Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ

    کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ

    کراچی (20 اگست 2025): گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کے بعد ہونے والی تباہی کے بعد کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے شہر قائد کے بارش سے شدید متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت سے کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔

    فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات نے کراچی کو صوبے سے الگ کر کے رکھ دیاہے۔ اگر شہر کا کچرا صاف کر لیا جائے تو چالیس ملی میٹر گنجائش والے نالے بھی سارا پانی نکال سکتے ہیحں۔

    ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا صرف وزیراعظم کو فون کرنے سے ان کی ذمہ داری پوری نہیں ہوگی، ہم سے بھی رابطہ کرنا ہوگا۔

    ایم کیوایم پاکستان کا کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ ،، فاروق ستار نے کہاحکومتی اقدامات نے کراچی کو سندھ سے الگ کرکے رکھ دیا۔شہر کا کچرا صاف کرلیاجائے تو چالیس ملی میٹر کیپسٹی والے نالے ساراپانی نکال سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ کو فون کرنے سے وزیراعظم کی ذمے داری پوری نہیں ہوگی،، ہم سے بھی رابطہ کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کے دعوے کل کی بارش کیساتھ بہہ گئے۔ گزشتہ روز بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں نے رات سڑکوں پر گزاری۔ کراچی میں بارش کے دوران جن لوگوں کے نقصانات ہوئے، وہ کون پورا کریگا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کو مانے۔ لوگوں کی آنکھوں میں کب تک دھول جھونکیں گے۔ وسائل، اختیارات سمیت سب کچھ تمہارے پاس ہے تو کام تو کرو۔ سندھ حکومت کو 22 ہزار ارب روپے ملے، ان کا حساب دیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق مزید دو روز تک بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

    گزشتہ روز ہونے والی بارش میں مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ سڑکوں پر  پانی کھڑا ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    ہزاروں لوگ اپنی گاڑیوں سمیت برساتی پانی میں پھنس گئے جب کہ کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو اذیت ناک تکلیف کا سامنا ہے۔

  • ویڈیو: صرافہ بازار میں عمارت کا بالائی حصہ گرپڑا، خاتون، مرد معجزانہ طور پر بچ گئے

    ویڈیو: صرافہ بازار میں عمارت کا بالائی حصہ گرپڑا، خاتون، مرد معجزانہ طور پر بچ گئے

    کراچی: میٹھا در صرافہ بازار میں عمارت کا بالائی حصہ گرنے کی افسوسناک فوٹیج سامنے آگئی، راہ گیر خاتون اور مرد معجزانہ طور پر بچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے میٹھا در صرافہ بازار میں عمارت کا بالائی حصہ اچانک گرپڑا جس سے زوردار دھماکے کی آواز گونجی، عمارت کا ملبہ گرنے کے باعث راہ چلتی خاتون بال بال بچ گئی، ویڈیو میں راہ گیر خاتون کو بچتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    دکان کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آئی جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ بارش کا موسم ہے اور دکان میں لوگ بیٹھے کھانا کھا رہے ہیں۔

    اس دوران پاس ہی موجود عمارت کا اوپری حصہ (چھجا) گرتا ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ خوفناک قسم کا حادثہ تھی جس سے وہاں موجود لوگ بال بال بچے۔

    ایک راہگیر شخص اور خاتون اپنے آپ کو بروقت نہ بچاتے تو جانی نقصان ہوسکتا تھا، پورے واقعے میں خاتون اور مرد معجزانہ طور پر بچ گئے۔

  • کراچی کی بارش نے سرفراز احمد کو کیسے متاثر کیا؟

    کراچی کی بارش نے سرفراز احمد کو کیسے متاثر کیا؟

    کراچی (20 اگست 2025): شہر قائد میں شدید بارش نے ہر خاص وعام شہری کو پریشان کیا سابق قومی کپتان سرفراز احمد بھی اس سے متاثر ہوئے۔

    گزشتہ روز سے جاری بارش نے جہاں کراچی کو پانی پانی کرتے ہوئے روشنیوں کے شہر سے ایک بڑے سوئمنگ پول میں تبدیل کر دیا، جس میں انسان سمیت گاڑیاں، پولیس بھی تیرتی نظر آئی۔

    متعلقہ اداروں کی غفلت نے باران رحمت سے زحمت بننے والی اس بارش نے شہر قائد کے تمام خاص وعام کو پریشانی میں مبتلا کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد بھی اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔

