب کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    قائد آباد اور ایڈمن سوسائٹی

    پولیس دعوؤں کے برعکس کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، قائدہ آباد میں ایل پی جی کی دکان کو لوٹ لیا گیا، ایڈمن سوسائٹی میں اسٹریٹ کریمنل گاڑی چوری کر کے فرار ہو گئے، پولیس کے مطابق قائد آباد کے علاقے میں 2 مسلح ڈکیتوں نے ایل پی جی سلنڈر کی دکان میں لوٹ مار کی واردات کی، مسلح افراد دکان میں موجود لوگوں سے رقم اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔

    ایڈمن سوسائٹی میں بھی گھر کے باہر کھڑی گاڑی کو چوری کر لیا گیا، دونوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    مومن آباد فرنٹیئر موڑ

    فائرنگ کا ایک واقعہ اورنگی ٹاؤن، مومن آباد فرنٹیئر موڑ کے قریب پیش آیا، پولیس کے مطابق مسلح افراد دوسرے شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، اس دوران شہری اور ڈکیتوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر بزرگ شہری نصیب زرین جان کی بازی ہار گیا۔

    پولیس کو موقع سے نائن ایم ایم گولیوں کے دو خول ملے ہیں، مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو کس کی گولیاں لگیں اس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

  • ویڈیو: لٹیروں نے تعاقب کے بعد دودھ کے تاجر کو بے رحمی سے گولی مار کر بھاری رقم چھین لی

    ویڈیو: لٹیروں نے تعاقب کے بعد دودھ کے تاجر کو بے رحمی سے گولی مار کر بھاری رقم چھین لی

    کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار اور شہری کو بے رحمی سے گولی مارنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر لٹیروں کی جنت بن چکا ہے، اسٹریٹ کریمنلز اطمینان سے وارداتیں کر کے فرار ہو جاتے ہیں، اور فوٹیجز ہونے کے باوجود کراچی پولیس جرائم پیشہ افراد اور وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام ہے۔

    تازہ واقعے میں کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر 12 مئی کو دودھ کے تاجر کو تعاقب کے بعد گولی مار کر 7 لاکھ روپے چھینے کی واردات کی گئی تھی، جس کی ایف آئی آر تیرہ مئی کو درج کی گئی۔

    مقدمے کے مطابق دودھ کا تاجر موٹر سائیکل پر ابوالحسن اصفہانی روڈ سے رقم کی ریکوری کے لیے نکلا تھا، جب وہ لیاقت آباد پہنچا تو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ رکا، جس پر لٹیروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔

    ایف آئی آر کے مطابق چلائی گئی گولی پہلے تاجر کی ٹانگ پر لگی اور پھر موٹر سائیکل کے ٹائر پر جا لگی، گولی لگنے سے وہ زخمی ہو گیا، لیکن اسی حالت میں وہ موٹر سائیکل بھگاتا رہا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کہ جب وہ سندھ گورنمنٹ اسپتال پہنچا تو سڑک پر گڑھے کے باعث اس کی موٹر سائیکل گر پڑی، اور وہ بھی گر گیا، اس دوران لٹیرے بھی پستول ہاتھ میں لیے پہنچ گئے۔

    ڈاکوؤں نے بائیک میں موجود 7 لاکھ روپے لیے، اور پھر ایک لٹیرے نے تاجر سے بھی اس کا موبائل فون چھین لیا، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والا بچہ اصلی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹ گیا

    نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والا بچہ اصلی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹ گیا

    کراچی: شہر قائد میں نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والا بچہ اصلی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر نے معصوم بچوں کو بھی نہیں چھوڑا، ایک واقعے میں نقلی پستول کے ساتھ تصویر بنانا بچوں کو مہنگا پڑ گیا۔

    گلستان جوہر بلاک 11 میں نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والے ایک بچے کو اصلی اسٹریٹ کرمنلز نے اصلی پستول کے ساتھ لوٹ لیا، واردات کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    ویڈیو میں بچوں کو گلی میں کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے، دو بڑے لڑکے اوپر سے پانی گرنے کی وجہ سے دوسری جانب چلے گئے، ایک بچہ بڑے میگزین والی نقلی پستول لے کر ساتھی کے ہمراہ سیڑھیوں کے پاس آیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑے بچے نے چھوٹے بچے کو فلمی اسٹائل سے کھڑا کیا، اور بچے کی ایک ٹانگ آگے کی اور پستول کو ٹھیک سے پکڑوایا۔

