Tag: Karachi Visit

  • ڈی جی رینجرز کی کراچی میں سیکورٹی بڑھانے کی ہدایت

    کراچی : ڈی جی رینجرز سندھ (ہلال امتیاز ملٹری) نے رینجرز افسران کو ہدایت کی ہے کہ قائداعظم ڈے، کرسمس اور سال نو پر کراچی میں قیام امن کیلئے کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی رینجرز سندھ کی جانب سے کراچی کے تینوں زونز کا طویل دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمران دیگر سیئنر افسران بھی موجود تھے۔

    ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص (ہلال امتیاز ملٹری) نے کراچی کے حساس علاقوں کا بھی دورہ کیا، ان کا شہر کا یہ دورہ4 سے زائد گھنٹوں پر محیط رہا۔

    کراچی زونز کے سیکٹرکمانڈرز نے سیکیورٹی سے متعلق ڈی جی رینجرز سندھ کو تفصیلی بریفنگ دی, میجر جنرل اظہر وقاص نے قائداعظم ڈے، کرسمس اور سال نو پرسیکورٹی بڑھانے کےاحکامات دیئے۔

    اس کے علاوہ ڈی جی رینجرز نے مختلف علاقوں میں نفری بڑھانے کی ہدایات بھی دیں، انہوں نے شہر کی موجودہ صورتحال کے باعث دورہ کیا۔

  • کرونا کی تشویشناک صورت حال، مریم نواز کا دورہ کراچی سے متعلق اہم فیصلہ

    کرونا کی تشویشناک صورت حال، مریم نواز کا دورہ کراچی سے متعلق اہم فیصلہ

    لاہور: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے اپنا دورہ کراچی منسوخ کردیا ہے، کراچی کے دورے میں مریم نواز نے این اے 249 میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرنا تھا۔

    ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مریم نواز نے دورہ کراچی منسوخ کردیا ہے، مریم نواز نے کرونا سے عوام کی زندگی کو لاحق خطرات کے باعث اپنا دورہ کراچی منسوخ کیا۔

    ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام،کارکنان کی زندگیوں کےت حفظ،وبا سےبچاؤ کی خاطر یہ فیصلہ کیاگیا ہے، نائب صدر مسلم لیگ (ن) کچھ دیر بعد ایک پریس کانفرنس کرینگی، جس میں وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگی۔

    واضح رہے کہ مریم نواز کو شیڈول کے مطابق آج کراچی پہنچنا تھا، پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی پارٹی عہدیداروں سے بھی ملاقات طے تھی، کراچی پہنچنے پر مریم نواز کو حلقہ این اے 249 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کے گھر سے ریلی کے ہمراہ بلدیہ ٹاؤن جانا تھا، جہاں انہیں چاندنی چوک میں جلسے سے خطاب کرنا تھا۔

    ترجمان مریم نواز و نواز شریف محمد زبیر نے مریم نواز کے دورہ کراچی کے منسوخ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مریم نواز نےکراچی میں ایک بڑے جلسےسےخطاب کرناتھا، کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ان کا دورہ کراچی منسوخ ہوا ہے،کیونکہ ایسی صورت حال میں جلسہ کرنا مناسب نہیں ہے۔

    سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ این اے 249 پر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔

  • وزیر اعظم کا دورہ کراچی : فاروق ستار نے شہر کی ترقی کیلئے مطالبات پیش کردیئے

    وزیر اعظم کا دورہ کراچی : فاروق ستار نے شہر کی ترقی کیلئے مطالبات پیش کردیئے

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی30ہزار ارب ٹیکس دیتا ہے، اس کی ترقی کیلئے300ارب روپے ملنے چاہییں۔

    یہ بات انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے کراچی دورہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہی، جس میں ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ کراچی کی ترقی کیلئے وزیر اعظم کو مسودے کی صورت میں اہم مطالبات پیش کیے ہیں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ کراچی 30 ہزار ارب روپے ٹیکس دیتا ہے، اس کو ملنے والے 30ارب روپے اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہیں لہٰذا کراچی کو300ارب روپے ملنے چاہییں۔