    ہوا کچھ یوں کہ کراچی میں حسب روایت بارش کے ساتھ ہی بجلی کی بندش بہت طویل ہوگئی اور کچھ علاقے تو ایسے ہیں کہ وہاں پورا دن گزرنے کے بعد بجلی نے اپنی جھلک تک نہیں دکھائی ہے۔

    سرفراز احمد بھی بجلی کی طویل بندش اور بارش کے بعد بھی بحال نہ ہونے پر شدید اذیت میں مبتلا ہو گئے جس کا اظہار انہوں نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری کے ذریعہ کیا۔

    چیمپئنز ٹرافی کے فاتح سابق قومی کپتان اس موقع پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور بجلی کی فوری بحالی کے لیے کے الیکٹرک کے آگے ہاتھ جوڑ لیے اور کہا کہ بفرزون کے رہائشی 10 گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں۔

    انسٹا گرام اسٹوری پر پیغام شیئر کرتے ہوئے کے الیکٹرک حکام کو مخاطب کیا اور ان سے درخواست کی کہ بھائی مہربانی کر کے بفرزون کی بجلی بحال کر دو۔ 10 گھنٹے ہو گئے ہیں اور اب تو یو پی ایس بھی بند ہو گیا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے اور مختلف حادثات میں 15 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

    شہر قائد میں گزشتہ روز بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے سینکڑوں فیڈر ٹرپ کر گئے تھے۔ بیشتر علاقے 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود اب بھی تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

  • پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں کی کراچی میں امدادی سرگرمیاں جاری

    پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں کی کراچی میں امدادی سرگرمیاں جاری

    پاک فوج ریسکیو ٹیموں کی جانب سے کراچی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، فوجی جوان شدید بارشوں سے متاثر عوام کی مدد میں مصرف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک روز کی بارش نے پورے شہر کا بُرا حال کردیا ہے جگہ جگہ سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں، شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات ہیں، کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوا، شہریوں کو گزشتہ رات گھر واپس پہنچنے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والی شدید بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں اب بھی پانی جمع ہے، پاک فوج کے جوان بارش کے باعث متاثرہ افراد و گاڑیوں کو ریسکیوکرنے میں مصروف ہیں۔

    بارش کے باعث پاک فوج کی امدادی گاڑیوں کی مدد سے شہر میں پھنسی بہت سی گاڑیوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔

    بزرگوں اور بچوں کو پاک فوج کے جوانوں نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا، پاک فوج کا عملہ حالات کی بہتری تک امدادی کارروائیاں جاری رکھےگا۔

    دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کراچی کی صورتحال پر گفتگور کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کو بہت تکلیف ہوئی، 11ہزار کے قریب نفری لوگوں کی مدد کرتی رہی، کافی گاڑیاں کو حادثات پیش آئے۔

    انھوں نے کہا کہ بارش کے دوران کافی گاڑیاں کو حادثات پیش آئے، سڑکیں کھدی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کو نقصان ہوا، کافی حد تک بارش کا پانی کم ہوگیا ہے۔

    جاوید عالم نے کہا کہ کورنگی میں صرف ایک علاقے میں 259 ملی میٹر بارش ہوئی، سوئی گیس کے کام کی وجہ سے مشکلات زیادہ ہوئیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-rain-death-toll-reaches-15/

  • کراچی: بارش کے دوران 11ہزار کی نفری لوگوں کی مدد کرتی رہی، ایڈیشنل آئی جی

    کراچی: بارش کے دوران 11ہزار کی نفری لوگوں کی مدد کرتی رہی، ایڈیشنل آئی جی

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ 11ہزار کے قریب نفری لوگوں کی مدد کرتی رہی، کافی گاڑیاں کو حادثات پیش آئے۔

    شہرقائد میں صرف ایک روز کی بارش نے ہی پورے شہر کا بُرا حال کردیا ہے جگہ جگہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں، شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے، کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوا، شہریوں کو گزشتہ رات گھر واپس پہنچنے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کراچی کی صورتحال پر گفتگور کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کو بہت تکلیف ہوئی۔

    انھوں نے کہا کہ بارش کے دوران کافی گاڑیاں کو حادثات پیش آئے، سڑکیں کھدی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کو نقصان ہوا، کافی حد تک بارش کا پانی کم ہوگیا ہے۔

