Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • کراچی میں موسلادھار بارش ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    کراچی میں موسلادھار بارش ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے موسلادھار بارش کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ مون سون کا حالیہ سسٹم انتہائی طاقتور ہے، جس کے اثرات خیبرپختونخوا میں دیکھے جارہے ہیں، آج اور کل شہر میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے شدید بارش کے پیشِ نظر اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، ہر میں اگلے دو روز تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

    شہر قائد میں گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی اور حبس نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے، تاہم ماہرین موسمیات کے مطابق بادل برسنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔

    کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    محکمے کا کہنا ہے کہ ہواؤں کی سمت آئندہ چند روز میں تبدیل ہوتی رہے گی، جبکہ ہوا کا کم دباؤ مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    کراچی کے علاوہ سندھ کے کئی اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، بدین، حیدرآباد اور شہید بینظیر آباد میں کہیں تیز، کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔

    محکمے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

  • کراچی : غیر ملکی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی  کا مقدمہ درج

    کراچی : غیر ملکی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی کا مقدمہ درج

    کراچی : کیماڑی میں غیر ملکی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا، واقعہ کے بعد نقصان کے باعث کمپنی نے کام بند کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کیماڑی کے علاقے میں غیرملکی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ .

    مقدمہ ڈاکس تھانے میں ڈکیتی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، جس میں کمپنی کے جنرل مینیجر بکونگ ہودلڈے کل لوکی مدعی کے طور پر شامل ہیں۔

    مقدمے میں کہا گیا کہ کمپنی کا مالک بھی غیر ملکی ہے اور واقعہ کے بعد نقصان کے باعث کمپنی نے کام بند کر دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات : ڈاکو نجی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ کر فرار

    مدعی مقدمے نے بتایا کہ اکاوٴنٹنٹ، سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور کے ہمراہ بینک گئے جہاں انہوں نے 1 کروڑ 44 لاکھ 39 ہزار 850 روپے کی رقم نکلوائی۔ علاوہ ازیں، بیگ میں پہلے سے 7 لاکھ 61 ہزار 550 روپے، موبائل فون، پاسپورٹس، کریڈٹ کارڈز، ڈرائیونگ لائسنس، CNIC اور دیگر قیمتی سامان موجود تھا۔ اکاوٴنٹنٹ کے بیگ میں بھی 5 لاکھ 20 ہزار روپے رکھے گئے تھے۔ رقم لیکر صبح ساڑھے 10 بجے فشری پہنچے۔

    کمپنی کے جنرل مینیجر کا کہنا تھا کہ 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان آئے جن میں سے 4 نے پستول نکال کر حملہ کیا۔ ملزمان نے سیکیورٹی گارڈ نسیم سے پستول چھین لیا اور اکاوٴنٹنٹ کے بیگ سمیت دیگر بیگز چھین کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے کہا ملزمان کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • کراچی میں موسلا دھار بارش ،   فلائٹ آپریشن متاثر

    کراچی میں موسلا دھار بارش ، فلائٹ آپریشن متاثر

    کراچی: موسلا دھار بارش سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہونے سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، جس سے ملکی و غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز PK-300 30 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ فلائی جناح کی پرواز FJ-670 ایک گھنٹے کی تاخیر سے صبح 8 بجے روانہ کی گئی۔ ایئرسیال کی صبح 7 بجے روانہ ہونے والی اسلام آباد پرواز بھی تاحال روانہ نہ ہو سکی۔

    اسی طرح پی آئی اے کی کراچی سے لاہور پرواز PK-302 صبح 8 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوئی، جو کہ مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار تھی۔

    حکام کے مطابق تین بین الاقوامی پروازیں بھی موسم کی خرابی کے باعث تاخیر سے کراچی پہنچیں۔

    شہر میں رات سے شروع ہونے والا ہلکی بارش کا سلسلہ صبح کے وقت موسلا دھار بارش میں تبدیل ہوگیا، جس سے مختلف علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

    تیز بارش طارق روڈ، عزیز آباد، شاہراہِ قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شاہراہِ فیصل، ایئرپورٹ، قائدآباد، ملیر، لانڈھی اور کورنگی میں ریکارڈ کی گئی۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ، نارتھ کراچی، منگھوپیر، سرجانی ٹاؤن اور تیسر ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی جبکہ نارتھ ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ گرج چمک بھی ہوئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے شمالی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں شدید بارش جبکہ کوئٹہ، ژوب، قلات، لاہور، اٹک، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی اور ٹھٹھہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

  • کراچی میں بارش ، کے الیکٹرک کے 350  فیڈرز ٹرپ کرگئے

    کراچی میں بارش ، کے الیکٹرک کے 350 فیڈرز ٹرپ کرگئے

    کراچی: موسلا دھار بارش کے باعث 350 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ، جس کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں کے- الیکٹرک کے 350 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہو گئے اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

    منظور کالونی، ڈی ایچ اے، اختر کالونی، ایف بی ایریا بلاک 2 اور 6، سلطان آباد، مائی کلاچی روڈ کے اطراف، گلشن اقبال بلاک 4، عزیز آباد اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہے۔

