Tag: karachi Water Board

  • کراچی واٹر بورڈ وزیراعلیٰ سندھ کی نگرانی میں دینے کی تیاریاں

    کراچی واٹر بورڈ وزیراعلیٰ سندھ کی نگرانی میں دینے کی تیاریاں

    کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ختم کرکے کارپوریشن بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، نئے قانون کے لیے مسودہ اسٹینڈنگ کمیٹی کو ارسال کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمیٹی سے ایک ہفتے میں منظوری کے بعد مسودہ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور اسمبلی سے منظوری کے بعد ایکٹ لاگو ہوجائے گا۔

    مذکورہ قانون کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی واٹراینڈ سیوریج کارپوریشن کے انتظامی معاملات کے نگراں ہوں گے۔

    قانون پاس ہونے کے بعد چیئرمین اور ایم ڈی اہم فیصلے کرسکیں گے، کراچی واٹراینڈ سیوریج کارپوریشن ٹیرف میں اضافےکی مجاز ہوگی۔

    اطلاعات کے مطابق کراچی شہر میں نئے واٹر میٹر نصب کے جائیں گے، پرمٹ پر صنعتی فضلے کو سیوریج لائن میں شامل کیا جاسکے گا۔

    فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کو توڑنے پر بھاری جرمانے و سزا کا اطلاق ہوگا، غیرقانونی ہائیڈرنٹ کے قیام پر50 لاکھ جرمانہ اور 5سال قید کی سزا ہوگی۔

    اس کے علاوہ واٹراینڈ سیوریج بورڈ ٹریبونل قائم کیا جائے گا، کارپوریشن کی زمینوں، املاک پر قبضے اور میٹر توڑنے پر 10لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    تین ماہ قبل سندھ کابینہ نے اس ضمن میں قانون پاس کیا تھا اور قانون پاس ہونے سے قبل ہی بورڈ کو ختم کردیا گیا۔

  • خرم شیر زمان نے سندھ حکومت کو ملک کی سب سے بڑی مافیا قرار دے دیا

    خرم شیر زمان نے سندھ حکومت کو ملک کی سب سے بڑی مافیا قرار دے دیا

    کراچی : پی ٹی آئی رہنما رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ حکومت کو ملک کی سب سے بڑی مافیا قرار دیتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی نے شہرِ قائد کو لوٹنے کی قسم کا رکھی ہے،خرم شیر زمان اب عدالتوں میں جانا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے کراچی واٹر بورڈ کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا ، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا موجودہ نظام میں واٹر بورڈ ٹھیک نہیں ہوسکتا ، شہر میں پانی پر جھگڑے شروع ہوجائیں گے ، ہر گھر سے ٹیکس ملتا ہے اربوں روپے جانے کہاں جارہے ہیں۔

    خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں کیس کرنے پڑیں گے ، منہ دھونے کو پانی نہیں ،میں نےآج منہ بھی منرل واٹر سے منہ دھویا ، پیپلز پارٹی نے حلف اٹھایا کراچی کو کچھ نہیں دینا ، جب تک پیپلز پارٹی سے چھٹکارا نہیں ملے گا سندھ کا کچھ نہیں ہوسکتا۔

    جب تک پیپلز پارٹی سے چھٹکارا نہیں ملے گا سندھ کا کچھ نہیں ہوسکتا

    انھوں نے کہا کراچی میں تمام غیر قانونی سرگرمیوں کی نگراں سندھ حکومت ہے، پیپلز پارٹی نے شہرِ قائد کو لوٹنے کی قسم کا رکھی ہے۔

    اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان اور آفتاب صدیقی نے ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ سے ملاقات کی، ملاقات میں پانی چوری روکنے اور فراہمی آب کے منصوبوں سے متعلق گفتگو ہوئی۔

    آفتاب صدیقی نے کہا سیوریج کےمسائل اتنے ہیں کہ کراچی شام سے بھی بدتر ہوگیا، کراچی میں اپنے ووٹرز کو جواب دینامشکل ہوگیا ہے، لکھ کر دیں کام نہیں کرسکتے ہم اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں گے۔

    خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بنگلے بلاول ہاؤس کے قریب خرید لئے، بلاول ہاؤس میں نہ پانی کامسئلہ ہے نہ ہی سیوریج کا، جس پر ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ نے کہا بلاول ہاؤس میں بھی پانی ٹینکر سے جاتاہے اور وہ بل ادا کرتے ہیں۔