    جاوید عالم نے کہا کہ کورنگی میں صرف ایک علاقے میں 259 ملی میٹر بارش ہوئی، سوئی گیس کے کام کی وجہ سے مشکلات زیادہ ہوئیں۔

    ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کا سامنا کررہے ہیں، کورنگی کراسنگ تک روڈ بند ہے پانی نکال رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-electricity-not-restored-in-most-areas/

  • کراچی میں بارش کے باعث مختلف حادثات سے اموات کی تعداد 15 ہوگئی

    کراچی میں بارش کے باعث مختلف حادثات سے اموات کی تعداد 15 ہوگئی

    کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بارش کے باعث مختلف حادثات و واقعات مین جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گلستان جوہر میں دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوئے، اورنگی میں دیوار گرنے سے بچہ جاں بحق ہوا۔

    نیو کراچی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ خمیسو گوٹھ میں ندی سے ڈوبی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔

    ڈیفنس میں کرنٹ لگنے سے دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے، گرومندر کے قریب نالے سے ڈوبی ہوئی لاش ملی۔

    یہ پڑھیں: کراچی کے بیشتر علاقوں میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی

    ناتھا خان کے قریب دو افراد اور شارع فیصل کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، ملیر 15 کے قریب پیٹرول پمپ پر آگ لگنے سے ایک شخص جھلس کر جاں بحق ہوا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں دوبارہ بارش سے کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز ایک بار پھر بند ہوگئے، بارش کے باعث کے الیکٹرک کا ڈسٹری بیوشن نظام بری طرح ناکام ہوگیا۔

    آج بارش کے بعد کے الیکٹرک کے 430 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

    گلشن اقبال بلاک 5، نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور ڈی میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی۔

    ناظم آباد ، بنارس، بورڈ آفس، نارتھ کراچی، سیکٹر الیون آئی، اسکیم 33 میں بھی بجلی بحال نہ ہوسکی۔
    واضح رہے کہ گزشتہ روز شہر میں کے الیکٹرک کے 900 سے زائد فیڈرز بند ہوئے تھے۔

  • کراچی: پہلے زوردار دھماکا ہوا پھر عمارت گر گئی، 7 زخمی (گھر گرنے کی ویڈیو)

    کراچی: پہلے زوردار دھماکا ہوا پھر عمارت گر گئی، 7 زخمی (گھر گرنے کی ویڈیو)

    کراچی (20 اگست 2025): اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں زور دار دھماکے کے بعد رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی سات افراد زخمی ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عمارت گرنے کا یہ واقعہ اورنگی ٹاؤن نمبر چار بدر چوک میں پیش آیا، جہاں ایک رہائشی عمارت میں ایک دھماکا ہوا اور اس کے بعد پوری عمارت زمیں بوس ہو گئی۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کرائم سین یونٹ کو فوری طور پر موقع پر طلب کر لیا گیا تاکہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔

    اے آر وائی نیوز نے مذکورہ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلے زوردار دھماکے کی آواز سنائی دیتی ہے اور پھر اس کے بعد پوری عمارت زمیں بوس ہو جاتی ہے اور گلی مٹی کے دھوئیں سے بھر جاتی ہے۔

    پولیس کے مطابق اس عمارت میں ایک سیاسی جماعت کا دفتر قائم تھا۔ تاہم اطلاعات کے مطابق گراؤنڈ پلس ون اس عمارت میں نیچے سیاسی جماعت کا دفتر اور اوپر رہائش تھی۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مکان میں گیس لیکج کا شبہ ہے، جبکہ مزید حقائق تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔

  • کراچی کے بیشتر علاقوں میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی

    کراچی کے بیشتر علاقوں میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی

    کراچی کے بیشتر علاقوں میں 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہوسکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں دوبارہ بارش سے کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز ایک بار پھر بند ہوگئے، بارش کے باعث کے الیکٹرک کا ڈسٹری بیوشن نظام بری طرح ناکام ہوگیا۔

    آج بارش کے بعد کے الیکٹرک کے 430 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

    گلشن اقبال بلاک 5، نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور ڈی میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی۔

    ناظم آباد ، بنارس، بورڈ آفس، نارتھ کراچی، سیکٹر الیون آئی، اسکیم 33 میں بھی بجلی بحال نہ ہوسکی۔
    واضح رہے کہ گزشتہ روز شہر میں کے الیکٹرک کے 900 سے زائد فیڈرز بند ہوئے تھے۔