    ترجمان کے ای نے بتایا ادارے کا بجلی تقسیمی نظام مستحکم ہے اور اس وقت کراچی کو 2100 میں سے 1770 سے زائد فیڈرز سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے تاہم فیلڈ ٹیموں کی کوششوں سے متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں بارش، کے الیکٹرک نے ہدایات جاری کر دیں

    بحال کیے جانے والے علاقوں میں ڈیفنس پاسپورٹ آفس، سرور شہید روڈ، کلفٹن بلاک 8 اور 9، پی ای سی ایچ ایس بلاک 2، مین شاہراہِ قائدین، گلستان جوہر کے بلاک 3 اور 14، بلدیہ ٹاؤن کے سیکٹر 4-A، سعید آباد، پاکستان نیوی ہاؤسنگ اسکیم ماڑی پور، اورنگی کے قطر اسپتال، اقبال مارکیٹ، شاہ ولی اللہ نگر، اوتھل و سرجانی کے چیزال آباد، کریم دینو گُڈو گوٹھ اور حب ڈیم کے علاقے شامل ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ حفاظتی پروٹوکول کے تحت نشیبی علاقے اور تجاوزات والے علاقوں میں بجلی عارضی طور پر منقطع کی جاتی ہے۔ ادارے کا عملہ مکمل طور پر متحرک ہے اور شہری انتظامیہ و ایمرجنسی مینجمنٹ کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

    صارفین بجلی کی ایمرجنسی شکایت کے لیے 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں، یا کے ای واٹس ایپ، سوشل میڈیا چینلز اور کے ای لائیو ایپ کے ذریعے فوری اطلاع دے سکتے ہیں۔

  • کراچی میں بارش، کے الیکٹرک نے ہدایات جاری کر دیں

    کراچی میں بارش، کے الیکٹرک نے ہدایات جاری کر دیں

    کراچی (19 اگست 2025): شہر قائد میں بادل برستے ہی کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر پر مبنی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری تیز ہواؤں اور بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں، بارش اور کھڑے پانی میں موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال خطرناک ہو سکتا ہے۔

    کے الیکٹرک کی ہدایات کے مطابق شہری ٹی وی، انٹرنیٹ کیبلز، ٹوٹے تاروں اور بجلی کی تنصیبات سے فاصلہ رکھیں، غیر قانونی ذرائع اور کنڈوں سے بجلی کا حصول جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

    کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے پر حفاظتی اقدام کے تحت بجلی بند کی جا سکتی ہے، نیز کے الیکٹرک صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور فیلڈ اسٹاف الرٹ پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جو آج صبح تیز برسات میں بدل گیا ہے۔ صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، جن میں نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، ائیرپورٹ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی، کورنگی شامل ہیں۔

    کراچی کے دیگر علاقوں گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ اور اطراف، نارتھ کراچی، منگھو پیر، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن میں بھی موسلادھار بارش برسی، نارتھ ناظم آباد اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ہے۔

  • کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

    کراچی (19 اگست 2025): شہر قائد میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش برسی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جو آج صبح تیز برسات میں بدل گیا، تاہم تھوڑی دیر کی بارش سے کراچی میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، بارش کے باعث شہر کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، ٹاور، گرو مندر، صدر موبائل مارکیٹ اور اطراف میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے۔

    جن علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ان میں طارق روڈ، عزیز آباد، شارعِ قائدین، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، ائیرپورٹ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی، کورنگی شامل ہیں۔

    صوابی : طوفانی بارشیں، 8 مکانات منہدم، درجنوں افراد جاں بحق

    کراچی کے دیگر علاقوں گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ اور اطراف، نارتھ کراچی، منگھو پیر، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن میں بھی موسلادھار بارش برسی، نارتھ ناظم آباد اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارشوں کا امکان ہے، موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، کوئٹہ، ژوب، قلات، لاہور، اٹک، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، تھرپارکر، عمر کوٹ، مٹھی اور ٹھٹھہ میں شدید بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔

  • کراچی میں فائرنگ سے اے ایس آئی محمد خان ابڑو جاں بحق

    کراچی میں فائرنگ سے اے ایس آئی محمد خان ابڑو جاں بحق

    کراچی کے علاقے بن قاسم میں فائرنگ سے اے ایس آئی محمد خان ابڑو جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو اسٹیل ٹاؤن میں گھر کے باہر گولیاں ماری گئیں۔

    پولیس کے مطابق مقتول اے ایس آئی اسٹیل ٹاؤن تھانے میں تعینات تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق محمد خان ابڑو کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    تفتیشی حکام کے مطابق محمد خان ابڑو، پولیس افسر جاوید ابڑو کے بھائی ہیں۔

    پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کی جانب سے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

    بعدازاں لواحقین نے بتایا کہ شہید اے ایس آئی کے خلاف گزشتہ روز اسٹیل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا، وہ عدالت سے بھائی کے ہمراہ گھر واپس آیا تھا۔