  • کراچی واٹر بورڈ کالونیوں میں غیرمتعلقہ افراد کی رہائش کا انکشاف

    کراچی واٹر بورڈ کالونیوں میں غیرمتعلقہ افراد کی رہائش کا انکشاف

    کراچی : واٹر بورڈ کی کالونیوں میں غیر متعلقہ افراد کی رہائش کا انکشاف ہوا ہے، ایم ڈی نے سرکاری مکانات کو کرائے پر دینے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ کراچی واٹر بورڈ ( کے ڈبلیو اینڈ ایس بی ) کی کالونیوں میں رہنے والے ملازمین نے سرکاری مکانات کرائے پر دے کر دوسری جگہ رہائش اختیار کرلی اور واٹر بورڈ کالونیوں میں غیر متعلقہ افراد رہائش پذیر ہوگئے ہیں۔

    اس حوالے سے ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید کا کہنا ہے کہ ان غیر متعلقہ افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کارروائی بلا امتیاز تمام کالونیوں میں کی جائے گی اور کارروائی کے دوران غیر متعلقہ افراد کو سرکاری مکانات ایک ہفتے میں خالی کرنے کی مہلت دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ غیر متعلقہ افراد اکو گھرکرائے پر دینے والے ملازمین کی تنخواہیں بھی روکی جائیں گی، سرکاری ملازمین کا یہ اقدام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور جو ملازمین ملوث پائے گئے ان کے خلاف بھرپور محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

    مصباح فرید نے مزید کہا کہ سرکاری مراعات کا غیر قانونی استعمال قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • کراچی واٹربورڈ کو حب ڈیم سے 25 ایم جی ڈی پانی لینے کی اجازت

    کراچی واٹربورڈ کو حب ڈیم سے 25 ایم جی ڈی پانی لینے کی اجازت

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ذاتی طور پر کوشش کرتے ہوئے کراچی واٹر بورڈ کو حب ڈیم جو کہ ڈیڈ لیول پر ہے وہاں سے 25 ایم جی ڈی پانی لینے کی اجازت دی ہے تاکہ کراچی میں پانی کی قلت کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے ۔

    یہ اجازت آئندہ  25 دنوں تک کے لیے ہوگی۔ اس امر کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں کراچی شہر میں پانی کے مسائل سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جنوبی سلیم راجپوت نے کہا کہ پانی کی قلت والے علاقوں مثلاً شیریں جناح کالونی، مچھر کالونی ، لیاری کے مختلف حصے اور دیگر علاقوں میں مفت ٹینکرز کی فراہمی جاری ہے۔

    ڈپٹی کمشنر شرقی نے کہا کہ ضلع شرقی میں 31یوسیز ہیں مگر پانی کی قلت صرف ایک یونین کونسل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلستان جوہر ، محمود آباد اور دیگر چند علاقوں میں ترقیاتی مسائل ہیں۔

     ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی فرید الدین نے کہا کہ ضلع غربی کے بعد سب سے زیادہ پانی کی قلت کے حوالے سے ان کا ضلع متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ضلع کی پانی کی ضروریات تقریباً 170ایم جی ڈی ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں صرف 65ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ اس وقت 100ٹینکرز روزانہ فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے روزانہ 50مزید ٹینکرز فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے احکامات جاری کئے۔

     ڈپٹی کمشنرضلع غربی آصف جمیل شیخ نے کہا کہ انکا ضلع پانی کی شدید قلت کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 315ٹینکر ز روزانہ تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 200ٹینکرز بلد یہ میں اور 100ٹینکر ز پاکستان رینجرز کے ذریعے تقسیم کئے جاتے ہیں۔

     ڈپٹی کمشنر آصف شیخ نے کہا کہ انہیں کچرے کو اٹھانے کے لئے مشینری کا بندوبست کیا ہے اور کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 90نالے ہیں جس میں سے 40چوک ہیں ہم نے ان کی صفائی کا کام بھی شروع کر دیا ہے اور امید ہے کہ رمضان کے دوسرے ہفتہ تک صورتحال مزید بہتر ہوجائیگی ۔

    کراچی واٹر بورڈ کے ظفر پلیجو نے بتایا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے دو ذرائع ہیں ایک دریاء سندھ اور دوسرا حب ڈیم- دریاء سندھ پر پاور فلکسچوئیشن کے مسائل ہیں اور حب ڈیم ڈیڈ لیول پرپہنچ چکا ہے۔