    انہوں نے کہا کہ12سال سے کراچی والوں کو ایک بوند اضافی پانی نہیں ملا جس کی وجہ سے شہری پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں اس لیے کے فور منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی سرکلرریلوے گرین شروع کی جائے، کراچی کو بچائیں کراچی کو بنائیں اب نہیں تو کبھی نہیں، اون کراچی، سیو کراچی اور میک کراچی کے سلوگن پر عمل کرنا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی نے بالاخر ارباب اقتدار کی توجہ حاصل کرہی لی، اس کا کریڈٹ کراچی کی عوام کو جاتا ہے، شہر کی عوام نے مشکلات پر اتنا صبر کیا کہ وزیراعظم عمران خان کو کراچی آنا پڑا۔

    فاروق ستار نے مزید کہا کہ زبانی جمع خرچ اور لولی پاپ سے کچھ نہیں ہوگا، کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مسودہ وزیراعظم اور دیگر متعلقہ حکام کو بھیج دیا ہے۔

  • یہ سیاست کا نہیں بلکہ کراچی کیلئے کام کرنے کا وقت ہے، شہباز شریف

    یہ سیاست کا نہیں بلکہ کراچی کیلئے کام کرنے کا وقت ہے، شہباز شریف

    کراچی : مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیاست نہ کی گئی ہوتی تو آج سندھ اور کراچی کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، یہ سیاست کا نہیں بلکہ کام کرنے کا وقت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ میں اہلیان کراچی اور اندرون سندھ کے بہن بھائیوں سے تعزیت کیلئے آیاہوں، پورے پاکستان کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، سندھ میں تباہ شدہ گھر، سامان،، فصلوں کی تباہی پر امداد ملنی چاہیے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غریب اور امیر سیلاب کی تباہ کاریوں سے پریشان ہیں، سیاست نہ کی گئی ہوتی تو آج سندھ اور کراچی کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، ہم کراچی شہر کی روشنیوں کو بجھنے نہیں دیں گے، شہر قائد میں بھرپور طریقے سے ترقیاتی کام ہونے چاہئیں۔

    شہبازشریف نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے شہریوں سے اظہار ہمدردی کےلئے آئے ہیں،کراچی میں سیلاب سے تباہ کاریاں ہوئی ہیں،بارش کے باعث لوگوں کے اثاثے ڈوب گئے،ملک کومشکل حالات کا سامناہے اس لیے سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ جن لوگوں کے گھروں میں پانی بجلی نہیں ان کے مسائل حل کئےجائیں، جن لوگوں کے گھروں میں پانی بجلی نہیں ان کو تما م بنیادی ضروریات مہیا کی جائیں، یہ سیاست کا نہیں بلکہ کراچی کی ترقی کیلئے کام کرنے کا وقت ہے۔

  • شہباز شریف کراچی پہنچ گئے، زرداری اور بلاول سے اہم ملاقات کریں گے

    شہباز شریف کراچی پہنچ گئے، زرداری اور بلاول سے اہم ملاقات کریں گے

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کراچی پہنچ گئے ہیں، لیگی رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگزیب بھی شہبازشریف بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

    شہباز شریف کے کراچی کے ایک روزہ دورے کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، اس حوالے سے ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہبازشریف کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کریں گے۔

    بعد ازاں ملیر جاکر سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی کریں گے اورحالیہ بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب میں جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کریں گے۔

    مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف بلاول ہاؤس میں آصف زرداری کی مزاج پُرسی کریں گے اوربلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے اس موقع پر تینوں رہنماؤں کے درمیان قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔

    اپنے دورہ کراچی میں شہباز شریف ٹاور میں ایدھی سینٹر کے ہیڈ آفس کا دورہ کریں گے اور فیصل ایدھی سے ملاقات کریں گے اور بارش سے متاثرہ علاقوں کا بھی جائزہ لے کر عوام سے بات چیت کر کے ان کے مسائل بھی جانیں گے۔

    ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اپنے انتخابی حلقے این اے 249 کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے
    اور ناظم آباد کے شہریوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

    مزید پڑھیں : برسات کے بعد کراچی سیاست کا مرکز بن گیا، بڑی لیڈر شپ موجود

    واضح رہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد کراچی سیاست کا مرکز بن گیا ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو کراچی میں موجود ہیں اورت شہباز شریف بھی کراچی پہنچنے والے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی جمعہ کے روز کراچی کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی کے مستقبل سے متعلق بڑوں کی موجودگی میں بڑے فیصلے ہونے والے ہیں، کراچی میں ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کے لیے اسلام آباد اور کراچی میں صلاح مشورے جاری ہیں۔

  • موسم کی خرابی کے باعث وزیر اعظم کا دورہ کراچی منسوخ

    موسم کی خرابی کے باعث وزیر اعظم کا دورہ کراچی منسوخ

    اسلام آباد: خراب موسم کے باعث وزیر اعظم عمران خان کا دورہ کراچی منسوخ ہوگیا، شہر میں آج 5 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح شیڈول کے مطابق ہی ہوگا جن کا افتتاح وزیر اعظم نے کرنا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث وزیر اعظم عمران خان کا دورہ کراچی منسوخ ہوگیا تاہم کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت مکمل منصوبوں کا افتتاح طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ گورنر ہاؤس میں افتتاحی تقریب بھی اپنے پروگرام کے مطابق ہوگی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم افتتاحی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

    کراچی پیکج کے تحت آج افتتاح کیے جانے والے 5 میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح گورنر سندھ عمران اسماعیل اور مئیر کراچی وسیم اختر کریں گے۔ کراچی پیکج میں کے ڈی اے، فائیو اسٹار اور سخی حسن چورنگی پر فلائی اوورز کی منظوری دی گئی تھی۔

    تینوں چورنگیوں پر منصوبوں کا سنگ بنیاد گورنر سندھ اور میئرکراچی نے رکھا تھا، تاہم اس کا افتتاح وزیر اعظم نے کرنا تھا۔ وفاقی حکومت نے منصوبوں کی تعمیر کی ذمے داری سندھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی (ایس آئی ڈی سی ایل) کو دی تھی۔

    ایس آئی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ تینوں فلائی اوورز پر لاگت 2 ارب 40 کروڑ روپے آئی ہے، تینوں فلائی اوورز 3، 3 ٹریکس پر مشتمل ہیں۔ سرجانی سے لسبیلہ سگنل فری کوریڈور 17 کلو میٹر پر مشتمل ہے، سخی حسن فلائی اوور 700 میٹر اور فائیو اسٹار فلائی اوور 675 میٹر طویل ہے۔

    اسی طرح کے ڈی اے فلائی اوور 700 میٹر طویل ہے، فلائی اوورز کی تعمیر سے پہلے تمام یوٹیلیٹی لائنوں کی تبدیلی کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی فنڈنگ سے نشتر روڈ اور منگھو پیر روڈ فیز ون کی تعمیر بھی مکمل کی گئی ہے۔

    ایس آئی ڈی سی ایل کے مطابق منگھو پیر روڈ فیز ون 4 کلو میٹر کی سڑک پر 95 کروڑ لاگت آئی اور 7 کلو میٹر طویل نشتر روڈ پر 65 کروڑ لاگت آئی ہے۔ منصوبوں کے ارد گرد اضافی کام 6 سے 8 ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

    منصوبوں کا اعلان ستمبر 2018 میں گورنر سندھ کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا تھا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا 28 فروری کو کراچی کا دورہ متوقع

    وزیر اعظم عمران خان کا 28 فروری کو کراچی کا دورہ متوقع

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان 28 فروری کو ممکنہ طور پر کراچی کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 28 فروری کو ممکنہ طور پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

    وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کا اجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں ایس آئی ڈی سی ایل حکام جاری اور نئے منصوبوں پر بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ شہر کے 3 فلائی اوورز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے ان میں سخی حسن، فائیو اسٹار، اور کے ڈی اے چورنگی فلائی اوورز شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دو رویہ طویل شاہراہ کی تعمیر کے لیے فزیبلٹی کی تیاری شروع کردی گئی ہے اور وزیر اعظم کے ممکنہ دورے میں مجوزہ اسکیم کو منظوری کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ ماہ کراچی کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے سندھ کے لیے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کیا تھا۔

    وزیر اعظم سے جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا کی بھی ملاقات ہوئی تھی، بعد ازاں وزیر اعظم نے تقریب کے دوران نوجوانوں میں چیک تقسیم کیے تھے۔

  • لاڑکانہ کے مسائل بھی حل کروں گا، وزیراعظم نے اندرون سندھ کے دورہ کا اعلان کردیا

    لاڑکانہ کے مسائل بھی حل کروں گا، وزیراعظم نے اندرون سندھ کے دورہ کا اعلان کردیا

    کراچی : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاڑکانہ کے مسائل بھی حل کروں گا، وفاقی حکومت کا بھرپور تعاون جی ڈی اے کے ساتھ رہے گا, انہوں نے اندرون سندھ کے دورے کا بھی اعلان کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ پی ایس11سے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

    ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسمعیل ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر بحری امور سید علی زیدی، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، معاون خصوصی ندیم بابر اور ممبر قومی اسمبلی اسد عمر بھی موجود تھے۔

    ممبران نے وزیر اعظم کو اپنے حلقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے معظم عباسی کو لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب جیتنے پر مبارکباد دی۔

    وزیراعظم نے ان کو یقین دہانی کرائی کہ میں لاڑکانہ کے مسائل بھی حل کروں گا اور وفاقی حکومت کا بھرپور تعاون آپ کے ساتھ رہے گا۔

    معظم عباسی نے درخواست کی کہ لاڑکانہ کے صاف پانی کیلئے خصوصی پیکج دیں، وزیراعظم نے گورنر کو لاڑکانہ سے متعلق تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت دی۔

    ذرائع کے مطابق معظم عباسی نے وزیراعظم کو لاڑکانہ میں جلسے کی دعوت دی جس پر وزیراعظم نے جلد اندرون سندھ کا دورہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا، معظم عباسی نے کہا کہ وزیراعظم جب بھی لاڑکانہ آئیں گے ہم تاریخی استقبال کریں گے۔

    وزیراعظم نے پیشگوئی آئندہ تین سے چار ہفتے میں سیاسی موسم تبدیل ہوجائے گا، موسم جیسے ہی تبدیل ہوا میں لاڑکانہ آجاؤں گا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ اندرون سندھ کی تیاریاں مکمل کرکے حتمی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی۔ انہوں نے عمران خان سے کے الیکٹرک حیسکو، سیپکو کی شکایات کیں۔

    اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی غفلت سے حالیہ بارشوں میں کئی معصوم جانیں ضائع ہوئیں، اراکین اسمبلی نے وفاقی حکومت سے لواحقین کو معاوضہ دینے کی درخواست بھی کی۔

  • وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کل کراچی پہنچیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کل کراچی پہنچیں گے، دورے کے موقع پر گڈانی میں1320میگاواٹ پاورپلانٹ کا افتتاح اور پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی اور ایم کیو ایم اور جی ڈی اے ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورےپرکل کراچی پہنچیں گے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آپس میں اختلافات رکھنے والے پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی کو کل گورنر ہاؤس طلب کرلیا گیا ہے۔