    لواحقین کے مطابق اے ایس آئی بڑے بھائی جاوید کو گھر چھوڑ کر اپنے گھر کی جانب گیا تھا، وہ جیسے ہی گاڑی سے اترا ملزمان نے فائرنگ کردی، شہید اے ایس آئی چار بچوں کا باپ تھا۔

    واضح رہے کہ اپریل میں اولڈ سٹی ایریا رنچھورلائن جوبلی مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکارشہید ہو گیا تھا۔

    شہید پولیس اہلکار چاکیواڑا تھانے میں تعینات تھا اور صفورا چوک کے قریب کا ریائشی تھا۔

    فائرنگ کے واقعے سے قبل شہید پولیس اہلکار بریانی پارسل کروا رہا تھا مسلح ملزمان شہید پولیس اہلکار کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

  • کراچی :  بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس آنے والے تاجر کو قتل کردیا گیا

    کراچی : بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس آنے والے تاجر کو قتل کردیا گیا

    کراچی: اورنگی ٹاؤن میں صبح بچوں کواسکول چھوڑکرواپس آنے والے تاجر کو قتل کردیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 13 میں شاداب گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 40 سالہ محمد نعیم کے نام سے ہوئی ہے جو صبح بچوں کو اسکول چھوڑنے کے بعد واپس گھر جا رہا تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویران سڑک پر دو موٹر سائیکل سوار ملزمان مقتول کا تعاقب کرتے رہے اور قریب آ کر چلتی موٹر سائیکل پر فائرنگ کردی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان نے مقتول کو چار گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کی بائیک، پرس اور موبائل فون سب محفوظ ملے ، کوئی چیزنہیں چھینی گئی ، جس سے بظاہر یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے۔

    حکام نے کہا کہ محمد نعیم بنارسی مارکیٹ میں کپڑے کی دکان چلاتا تھا اور دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کا والد تھا۔

    پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات : ڈاکو نجی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ کر فرار

    کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات : ڈاکو نجی کمپنی کے عملے سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ کر فرار

    کراچی: کیماڑی فش ہاربر کے قریب نجی کمپنی کے عملے سے مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد رقم چھین لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کیماڑی فش ہاربر کے قریب نجی کمپنی کے عملے سے مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات ہوئی۔

    پولیس نے بتایا کہ واردات دو موٹرسائیکلوں پر سوار چھ مسلح ملزمان نے کی،کمپنی کا عملہ بینک سے رقم نکال کر واپس آرہا تھا کہ ڈاکوؤں نے انہیں نشانہ بنایا۔

    واردات کے دوران ملزمان سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی چھین کر ساتھ لے گئے، کمپنی اور جس بینک سے رقم نکالی گئی اس میں زیادہ فاصلہ نہیں ہے لوٹ مار کے دوران عملے کے ہمراہ موجود گارڈ نے مزاحمت نہیں جبکہ کمپنی کے باہر پہرہ دینے والے سیکیورٹی گارڈ نے بھی فائرنگ نہیں کی۔

    ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے پاس کمپنی عملے کے بینک سے رقم نکلوانے سے متعلق مکمل معلومات پہلے سے موجود تھیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے مقام سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، عملے اور سیکیورٹی گارڈز کو شاملِ تفتیش کرلیا گیا ہے۔

    حکام کے مطابق بینک سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں کہ عملے نے کتنی رقم نکلوائی تھی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کردی گئی ہے اور کرائم سین سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی کیماڑی سے ابتدائی تحقیقات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

  • کراچی : خونی ڈمپر نے  موٹرسائیکل سوار 2 افراد کو  کچل ڈالا

    کراچی : خونی ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار 2 افراد کو کچل ڈالا

    کراچی : خونی ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار دو افراد کو کچل ڈالا، حادثہ کا مقدمہ ساکران تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، حب چوکی ساکران روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    جاں بحق ہونے والوں کی شناخت یاسین ولد نامعلوم اوربلاول ولدجمن کےنام سے ہوئی تاہم دونوں لاشیں سول اسپتال کراچی منتقل کردی گئیں اور حادثہ کامقدمہ ساکران تھانے میں درج کرلیا ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل فیڈرل بی ایریا میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ زخمی جبکہ بیٹی اور بیٹا جاں بحق ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال کے 7 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 536 افراد جان کی بازی ہارے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی تعداد 51رہی، جبکہ سڑک پر ہونے والے دیگر حادثات میں جاں بحق ہونے والے بچوں اور بچیوں کی تعداد 68 ہے۔

    ٹریفک حادثات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں موٹر سائیکل سوار تھے، دوسرے نمبر پر پیدل چلنے والے اور تیسرے نمبر پر دیگر گاڑیوں کے سوار شامل تھے، حادثات میں سب سے زیادہ 274 موٹر سائیکل سوار، پیدل چلنے والے 179 افراد جبکہ دیگر سواریوں کے 83 افراد جاں بحق ہوئے۔