    تاہم، بڑا بچہ جیسے ہی تصویر بنانے لگا، اسی اثنا میں لٹیرے پیچھے سے آ گئے، لٹیرے کو دیکھتے ہی بچہ چونک گیا، سیدھے ہاتھ میں پستول پکڑے لٹیرے نے بچے سے موبائل فون چھین لیا۔

    چھوٹا بچہ ماجرا دیکھتے ہی دوسری جانب بھاگ کھڑا ہوا، جب کہ دونوں لٹیرے واردات کر کے بہ آسانی گلی سے فرار ہو گئے۔

  • ویڈیو: کراچی کی سڑک پر 30 سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات

    ویڈیو: کراچی کی سڑک پر 30 سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں کوئی کمی نہیں آئی، شہریوں سے چھینا جھپٹی کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل اسنیچنگ کی وارداتیں بھی عروج پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کراچی کے علاقے سعود آباد میں سڑک پر لٹیروں نے ایک شہری سے محض 30 سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی، اور فرار ہو گئے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، لٹیروں نے واردات میں شہری کو بالکل نئی موٹر سائیکل سے محروم کیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 کریمنلز نے چلتی موٹر سائیکل کو بیچ سڑک روک دیا۔

    فوٹیج کے مطابق 2 لٹیروں نے اتر کر شہری سے بیگ اور موٹر سائیکل چھینی، یہ واردات سعود آباد تھانے کی حدود ملت گارڈن میں گزشتہ روز پیش آئی ہے۔

  • 200 سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم امیر خان گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں سندھ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 200 سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم امیر خان گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس اور رینجرز نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کر کے قتل، اقدام قتل، اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں ملوث ملزم امیر خان کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم نے مئی 2022 میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن میں طاہر نامی شخص کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔

    ملزم نے دسمبر 2022 میں اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر عثمان نامی شخص کو فائرنگ کر کے قتل کا اعتراف کیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، فوٹیج میں ملزم کو پہچانا جا سکتا ہے۔

    ملزم نے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 200 سے زائد وارداتوں میں 400 سے زائد موبائل فون اور 10 لاکھ روپے سے زائد نقدی چھینی۔

    ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی سے اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ کیسے کریں؟ متعلقہ حکام نے سرجوڑ لیے

    کراچی : شہر قائد میں کافی عرصے سے لوٹ مار کا نہ رکنے والا سلسلہ تاحال جاری ہے اور مقامی پولیس اور ادارے اس صورتحال پر مکمل طور پر قابو پانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

    اسی تناظر کے پیش نظر کراچی کے مقتدر حلقوں ذمہ داران نے بھی صورتحال کو بھانپتے ہوئے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے معاملے پر مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن میں اہم مشاورت ہوئی ہے، جس میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف نئے قانون بنانے پر غور کیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرمنل کے لئے تفتیشی حوالہ اور فوری ضمانت پر رہائی نہ ہونے کے بل کی منظوری زیرغور ہے۔ ملاقات میں قانونی اصلاحاتی کمیٹی کے مختلف قوانین بھی زیر غور آئے۔

    اس موقع پر مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نئے قوانین میں عوام کی بہتری کو مدنظر رکھا جائے گا، پولیس حکام اور ماہرین قانون تمام پہلوؤں پر جائزہ لے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ تین کروڑ سے زائد آبادی والے شہر قائد کے باسی پھر سے ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں، شہر کراچی میں مسلح لٹیرے دندناتے پھرتے ہیں، بزرگ اور خواتین سمیت جس کو جہاں اور جب چاہتے ہیں لوٹ لیتے ہیں اور مزاحمت پر قتل کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔

    اس حوالے سے معاشی ماہرین موجودہ صورت حال اور سماجی ناہمواریوں کو بھی شہر میں بڑھتے جرائم کی اہم وجوہات قرار دیتے ہیں۔

  • شہری کو فیملی سمیت لوٹنے کے واقعے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد لٹیروں اور ڈکیتوں کی جنت بنتا جا رہا ہے، دن دہاڑے واردات کر کے لٹیرے اطمینان سے فرار ہو جاتے ہیں، اور کراچی پولیس کے اعلیٰ حکام بیانات جاری کر کے اطمینان سے بیٹھ جاتے ہیں۔

    کراچی پولیس حکام اور اے آر وائی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں 60 فی صد اسٹریٹ کرائمز کا تعلق نشے کے عادی افراد سے ہے، تاہم مختلف رہائشی علاقوں میں پولیس کی سرپرستی میں منشیات فروشی بھی جاری ہے اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بھی عروج پر ہیں۔