    گورنرہاؤس میں دوپہر12بجے پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، اس موقع پر پارٹی رہنماؤں کے درمیان اختلافات زیر غور آئیں گے اور انہیں حل کرنے کیلئے ہدایات جاری کی جائیں گی۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم ) اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائینس (جی ڈی اے)ارکان بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم سے پی ایس11سے کامیاب ہونے والے امیدوار معظم عباسی ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ وہ کراچی میں تاجر برادری کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    کراچی آنے سے قبل وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے شہرحب جائیں گے، وہ کل گڈانی میں1320میگاواٹ پاورپلانٹ کا افتتاح بھی کریں گے، یہ پاور اسٹیشن چین کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کے آپس کے اختلافات تاحال ختم نہیں ہوسکے ہیں، اس سلسلے میں پارٹی کے مختلف گروپس کے رابطوں میں تیزی آگئی ہے۔

  • ایدھی، صابری اور حنیف محمد کے اہل خانہ وزیراعظم کی راہ تکتے رہ گئے

    ایدھی، صابری اور حنیف محمد کے اہل خانہ وزیراعظم کی راہ تکتے رہ گئے

    کراچی: وزیر اعظم نواز شریف شہر میں گھومتے رہے لیکن ایدھی، امجد صابری اور لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کے اہل خانہ کو بھول گئے ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف آج صبح ایک روزہ مصروف ترین دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے اہم شخصیات سے ملاقات کی، گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت سمیت نیوی وارشپ ٹینکر کا افتتاح کیا تاہم وہ اپنے دورے پر پوری طرح عمل کرنے سے گریزاں نظر آئے اور واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

    پڑھیں :  وزیراعظم نوازشریف نے وارشپ ٹینکر کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے شیڈول میں عبدالستار ایدھی اور امجد صابری کے اہل خانہ سے ملنے کی بھی خبر شامل تھیں تاہم اُن کی آمد پر ہردفعہ کی طرح اس بار بھی شہریوں کو ٹریفک کی اذیت سے گزرنا پڑا۔

    یہ بھی پڑھیں :  امجد صابری آہوں سسکیوں کے ساتھ سپردخاک

    وزیر اعظم نے دورہ کراچی میں پاکستان میں ریاست کی ذمے داریاں اپنے سر لینے والے سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی کے اہل خانہ وزیر اعظم نواز شریف نے اہل خانہ سے تعزیت تک نہیں کی، جبکہ وزیر اعظم ایدھی رہائش گاہ سے چند منٹ کی مسافت پر تقریب میں شریک بھی ہوئے۔

    مزید پڑھیں: کراچی: عبدالستار ایدھی قومی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک، ہر آنکھ اشک بار

    علاوہ ازیں نوازشریف نے کراچی میں بے دردی سے قتل کیے جانے والے معروف قوال امجد صابری کی رہائش گاہ بھی نہیں پہنچے جہاں مقتول کو اہل خانہ وزیر اعظم کی راہ تکتے رہ گئے، اس موقع پر امجد صابری کے بھائی نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے متوقع ملاقات کے حوالے سے کہا کہ ’’معلوم نہیں نوازشریف صاحب رہائش گاہ آئیں گے یا پھر ہمیں گورنر ہاؤس جانا ہوگا‘‘۔

    اسی طرح گزشتہ دنوں انتقال کرجانے والے لیجنڈ کرکٹر لٹل ماسٹر محمد حنیف کے اہل خانہ بھی وزیر اعظم کی توجہ سے محروم رہے۔

    یاد رہے معروف سماجی رہنماء کے انتقال کے وقت وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف اوپن ہارٹ سرجری کے بعد وطن واپس پہنچے تھے اور انہوں نے طبیعت ناسازی کے باعث لاہور سے کراچی سفر کرنے کا منع کرتے ہوئے نماز جنازہ میں شرکت کرنے سے معذرت کی تھی تاہم آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف نے نماز جنازہ میں شرکت کرکے عبدالستار ایدھی کو سیلیوٹ پیش کیا تھا۔