    اس سے قبل کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا تھا کہ شہر کے 2100 فیڈرز میں سے 1700 سے زائد فیڈرز سے بجلی فراہمی جاری ہے، کے الیکٹرک کے 400 فیڈرز سے تاحال بجلی کی سپلائی بند ہے، بارش کا پانی کم ہونے کے بعد سیفٹی کلیئرنس ملتے ہی بحالی کا کام کیا جا رہا ہے۔

    کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا تھا کہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل، ایم میں بجلی بحال کردی گئی، عسکری 5، ملیر کینٹ سیکٹر جے، اورنگی ٹاؤن شمسی کالونی، فیروز شاہ کالونی، بنگلہ بازار، سیکٹر 14 اے، بی، سی، ڈی، ای، ایف میں بھی بجلی بحال کردی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاک کالونی، ایف بی ایریا بلاک11، 10، 14، سرحد کالونی، نوبہار کالونی  میں بھی بجلی فراہمی بحال کردی گئی، بدر کمرشل اسٹریٹ 2، 6، 9، 12، ڈیفنس فیز 5 میں بجلی بحال کردی گئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کلفٹن بلاک 2، 9، گلستانِ جوہر بلاک 15، 17، سٹی ریلوے کالونی، ڈیفنس، دھوراجی، فاران سوسائٹی، زمزمہ کمرشل میں بھی بجلی بحال کردی گئی ہے اس کے علاوہ اعظم بستی کے علاقوں میں بھی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

    Karachi Rain- LIVE UPDATES

  • کراچی سمیت مخلتف شہروں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

    کراچی سمیت مخلتف شہروں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

    نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق این ای او سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹے میں کراچی میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، میر پورخاص، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے، مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔

    نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، میر پورخاص اور سکھر میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے جبکہ ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور دادو میں سیلاب کا خطرہ  ہے۔

    این ای او سی کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ اور قریبی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے سے نچلے علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، مرکزی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کے زیر آب آنے سے آمدو رفت متاثر رہنے کا امکان ہے۔

    نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں تعطل کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے اور سیلاب کے خطرے سے دو چار علاقوں کے رہائشی قیمتی اشیا، مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔ 

  • کراچی میں اگلی بارش کب ہوگی؟

    کراچی میں اگلی بارش کب ہوگی؟

    کراچی (20 اگست 2025): گزشتہ روز شہر قائد میں موسلادھار بارش کے بعد پیدا ہونے والی تکلیف دہ صورت حال کے پیش نظر شہری اگلی درست پیشگوئی کے لیے اداروں کی جانب سے دیکھ رہے ہیں، تاہم ایک بار پھر مختلف اداروں کی جانب سے مختلف اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال مشرق میں بارش کا سسٹم بن رہا ہے، ریڈار کے مطابق ہوا کا کم دباؤ موسلادھار بارش کی شکل اختیار کر سکتا ہے، ہوا کا کم دباؤ شمال مشرقی کی جانب گامزن ہے جو شدید بارش کا باعث بنے گا۔

    اگرچہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے بھی کہا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں کراچی میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ آج دوپہر 2 بجے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے شمال و شمال مشرق میں بارش برسانے والے بادل موجود ہے، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات تک جاری رہ سکتا ہے، کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں آج اور کل اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، اور کراچی سمیت سندھ بھر میں 23 اگست تک بارشوں کا موجودہ سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

    کراچی میں ایک دن بارش کے تین اسپیل، مزید دو روز تیز بارش کی پیشگوئی

    دوسری طرف این ای او سی کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسلادھار بارش اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں متوقع ہے، اور حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، سکھر میں بھی مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جب کہ اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

    یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اگلی بارش آج دو بجے کے بعد قریبی وقت میں ہو سکتی ہے یا بارہ گھنٹوں کے بعد آغاز ہوگا، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور دادو کے حوالے سے سیلاب کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔

    دریائے سندھ اور قریبی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے سے نچلے علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، اور مرکزی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کے زیر آب آنے سے آمد و رفت متاثر رہنے کا امکان ہے، بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں تعطل کا دورانیہ بھی بڑھ سکتا ہے، ہدایت کی گئی ہے کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشی قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