    چند دن قبل کراچی کے علاقے نیو ٹاؤن میں ایک واردات میں شہری کو ان کی فیملی سمیت دن دہاڑے لوٹ لیا گیا تھا، اس واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے، تاہم لٹیرے تاحال پولیس کی گرفت سے بچے ہوئے ہیں۔

    اب اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں لٹیروں کو اسلحے کے زور پر اطمینان سے لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، فیملی سے لوٹ مار کے دوران گلی میں عام افراد کو آتے جاتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    اس واقعے کی کاٹی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار 3 تین ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی، اور شہریوں سے موبائل فون، نقدی اور بیگ چھینا گیا جس میں اہم دستاویزات موجود تھیں۔

    ڈکیتی مزاحمت پر دکاندار قتل، رواں سال 105 افراد ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہوچکے

    واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے لٹیرے اسٹریٹ کرائمز کے دوران شہریوں کو بلاجھجھک گولی مار کر قتل بھی کر دیتے ہیں، لیکن پولیس حکام کی جانب سے کوئی خصوصی اقدامات تاحال دکھائی نہیں دیے ہیں۔

  • اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی واردات، ویڈیو بچے نہ دیکھیں

    اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی واردات، ویڈیو بچے نہ دیکھیں

    کراچی: شہر قائد میں اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی وارداتیں بدستور جاری ہیں، لانڈھی نمبر 4 میں ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹریٹ کریمنلز کی دیدہ دلیری کے آگے عوام کے ساتھ ساتھ پولیس بھی بے بس نظر آتی ہے، لانڈھی نمبر 4 زمان آباد میں ملزمان نے آسانی سے کئی افراد کو لوٹا اور فرار ہو گئے۔

    سی سی ٹی فوٹیج کے مطابق یہ واردات گزشتہ روز اتوار کو دن کے ڈیڑھ بجے ہوئی، موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے تعاقب کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو آگے آ کر راستے کے کنارے پر روک لیا، اور انھیں قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق اس مقام پر لٹیروں کے ہاتھوں کئی شہری لٹ چکے ہیں، حالیہ واردات میں لٹیروں نے ایک شہری سے اس کا بیگ بھی چھینا، جس میں لیپ ٹاپ اور قیمتی سامان موجود تھا۔

    لٹیروں نے شہریوں کو موبائل فونز، رقم اور دیگر قیمتی سامان سے بھی محروم کیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں، ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 لٹیروں کو لوٹ مار کرتے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔

    قیمتی سامان سے محروم ہونے کے بعد موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے شدید بے بسی کا اظہار کیا، محکمہ پولیس تاحال اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف کوئی جامع اور مؤثر پلان کے ساتھ نہیں آ سکا ہے، جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائم،7ملزمان گرفتار، قبرستان سے موٹرسائیکلیں مل گئیں

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم،7ملزمان گرفتار، قبرستان سے موٹرسائیکلیں مل گئیں

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں اور رواں سال کے آغاز سے اب تک وارداتوں میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔ موٹرسائیکل لفٹنگ، منشیات فروشی اور دیگر جرائم سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔

    کراچی کے علاقے شیرشاہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائیاں کرکے7ملزمان کو گرفتار کرلیا، مذکورہ ملزمان اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل لفٹنگ اور منشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل لفٹرز کے قبضے سے10موٹرسائیکلیں برآمد ہوئی ہیں، ملزمان نے یہ موٹرسائیکلیں پراچہ قبرستان میں چھپائی تھیں۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے 3اسٹریٹ کرمنلز سے چھینے گئے موبائل فون جبکہ منشیات فروشی میں ملوث ملزم سے ایک کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی ہے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال کی اسٹریٹ کرائمز میں اس سال اب تک کراچی کے شہری 41کروڑ سے زائد مالیت کی اشیاء سے محروم کردیے گئے،  یعنی صرف 14 ماہ میں پونے تین ارب روپے سے زائد کی اشیاء سےشہری محروم ہوئے۔

    کراچی میں دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ کا عفریت تھما تو اسٹریٹ کرائم جیسے قابو سے ہی باہر ہو گیا اور متفقہ طور پر شہر کا سب سے بڑا چیلنج اس وقت اسٹریٹ کرائم ہے۔

    گزشتہ سال 194گاڑیاں چھینی گئیں اور 1527چوری ہوئیں، چھینی گئی گاڑی کی کم سے کم قیمت 10لاکھ اور چوری کی گئی گاڑی کی اگر 3لاکھ تصور کر لی جائے تو صرف اس مد میں 67کروڑ 20 لاکھ سے زائد روپوں سے شہریوں کو محروم کردیا گیا۔